26. Surah Ash-Shu'araa

الشعراءThe Poets · 227 ayahsمدارک التنزیل

Ayah 26:41

فَلَمَّا جَآءَ السَّحَرَةُ قَالُوْا لِفِرْعَوْنَ اَئِنَّ لَنَا لَاَجْرًا اِنْ كُنَّا نَحْنُ الْغٰلِبِیْنَ Open ayah 26:41 in the Quran reader

جب جادوگر آگئے تو فرعون سے کہنے لگے کہ اگر ہم غالب رہے تو ہمیں صلہ بھی عطا ہوگا ؟

جادوگر کے مقابلے میں : 41: فَلَمَّا جَآئَ السَّحَرَۃُ قَالُوْا لِفِرْعَوْنَ اَپنَّ لَنَا لَاَجْرًا اِنْ کُنَّا نَحْنُ الْغٰلِبِیْنَ (پس جب جادوگر آگئے تو انہوں نے فرعون سے کہا اگر ہم غالب آگئے تو کیا ہم کو کچھ اس کا بدلہ یقینی طور پر ملے گا)
Ayah 26:42

قَالَ نَعَمْ وَ اِنَّكُمْ اِذًا لَّمِنَ الْمُقَرَّبِیْنَ Open ayah 26:42 in the Quran reader

فرعون نے کہا ہاں اور تم مقربوں میں بھی داخل کرلیے جاؤ گے

42: قَالَ نَعَمْ (فرعون نے کہا ہاں ! ) قراءت : علی نے نِعَمْ پڑھا ہے اور یہ دونوں لغات ہیں۔ وَاِنَّکُمْ اِذًا لَّمِنَ الْمُقَرَّ بِیْنَ (اور بلاشبہ تم اس وقت شاہی مقرب بن جائو گے) یعنی فرعون نے کہا ہاں ! تمہارے لئے میرے ہاں اجر ہوگا اور اس کے ساتھ ساتھ تم شاہی مقربین میں شامل ہوجائو گے میرے ہاں تمہارا مرتبہ و مقام ہوگا تم میرے درمیان میں سب سے پہلے داخل ہونے والوں میں اور سب سے آخر میں نکلنے والوں میں سے ہوگے۔ جب کہ وہ جادوگروں کا قول : ائن لنا لاجرًا جزاء شرط کے معنی میں ہوا جیسا کہ اس پر دلالت موجود ہے تو فرعون کا قول وانکم اذالمن المقربین اسی پر معطوف ہے اور اذاؔ کو جواب جزاء کے تقاضے کے مطابق اس کے قائم مقام لایا گیا ہے۔
Ayah 26:43

قَالَ لَهُمْ مُّوْسٰۤى اَلْقُوْا مَاۤ اَنْتُمْ مُّلْقُوْنَ Open ayah 26:43 in the Quran reader

موسیٰ نے ان سے کہا کہ جو چیز ڈالنی چاہتے ہو ڈالو

43: قَالَ لَھُمْ مُّوْسٰٓی اَلْقُوْا مَآ اَنْتُمْ مُّلْقُوْنَ (موسیٰ (علیہ السلام) نے ان کو کہا تم ڈالو جو تم نے ڈالنا ہے) جادو میں سے پس عنقریب تمہیں اس کا انجام نظر آجائے گا۔
Ayah 26:44

فَاَلْقَوْا حِبَالَهُمْ وَ عِصِیَّهُمْ وَ قَالُوْا بِعِزَّةِ فِرْعَوْنَ اِنَّا لَنَحْنُ الْغٰلِبُوْنَ Open ayah 26:44 in the Quran reader

تو انہوں نے اپنی رسیاں اور لاٹھیاں ڈالی اور کہنے لگے کہ فرعون کے اقبال کی قسم ہم ضرور غالب رہیں گے

سحر کے اثرات : 44: فَاَلْقَوْا حِبَالَھُمْ (پس انہوں نے اپنی رسیاں ڈالیں) جو کہ ستّرہزار تھیں۔ وَعِصِیَّھُمْ (اور اپنی لاٹھیاں) جو کہ ستّرہزار تھیں۔ دوسرا قول ہر دو بہتر ہزار تھیں۔ وَقَالُوْا بِعِزَّۃِ فِرْعَوْنَ اِنَّا لَنَحْنُ الْغٰلِبُوْنَ (اور کہنے لگے فرعون کی عزت کی قسم بیشک ہم ہی غالب رہیں گے) انہوں نے فرعون کی عزت و قوت کی قسم کھائی۔ اور جاہلیت کا ایمان یہی تھا۔ باء قسمیہؔ ہے یا بطور تبرک فرعون کی عزت کا ذکر کیا۔
Ayah 26:45

فَاَلْقٰى مُوْسٰى عَصَاهُ فَاِذَا هِیَ تَلْقَفُ مَا یَاْفِكُوْنَۚۖ Open ayah 26:45 in the Quran reader

پھر موسیٰ نے اپنی لاٹھی ڈالی تو وہ ان چیزوں کو جو جادوگروں نے بنائی تھیں نگلنے لگی

اژدھا سب کچھ نگل گیا : 45: فَاَلْقٰی مُوْسٰٰی عَصَاہُ فَاِذَا ھِیَ تَلْقَفُ (پھر موسیٰ (علیہ السلام) نے اپنی لاٹھی زمین پر ڈال دی تو وہ اسی وقت نگلنے والی تھی) تلقفؔ کا معنی نگلنا ہے۔ مَایَاْ فِکُوْنَ (جو چیزیں انہوں نے شعبدہ گری سے بنائیں) یعنی جن چیزوں کو وہ اپنے سحر کے بل بوتے پر انکی حقیقت و ظاہر سے پھیرتے تھے اور جھوٹی شعبدہ بازی کرتے تھے وہ اپنی لاٹھیوں اور رسیوں کے متعلق تخیل پیدا کرتے کہ وہ دوڑ رہی ہیں۔
Ayah 26:46

فَاُلْقِیَ السَّحَرَةُ سٰجِدِیْنَۙ Open ayah 26:46 in the Quran reader

تب جادوگر سجدے میں گرپڑے

46: فَاُلْقِیَ السَّحَرَۃُ سٰجِدِیْنَ (جادوگر سجدہ میں ڈال دیے گئے) یہاں گرنے کو ڈالنے سے بطور مشاکلت تعبیر کیا گیا کیونکہ یہاں اس کو القاء ات کے ساتھ ذکر کیا گیا تھا۔ اور دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ سجدہ میں تیزی کی وجہ سے اس طرح ہوگئے گویا کہ ان کو سجدہ میں ڈال دیا گیا ہو۔
Ayah 26:47

قَالُوْۤا اٰمَنَّا بِرَبِّ الْعٰلَمِیْنَۙ Open ayah 26:47 in the Quran reader

(اور) کہنے لگے کہ ہم تمام جہان کے مالک پر ایمان لائے

47: قَالُوْا ٰامَنَّا بِرَبِّ الْعٰلَمِیْنَ (وہ کہنے لگے ہم رب العالمین پر ایمان لائے) قول عکرمہ ؓ : صبح سویرے جادوگر تھے شام پڑنے سے پہلے ایمان والے شہداء بن گئے۔
Ayah 26:48

رَبِّ مُوْسٰى وَ هٰرُوْنَ Open ayah 26:48 in the Quran reader

جو موسیٰ اور ہارون کا مالک ہے

48: رَبِّ مُوْسٰی وَھٰرُوْنَ (جو موسیٰ و ہارون کا رب ہے) یہ رب العالمین کا عطف بیان ہے کیونکہ فرعون اپنے متعلق ربوبیت کا دعویدار تھا پس انہوں نے اس کو اس سے ایک طرف کردیا۔ ایک قول یہ ہے فرعون نے جب ان سے سنا۔ امنا برب العالمین تو کہنے لگا تم نے مجھے ہی مراد لیا ہے ؟ انہوں نے جواباً کہا : رب موسٰی وہارون۔
Ayah 26:49

قَالَ اٰمَنْتُمْ لَهٗ قَبْلَ اَنْ اٰذَنَ لَكُمْ١ۚ اِنَّهٗ لَكَبِیْرُكُمُ الَّذِیْ عَلَّمَكُمُ السِّحْرَ١ۚ فَلَسَوْفَ تَعْلَمُوْنَ١ؕ۬ لَاُقَطِّعَنَّ اَیْدِیَكُمْ وَ اَرْجُلَكُمْ مِّنْ خِلَافٍ وَّ لَاُوصَلِّبَنَّكُمْ اَجْمَعِیْنَۚ Open ayah 26:49 in the Quran reader

(فرعون نے) کہا کیا اس سے پہلے کہ میں تم کو اجازت دوں تم اس پر ایمان لے آئے بیشک یہ تمہارا بڑا ہے جس نے تم کو جادو سکھایا ہے سو عنقریب تم (اس کا انجام) معلوم کرلو گے کہ میں تمہارے ہاتھ اور پاؤں اطراف مخالف سے کٹوا دوں گا اور تم سب کو سولی پر چڑھا دوں گا

فرعون کی دھمکی اور ساحروں کا مؤمنانہ جواب : 49: قَالَ اٰمَنْتُمْ لَہٗ قَبْلَ اَنْ ٰاذَنَ لَکُمْ (فرعون نے کہا میری اجازت کے بغیر تم ایمان لے آئے ہو) اس پر اِنَّہٗ لَکَبِیْرُ کُمُ الَّذِیْ عَلَّمَکُمُ السِّحْرَ (حقیقت میں وہ تمہارا بڑا ہے جس نے تمہیں جادو سکھایا) تم نے ایک سازش پر موافقت کرلی ہے۔ فَلَسَوْفَ تَعْلَمُوْنَ (تم عنقریب جان لو گے) اس فعل کی سزا جو تم نے کیا ہے پھر اس نے تصریح کرتے ہوئے کہا۔ لَاُ قَطِّعَنَّ اَیْدِیَکُمْ وَاَرْجُلَکُمْ مِّنْ خِلَافٍ (میں تمہارے ایک طرف کے ہاتھ اور دوسری طرف کے پائوں کٹوا دونگا) اس مخالفت کی وجہ سے جو تم سے ظاہرہوئی ہے۔ وَّ لَاُ صَلِّبَنَّکُمْ اَجْمَعِیْنَ ( اور تم تمام کو میں سولی پر لٹکا دونگا) اس سے اس کا مقصود عام لوگوں کو ڈرانا تھا تاکہ ایمان لانے میں وہ ان کی اتباع نہ کرنے لگیں۔
Ayah 26:50

قَالُوْا لَا ضَیْرَ١٘ اِنَّاۤ اِلٰى رَبِّنَا مُنْقَلِبُوْنَۚ Open ayah 26:50 in the Quran reader

انہوں نے کہا کچھ نقصان (کہ بات) نہیں ہم اپنے پروردگار کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں

50: قَالُوْا لَاضَیْرَ (انہوں نے کہا کوئی ضرر نہیں) اس میں ضیرؔ ضرر کے معنی میں ہے۔ اور لاؔ کی خبر محذوف ہے ای فی ذلک نمبر 2۔ ہم پر کوئی ضرر نہیں۔ اِنَّا اِلٰی رَبِّنَا مُنْقَلِبُوْنَ (بیشک ہم تو اپنے رب کی طرف ضرور لوٹ کر جانے والے ہیں) ۔
Ayah 26:51

اِنَّا نَطْمَعُ اَنْ یَّغْفِرَ لَنَا رَبُّنَا خَطٰیٰنَاۤ اَنْ كُنَّاۤ اَوَّلَ الْمُؤْمِنِیْنَؕ۠ Open ayah 26:51 in the Quran reader

ہمیں امید ہے کہ ہمارا پروردگار ہمارے گناہ بخش دے گا اس لئے کہ ہم اول ایمان لانے والوں میں ہیں

51: اِنَّا نَطْمَعُ اَنْ یَّغْفِرَ لَنَا رَبُّنَاخَطٰیٰنَآ اَنْ کُنَّا (ہم کو تو یہی خواہش ہے کہ ہمارا رب ہماری خطائوں کو معاف کر دے اس وجہ سے کہ ہم) اس لئے کہ ہم اَوَّلَ الْمُؤْمِنِیْنَ (سب سے پہلے ایمان لانے والے ہیں) اہل شہادت میں سے ( جو اس میلہ میں موجود ہیں) نمبر 2۔ فرعون کی رعایا سے۔ نمبر 3: اہل مصر قبطیوں میں سے۔ ان کا مقصد یہ تھا۔ اس سلسلہ میں ہم پر کوئی نقصان نہیں بلکہ ہمیں تو بہت بڑا فائدہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی خاطر اس دین پر جمے رہنے کی بناء پر ہمیں ملے گا۔ نمبر 2۔ ہمیں اس کا کچھ نقصان نہیں جس سے تو ہمیں دھمکیاں دے رہا ہے۔ کیونکہ لازمًا ہم نے اپنے رب کی بارگاہ میں اسباب موت میں سے کسی نہ کسی سبب کے ساتھ پلٹ کر جانا ہے اور قتل تو اس کے اسباب میں آسان اور قابل ترجیح ہے۔ نمبر 3۔ تیرا ہمیں قتل کردینے سے ہمیں کوئی نقصان نہیں اگر تو قتل کر دے گا تو ہم اپنے رب کی بارگاہ میں اس شخص کی طرح پلٹ کر جائیں گے جو اس کے ہاں بخشش کی طمع رکھتا ہو اور اس کی رحمت کا امیدوار ہو اس لئے کہ ہمیں سبقت ایمان میسر آگئی۔
Ayah 26:52

وَ اَوْحَیْنَاۤ اِلٰى مُوْسٰۤى اَنْ اَسْرِ بِعِبَادِیْۤ اِنَّكُمْ مُّتَّبَعُوْنَ Open ayah 26:52 in the Quran reader

اور ہم نے موسیٰ کی طرف وحی بھیجی کہ ہمارے بندوں کو رات کو لے نکلو کہ (فرعون کی طرف سے) تمہارا تعاقب کیا جائے گا

بنی اسرائیل کو رات نکلنے کا حکم : 52: وَاَوْحَیْنَآ اِلٰی مُوْسٰٓی اَنْ اَسْرِ (اور ہم نے موسیٰ (علیہ السلام) کے پاس وحی بھیجی کہ میرے بندوں کو رات کو نکال کرلے جا) قراءت : حجازی نے ہمزہ وصل سے پڑھا۔ ای اَنِ اَسْرِ ۔ ِبِعِبَادِیْ (میرے بندوں کو) مراد بنی اسرائیل۔ ان کو اپنے بندے ہونے کی نسبت سے نوازا اس لئے کہ وہ خدا کے رسول پر ایمان لائے تھے۔ اسرؔ کا معنی ان کو رات کو لے کر جائو۔ یہ حکم جادوگروں کے ایمان لانے کے عرصہ بعد ہوا۔ اِنَّکُمْ مُّتَّبَعُوْنَ (تمہارا پیچھا کیا جائے گا) فرعون اور اس کی قوم تمہارا پیچھا کریں گے رات کو چلنے کے حکم کی علت فرعون اور اس کے لشکر کے تعاقب کو قرار دیا مطلب یہ ہے کہ میں نے تمہارے اور ان کے معاملے کی تدبیر اس طرح بنائی ہے کہ تم آگے چلو گے اور یہ تمہارے تعاقب میں پیچھے آئیں گے اور سمندر کی جس راہ میں تم داخل ہوگے اسی میں وہ داخل ہونگے تو میں ان کو ہلاک کر دونگا۔ ایک روایت میں ہے کہ اس رات ان کے ہر گھر میں ایک ایک بیٹا مرگیا وہ ان اموات کے معاملہ میں مشغول ہوگئے ادھر موسیٰ (علیہ السلام) بنی اسرائیل کو لے کر نکل گئے۔ روایت میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے موسیٰ (علیہ السلام) کو حکم دیا کہ بنی اسرائیل کے ہر چار گھروں کو ایک گھر میں جمع کرو پھر بکرے ذبح کر کے ان کے خون اپنے دروازوں پر لگا دو ۔ میں فرشتوں کو حکم دونگا کہ اس دروازے میں داخل نہ ہوں جس پر خون کا نشان لگا ہو اور انہی فرشتوں سے قبطوں کے پلوٹھے بچے قتل کرو ادونگا اور اپنے لئے جلدی سے تازی روٹی تیار کرکے ان کو راتوں رات لے چلو یہاں تک کہ سمندر تک پہنچو پھر اس کے متعلق میرا حکم اسی وقت اترے گا۔
Ayah 26:53

فَاَرْسَلَ فِرْعَوْنُ فِی الْمَدَآئِنِ حٰشِرِیْنَۚ Open ayah 26:53 in the Quran reader

تو فرعونیوں نے شہروں میں نقیب روانہ کئے

فرعون کا شدید غم و غصہ : 53: فَاَرْسَلَ فِرْعَوْنُ فِی الْمَدَآئِنِ حٰشِرِیْنَ (فرعون نے شہروں میں جمع کرنے والے بھیج دیے) تاکہ وہ لوگوں کو زبردستی اکٹھا کردیں جب لوگ جمع ہوگئے تو فرعون کہنے لگا۔
Ayah 26:54

اِنَّ هٰۤؤُلَآءِ لَشِرْذِمَةٌ قَلِیْلُوْنَۙ Open ayah 26:54 in the Quran reader

(اور کہا) کہ یہ لوگ تھوڑی سی جماعت ہے

54: اِنَّ ھٰٓؤُلَآ ئِ لَشِرْذِمَۃٌ قَلِیْلُوْنَ (بیشک یہ تھوڑے سے آدمی ہیں) لشرذمہؔ چھوٹی جماعت۔ ان کو اسی نام سے ذکر کیا جو قلت کو ظاہر کرتا ہے پھر اس کی صفت قلیلونؔ لائے اور اس کو جمع قلت لائے گویا اس کے ہر گروہ کو بہت کم تعداد میں ظاہر کرنا مقصود ہے۔ نمبر 2۔ قلت سے مراد ذلت ہے تعداد کی قلت مراد نہیں۔ مطلب یہ ہے کہ وہ ذلیل ہیں اس لئے ان کے غلبہ کی کوئی توقع ہی نہیں ہے اس نے قوم موسیٰ (علیہ السلام) کو قلیل قرار دیا حالانکہ ان کی تعداد چھ لاکھ ستر ہزار تھی کیونکہ فرعونیوں کی تعداد ان کے مقابلہ میں بہت زیادہ تھی ان کی تعداد بقول ضحاک سات کروڑ تھی۔
Ayah 26:55

وَ اِنَّهُمْ لَنَا لَغَآئِظُوْنَۙ Open ayah 26:55 in the Quran reader

اور یہ ہمیں غصہ دلا رہے ہیں

55: وَاِنَّھُمْ لَنَا لَغَآپظُوْن (بلاشبہ وہ ہم کو غصہ دلا رہے ہیں) یعنی وہ ایسے افعال کر رہے ہیں جو غصہ دلانے والے ہیں اور ان کی وجہ سے ہمارے سینوں میں تنگی پیدا ہوئی ہے وہ ان کا ہمارے مصر سے خروج اور ہمارے زیورات کو اٹھا کرلے جانا اور ہمارے پلوٹھے بیٹوں کا قتل ہے۔
Ayah 26:56

وَ اِنَّا لَجَمِیْعٌ حٰذِرُوْنَؕ Open ayah 26:56 in the Quran reader

اور ہم سب با سازوسامان ہیں

56: وَاِنَّا لَجَمِیْعٌ حٰذِرُوْنَ (اور بیشک ہم سب ایک مسلم جماعت ہیں) ۔ قراءت : شامی و کوفی نے اسی طرح پڑھا اور دوسروں نے حذرون پڑھا ہے۔ الحذرؔ، محتاط، الحاذرؔ، احتیاط میں تجدید کرنے والا۔ ایک قول یہ ہے ہتھیار میں مسلح، وہ اپنی ذاتی حفاظت کیلئے بطور احتیاط ایسا کرتا ہے۔ مطلب یہ ہوا کہ ہم بیدار مغز اور محتاط لوگ ہیں یہ چیز ہماری عادت ثانیہ ہے کہ ہم معاملات کو دیکھ بھال سے کرتے ہیں جب کوئی ہمارے خلاف خروج کرتا ہے تو جلدی سے ہم اس کا فساد مٹا دیتے ہیں یہ اعذار ہیں جو فرعون نے شہر والوں کو پیش کیا تاکہ وہ عاجزی اور کمزوری کا گمان نہ کریں۔
Ayah 26:57

فَاَخْرَجْنٰهُمْ مِّنْ جَنّٰتٍ وَّ عُیُوْنٍۙ Open ayah 26:57 in the Quran reader

تو ہم نے ان کو باغوں اور چشموں سے نکال دیا

57: فَاَخْرَجْنٰھُمْ مِّنْ جَنّٰتٍ (اور ہم نے ان کو باغات سے نکال دیا) وَّ عُیُوْنٍ ( اور چشموں سے) جاری نہروں سے۔
Ayah 26:58

وَّ كُنُوْزٍ وَّ مَقَامٍ كَرِیْمٍۙ Open ayah 26:58 in the Quran reader

اور خزانوں اور نفیس مکانات سے

58: وَّ کُنُوْزٍ (اور خزانوں سے) اموال ظاہرہ جو سونے اور چاندی کی جنس سے تھے ان کو کنوزؔ کہا کیونکہ ان کو وہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں صرف نہ کرتے تھے۔ وَّ مَقَامٍ (اور مکان) کَرِیْمٍ (پر رونق عمدہ) ۔ قول ابن عباس ؓ : مقام سے منابر مراد ہیں۔
Ayah 26:59

كَذٰلِكَ١ؕ وَ اَوْرَثْنٰهَا بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَؕ Open ayah 26:59 in the Quran reader

(ان کے ساتھ ہم نے) اس طرح (کیا) اور ان چیزوں کا وارث بنی اسرائیل کو کردیا

59: کَذٰلِکَ ( اور واقعہ یونہی ہوا) اس میں نصب کا احتمال ہے جب کہ اخرجنا کے ما تحت ہو ای خرجنا ھم مثل ذلک الاخراج الذی وصفنا۔ نمبر 2۔ یہ مبتدأ محذوف کی خبر ہو تو مرفوع ہے ای الامرکذلک وَاَوْرَثْنٰھَا بَنِیْٓ اِسْرَآئِ یْلَ (اور ہم نے ان کا وارث بنی اسرائیل کو بنایا) قول حسن (رح) : جب سمندر پار گزر گئے تو واپس لوٹے اور انہوں نے اپنے مکانات و اموال واپس لے لئے ( مگر یہ محل نظر ہے بنی اسرائیل و شام و فلسطین کی حکومت ملنے کے بعد بطور اقتدار لوٹنا ممکن ہے ثابت ہو فافہم)
Ayah 26:60

فَاَتْبَعُوْهُمْ مُّشْرِقِیْنَ Open ayah 26:60 in the Quran reader

تو انہوں نے سورج نکلتے ہی (یعنی صبح کو) انکا تعاقب کیا

فرعون کا تعاقب : 60: فَاَتْبَعُوْھُمْ (پس انہوں نے ان کو آلیا) ۔ قراءت : فاتَّبَعُوْھم یزید نے پڑھا ہے۔ مُّشْرِقِیْنَ (طلوع شمس کے وقت ) ۔ نحو : یہ حال ہے یعنی اس حال میں کہ وہ طلوع شمس میں داخل ہو رہے تھے۔ یعنی قوم فرعون اور فرعون نے طلوع شمس کے وقت ان کو آلیا۔
Ayah 26:61

فَلَمَّا تَرَآءَ الْجَمْعٰنِ قَالَ اَصْحٰبُ مُوْسٰۤى اِنَّا لَمُدْرَكُوْنَۚ Open ayah 26:61 in the Quran reader

جب دونوں جماعتیں آمنے سامنے ہوئیں تو موسیٰ کے ساتھی کہنے لگے کہ ہم تو پکڑ لئے گئے

61: فَلَمَّا تَرَآ ئَ الْجَمْعٰنِ (جب دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کو دیکھا) آمنا سامنا ہوا۔ اس طرح کہ ہر فریق دوسرے کو دیکھ سکتا تھا۔ اسرائیلی اور قبطی مراد ہیں۔ قَالَ اَصْحٰبُ مُوْسٰٓی اِنَّا لَمُدْرَکُوْنَ (تو موسیٰ (علیہ السلام) کے ساتھیوں نے کہا بیشک وہ تو ہم کو پکڑ لیں گے) قریب ہے کہ ہمارا دشمن ہمیں آملے اور ادھر ہمارے سامنے سمندر ہو۔
Ayah 26:62

قَالَ كَلَّا١ۚ اِنَّ مَعِیَ رَبِّیْ سَیَهْدِیْنِ Open ayah 26:62 in the Quran reader

(موسی نے) کہا ہرگز نہیں میرا پروردگار میرے ساتھ ہے وہ مجھے راستہ بتائے گا

62: قَالَ (موسیٰ (علیہ السلام) نے فرمایا) کیونکہ ان کو اپنے رب کے وعدہ پر پختہ یقین تھا۔ کَلَّا (ہرگز نہیں) اللہ تعالیٰ کے متعلق بدگمانی سے باز آئو۔ وہ تمہیں ہرگز پکڑ نہ سکیں گے۔ اِنَّ مَعِیَ رَبِّیْ سَیَہْدِیْنِ (بیشک میرا رب میرے ساتھ ہے وہ عنقریب راہنمائی فرمائے گا) ۔ قراءت : حفص نے مَعِیَ پڑھا۔ یعقوب نے سیھدین بینی پڑھا ہے سیھدینؔ کا مطلب سیھد ینی طریق النجاۃ من ادراکھم واضرارھم وہ عنقریب ان کے پکڑنے اور تکلیف پہنچانے کے متعلق میری راہنمائی فرمائے گا۔
Ayah 26:63

فَاَوْحَیْنَاۤ اِلٰى مُوْسٰۤى اَنِ اضْرِبْ بِّعَصَاكَ الْبَحْرَ١ؕ فَانْفَلَقَ فَكَانَ كُلُّ فِرْقٍ كَالطَّوْدِ الْعَظِیْمِۚ Open ayah 26:63 in the Quran reader

اس وقت ہم نے موسیٰ کی طرف وحی بھیجی کہ اپنی لاٹھی دریا پر مارو تو دریا پھٹ گیا اور ہر ایک ٹکڑا (یوں) ہوگیا (کہ) گویا بڑا پہاڑ (ہے)

بنی اسرائیل کا لشکر سمندر کے درمیان : 63: فَاَوْحَیْنَآ اِلٰی مُوْسٰٓی اَنِ اضْرِبْ بِّعَصَاکَ الْبَحْرَ (پس ہم نے موسیٰ (علیہ السلام) کی طرف وحی کی کہ تم اپنی لاٹھی سمندر پر مارو) البحر سے بحر قلزم مراد ہے یہی وہ سمندر ہے جس میں لوگ یمن سے مصر کی طرف جاتے ہیں۔ نمبر 2۔ دریائے نیل۔ فَانْفَلَقَ (پس وہ پھٹ گیا) یعنی انہوں نے مارا تو وہ پھٹ گیا۔ اور اس میں بارہ راستے بن گئے اور قبائل بنی اسرائیل کی تعداد بھی اس قدر تھی۔ فَکَانَ کُلُّ فِرْقٍ (ہر حصہ) ایک حصہ دوسرے سے جدا ہو کر کھڑا ہوگیا۔ کَالطَّوْدِ (گویا کہ وہ ایک بڑا پہاڑ ہے) آسمان میں بلندہونے والا پہاڑ الْعَظِیْمِ (بڑا) ۔
Ayah 26:64

وَ اَزْلَفْنَا ثَمَّ الْاٰخَرِیْنَۚ Open ayah 26:64 in the Quran reader

اور دوسروں کو وہاں ہم نے قریب کردیا

64: وَاَزْلَفْنَا ثَمَّ (اور ہم نے قریب کردیا) اس جگہ کے (فرعونیوں کو) جہاں سے سمندر پھٹا۔ الْاٰخِرِیْنَ (پچھلوں کو) قوم فرعون یعنی ہم نے ان کو بنی اسرائیل کے قریب کردیا۔ نمبر 2۔ سمندر کے قریب کردیا۔
Ayah 26:65

وَ اَنْجَیْنَا مُوْسٰى وَ مَنْ مَّعَهٗۤ اَجْمَعِیْنَۚ Open ayah 26:65 in the Quran reader

اور موسیٰ اور ان کے سب ساتھ والوں کو تو بچا لیا

65: وَاَنْجَیْنَا مُوْسٰی وَمَنْ مَّعَہٗ اَجْمَعِیْنَ (اور ہم نے موسیٰ اور ان کے ساتھ والوں تمام کو نجات دی) یعنی ڈوبنے سے نجات دی۔
Ayah 26:66

ثُمَّ اَغْرَقْنَا الْاٰخَرِیْنَؕ Open ayah 26:66 in the Quran reader

پھر دوسروں کو ڈبو دیا

ہلاکت فرعون : 66: ثُمَّ اَغْرَقْنَا الْاٰخِرِیْنَ (پھر دوسروں کو ہم نے ڈبو دیا) فرعون اور قوم فرعون کو۔ فائدہ عظیمہ : زندگیوں میں ستاروں کی تاثیر کے نظریہ کو یہ آیت باطل کر رہی ہے ان سب کے طوالع مختلف تھے مگر ہلاک میں سب اکٹھے ہوگئے۔ روایت تفسیریہ میں ہے کہ جبرائیل (علیہ السلام) بنی اسرائیل اور آل فرعون کے درمیان آگئے وہ بنی اسرائیل کو تلقین فرما رہے تھے کہ اگلے کو جا ملو۔ اور قبطیوں کے سامنے روک کر فرماتے تم ٹھہرو تاکہ تمہارے پیچھے والے ساتھ مل جائیں۔ جب موسیٰ (علیہ السلام) سمندر کے کنارہ پر پہنچ گئے۔ تو یوشع (علیہ السلام) نے موسیٰ (علیہ السلام) کو کہا آپ کو کہاں کا حکم ملا ہے ؟ یہ سمندر تمہارے سامنے ہے۔ اور آل فرعون پیچھے دبائے چلے آرہے ہیں۔ موسیٰ (علیہ السلام) نے فرمایا یہاں کا حکم ہوا یوشع پانی میں گھس گئے اور موسیٰ (علیہ السلام) نے سمندر پر اپنی لاٹھی ماری پھر وہ داخل ہوئے۔ ایک روایت میں ہے کہ موسیٰ (علیہ السلام) نے اس وقت فرمایا : یا من کان قبل کل شیٔ والمکوّن لکل شئی۔ والکائن بعد کل شئی اے وہ ذات جو ہر چیز سے پہلے ہے اور ہر چیز کو بنانے والی ہے اور ہر چیز کے بعد ہمیشہ رہے گی۔
Ayah 26:67

اِنَّ فِیْ ذٰلِكَ لَاٰیَةً١ؕ وَ مَا كَانَ اَكْثَرُهُمْ مُّؤْمِنِیْنَ Open ayah 26:67 in the Quran reader

بیشک اس (قصے) میں نشانی ہے لیکن یہ اکثر ایمان لانے والے نہیں

67: اِنَّ فِیْ ذٰلِکَ (بےشک اس میں) جو ہم نے موسیٰ اور فرعون کے ساتھ کیا لَاٰیَۃً (ضرور نشانی ہے) عجیب عبرت ہے جس کا بیان نہیں کیا جاسکتا۔ وَمَاکَانَ اَکْثَرُھُمْ (اور ان کی اکثریت نہ تھی ڈوبنے والوں کی) مُّؤْمِنِیْنَ (ایمان لانیوالی) علماء کا بیان ہے کہ قبطیوں میں سے صرف آسیہ، حزقیل مومن آل فرعون اور مریم جس نے موسیٰ (علیہ السلام) کو قبر یوسفی کی نشان دہی کی یہ ایمان لائے۔
Ayah 26:68

وَ اِنَّ رَبَّكَ لَهُوَ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمُ۠ Open ayah 26:68 in the Quran reader

اور تمہارا پروردگار تو غالب (اور) مہربان ہے

68: اِنَّ رَبَّکَ لَھُوَ الْعَزِیْزُ (اور بلاشبہ آپ کا رب البتہ زبردست ہے) اپنے دشمنوں سے انتقام و بدلہ لینے میں الرَّحِیْمُ (مہربان ہے) اپنی فرمانبرداری پر انعامات کرنے میں۔
Ayah 26:69

وَ اتْلُ عَلَیْهِمْ نَبَاَ اِبْرٰهِیْمَۘ Open ayah 26:69 in the Quran reader

اور ان کو ابراہیم کا حال پڑھ کر سنا دو

ابراہیم ( علیہ السلام) کا واقعہ : 69: وَاتْلُ عَلَیْہِِمْ (آپ ان پر پڑھیں) یعنی قریش مکہ پر نَبَآ اِبْرٰھِیْمَ ابراہیم (علیہ السلام) کے حالات۔
Ayah 26:70

اِذْ قَالَ لِاَبِیْهِ وَ قَوْمِهٖ مَا تَعْبُدُوْنَ Open ayah 26:70 in the Quran reader

جب انہوں نے اپنے باپ اور اپنی قوم کے لوگوں سے کہا کہ تم کس چیز کو پوجتے ہو ؟

قوم اور والد کے ساتھ پیش آنے والے حالات : 70: اِذْقَالَ لِاَبِیْہِ وَقَوْمِہٖ (جبکہ انہوں نے اپنے والد اور قوم کو فرمایا) قوم ابراہیم یا قوم والد مَاتَعْبُدُوْنَ (تم کس چیز کی پوجا کرتے ہو) لیکن یہ سوال ان سے اس بناء پر کیا کہ ان کو بتلایا جائے کہ جن کی تم عبادت کرتے ہو یہ مستحق عبادت نہیں ہیں۔
Ayah 26:71

قَالُوْا نَعْبُدُ اَصْنَامًا فَنَظَلُّ لَهَا عٰكِفِیْنَ Open ayah 26:71 in the Quran reader

وہ کہنے لگے ہم بتوں کو پوجتے ہیں اور ان کی پوجا پر قائم ہیں

71: قَالُوْا نَعْبُدُ اَصْنَامًا (وہ کہنے لگے ہم بتوں کی عبادت کرتے ہیں) ماتعبدونؔ کا جواب اصنامًا ہے جیسا کہ اس آیت میں العفو جواب ہے ماذا یننقون کا۔ آیت یسئلونک ماذا ینفقون قل العفو ] البقرہ : 219[ اسی طرح دوسری آیت میں ماذا قال کے جواب میں الحق ہے ماذا قال ربکم قالوا الحق ] سبا : 23[ کیونکہ یہ سوال معبود کے متعلق تھا عبادت کے متعلق نہ تھا۔ انہوں نے جواب میں فخر کے طور پر نعبدؔ کا اضافہ کردیا اور دوسری بات یہ ہے کہ ان کی عبادت پر مباھات کے طور پر نعبدؔ لائے اور اس پر بطور عطف۔ فَنَظَلُّ لَھَا عٰکِفِیْنَ (پس ہم ان کی عبادت پر دن گزراتے ہیں) ہم ان کی عبادت سارا دن کرتے ہیں۔ انہوں نے فنظلؔ کہا کیونکہ وہ ان کی عبادت دن کے وقت کرتے تھے نہ کہ رات کو نمبر 2۔ اس کا معنی دوام و ہمیشگی ہے۔
Ayah 26:72

قَالَ هَلْ یَسْمَعُوْنَكُمْ اِذْ تَدْعُوْنَۙ Open ayah 26:72 in the Quran reader

ابراہیم نے کہا کہ جب تم انکو پکارتے ہو تو کیا وہ تمہاری آواز سنتے ہیں ؟

72: قَالَ (ابراہیم (علیہ السلام) نے کہا) ھَلْ یَسْمَعُوْنَکُمْ (کیا وہ سنتے ہیں) کیا وہ تمہاری دعائیں سنتے ہیں مضاف محذوف ہے کیونکہ اِذْ تَدْعُوْنَ اس پر دلالت کر رہا ہے۔
Ayah 26:73

اَوْ یَنْفَعُوْنَكُمْ اَوْ یَضُرُّوْنَ Open ayah 26:73 in the Quran reader

یا تمہیں کچھ فائدے دے سکتے ہیں یا نقصان پہنچا سکتے ہیں ؟

73: اَوْ یَنْفَعُوْنَکُمْ (یا وہ تمہیں فائدہ دیتے ہیں) اگر تم ان کی عبادت کرتے ہو اَوْ یَضُرُّوْنَ (یا وہ تمہیں نقصان پہنچاتے ہیں) اگر تم ان کی عبادت چھوڑ دو ۔
Ayah 26:74

قَالُوْا بَلْ وَجَدْنَاۤ اٰبَآءَنَا كَذٰلِكَ یَفْعَلُوْنَ Open ayah 26:74 in the Quran reader

انہوں نے کہا (نہیں) بلکہ ہم نے اپنے باپ دادا کو اسی طرح کرتے دیکھا ہے

74: قَالُوْا بَلْ (انہوں نے کہا بلکہ) بل اضراب کیلئے ہے کہ وہ نہ سنتے ہیں اور نہ نفع پہنچاتے اور نہ نقصان دیتے ہیں اور نہ ہم ان میں سے کسی غرض کی بناء پر ان کی عبادت کرتے ہیں۔ لیکن وَجَدْ نَآ اٰبَآ ئَ نَا کَذٰلِکَ یَفْعَلُوْنَ (ہم نے اپنے آباء کو اسی طرح کرتے ہوئے پایا) پس ہم ان کی تقلید کرتے ہیں۔
Ayahs 26:75–76

قَالَ اَفَرَءَیْتُمْ مَّا كُنْتُمْ تَعْبُدُوْنَۙ Open ayah 26:75 in the Quran reader

ابراہیم نے کہا کہ تم نے دیکھا کہ جن کو تم پوجتے رہے ہو

اَنْتُمْ وَ اٰبَآؤُكُمُ الْاَقْدَمُوْنَ٘ۖ Open ayah 26:76 in the Quran reader

تم بھی اور تمہارے اگلے باپ دادا بھی

75، 76: قَالَ اَفَرَئَ یْتُمْ مَّا کُنْتُمْ تَعْبُدُوْنَ اَنْتُمْ وَاٰبَآ ؤُکُمُ الْاَقْدَمُوْنَ (ابراہیم (علیہ السلام) نے کہا کیا تم نے دیکھا کہ تم خود اور تمہارے اگلے باپ دادا کس چیز کو پوجتے ہیں) اقدمونؔ کا معنی پہلے ہے۔
Ayah 26:77

فَاِنَّهُمْ عَدُوٌّ لِّیْۤ اِلَّا رَبَّ الْعٰلَمِیْنَۙ Open ayah 26:77 in the Quran reader

وہ میرے دشمن ہیں ؟ مگر خدائے رب العالمین (میرا دوست ہے )

77: فَاِنَّھُمْ (پس بیشک وہ) یعنی اصنام عَدُوٌّ لِّیْ (میرے دشمن ہیں) عد و اور صدیق ؔ یہ دونوں لفظ واحد و جمع کیلئے مستعمل ہیں مطلب یہ ہے کہ اگر تم پوجا کرو تو قیامت کے دن وہ میرے دشمن ہونگے جیسا کہ دوسرے مقام پر فرمایا سیکفرون بعبادتہم ویکونون علیھم ضدًا ] مریم : 82[ قول فراء : یہ کلام مقلوب کی قسم ہے مطلب اس طرح ہے : فانی عدولھم ( کہ میں ان کا دشمن ہوں) حالانکہ آپ کے قول میں عدوٌلی ہے عدولکم نہیں۔ ان کی زیادہ خیر خواہی کرتے ہوئے قبولیت حق کی دعوت دی ہے اگر آپ فانہم عدولکم فرماتے تو کلام سے یہ مقصد پورا نہ ہوتا۔ اِلَّا رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ (مگر رب العالمین ) ۔ نحو : یہ استثناء منقطع ہے کیونکہ وہ اعداء کے تحت داخل ہی نہیں کہ الا سے خارج کیا جائے گویا اس طرح فرمایا لٰکن رب العالمین لیکن رب العالمین میرا دوست ہے۔
Ayah 26:78

الَّذِیْ خَلَقَنِیْ فَهُوَ یَهْدِیْنِۙ Open ayah 26:78 in the Quran reader

جس نے مجھے پیدا کیا ہے وہی مجھے راستہ دکھاتا ہے

78: اَلَّذِیْ خَلَقَنِیْ (وہ جس نے مجھے پیدا کیا) ٹھہرنے کی مقررہ جگہ میں رکھ کر فَھُوَیَھْدِیْنِ (پس وہی میری راہنمائی کرنے والے ہیں) دنیاوی راستوں اور مصالح دین کی جانب یھدینی کو صیغہ مستقبل سے لایا گیا ہے حالانکہ عنایت تو پہلے گزر چکی کیونکہ یھدینیؔ اہم و افضل اور کامل واکمل کا احتمال رکھتا ہے۔ نمبر 2۔ وہ ذات جس نے مجھے پیدا کیا اپنی خدمت کے اسباب کیلئے پس وہی میری راہنمائی آداب خلّت کی طرف فرمائیں گے۔
Ayah 26:79

وَ الَّذِیْ هُوَ یُطْعِمُنِیْ وَ یَسْقِیْنِۙ Open ayah 26:79 in the Quran reader

اور وہ جو مجھے کھلاتا پلاتا ہے

79: وَالَّذِیْ ھُوَیُطْعِمُنِیْ (اور وہ ذات جو مجھے کھلاتی ہے) یہاں اطعام کی نسبت انعامات کے والی کی طرف کی گئی ہے۔ کیونکہ اسباب کی طرف جھک پڑنا یہ چوپایوں کی عادت ہے۔ وَیَسْقِیْنِ (اور وہ مجھے شفاء بخشنے والے ہیں) قول ابن عطاء (رح) : وہ ذات جو کھانا کھلا کر زندہ رکھتی ہے اور مشروبات پلا کر سیرابی بخشتی ہے۔
Ayah 26:80

وَ اِذَا مَرِضْتُ فَهُوَ یَشْفِیْنِ۪ۙ Open ayah 26:80 in the Quran reader

اور جب میں بیمار پڑتا ہوں تو مجھے شفا بخشتا ہے

80: وَاِذَامَرِضْتُ (اور جب میں بیمار ہوتا ہوں) ابرہیم (علیہ السلام) نے یہاں اس طرح نہیں فرمایا : امرضنیؔ۔ کیونکہ زبانی تذکرہ سے یہاں شکر مقصود ہے اسی لئے اس کی طرف اس چیز کی نسبت نہیں کی جو ضیر و نقصان کی متقاضی تھی (یہ کمال ادب ہے) ۔ قول ابن عطاء (رح) : جب میں مخلوق کو دیکھ کر بیمارہوتا ہوں تو مشاہدہ حق سے مجھے وہ شفاء دیتا ہے۔ فَھُوَ یَشْفِیْنِ (وہ شفاء بخشتا ہے ! ) قول جعفر صادق (رح) : جب میں رؤیت افعال سے بیمار پڑجاتا ہوں تو وہ افضال کے احسان سے اس کا ازالہ فرما دیتا ہے۔