6. Surah Al-An'aam

الأنعامThe Cattle · 165 ayahsکشف الرحمٰن

Ayah 6:161

قُلْ اِنَّنِیْ هَدٰىنِیْ رَبِّیْۤ اِلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ١ۚ۬ دِیْنًا قِیَمًا مِّلَّةَ اِبْرٰهِیْمَ حَنِیْفًا١ۚ وَ مَا كَانَ مِنَ الْمُشْرِكِیْنَ Open ayah 6:161 in the Quran reader

آپ فرما دیجیے کہ یقینا مجھ کو تو میرے رب نے سیدھی راہ بتادی ہے کہ وہ ایک صحیح دین ہے جو ملت ہے حضرت ابراہیم کی وہ ابراہیم جو خدا ہی کے ہو رہے تھے اور وہ شرک کرنے والوں میں سے نہ تھے

161 آپ ان سے فرما دیجئے یقیناً مجھ کو تو میرے پروردگار نے سیدھی راہ اور راہ راست بتادی ہے کہ وہ ایک صحیح اور مستحکم دین ہے جو ملت اور طریقہ اور مسلک ہے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کا وہ ابراہیم (علیہ السلام) جو سب طرف سے کٹ کر اللہ تعالیٰ ہی کے ہوگئے تھے اور وہ شرک کرنے والوں میں سے نہ تھے۔ یعنی حضرت ابراہیم (علیہ السلام) حنیف تھے یا وہ ملت سیدھی سادھی تھی اور اس میں کسی قسم کی کجی اور ہیر پھیر نہیں تھا۔
Ayah 6:162

قُلْ اِنَّ صَلَاتِیْ وَ نُسُكِیْ وَ مَحْیَایَ وَ مَمَاتِیْ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَۙ Open ayah 6:162 in the Quran reader

اے پیغمبر ! آپ کہہ دیجیے ! کہ بالقین میری نماز اور میری ہر ایک عبادت اور میرا جینا اور میرا مرنا سب کچھ اللہ ہی کے لئے ہے جو رب ہے تمام جہان کا

162 اے پیغمبر ﷺ ! آپ فرما دیجئے کہ بالیقین میری نماز اور میری تمام عبادات اور میرا جینا اور میرا مرنا سب اللہ تعالیٰ ہی کے لئے ہے جو پروردگار اور مالک ہے تمام جہان کا۔ یعنی وہی رب ہے اور وہی مستحق عبادت ہے چونکہ نماز اہم عبادت ہے اس لئے اس کو اور عبادات سے جدا ذکر کیا تمام جہان کا یعنی تمام مخلوقات کا مالک ہے۔
Ayah 6:163

لَا شَرِیْكَ لَهٗ١ۚ وَ بِذٰلِكَ اُمِرْتُ وَ اَنَا اَوَّلُ الْمُسْلِمِیْنَ Open ayah 6:163 in the Quran reader

اس کا کوئی شریک نہیں ہے اور مجھ کو یہی حکم دیا گیا ہے اور میں سب فرماں برداروں سے پہلا فرماں بردار ہوں

163 اس کا کوئی ساجھی اور شریک نہیں ہے اور مجھ کو اسی کا حکم دیا گیا ہے اور میں اس دین والوں میں سب سے پہلا ماننے والا اور سب فرمانبرداروں میں سب سے پہلا فرمانبردار ہوں۔ یعنی مجھ کو عبادت میں اخلاص کا حکم دیا گیا ہے۔
Ayah 6:164

قُلْ اَغَیْرَ اللّٰهِ اَبْغِیْ رَبًّا وَّ هُوَ رَبُّ كُلِّ شَیْءٍ١ؕ وَ لَا تَكْسِبُ كُلُّ نَفْسٍ اِلَّا عَلَیْهَا١ۚ وَ لَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِّزْرَ اُخْرٰى١ۚ ثُمَّ اِلٰى رَبِّكُمْ مَّرْجِعُكُمْ فَیُنَبِّئُكُمْ بِمَا كُنْتُمْ فِیْهِ تَخْتَلِفُوْنَ Open ayah 6:164 in the Quran reader

آپ ان سے کہدیجیے کیا میں اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی اور رب تلاش کروں ۔ حالانکہ وہی تمام چیزوں کا رب ہے اور کوئی شخص کسی قسم کا گناہ نہیں کماتا مگر یہ کہ اس کا وبال اسی پر ہوتا ہے اور کوئی بوجھ اٹھانے والا کسی دور سے کا بوجھ نہیں اٹھائے گا پھر تم سب کو اپنے رب کی طرف واپس پلٹا ہے اس وقت وہ تم کو ان باتوں کی حقیقت سے آگاہ کر دیگا جن میں تم اختلاف کیا کرتے تھے

164 آپ ان سے کہہ دیجئے کیا میں اللہ تعالیٰ کے علاوہ اور اس کے سوا کوئی اور پروردگار اور مالک تلاش کروں حالانکہ وہی ہر چیز کا رب اور مالک ہے اور جو شخص بھی کوئی عمل کرتا ہے اور کوئی گناہ کماتا ہے تو وہ اسی پر رہتا ہے اور اس کی ذمہ داری اسی پر ہوتی ہے اور کوئی بوجھ اٹھانے والا کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھاتا پھر تم سب کی بازگشت اور تم سب کو اپنے پروردگار ہی کی طرف لوٹنا ہے اس وقت وہ تم کو ان باتوں کی حقیقت سے آگاہ کردے گا اور تم کو بتادے گا جن میں تم اختلاف کیا کرتے تھے۔ یعنی رب کے ہوتے ہوئے اور کس رب کی تلاش کروں وہی ہر چیز کا مالک ہے۔
Ayah 6:165

وَ هُوَ الَّذِیْ جَعَلَكُمْ خَلٰٓئِفَ الْاَرْضِ وَ رَفَعَ بَعْضَكُمْ فَوْقَ بَعْضٍ دَرَجٰتٍ لِّیَبْلُوَكُمْ فِیْ مَاۤ اٰتٰىكُمْ١ؕ اِنَّ رَبَّكَ سَرِیْعُ الْعِقَابِ١ۖ٘ وَ اِنَّهٗ لَغَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ۠ Open ayah 6:165 in the Quran reader

اور وہی ہے جس نے تم کو زمین میں اپنا خلیفہ بنایا اور باعتبار درجات کے تم میں سے بعض کو بعض پر فوقیت عطا کی تاکہ جو کچھتم کو عطا کیا ہے اس میں وہ تمہاری آزمائش کے ۔ بیشک آپ کا رب جلد سزا دینے الا بھی ہے اور بیشک وہ بڑا بخشنے والا نہایت مہربان بھی ہے۔

165 اور اللہ تعالیٰ کی ذات اقدس وہ ہے جس نے تم کو زمین میں اپنا نائب اور خلیفہ بنایا اور تم کو زمین میں تصرف کا حق دیا اور تم سے باعتبارِ درجات کے بعض کو بعض پر فوقیت عطا کی اور ایک کو دوسرے سے مرتبہ میں بڑھایا اور بلند کیا تاکہ اس نے تم کو جو کچھ دیا ہے اس میں تمہاری آزمائش کرے اور تم کو آزمائے یقیناًٰ آپ کا پروردگار جلد سزا دینے والا بھی ہے اور یقیناً وہ بڑا بخشنے والا نہایت مہربان ہے۔ یعنی زمین میں تم کو رہنے اور بسنے کے لئے جگہ دی اور زمین پر تم کو ہر طرح سے تصرف کا حق دیا جاتا ہے مکان بنائو چاہے کھیتی کرو، کنواں کھودو، نہر بنائو، فرق مراتب کو وجہ آزمائش فرمایا ہر شخص ایک دوسرے کے لئے آزمائش ہے اور اللہ تعالیٰ کی ہر نعمت اور اس کا ہر ایک عطیہ موجبِ شکر و امتنان ہے خواہ زیادہ ہو یا کم۔ تم تفسیر سورة الانعام