3. Surah Aal-i-Imraan
آل عمرانThe Family of Imraan · 200 ayahsتفسیر الکتاب
وَ لَقَدْ صَدَقَكُمُ اللّٰهُ وَعْدَهٗۤ اِذْ تَحُسُّوْنَهُمْ بِاِذْنِهٖ١ۚ حَتّٰۤى اِذَا فَشِلْتُمْ وَ تَنَازَعْتُمْ فِی الْاَمْرِ وَ عَصَیْتُمْ مِّنْۢ بَعْدِ مَاۤ اَرٰىكُمْ مَّا تُحِبُّوْنَ١ؕ مِنْكُمْ مَّنْ یُّرِیْدُ الدُّنْیَا وَ مِنْكُمْ مَّنْ یُّرِیْدُ الْاٰخِرَةَ١ۚ ثُمَّ صَرَفَكُمْ عَنْهُمْ لِیَبْتَلِیَكُمْ١ۚ وَ لَقَدْ عَفَا عَنْكُمْ١ؕ وَ اللّٰهُ ذُوْ فَضْلٍ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ Open ayah 3:152 in the Quran reader
اور (دیکھو، یہ واقعہ ہے کہ) اللہ نے اپنا وعدہء (نصرت) سچ کر دکھایا جب کہ تم اس کے حکم سے دشمنوں کو تہ تیغ کر رہے تھے یہاں تک کہ جب ہم نے تمہیں وہ چیز دکھا دی جس کے تم تمنائی تھے تو تم کمزور پڑگئے اور (رسول کے) حکم کے بارے میں آپس میں جھگڑا کیا اور (اس کی) نافرمانی کی، بعض تم میں وہ تھے جو دنیا چاہتے تھے اور بعض تم میں ایسے تھے جو آخرت چاہتے تھے۔ تب اللہ نے کافروں کے مقابلے میں تمہیں پسپا کردیا تاکہ تمہاری (پوری) آزمائش کرے (پھر بھی) اللہ نے تمہیں معاف کردیا۔ بلاشبہ وہ مومنوں کے حق میں بڑا ہی فضل والا ہے۔
اِذْ تُصْعِدُوْنَ وَ لَا تَلْوٗنَ عَلٰۤى اَحَدٍ وَّ الرَّسُوْلُ یَدْعُوْكُمْ فِیْۤ اُخْرٰىكُمْ فَاَثَابَكُمْ غَمًّۢا بِغَمٍّ لِّكَیْلَا تَحْزَنُوْا عَلٰى مَا فَاتَكُمْ وَ لَا مَاۤ اَصَابَكُمْ١ؕ وَ اللّٰهُ خَبِیْرٌۢ بِمَا تَعْمَلُوْنَ Open ayah 3:153 in the Quran reader
(وہ وقت یاد کرو) جب تم (میدان جنگ سے) بھاگے جا رہے تھے اور (بدحواسی کا یہ حال تھا کہ) تم مڑ کر کسی کی طرف دیکھتے تک نہ تھے اور اللہ کا رسول تھا کہ تمہارے پیچھے تم کو پکار رہا تھا۔ (جب تمہارا حال یہ تھا) تو اللہ نے تمہیں غم کا بدلہ غم دیا تاکہ (آئندہ کے لئے تمہیں یہ سبق ملے کہ) جو چیز تمہارے ہاتھ سے نکل جائے یا جو مصیبت تم پر پڑے اس پر رنجیدہ نہ ہو۔ اور (یاد رکھو، ) جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اس کی خبر رکھنے والا ہے۔
ثُمَّ اَنْزَلَ عَلَیْكُمْ مِّنْۢ بَعْدِ الْغَمِّ اَمَنَةً نُّعَاسًا یَّغْشٰى طَآئِفَةً مِّنْكُمْ١ۙ وَ طَآئِفَةٌ قَدْ اَهَمَّتْهُمْ اَنْفُسُهُمْ یَظُنُّوْنَ بِاللّٰهِ غَیْرَ الْحَقِّ ظَنَّ الْجَاهِلِیَّةِ١ؕ یَقُوْلُوْنَ هَلْ لَّنَا مِنَ الْاَمْرِ مِنْ شَیْءٍ١ؕ قُلْ اِنَّ الْاَمْرَ كُلَّهٗ لِلّٰهِ١ؕ یُخْفُوْنَ فِیْۤ اَنْفُسِهِمْ مَّا لَا یُبْدُوْنَ لَكَ١ؕ یَقُوْلُوْنَ لَوْ كَانَ لَنَا مِنَ الْاَمْرِ شَیْءٌ مَّا قُتِلْنَا هٰهُنَا١ؕ قُلْ لَّوْ كُنْتُمْ فِیْ بُیُوْتِكُمْ لَبَرَزَ الَّذِیْنَ كُتِبَ عَلَیْهِمُ الْقَتْلُ اِلٰى مَضَاجِعِهِمْ١ۚ وَ لِیَبْتَلِیَ اللّٰهُ مَا فِیْ صُدُوْرِكُمْ وَ لِیُمَحِّصَ مَا فِیْ قُلُوْبِكُمْ١ؕ وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوْرِ Open ayah 3:154 in the Quran reader
پھر (شکست کے) اس غم کے بعد اللہ نے تم پر ایک سکون طاری کردیا۔ یہ حالت ایک گروہ پر چھا گئی تھی لیکن تم میں ایک دوسرا گروہ تھا جس کو اس وقت بھی اپنی جانوں ہی کی پڑی ہوئی تھی۔ وہ اللہ کے بارے میں خلاف حقیقت (عہد) جاہلیت کے سے گمان کرنے لگا۔ یہ لوگ کہہ رہے تھے کہ بھلا کچھ ہمارا اختیار بھی چلتا ہے ؟ (اے پیغمبر، ان سے) کہہ دو کہ سب کام اللہ ہی کے اختیار میں ہیں۔ دراصل یہ لوگ اپنے دلوں میں جو بات چھپائے ہوئے ہیں اسے تم پر ظاہر نہیں کرتے۔ (جی ہی جی میں) کہتے ہیں کہ ہمارا کچھ بھی اختیار ہوتا تو ہم یہاں مارے نہ جاتے۔ (اے پیغمبر، ان سے) کہہ دو کہ تم اپنے گھروں میں ہوتے (جب بھی) وہ لوگ جن کی قسمت میں مارا جانا لکھا تھا اپنی قتل گاہوں کی طرف نکل پڑتے۔ اور (یہ سب اس لئے ہوا) کہ جو کچھ تمہارے سینوں میں (چھپا ہوا) ہے اللہ اسے آزمائے اور جو (کھوٹ) تمہارے دلوں میں ہے اسے چھانٹ دے۔ اور اللہ دلوں کا حال خوب جانتا ہے۔
اِنَّ الَّذِیْنَ تَوَلَّوْا مِنْكُمْ یَوْمَ الْتَقَى الْجَمْعٰنِ١ۙ اِنَّمَا اسْتَزَلَّهُمُ الشَّیْطٰنُ بِبَعْضِ مَا كَسَبُوْا١ۚ وَ لَقَدْ عَفَا اللّٰهُ عَنْهُمْ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ حَلِیْمٌ۠ Open ayah 3:155 in the Quran reader
تم میں سے جو لوگ اس دن پیٹھ پھیر گئے تھے جس دن دونوں لشکر ایک دوسرے کے مقابل ہوئے تھے تو یہ بس اس وجہ سے ہوا کہ ان کے بعض اعمال کے باعث شیطان نے ان کے قدم ڈگمگا دیئے۔ (بہرحال) اللہ نے انہیں معاف کردیا۔ یقینا اللہ بخشنے والا (اور) بردبار ہے۔
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَكُوْنُوْا كَالَّذِیْنَ كَفَرُوْا وَ قَالُوْا لِاِخْوَانِهِمْ اِذَا ضَرَبُوْا فِی الْاَرْضِ اَوْ كَانُوْا غُزًّى لَّوْ كَانُوْا عِنْدَنَا مَا مَاتُوْا وَ مَا قُتِلُوْا١ۚ لِیَجْعَلَ اللّٰهُ ذٰلِكَ حَسْرَةً فِیْ قُلُوْبِهِمْ١ؕ وَ اللّٰهُ یُحْیٖ وَ یُمِیْتُ١ؕ وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِیْرٌ Open ayah 3:156 in the Quran reader
اے لوگو جو ایمان لائے ہو، ان لوگوں کی طرح نہ ہوجانا جو (دعویٰ اسلام کرتے ہیں اور دل سے) منکر ہیں اور جن کے بھائی بند سفر پر نکلے ہوں یا جہاد کرنے گئے ہوں (اور وہ وہاں مرجائیں) تو ان کے بارے میں کہنے لگتے ہیں کہ اگر وہ ہمارے پاس رہتے تو نہ مرتے اور نہ مارے جاتے۔ (یہ بات اس لئے ان کی زبان پر آئی ہے) تاکہ اللہ اسے ان کے دلوں میں حسرت (کا سبب) بنا دے ورنہ (دراصل) اللہ ہی زندہ کرتا اور مارتا ہے اور جو کچھ بھی تم کر رہے ہو اللہ اس کو دیکھ رہا ہے
وَ لَئِنْ قُتِلْتُمْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ اَوْ مُتُّمْ لَمَغْفِرَةٌ مِّنَ اللّٰهِ وَ رَحْمَةٌ خَیْرٌ مِّمَّا یَجْمَعُوْنَ Open ayah 3:157 in the Quran reader
اگر تم اللہ کی راہ میں مارے جاؤ یا مرجاؤ تو اللہ کی مغفرت و رحمت اس (مال و دولت) سے کہیں بہتر ہے جسے یہ لوگ جمع کر رہے ہیں
وَ لَئِنْ مُّتُّمْ اَوْ قُتِلْتُمْ لَاۡاِلَى اللّٰهِ تُحْشَرُوْنَ Open ayah 3:158 in the Quran reader
اور (یاد رکھو، ) خواہ تم مرو یا مارے جاؤ (ہر حال میں) اللہ ہی کے حضور جمع کئے جاؤ گے۔
فَبِمَا رَحْمَةٍ مِّنَ اللّٰهِ لِنْتَ لَهُمْ١ۚ وَ لَوْ كُنْتَ فَظًّا غَلِیْظَ الْقَلْبِ لَا نْفَضُّوْا مِنْ حَوْلِكَ١۪ فَاعْفُ عَنْهُمْ وَ اسْتَغْفِرْ لَهُمْ وَ شَاوِرْهُمْ فِی الْاَمْرِ١ۚ فَاِذَا عَزَمْتَ فَتَوَكَّلْ عَلَى اللّٰهِ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ یُحِبُّ الْمُتَوَكِّلِیْنَ Open ayah 3:159 in the Quran reader
(اے پیغمبر، ) پھر یہ اللہ کی رحمت ہے کہ تم ان لوگوں کے لئے نرم مزاج واقع ہوئے ہو۔ اگر تم تند خو اور سنگدل ہوتے تو یہ لوگ تمہارے آس پاس سے چھٹ جاتے، پس ان سے درگزر کرو اور ان کے حق میں دعائے مغفرت کرو اور معاملات (صلح و جنگ) میں (بدستور سابق) ان کو شریک مشورہ رکھو۔ پھر جب تم نے کسی بات کا عزم کرلیا تو چاہیے کہ اللہ پر بھروسہ کرو (اور جو کچھ ٹھان لیا ہے اس پر کاربند ہوجاؤ) ۔ یقینا اللہ انہی لوگوں کو دوست رکھتا ہے جو اس پر بھروسہ کرنے والے ہیں
اِنْ یَّنْصُرْكُمُ اللّٰهُ فَلَا غَالِبَ لَكُمْ١ۚ وَ اِنْ یَّخْذُلْكُمْ فَمَنْ ذَا الَّذِیْ یَنْصُرُكُمْ مِّنْۢ بَعْدِهٖ١ؕ وَ عَلَى اللّٰهِ فَلْیَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُوْنَ Open ayah 3:160 in the Quran reader
اگر اللہ تمہاری مدد کرے تو تم پر کوئی غالب نہیں آسکتا اور اگر وہ تمہیں چھوڑ بیٹھے تو کون ایسا ہے جو اس کے بعد تمہاری مدد کرے۔ بس مومنوں کو چاہیے کہ اللہ ہی پر بھروسہ رکھیں۔
وَ مَا كَانَ لِنَبِیٍّ اَنْ یَّغُلَّ١ؕ وَ مَنْ یَّغْلُلْ یَاْتِ بِمَا غَلَّ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ١ۚ ثُمَّ تُوَفّٰى كُلُّ نَفْسٍ مَّا كَسَبَتْ وَ هُمْ لَا یُظْلَمُوْنَ Open ayah 3:161 in the Quran reader
اور (دیکھو، ) پیغمبر (کی شان) سے بعید ہے کہ وہ خیانت کرے۔ اور جو کوئی خیانت کرے گا تو وہ اپنی خیانت کی ہوئی چیز سمیت قیامت کے دن پیش ہوگا۔ پھر ہر شخص کو اس کے کیے کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا اور کسی پر کچھ ظلم نہ ہوگا۔
اَفَمَنِ اتَّبَعَ رِضْوَانَ اللّٰهِ كَمَنْۢ بَآءَ بِسَخَطٍ مِّنَ اللّٰهِ وَ مَاْوٰىهُ جَهَنَّمُ١ؕ وَ بِئْسَ الْمَصِیْرُ Open ayah 3:162 in the Quran reader
کیا جو شخص رضائے الٰہی کا تابع ہے وہ بھلا اس جیسا ہوسکتا ہے جو غضب الٰہی کا مستحق ہوگیا ہو اور اس کا ٹھکانا جہنم ہو جو بدترین ٹھکانا ہے ؟
هُمْ دَرَجٰتٌ عِنْدَ اللّٰهِ١ؕ وَ اللّٰهُ بَصِیْرٌۢ بِمَا یَعْمَلُوْنَ Open ayah 3:163 in the Quran reader
اللہ کے ہاں لوگوں کے (الگ الگ) درجے ہیں اور لوگ جو کچھ بھی کر رہے ہیں اللہ اس کو دیکھ رہا ہے۔
لَقَدْ مَنَّ اللّٰهُ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ اِذْ بَعَثَ فِیْهِمْ رَسُوْلًا مِّنْ اَنْفُسِهِمْ یَتْلُوْا عَلَیْهِمْ اٰیٰتِهٖ وَ یُزَكِّیْهِمْ وَ یُعَلِّمُهُمُ الْكِتٰبَ وَ الْحِكْمَةَ١ۚ وَ اِنْ كَانُوْا مِنْ قَبْلُ لَفِیْ ضَلٰلٍ مُّبِیْنٍ Open ayah 3:164 in the Quran reader
بلاشبہ اللہ نے تو اہل ایمان پر بڑا ہی احسان کیا کہ اس نے ایک رسول ان میں بھیجا جو انہی میں سے ہے۔ وہ ان کو اللہ کی آیتیں سناتا ہے، (ہر طرح کی برائیوں سے) انہیں پاک کرتا ہے اور انہیں کتاب و حکمت کی تعلیم دیتا ہے، ورنہ (اس کے آنے سے) پہلے یہی لوگ صریح گمراہی میں (مبتلا) تھے۔
اَوَ لَمَّاۤ اَصَابَتْكُمْ مُّصِیْبَةٌ قَدْ اَصَبْتُمْ مِّثْلَیْهَا١ۙ قُلْتُمْ اَنّٰى هٰذَا١ؕ قُلْ هُوَ مِنْ عِنْدِ اَنْفُسِكُمْ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ Open ayah 3:165 in the Quran reader
(مسلمانو، ) کیا جب تم پر مصیبت پڑی تو تم کہنے لگے کہ یہ کہاں سے آئی ؟ حالانکہ اس سے دوگنی مصیبت تم (اپنے دشمنوں پر) ڈال چکے ہو۔ (اے پیغمبر، ان لوگوں سے) کہو کہ یہ تمہارے اپنے (کیے) سے آئی۔ بیشک اللہ ہر چیز پر قادر ہے
وَ مَاۤ اَصَابَكُمْ یَوْمَ الْتَقَى الْجَمْعٰنِ فَبِاِذْنِ اللّٰهِ وَ لِیَعْلَمَ الْمُؤْمِنِیْنَۙ Open ayah 3:166 in the Quran reader
اور دو گروہوں کے مقابلے کے دن تم کو (شکست کی) جو مصیبت پہنچی اللہ ہی کے اذن سے تھی (اور اس لئے تھی) کہ اللہ مومنین کو ظاہر کردے۔
وَ لِیَعْلَمَ الَّذِیْنَ نَافَقُوْا١ۖۚ وَ قِیْلَ لَهُمْ تَعَالَوْا قَاتِلُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ اَوِ ادْفَعُوْا١ؕ قَالُوْا لَوْ نَعْلَمُ قِتَالًا لَّا اتَّبَعْنٰكُمْ١ؕ هُمْ لِلْكُفْرِ یَوْمَئِذٍ اَقْرَبُ مِنْهُمْ لِلْاِیْمَانِ١ۚ یَقُوْلُوْنَ بِاَفْوَاهِهِمْ مَّا لَیْسَ فِیْ قُلُوْبِهِمْ١ؕ وَ اللّٰهُ اَعْلَمُ بِمَا یَكْتُمُوْنَۚ Open ayah 3:167 in the Quran reader
اور ان لوگوں کو بھی ظاہر کردے جنہوں نے منافقت اختیار کی کہ (جب) ان سے کہا گیا کہ آؤ اللہ کی راہ میں (اور باہر نکل کے) جنگ کرو یا (شہر میں رہ کر) دفاع کرو تو کہنے لگے کہ اگر ہمیں معلوم ہوتا کہ لڑائی ہوگی تو ہم ضرور تمہارا ساتھ دیتے۔ (یقین کرو جس وقت انہوں نے یہ بات کہی) اس وقت وہ ایمان کی بہ نسبت کفر سے زیادہ قریب تھے۔ یہ لوگ اپنے منہ سے ایسی باتیں کہتے ہیں جو ان کے دلوں میں نہیں ہوتیں اور جو کچھ وہ (دلوں میں) چھپاتے ہیں اللہ اسے خوب جانتا ہے۔
اَلَّذِیْنَ قَالُوْا لِاِخْوَانِهِمْ وَ قَعَدُوْا لَوْ اَطَاعُوْنَا مَا قُتِلُوْا١ؕ قُلْ فَادْرَءُوْا عَنْ اَنْفُسِكُمُ الْمَوْتَ اِنْ كُنْتُمْ صٰدِقِیْنَ Open ayah 3:168 in the Quran reader
(یہی وہ لوگ ہیں) جو خود بیٹھے رہے اور اپنے (شہید) بھائی بندوں کی نسبت کہہ دیا کہ ہمارا کہا مانتے تو نہ مارے جاتے۔ (اے پیغمبر، ان لوگوں سے) کہو کہ اگر تم (اپنے اس قول میں) سچے ہو تو اپنے اوپر سے موت کو ٹال (کر دکھا) دینا۔
وَ لَا تَحْسَبَنَّ الَّذِیْنَ قُتِلُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ اَمْوَاتًا١ؕ بَلْ اَحْیَآءٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ یُرْزَقُوْنَۙ Open ayah 3:169 in the Quran reader
اور جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل ہوئے ہیں ان کو مرا ہوا خیال نہ کرو، (وہ مرے نہیں) بلکہ زندہ ہیں اور اپنے رب کے پاس رزق پا رہے ہیں۔
فَرِحِیْنَ بِمَاۤ اٰتٰىهُمُ اللّٰهُ مِنْ فَضْلِهٖ١ۙ وَ یَسْتَبْشِرُوْنَ بِالَّذِیْنَ لَمْ یَلْحَقُوْا بِهِمْ مِّنْ خَلْفِهِمْ١ۙ اَلَّا خَوْفٌ عَلَیْهِمْ وَ لَا هُمْ یَحْزَنُوْنَۘ Open ayah 3:170 in the Quran reader
ان (نعمتوں) سے مسرور ہیں جو اللہ نے انہیں اپنے فضل سے عطا کی ہیں اور جو لوگ ان کے پیچھے (دنیا میں) رہ گئے ہیں اور ابھی ان سے نہیں ملے ان کے باب میں بشارت حاصل کر رہے ہیں کہ ان پر (بھی) نہ تو کسی قسم کا خوف (طاری) ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے۔
یَسْتَبْشِرُوْنَ بِنِعْمَةٍ مِّنَ اللّٰهِ وَ فَضْلٍ١ۙ وَّ اَنَّ اللّٰهَ لَا یُضِیْعُ اَجْرَ الْمُؤْمِنِیْنَ٤ۚۛ۠ Open ayah 3:171 in the Quran reader
وہ بشارت حاصل کر رہے ہیں اللہ کی نعمت اور اس کے فضل کی اور اس بات کی کہ اللہ مومنوں کے اجر کو ضائع نہیں کرے گا۔
اَلَّذِیْنَ اسْتَجَابُوْا لِلّٰهِ وَ الرَّسُوْلِ مِنْۢ بَعْدِ مَاۤ اَصَابَهُمُ الْقَرْحُ١ۛؕ لِلَّذِیْنَ اَحْسَنُوْا مِنْهُمْ وَ اتَّقَوْا اَجْرٌ عَظِیْمٌۚ Open ayah 3:172 in the Quran reader
(ان مومنوں کے اجر کو) جنہوں نے چوٹ کھانے کے بعد بھی اللہ اور اس کے رسول کی پکار پر لبیک کہی ان میں سے جو نیکوکار اور متقی ہیں ان کے لئے اجر عظیم ہے
اَلَّذِیْنَ قَالَ لَهُمُ النَّاسُ اِنَّ النَّاسَ قَدْ جَمَعُوْا لَكُمْ فَاخْشَوْهُمْ فَزَادَهُمْ اِیْمَانًا١ۖۗ وَّ قَالُوْا حَسْبُنَا اللّٰهُ وَ نِعْمَ الْوَكِیْلُ Open ayah 3:173 in the Quran reader
(یہ) وہ لوگ ہیں جن سے کہنے والوں نے کہا کہ دشمن نے تمہارے خلاف بڑا سروسامان اکٹھا کیا ہے، پس ان سے ڈرو لیکن اس بات نے (ان کو خوفزدہ کرنے کے بجائے) ان کا ایمان اور بڑھا دیا اور انہوں نے جواب دیا کہ ہمارے لئے اللہ کافی ہے اور وہ بہترین کار ساز ہے۔
فَانْقَلَبُوْا بِنِعْمَةٍ مِّنَ اللّٰهِ وَ فَضْلٍ لَّمْ یَمْسَسْهُمْ سُوْٓءٌ١ۙ وَّ اتَّبَعُوْا رِضْوَانَ اللّٰهِ١ؕ وَ اللّٰهُ ذُوْ فَضْلٍ عَظِیْمٍ Open ayah 3:174 in the Quran reader
پھر (ایسا ہوا کہ یہ لوگ بےخوف ہو کر مقابلے کے لئے نکلے اور) اللہ کی نعمت اور فضل کے ساتھ واپس آئے اور کوئی گزند انہیں چھو نہ سکا اور (ساتھ ہی) رضائے الٰہی کے تابع رہے (جو مزید ایک شرف ہے) اور اللہ بڑا فضل والا ہے۔
اِنَّمَا ذٰلِكُمُ الشَّیْطٰنُ یُخَوِّفُ اَوْلِیَآءَهٗ١۪ فَلَا تَخَافُوْهُمْ وَ خَافُوْنِ اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ Open ayah 3:175 in the Quran reader
(اب تمہیں معلوم ہوگیا کہ) وہ دراصل شیطان تھا جو اپنے دوستوں سے تمہیں ڈرا رہا تھا۔ سو (آئندہ) تم ان سے ذرا بھی نہ ڈرنا اور ہم سے ڈرتے رہنا اگر تم (واقعی) مومن ہو۔
وَ لَا یَحْزُنْكَ الَّذِیْنَ یُسَارِعُوْنَ فِی الْكُفْرِ١ۚ اِنَّهُمْ لَنْ یَّضُرُّوا اللّٰهَ شَیْئًا١ؕ یُرِیْدُ اللّٰهُ اَلَّا یَجْعَلَ لَهُمْ حَظًّا فِی الْاٰخِرَةِ١ۚ وَ لَهُمْ عَذَابٌ عَظِیْمٌ Open ayah 3:176 in the Quran reader
اور (اے پیغمبر، ) جو لوگ کفر (کی راہ) میں تیزگام ہیں وہ تمہارے لئے باعث غم نہ بنیں۔ یہ لوگ اللہ کا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکتے۔ اللہ چاہتا ہے کہ (ثواب) آخرت میں (سے) ان کے لئے کوئی حصہ نہ رکھے اور (بالآخر) ان کے لئے بڑا عذاب ہے۔
اِنَّ الَّذِیْنَ اشْتَرَوُا الْكُفْرَ بِالْاِیْمَانِ لَنْ یَّضُرُّوا اللّٰهَ شَیْئًا١ۚ وَ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ Open ayah 3:177 in the Quran reader
جن لوگوں نے ایمان دے کر کفر مول لیا وہ اللہ کو کچھ بھی ضرر نہیں پہنچا سکیں گے اور ان کے لئے دردناک عذاب ہے۔
وَ لَا یَحْسَبَنَّ الَّذِیْنَ كَفَرُوْۤا اَنَّمَا نُمْلِیْ لَهُمْ خَیْرٌ لِّاَنْفُسِهِمْ١ؕ اِنَّمَا نُمْلِیْ لَهُمْ لِیَزْدَادُوْۤا اِثْمًا١ۚ وَ لَهُمْ عَذَابٌ مُّهِیْنٌ Open ayah 3:178 in the Quran reader
جن لوگوں نے کفر (کا راستہ اختیار) کیا ہے وہ اس خیال میں نہ رہیں کہ ہم جو ان کو ڈھیل دے رہے ہیں تو یہ ان کے حق میں بہتر ہے۔ ہم تو صرف اس لئے ان کو ڈھیل دے رہے ہیں کہ وہ اور گناہ سمیٹ لیں اور (آخرکار) ان کے لئے رسوا کن عذاب ہے۔
مَا كَانَ اللّٰهُ لِیَذَرَ الْمُؤْمِنِیْنَ عَلٰى مَاۤ اَنْتُمْ عَلَیْهِ حَتّٰى یَمِیْزَ الْخَبِیْثَ مِنَ الطَّیِّبِ١ؕ وَ مَا كَانَ اللّٰهُ لِیُطْلِعَكُمْ عَلَى الْغَیْبِ وَ لٰكِنَّ اللّٰهَ یَجْتَبِیْ مِنْ رُّسُلِهٖ مَنْ یَّشَآءُ١۪ فَاٰمِنُوْا بِاللّٰهِ وَ رُسُلِهٖ١ۚ وَ اِنْ تُؤْمِنُوْا وَ تَتَّقُوْا فَلَكُمْ اَجْرٌ عَظِیْمٌ Open ayah 3:179 in the Quran reader
ایسا نہیں ہوسکتا کہ اللہ مومنوں کو اس حالت میں چھوڑ رکھے جس میں تم لوگ ہو جب تک کہ وہ پاک (لوگوں) کو ناپاک (لوگوں) سے الگ نہ کردے اور اللہ کا یہ طریقہ نہیں کہ تم کو غیب کی باتیں بتادے۔ لیکن ہاں وہ اپنے رسولوں میں سے جس کو چاہتا ہے (اس بات کے لئے) چن لیتا ہے۔ پس (اے منافقو، ) اللہ اور اس کے رسول پر (سچے دل سے) ایمان لے آؤ اور اگر (اب بھی) تم ایمان لے آئے اور تقویٰ اختیار کیا تو تمہارے لئے بڑا اجر ہے۔
وَ لَا یَحْسَبَنَّ الَّذِیْنَ یَبْخَلُوْنَ بِمَاۤ اٰتٰىهُمُ اللّٰهُ مِنْ فَضْلِهٖ هُوَ خَیْرًا لَّهُمْ١ؕ بَلْ هُوَ شَرٌّ لَّهُمْ١ؕ سَیُطَوَّقُوْنَ مَا بَخِلُوْا بِهٖ یَوْمَ الْقِیٰمَةِ١ؕ وَ لِلّٰهِ مِیْرَاثُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ وَ اللّٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ خَبِیْرٌ۠ Open ayah 3:180 in the Quran reader
جن لوگوں کو اللہ نے اپنے فضل (و کرم) سے (مقدور) دیا ہے اور وہ (اللہ کی راہ میں) اس (کے خرچ کرنے) میں بخل کرتے ہیں وہ اس (بخل) کو اپنے حق میں بہتر نہ سمجھیں بلکہ وہ ان کے حق میں بدتر ہے۔ وہ جس (مال) کا بخل کرتے ہیں یقینا وہ قیامت کے دن ان کے گلے میں (عذاب کا) طوق بنا کر پہنا دیا جائے گا۔ اور (یاد رکھو، ) آسمان و زمین کا وارث (آخر کار) اللہ ہی ہے اور جو کچھ بھی تم کرتے ہو اللہ اس سے باخبر ہے۔
لَقَدْ سَمِعَ اللّٰهُ قَوْلَ الَّذِیْنَ قَالُوْۤا اِنَّ اللّٰهَ فَقِیْرٌ وَّ نَحْنُ اَغْنِیَآءُ١ۘ سَنَكْتُبُ مَا قَالُوْا وَ قَتْلَهُمُ الْاَنْۢبِیَآءَ بِغَیْرِ حَقٍّ١ۙ وَّ نَقُوْلُ ذُوْقُوْا عَذَابَ الْحَرِیْقِ Open ayah 3:181 in the Quran reader
بیشک اللہ نے ان لوگوں کا قول سن لیا ہے جو کہتے ہیں کہ اللہ محتاج ہے اور ہم مال دار ہیں۔ ہم ضرور ان کے کہے ہوئے کو لکھ رکھیں گے اور ان کے ناحق قتل انبیاء کو بھی اور (جب فیصلے کا وقت آئے گا اس وقت) ہم ان سے کہیں گے کہ (لو اب) جہنم کے عذاب کا مزا چکھو
ذٰلِكَ بِمَا قَدَّمَتْ اَیْدِیْكُمْ وَ اَنَّ اللّٰهَ لَیْسَ بِظَلَّامٍ لِّلْعَبِیْدِۚ Open ayah 3:182 in the Quran reader
یہ ان ہی اعمال کا بدلہ ہے جن کو تم نے پہلے سے اپنے ہاتھوں سے (زاد آخرت بنا کر) بھیجا ہے، ورنہ اللہ اپنے بندوں پر ذرا بھی ظلم کرنے والا نہیں ہے۔
اَلَّذِیْنَ قَالُوْۤا اِنَّ اللّٰهَ عَهِدَ اِلَیْنَاۤ اَلَّا نُؤْمِنَ لِرَسُوْلٍ حَتّٰى یَاْتِیَنَا بِقُرْبَانٍ تَاْكُلُهُ النَّارُ١ؕ قُلْ قَدْ جَآءَكُمْ رُسُلٌ مِّنْ قَبْلِیْ بِالْبَیِّنٰتِ وَ بِالَّذِیْ قُلْتُمْ فَلِمَ قَتَلْتُمُوْهُمْ اِنْ كُنْتُمْ صٰدِقِیْنَ Open ayah 3:183 in the Quran reader
جو لوگ کہتے ہیں کہ اللہ نے ہم سے عہد لیا ہے کہ ہم کسی رسول پر ایمان نہ لائیں جب تک وہ ہمارے سامنے ایسی قربانی پیش نہ کرے جسے آگ (آسمان سے آ کر) کھاجائے۔ (اے پیغمبر، ان لوگوں سے) کہو کہ مجھ سے پہلے (بہت سے) پیغمبر تمہارے پاس کھلی کھلی نشانیاں لائے تھے اور وہ نشانی بھی جس کے لئے تم کہہ رہے ہو، پھر اگر تم (اپنے قول میں) سچے ہو تو کیوں تم نے انہیں قتل کر ڈالا ؟
فَاِنْ كَذَّبُوْكَ فَقَدْ كُذِّبَ رُسُلٌ مِّنْ قَبْلِكَ جَآءُوْ بِالْبَیِّنٰتِ وَ الزُّبُرِ وَ الْكِتٰبِ الْمُنِیْرِ Open ayah 3:184 in the Quran reader
(اے پیغمبر، ) اس پر بھی اگر وہ تمہیں جھٹلائے چلے جائیں تو (یہ کوئی ایسی بات نہیں، ) تم سے پہلے بھی بہت سے پیغمبر جھٹلائے جا چکے ہیں جو کھلی کھلی نشانیاں اور صحیفے اور روشن کتابیں لائے تھے