6. Surah Al-An'aam
الأنعامThe Cattle · 165 ayahsتفسیر الکتاب
اِنِّیْ وَجَّهْتُ وَجْهِیَ لِلَّذِیْ فَطَرَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ حَنِیْفًا وَّ مَاۤ اَنَا مِنَ الْمُشْرِكِیْنَۚ Open ayah 6:79 in the Quran reader
میں نے تو یکسو ہو کر اپنا رخ اس (ہستی) کی طرف کرلیا ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے اور میں مشرکوں میں سے نہیں ہوں۔
وَ حَآجَّهٗ قَوْمُهٗ١ؕ قَالَ اَتُحَآجُّوْٓنِّیْ فِی اللّٰهِ وَ قَدْ هَدٰىنِ١ؕ وَ لَاۤ اَخَافُ مَا تُشْرِكُوْنَ بِهٖۤ اِلَّاۤ اَنْ یَّشَآءَ رَبِّیْ شَیْئًا١ؕ وَسِعَ رَبِّیْ كُلَّ شَیْءٍ عِلْمًا١ؕ اَفَلَا تَتَذَكَّرُوْنَ Open ayah 6:80 in the Quran reader
(اس بات پر) اس کی قوم اس سے جھگڑنے لگی (تو ابراہیم نے) کہا '' کیا تم اللہ کے بارے میں مجھ سے جھگڑتے ہو ؟ حالانکہ اس نے مجھے (توحید کی) راہ دکھا دی ہے اور میں ان سے نہیں ڈرتا جنہیں تم اللہ کا شریک ٹھہراتے ہو۔ ہاں اگر میرا رب ہی (مجھ کو) کچھ (نقصان پہنچانا) چاہے تو (اس کی مرضی) میرا رب ہر چیز کو علم سے گھیرے ہوئے ہے پھر کیا تم اس بات کا خیال نہیں کرتے ؟
وَ كَیْفَ اَخَافُ مَاۤ اَشْرَكْتُمْ وَ لَا تَخَافُوْنَ اَنَّكُمْ اَشْرَكْتُمْ بِاللّٰهِ مَا لَمْ یُنَزِّلْ بِهٖ عَلَیْكُمْ سُلْطٰنًا١ؕ فَاَیُّ الْفَرِیْقَیْنِ اَحَقُّ بِالْاَمْنِ١ۚ اِنْ كُنْتُمْ تَعْلَمُوْنَۘ Open ayah 6:81 in the Quran reader
اور (دیکھو، ) میں ان چیزوں سے کیوں ڈرنے لگا جن کو تم نے (اللہ کا) شریک ٹھہرا رکھا ہے جب کہ تم اس بات سے نہیں ڈرتے کہ تم نے اللہ کے ساتھ ایسی چیزوں کو شریک ٹھہرایا ہے جن (کے معبود ہونے) کی کوئی سند اس نے تم پر نازل نہیں کی۔ پھر دونوں فریقوں میں سے کون سا (فریق) امن (و اطمینان سے رہنے) کا زیادہ حق دار ہے ؟ (بتاؤ) اگر تم علم رکھتے ہو۔
اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ لَمْ یَلْبِسُوْۤا اِیْمَانَهُمْ بِظُلْمٍ اُولٰٓئِكَ لَهُمُ الْاَمْنُ وَ هُمْ مُّهْتَدُوْنَ۠ Open ayah 6:82 in the Quran reader
(حقیقت میں تو) امن (و اطمینان خاطر) انہی لوگوں کے لئے ہے اور وہی راہ راست پر ہیں جو (اللہ پر) ایمان لائے اور جنہوں نے اپنے ایمان میں ظلم کی آمیزش نہیں کی ''۔
وَ تِلْكَ حُجَّتُنَاۤ اٰتَیْنٰهَاۤ اِبْرٰهِیْمَ عَلٰى قَوْمِهٖ١ؕ نَرْفَعُ دَرَجٰتٍ مَّنْ نَّشَآءُ١ؕ اِنَّ رَبَّكَ حَكِیْمٌ عَلِیْمٌ Open ayah 6:83 in the Quran reader
یہ تھی ہماری وہ حجت جو ہم نے ابراہیم کو اس کی قوم پر (قائم کرنے کے لئے) دی تھی۔ ہم جس کو چاہتے ہیں (اس کے) درجے بلند کرتے ہیں۔ (اے پیغمبر، ) تمہارا رب یقینا حکمت والا (اور سب کچھ) جاننے والا ہے۔
وَ وَهَبْنَا لَهٗۤ اِسْحٰقَ وَ یَعْقُوْبَ١ؕ كُلًّا هَدَیْنَا١ۚ وَ نُوْحًا هَدَیْنَا مِنْ قَبْلُ وَ مِنْ ذُرِّیَّتِهٖ دَاوٗدَ وَ سُلَیْمٰنَ وَ اَیُّوْبَ وَ یُوْسُفَ وَ مُوْسٰى وَ هٰرُوْنَ١ؕ وَ كَذٰلِكَ نَجْزِی الْمُحْسِنِیْنَۙ Open ayah 6:84 in the Quran reader
اور ہم نے ابراہیم کو اسحاق (بیٹا) اور یعقوب (پوتا) عطا فرمایا۔ ان سب کو ہم نے راہ راست دکھائی اور (ان سے) پہلے نوح کو بھی ہم نے راہ راست دکھائی تھی۔ اور اس کی نسل سے ہم نے داؤد، سلیمان، ایوب، یوسف، موسیٰ اور ہارون کو (بھی ہم نے یہی راہ دکھائی تھی) اور اسی طرح ہم نیکو کاروں کو (ان کی نیک نامی کا) بدلہ دیتے ہیں۔
وَ زَكَرِیَّا وَ یَحْیٰى وَ عِیْسٰى وَ اِلْیَاسَ١ؕ كُلٌّ مِّنَ الصّٰلِحِیْنَۙ Open ayah 6:85 in the Quran reader
اور (علیٰ ہذا القیاس) زکریا، یحییٰ ، عیسیٰ اور الیاس کو کہ (یہ) سب (ہمارے) نیک بندوں میں سے تھے۔
وَ اِسْمٰعِیْلَ وَ الْیَسَعَ وَ یُوْنُسَ وَ لُوْطًا١ؕ وَ كُلًّا فَضَّلْنَا عَلَى الْعٰلَمِیْنَۙ Open ayah 6:86 in the Quran reader
اور اسماعیل، الیسع، یونس اور لوط کو (بھی ہم نے راہ راست دکھائی تھی) اور ان سب کو دنیا جہان کے لوگوں پر برتری دی تھی۔
وَ مِنْ اٰبَآئِهِمْ وَ ذُرِّیّٰتِهِمْ وَ اِخْوَانِهِمْ١ۚ وَ اجْتَبَیْنٰهُمْ وَ هَدَیْنٰهُمْ اِلٰى صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ Open ayah 6:87 in the Quran reader
اور (نہ صرف ان کو بلکہ) ان کے آباؤ اجداد اور ان کی اولاد اور ان کے بھائی بندوں میں سے (بہتوں کو) ہم نے (نوازا اور) برگزیدہ کیا تھا اور (دین کی) سیدھی راہ دکھائی تھی۔
ذٰلِكَ هُدَى اللّٰهِ یَهْدِیْ بِهٖ مَنْ یَّشَآءُ مِنْ عِبَادِهٖ١ؕ وَ لَوْ اَشْرَكُوْا لَحَبِطَ عَنْهُمْ مَّا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ Open ayah 6:88 in the Quran reader
یہ ہے اللہ کی ہدایت، وہ اپنے بندوں میں سے جس کو چاہے اس طرح کی ہدایت دے۔ اگر یہ لوگ شرک کرتے ہوتے تو ان کا (سارا) کیا دھرا ضائع ہوجاتا۔
اُولٰٓئِكَ الَّذِیْنَ اٰتَیْنٰهُمُ الْكِتٰبَ وَ الْحُكْمَ وَ النُّبُوَّةَ١ۚ فَاِنْ یَّكْفُرْ بِهَا هٰۤؤُلَآءِ فَقَدْ وَ كَّلْنَا بِهَا قَوْمًا لَّیْسُوْا بِهَا بِكٰفِرِیْنَ Open ayah 6:89 in the Quran reader
یہ وہ لوگ تھے جن کو ہم نے کتاب، حکومت اور نبوت عطا کی تھی۔ پھر اگر یہ (کافر) اس (ہدایت کے ماننے) سے انکار کرتے ہیں تو (کچھ پروا کی بات نہیں) ہم نے یہ (نعمت) ایسے لوگوں کو سونپ دی ہے جو اس کے ناقدر شناس نہیں ہیں۔
اُولٰٓئِكَ الَّذِیْنَ هَدَى اللّٰهُ فَبِهُدٰىهُمُ اقْتَدِهْ١ؕ قُلْ لَّاۤ اَسْئَلُكُمْ عَلَیْهِ اَجْرًا١ؕ اِنْ هُوَ اِلَّا ذِكْرٰى لِلْعٰلَمِیْنَ۠ Open ayah 6:90 in the Quran reader
یہ (اگلے پیغمبر، ) وہ لوگ تھے جن کو اللہ نے راہ راست دکھائی تھی۔ پس (اے پیغمبر، ) تم بھی انہی کی راہ پر چلو (اور ان کافروں سے) کہہ دو کہ میں (قرآن سنانے پر) تم سے کچھ مزدوری (تو) مانگتا نہیں، یہ (قرآن) تو بس ایک نصیحت ہے تمام جہان والوں کے لئے۔
وَ مَا قَدَرُوا اللّٰهَ حَقَّ قَدْرِهٖۤ اِذْ قَالُوْا مَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ عَلٰى بَشَرٍ مِّنْ شَیْءٍ١ؕ قُلْ مَنْ اَنْزَلَ الْكِتٰبَ الَّذِیْ جَآءَ بِهٖ مُوْسٰى نُوْرًا وَّ هُدًى لِّلنَّاسِ تَجْعَلُوْنَهٗ قَرَاطِیْسَ تُبْدُوْنَهَا وَ تُخْفُوْنَ كَثِیْرًا١ۚ وَ عُلِّمْتُمْ مَّا لَمْ تَعْلَمُوْۤا اَنْتُمْ وَ لَاۤ اٰبَآؤُكُمْ١ؕ قُلِ اللّٰهُ١ۙ ثُمَّ ذَرْهُمْ فِیْ خَوْضِهِمْ یَلْعَبُوْنَ Open ayah 6:91 in the Quran reader
اور (یہود نے) جیسی قدر اللہ کی جاننی چاہئے تھی ویسی اس کی قدر نہ جانی کہ وہ (ضد سے یہ تک) کہنے لگے کہ اللہ نے کسی بشر پر کوئی چیز نازل نہیں کی۔ (اے پیغمبر، ان سے) پوچھو کہ وہ کتاب (تورات) کس نے نازل کی تھی جسے موسیٰ لے کر آیا تھا (اور جو) لوگوں کے لئے روشنی اور ہدایت (تھی) اور جسے تم اوراق (کا مجموعہ) بنا کر (لوگوں کو) دکھاتے ہو اور (اس کے مطالب و احکام میں سے) بہت کچھ چھپاتے ہو، نیز (جس کے ذریعے) تمہیں وہ باتیں سکھائی گئی تھیں جو نہ تم (پہلے) جانتے تھے اور نہ تمہارے باپ دادا ؟ (اے پیغمبر، یہ تو اس کا کیا جواب دیں گے تم ہی ان سے) کہو (کہ وہ کتاب) اللہ (ہی) نے (نازل کی تھی) ، پھر انہیں ان کی کج بحثیوں میں چھوڑ دو کہ وہ (دین کی باتوں کو) کھیل بناتے رہیں۔
وَ هٰذَا كِتٰبٌ اَنْزَلْنٰهُ مُبٰرَكٌ مُّصَدِّقُ الَّذِیْ بَیْنَ یَدَیْهِ وَ لِتُنْذِرَ اُمَّ الْقُرٰى وَ مَنْ حَوْلَهَا١ؕ وَ الَّذِیْنَ یُؤْمِنُوْنَ بِالْاٰخِرَةِ یُؤْمِنُوْنَ بِهٖ وَ هُمْ عَلٰى صَلَاتِهِمْ یُحَافِظُوْنَ Open ayah 6:92 in the Quran reader
اور (اُسی کتاب کی طرح) یہ ایک کتاب ہے جسے ہم نے نازل کیا ہے برکت والی، (اور) جو (کتابیں) اس سے پہلے (نازل ہوچکی) ہیں ان کی تصدیق کرنے والی۔ اور (اے پیغمبر، یہ اس لئے نازل کی گئی ہے) تاکہ تم ام القریٰ والوں کو اور جو لوگ اس کے چاروں طرف ہیں ان کو (گمراہیوں کے نتائج سے) ڈراؤ۔ پس جو لوگ آخرت پر ایمان رکھتے ہیں وہ اس (کتاب) پر ایمان لے آتے ہیں اور اپنی نمازوں کی (بھی) حفاظت کرتے ہیں۔
وَ مَنْ اَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرٰى عَلَى اللّٰهِ كَذِبًا اَوْ قَالَ اُوْحِیَ اِلَیَّ وَ لَمْ یُوْحَ اِلَیْهِ شَیْءٌ وَّ مَنْ قَالَ سَاُنْزِلُ مِثْلَ مَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ١ؕ وَ لَوْ تَرٰۤى اِذِ الظّٰلِمُوْنَ فِیْ غَمَرٰتِ الْمَوْتِ وَ الْمَلٰٓئِكَةُ بَاسِطُوْۤا اَیْدِیْهِمْ١ۚ اَخْرِجُوْۤا اَنْفُسَكُمْ١ؕ اَلْیَوْمَ تُجْزَوْنَ عَذَابَ الْهُوْنِ بِمَا كُنْتُمْ تَقُوْلُوْنَ عَلَى اللّٰهِ غَیْرَ الْحَقِّ وَ كُنْتُمْ عَنْ اٰیٰتِهٖ تَسْتَكْبِرُوْنَ Open ayah 6:93 in the Quran reader
اور اس سے بڑھ کر ظالم (اور) کون ہوگا جو اللہ پر جھوٹ بہتان گھڑے، یا کہے کہ مجھ پر وحی آتی ہے حالانکہ اس پر کسی بات کی وحی نہیں آئی اور (نیز) وہ جو (اللہ کی وحی کا مقابلہ کرے اور) کہے کہ میں بھی (ایسا کلام) نازل کروں گا جیسا اللہ نے نازل کیا ہے ؟ (اے پیغمبر، ) کاش تم (ان) ظالموں کو اس وقت دیکھو جب یہ جان کنی کی سختیوں میں (بےدم) پڑے ہوں گے اور فرشتے (ان کی جان نکالنے کے لئے) ہاتھ بڑھا بڑھا (کر کہہ) رہے ہوں گے کہ '' (لاؤ) نکالو اپنی جان، آج تمہیں رسوا کن عذاب دیا جائے گا اس لئے کہ تم اللہ پر جھوٹ بولتے تھے اور اس کی آیتوں کے مقابلے میں گھمنڈ کرتے تھے ''۔
وَ لَقَدْ جِئْتُمُوْنَا فُرَادٰى كَمَا خَلَقْنٰكُمْ اَوَّلَ مَرَّةٍ وَّ تَرَكْتُمْ مَّا خَوَّلْنٰكُمْ وَرَآءَ ظُهُوْرِكُمْ١ۚ وَ مَا نَرٰى مَعَكُمْ شُفَعَآءَكُمُ الَّذِیْنَ زَعَمْتُمْ اَنَّهُمْ فِیْكُمْ شُرَكٰٓؤُا١ؕ لَقَدْ تَّقَطَّعَ بَیْنَكُمْ وَ ضَلَّ عَنْكُمْ مَّا كُنْتُمْ تَزْعُمُوْنَ۠ Open ayah 6:94 in the Quran reader
اور (پھر اللہ فرمائے گا کہ) تم ہمارے حضور تن تنہا آگئے جس طرح ہم نے تم کو پہلی بار پیدا کیا تھا اور جو کچھ (سازوسامان) ہم نے تم کو (دنیا میں) دیا تھا وہ (سب) اپنے پیچھے چھوڑ آئے اور (آج) ہم تمہارے ساتھ تمہارے ان سفارشیوں کو (بھی) نہیں دیکھتے جن کی نسبت تمہارا زعم تھا کہ وہ تمہارے کام (بنانے) میں (ہمارے) شریک ہیں۔ تمہارے آپس کے (سارے) رابطے ٹوٹ گئے اور جو کچھ زعم تم رکھتے تھے وہ (سب کے سب) تم سے گم ہوگئے۔
اِنَّ اللّٰهَ فَالِقُ الْحَبِّ وَ النَّوٰى١ؕ یُخْرِجُ الْحَیَّ مِنَ الْمَیِّتِ وَ مُخْرِجُ الْمَیِّتِ مِنَ الْحَیِّ١ؕ ذٰلِكُمُ اللّٰهُ فَاَنّٰى تُؤْفَكُوْنَ Open ayah 6:95 in the Quran reader
(دیکھو، ) یہ اللہ ہی (کی کارفرمائی) ہے کہ وہ (بیج کے) دانے اور گٹھلی کو (جو زمین میں ڈال دی جاتی ہے) شق کردیتا ہے ( اور اس سے پھلنے پھولنے والا درخت پیدا ہوجاتا ہے) ۔ وہی زندہ کو مردہ سے نکالتا ہے اور وہی مردہ کو زندہ سے نکالنے والا ہے۔ یہی تو تمہارا اللہ ہے، پھر تم کہاں الٹے پھرے جا رہے ہو ؟
فَالِقُ الْاِصْبَاحِ١ۚ وَ جَعَلَ الَّیْلَ سَكَنًا وَّ الشَّمْسَ وَ الْقَمَرَ حُسْبَانًا١ؕ ذٰلِكَ تَقْدِیْرُ الْعَزِیْزِ الْعَلِیْمِ Open ayah 6:96 in the Quran reader
(وہی پردہ شب) چاک کر کے صبح نکالنے والا، (اور رات کی تاریکی کو دن کی روشنی میں بدل دینے والا ہے، ) اس نے آرام کے لئے رات اور (سال و ماہ کے) حساب کے لئے سورج اور چاند بنائے ہیں۔ یہ (سب اس اللہ) زبردست وعلیم کے ٹھہرائے ہوئے اندازے ہیں۔
وَ هُوَ الَّذِیْ جَعَلَ لَكُمُ النُّجُوْمَ لِتَهْتَدُوْا بِهَا فِیْ ظُلُمٰتِ الْبَرِّ وَ الْبَحْرِ١ؕ قَدْ فَصَّلْنَا الْاٰیٰتِ لِقَوْمٍ یَّعْلَمُوْنَ Open ayah 6:97 in the Quran reader
اور (دیکھو، ) وہی ہے جس نے تمہارے لئے ستارے بنائے تاکہ تم ان کے ذریعے سے صحرا اور سمندر کی تاریکیوں میں راہ پاؤ۔ (دیکھو، ) ہم نے (اپنی توحید وقدرت کی) نشانیاں کھول کھول کر بیان کردی ہیں ان لوگوں کے لئے جو علم رکھتے ہیں۔
وَ هُوَ الَّذِیْۤ اَنْشَاَكُمْ مِّنْ نَّفْسٍ وَّاحِدَةٍ فَمُسْتَقَرٌّ وَّ مُسْتَوْدَعٌ١ؕ قَدْ فَصَّلْنَا الْاٰیٰتِ لِقَوْمٍ یَّفْقَهُوْنَ Open ayah 6:98 in the Quran reader
اور (دیکھو، ) وہی ہے جس نے تم سب کو ایک جان سے پیدا کیا، پھر (ہر شخص کے لئے) ایک ٹھہرنے کی جگہ ہے اور ایک سونپے جانے کی جگہ۔ (دیکھو، ) ہم نے (اپنی توحید وقدرت کی) نشانیاں کھول کھول کر بیان کردی ہیں ان لوگوں کے لئے جو سمجھ بوجھ رکھتے ہیں۔
وَ هُوَ الَّذِیْۤ اَنْزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً١ۚ فَاَخْرَجْنَا بِهٖ نَبَاتَ كُلِّ شَیْءٍ فَاَخْرَجْنَا مِنْهُ خَضِرًا نُّخْرِجُ مِنْهُ حَبًّا مُّتَرَاكِبًا١ۚ وَ مِنَ النَّخْلِ مِنْ طَلْعِهَا قِنْوَانٌ دَانِیَةٌ وَّ جَنّٰتٍ مِّنْ اَعْنَابٍ وَّ الزَّیْتُوْنَ وَ الرُّمَّانَ مُشْتَبِهًا وَّ غَیْرَ مُتَشَابِهٍ١ؕ اُنْظُرُوْۤا اِلٰى ثَمَرِهٖۤ اِذَاۤ اَثْمَرَ وَ یَنْعِهٖ١ؕ اِنَّ فِیْ ذٰلِكُمْ لَاٰیٰتٍ لِّقَوْمٍ یُّؤْمِنُوْنَ Open ayah 6:99 in the Quran reader
اور (دیکھو، ) وہی ہے جس نے آسمان سے پانی برسایا پھر اس کے ذریعے سے ہر قسم کے نباتات کو نکالا، پھر اس سے ہری ہری شاخیں نکالیں جن سے ہم تہہ در تہہ چڑھے ہوئے دانے نکالتے ہیں، اور (اسی طرح) کھجور کے درختوں کے شگوفوں میں سے (پھلوں کے) گچھے (کے گچھے پیدا کئے) جو (بوجھ کے مارے) جھکے پڑتے ہیں اور (اسی طرح) انگور، زیتون اور انار کے باغ (پیدا کئے) باہم مشابہ اور غیر مشابہ۔ ان کے پھلوں کو دیکھو جب وہ پھلتے ہیں اور ان کے پکنے کو (دیکھو کہ پکنے کے بعد اپنی رنگت، خوشبو اور مزے میں کیسی عجیب نوعیت پیدا کرلیتے ہیں) ۔ بیشک جو لوگ (اللہ پر) ایمان رکھتے ہیں، ان کے لئے ان (سب چیزوں) میں (ربوبیت الٰہی کی بڑی ہی) نشانیاں ہیں۔
وَ جَعَلُوْا لِلّٰهِ شُرَكَآءَ الْجِنَّ وَ خَلَقَهُمْ وَ خَرَقُوْا لَهٗ بَنِیْنَ وَ بَنٰتٍۭ بِغَیْرِ عِلْمٍ١ؕ سُبْحٰنَهٗ وَ تَعٰلٰى عَمَّا یَصِفُوْنَ۠ Open ayah 6:100 in the Quran reader
(اس کے باوجود) لوگوں نے اللہ کے ساتھ جنوں کو شریک ٹھہرا لیا ہے حالانکہ اس نے انہیں پیدا کیا ہے اور بےجانے بوجھے اس کے لئے بیٹے اور بیٹیاں گھڑ لیں۔ پاک اور بالا تر ہے وہ ان تمام باتوں سے جو یہ لوگ (اس کی نسبت) بیان کرتے ہیں۔
بَدِیْعُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ اَنّٰى یَكُوْنُ لَهٗ وَلَدٌ وَّ لَمْ تَكُنْ لَّهٗ صَاحِبَةٌ١ؕ وَ خَلَقَ كُلَّ شَیْءٍ١ۚ وَ هُوَ بِكُلِّ شَیْءٍ عَلِیْمٌ Open ayah 6:101 in the Quran reader
وہ تو آسمان و زمین کا موجد ہے، اس کے اولاد کہاں سے ہوسکتی ہے جب کہ کوئی اس کی بیوی نہیں۔ اس نے ہر چیز کو پیدا کیا ہے اور وہی ہر چیز (کے حال) سے خوب واقف ہے۔
ذٰلِكُمُ اللّٰهُ رَبُّكُمْ١ۚ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ١ۚ خَالِقُ كُلِّ شَیْءٍ فَاعْبُدُوْهُ١ۚ وَ هُوَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ وَّكِیْلٌ Open ayah 6:102 in the Quran reader
(لوگو، ) یہی اللہ تمہارا رب ہے، اس کے سوا کوئی (اور) معبود نہیں، (وہی) ہر شے کا پیدا کرنے والا ہے پس اسی کی عبادت کرو۔ وہی ہر چیز پر نگہبان ہے۔
لَا تُدْرِكُهُ الْاَبْصَارُ١٘ وَ هُوَ یُدْرِكُ الْاَبْصَارَ١ۚ وَ هُوَ اللَّطِیْفُ الْخَبِیْرُ Open ayah 6:103 in the Quran reader
اسے نگاہیں نہیں پا سکتیں اور وہ نگاہوں کو پا لیتا ہے اور وہ بڑا باریک بیں (اور) باخبر ہے۔
قَدْ جَآءَكُمْ بَصَآئِرُ مِنْ رَّبِّكُمْ١ۚ فَمَنْ اَبْصَرَ فَلِنَفْسِهٖ١ۚ وَ مَنْ عَمِیَ فَعَلَیْهَا١ؕ وَ مَاۤ اَنَا عَلَیْكُمْ بِحَفِیْظٍ Open ayah 6:104 in the Quran reader
(لوگو، ) تمہارے پاس آنکھیں کھولنے والیں دلیلیں آچکی ہیں، سو جو کوئی بصیرت سے کام لے گا تو (اس کا فائدہ) خود اسی کے لئے اور جو کوئی اندھا بنا رہے گا تو (اس کا وبال) اسی پر ہے۔ اور (اے پیغمبر، تم کہہ دو کہ) میں تم پر پاسبان تو ہوں نہیں (کہ جبراً تمہاری آنکھیں کھول دوں)
وَ كَذٰلِكَ نُصَرِّفُ الْاٰیٰتِ وَ لِیَقُوْلُوْا دَرَسْتَ وَ لِنُبَیِّنَهٗ لِقَوْمٍ یَّعْلَمُوْنَ Open ayah 6:105 in the Quran reader
اور (اے پیغمبر، ) ہم اس طرح گوناگوں طریقوں سے دلائل بیان کرتے ہیں کہ یہ (کافر) کہیں کہ تم (کسی صاحب علم سے) پڑھ آئے ہو، اور تاکہ ہم اس (قرآن) کو ان لوگوں کے لئے واضح کردیں جو علم رکھتے ہیں۔
اِتَّبِعْ مَاۤ اُوْحِیَ اِلَیْكَ مِنْ رَّبِّكَ١ۚ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ١ۚ وَ اَعْرِضْ عَنِ الْمُشْرِكِیْنَ Open ayah 6:106 in the Quran reader
(اے پیغمبر، ) تمہارے رب کی طرف سے جو کچھ تم پر وحی کی گئی ہے تم اس کی پیروی کئے جاؤ (کیونکہ) اس ( اللہ) کے سوا کوئی معبود نہیں ہے اور مشرکوں سے منہ پھیر لو۔
وَ لَوْ شَآءَ اللّٰهُ مَاۤ اَشْرَكُوْا١ؕ وَ مَا جَعَلْنٰكَ عَلَیْهِمْ حَفِیْظًا١ۚ وَ مَاۤ اَنْتَ عَلَیْهِمْ بِوَكِیْلٍ Open ayah 6:107 in the Quran reader
اگر اللہ چاہتا تو یہ شرک نہ کرتے۔ ہم نے تم کو ان پر پاسبان تو نہیں بنایا ہے اور نہ تم ان پر داروغہ ہو۔
وَ لَا تَسُبُّوا الَّذِیْنَ یَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ فَیَسُبُّوا اللّٰهَ عَدْوًۢا بِغَیْرِ عِلْمٍ١ؕ كَذٰلِكَ زَیَّنَّا لِكُلِّ اُمَّةٍ عَمَلَهُمْ١۪ ثُمَّ اِلٰى رَبِّهِمْ مَّرْجِعُهُمْ فَیُنَبِّئُهُمْ بِمَا كَانُوْا یَعْمَلُوْنَ Open ayah 6:108 in the Quran reader
(مسلمانو، یہ) لوگ اللہ کے سوا جن (ہستیوں) کو (حاجت روائی کے لئے) پکارتے ہیں تم ان کو برا نہ کہو ورنہ یہ لوگ حد سے گزر کر بےسمجھے بوجھے اللہ کو برا بھلا کہنے لگیں گے۔ اس طرح ہم نے ہر گروہ کے لئے اس کے عمل کو خوشنما بنادیا ہے۔ پھر (آخر کار) ان (سب) کو اپنے رب (ہی) کی طرف لوٹ کر آنا ہے، پھر وہ انہیں بتادے گا جو کچھ بھی وہ (دنیا میں) کرتے رہے ہیں۔
وَ اَقْسَمُوْا بِاللّٰهِ جَهْدَ اَیْمَانِهِمْ لَئِنْ جَآءَتْهُمْ اٰیَةٌ لَّیُؤْمِنُنَّ بِهَا١ؕ قُلْ اِنَّمَا الْاٰیٰتُ عِنْدَ اللّٰهِ وَ مَا یُشْعِرُكُمْ١ۙ اَنَّهَاۤ اِذَا جَآءَتْ لَا یُؤْمِنُوْنَ Open ayah 6:109 in the Quran reader
اور (یہ) لوگ (بڑی) سخت قسمیں کھا (کھا) کر (مسلمانوں سے) کہتے ہیں کہ اگر کوئی معجزہ ان کے سامنے آجائے تو وہ ضرور اس پر ایمان لے آئیں گے۔ (اے پیغمبر، تم مسلمانوں سے) کہہ دو کہ معجزے تو اللہ ہی کے پاس ہیں اور تمہیں (ان لوگوں کا حال) کیا معلوم، اگر معجزہ آ بھی جائے (جب بھی) یہ ایمان نہ لائیں گے۔
وَ نُقَلِّبُ اَفْئِدَتَهُمْ وَ اَبْصَارَهُمْ كَمَا لَمْ یُؤْمِنُوْا بِهٖۤ اَوَّلَ مَرَّةٍ وَّ نَذَرُهُمْ فِیْ طُغْیَانِهِمْ یَعْمَهُوْنَ۠ Open ayah 6:110 in the Quran reader
ہم ان کے دلوں اور آنکھوں کو الٹ دیں گے (اور یہ معجزے دیکھ کر بھی اسی طرح انکار کئے جائیں گے) جس طرح (قرآن پر) پہلی دفعہ ایمان نہیں لائے تھے۔ اور ہم انہیں چھوڑ دیتے ہیں کہ اپنی سرکشیوں میں بھٹکتے رہیں۔
وَ لَوْ اَنَّنَا نَزَّلْنَاۤ اِلَیْهِمُ الْمَلٰٓئِكَةَ وَ كَلَّمَهُمُ الْمَوْتٰى وَ حَشَرْنَا عَلَیْهِمْ كُلَّ شَیْءٍ قُبُلًا مَّا كَانُوْا لِیُؤْمِنُوْۤا اِلَّاۤ اَنْ یَّشَآءَ اللّٰهُ وَ لٰكِنَّ اَكْثَرَهُمْ یَجْهَلُوْنَ Open ayah 6:111 in the Quran reader
(یقین کرو) اگر ہم فرشتے بھی ان پر نازل کردیں اور مردے (قبروں سے نکل کر) ان سے باتیں کرنے لگیں اور جتنی چیزیں بھی (دنیا میں) ہیں، سب ان کے سامنے لا کھڑی کریں تب بھی یہ لوگ ایمان لانے والے نہیں الاّ یہ کہ اللہ کی مشیت یہی ہو (کہ یہ ایمان لائیں) مگر ان میں اکثر لوگ جہالت کی باتیں کرتے ہیں۔
وَ كَذٰلِكَ جَعَلْنَا لِكُلِّ نَبِیٍّ عَدُوًّا شَیٰطِیْنَ الْاِنْسِ وَ الْجِنِّ یُوْحِیْ بَعْضُهُمْ اِلٰى بَعْضٍ زُخْرُفَ الْقَوْلِ غُرُوْرًا١ؕ وَ لَوْ شَآءَ رَبُّكَ مَا فَعَلُوْهُ فَذَرْهُمْ وَ مَا یَفْتَرُوْنَ Open ayah 6:112 in the Quran reader
اور (اے پیغمبر، جس طرح یہ مشرکین تمہارے دشمن ہیں) اسی طرح ہم نے ہر نبی کے دشمن (بہت سے) شیطان، انسان اور جنات (دونوں) میں سے پیدا کردیئے تھے جو دھوکا دینے کی غرض سے ایک دوسرے کو چکنی چپڑی باتوں کا وسوسہ ڈالتے تھے اور اگر تمہارا رب چاہتا (کہ وہ ایسا نہ کریں) تو وہ ایسا نہ کرتے (مگر اس کی حکمت کا فیصلہ یہی ہوا کہ روشنی کے ساتھ تاریکی اور حق کے ساتھ باطل بھی اپنی نمود رکھے) پس (اے پیغمبر، ) تم ان کو اور ان کی افترا پردازیوں کو (اللہ پر) چھوڑ دو (وہ ان سے سمجھ لے گا) ۔
وَ لِتَصْغٰۤى اِلَیْهِ اَفْئِدَةُ الَّذِیْنَ لَا یُؤْمِنُوْنَ بِالْاٰخِرَةِ وَ لِیَرْضَوْهُ وَ لِیَقْتَرِفُوْا مَا هُمْ مُّقْتَرِفُوْنَ Open ayah 6:113 in the Quran reader
اور (یہ سب کچھ ہم انہیں اس لئے کرنے دے رہے ہیں) تاکہ جو لوگ (روز) آخرت پر ایمان نہیں رکھتے ان کے دل ان کی (پرفریب باتوں کی) طرف مائل ہوجائیں اور ان کو پسند کریں تاکہ جن (برائیوں) کا ارتکاب یہ (خود) کرتے ہیں وہ (بھی) کیا کریں۔
اَفَغَیْرَ اللّٰهِ اَبْتَغِیْ حَكَمًا وَّ هُوَ الَّذِیْۤ اَنْزَلَ اِلَیْكُمُ الْكِتٰبَ مُفَصَّلًا١ؕ وَ الَّذِیْنَ اٰتَیْنٰهُمُ الْكِتٰبَ یَعْلَمُوْنَ اَنَّهٗ مُنَزَّلٌ مِّنْ رَّبِّكَ بِالْحَقِّ فَلَا تَكُوْنَنَّ مِنَ الْمُمْتَرِیْنَ Open ayah 6:114 in the Quran reader
(اے پیغمبر، ان لوگوں سے پوچھو، ) کیا (تم یہ چاہتے ہو کہ) میں (اپنے اور تمہارے درمیان) اللہ کے سوا کوئی اور فیصلہ کرنے والا تلاش کروں حالانکہ اس نے ہی تو تمہارے پاس کتاب مفصل نازل کی ہے ؟ اور (اے پیغمبر، ) جن لوگوں کو ہم نے (تم سے پہلے) کتاب دی ہے وہ (خوب) جانتے ہیں کہ یہ (قرآن بھی) تمہارے رب کی طرف سے سچائی کے ساتھ نازل ہوا ہے، پس تم کہیں شک کرنے والوں میں نہ ہوجانا۔