3. Surah Aal-i-Imraan

آل عمرانThe Family of Imraan · 200 ayahsتفسیر الکتاب

Ayahs 3:112–116

ضُرِبَتْ عَلَیْهِمُ الذِّلَّةُ اَیْنَ مَا ثُقِفُوْۤا اِلَّا بِحَبْلٍ مِّنَ اللّٰهِ وَ حَبْلٍ مِّنَ النَّاسِ وَ بَآءُوْ بِغَضَبٍ مِّنَ اللّٰهِ وَ ضُرِبَتْ عَلَیْهِمُ الْمَسْكَنَةُ١ؕ ذٰلِكَ بِاَنَّهُمْ كَانُوْا یَكْفُرُوْنَ بِاٰیٰتِ اللّٰهِ وَ یَقْتُلُوْنَ الْاَنْۢبِیَآءَ بِغَیْرِ حَقٍّ١ؕ ذٰلِكَ بِمَا عَصَوْا وَّ كَانُوْا یَعْتَدُوْنَۗ Open ayah 3:112 in the Quran reader

ان لوگوں پر ذلت کی مار پڑی جہاں کہیں بھی یہ پائے گئے۔ الا ّیہ کہ اللہ کے عہد سے یا انسانوں کے عہد سے کہیں پناہ مل گئی ہو۔ یہ غضب الٰہی کے مستحق ہوگئے اور محتاجی ان پر مسلط کردی گئی۔ یہ اس لئے ہوا کہ یہ اللہ کی آیتوں سے انکار کرتے تھے اور پیغمبروں کو ناحق قتل کرتے تھے۔ یہ اس لئے (بھی) ہوا کہ انہوں نے نافرمانیاں کی تھیں اور حد سے بڑھ گئے تھے۔

لَیْسُوْا سَوَآءً١ؕ مِنْ اَهْلِ الْكِتٰبِ اُمَّةٌ قَآئِمَةٌ یَّتْلُوْنَ اٰیٰتِ اللّٰهِ اٰنَآءَ الَّیْلِ وَ هُمْ یَسْجُدُوْنَ Open ayah 3:113 in the Quran reader

(لیکن، یہ سب) یکساں نہیں ہیں۔ اہل کتاب میں سے کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو (راہ راست پر) قائم ہیں، راتوں کو اللہ کی آیات پڑھتے ہیں اور (اس کے حضور) سربسجود ہوتے ہیں۔

یُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِ وَ الْیَوْمِ الْاٰخِرِ وَ یَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَ یَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ وَ یُسَارِعُوْنَ فِی الْخَیْرٰتِ١ؕ وَ اُولٰٓئِكَ مِنَ الصّٰلِحِیْنَ Open ayah 3:114 in the Quran reader

اللہ اور روز آخرت پر ایمان رکھتے ہیں، بھلائی کا حکم دیتے ہیں اور برائی سے روکتے ہیں اور (خود بھی) بھلائی کے کاموں میں تیزگام ہیں۔ یہی لوگ نیکوکاروں میں سے ہیں۔

وَ مَا یَفْعَلُوْا مِنْ خَیْرٍ فَلَنْ یُّكْفَرُوْهُ١ؕ وَ اللّٰهُ عَلِیْمٌۢ بِالْمُتَّقِیْنَ Open ayah 3:115 in the Quran reader

اور جو نیکی بھی یہ کریں گے اس کی ہرگز ناقدری نہ کی جائے گی، اور اللہ پرہیزگاروں (کے حال) سے خوب واقف ہے۔

اِنَّ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا لَنْ تُغْنِیَ عَنْهُمْ اَمْوَالُهُمْ وَ لَاۤ اَوْلَادُهُمْ مِّنَ اللّٰهِ شَیْئًا١ؕ وَ اُولٰٓئِكَ اَصْحٰبُ النَّارِ١ۚ هُمْ فِیْهَا خٰلِدُوْنَ Open ayah 3:116 in the Quran reader

(لیکن) جن لوگوں نے کفر (کا راستہ اختیار) کیا ان کے مال اللہ کے مقابلے میں ذرا بھی کام نہ آئیں گے اور نہ اولاد ہی (کام دے گی) ۔ یہی لوگ دوزخی ہیں (اور) یہ ہمیشہ (ہمیشہ) دوزخ ہی میں رہیں گے۔

[40] یعنی یہود پر [41] یہود کی تاریخ اس پر گواہ ہے۔ [42] یعنی دنیا میں اگر تھوڑا بہت امن و چین نصیب ہوا بھی ہے تو وہ دوسروں کی حمایت و مہربانی کا نتیجہ ہے۔ کہیں کسی مسلم حکومت نے ان کو اللہ کے نام پر امان دے دی اور کہیں کسی غیر مسلم حکومت نے اپنے طور پر انہیں اپنی حمایت میں لے لیا۔ یہی حیثیت اس یہودی ریاست کی ہے جو اسرائیل کے نام سے امریکہ، برطانیہ اور روس کی حمایت سے وجود میں آئی اور ان کے بل بوتے پر اب تک قائم ہے۔ ان کی حمایت ہٹنے کے بعد وہ ایک دن کے لئے بھی قائم نہیں رہ سکتی۔
Ayahs 3:117–120

مَثَلُ مَا یُنْفِقُوْنَ فِیْ هٰذِهِ الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا كَمَثَلِ رِیْحٍ فِیْهَا صِرٌّ اَصَابَتْ حَرْثَ قَوْمٍ ظَلَمُوْۤا اَنْفُسَهُمْ فَاَهْلَكَتْهُ١ؕ وَ مَا ظَلَمَهُمُ اللّٰهُ وَ لٰكِنْ اَنْفُسَهُمْ یَظْلِمُوْنَ Open ayah 3:117 in the Quran reader

دنیا کی اس زندگی میں یہ لوگ جو کچھ بھی خرچ کرتے ہیں اس کی مثال اس ہوا کی سی ہے جس میں پالا ہو اور وہ ان لوگوں کے کھیت کو جا لگے جنہوں نے اپنی جانوں پر ظلم کیا پھر وہ اس (کھیت) کو برباد کردے۔ اور اللہ نے ان پر (کسی طرح کا) ظلم نہیں کیا بلکہ وہ خود اپنی جانوں پر ظلم کر رہے ہیں۔

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَتَّخِذُوْا بِطَانَةً مِّنْ دُوْنِكُمْ لَا یَاْلُوْنَكُمْ خَبَالًا١ؕ وَدُّوْا مَا عَنِتُّمْ١ۚ قَدْ بَدَتِ الْبَغْضَآءُ مِنْ اَفْوَاهِهِمْ١ۖۚ وَ مَا تُخْفِیْ صُدُوْرُهُمْ اَكْبَرُ١ؕ قَدْ بَیَّنَّا لَكُمُ الْاٰیٰتِ اِنْ كُنْتُمْ تَعْقِلُوْنَ Open ayah 3:118 in the Quran reader

اے لوگو جو ایمان لائے ہو، اپنے لوگوں کے سوا (دوسروں کو) اپنا راز دار نہ بناؤ۔ وہ تمہاری خرابی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتے۔ وہ چاہتے ہیں کہ تم کو تکلیف پہنچے۔ ان کی دشمنی ان کی باتوں سے ظاہر ہے اور جو کچھ ان کے دل چھپائے ہوئے ہیں وہ (اس سے بھی) بڑھ کر ہے۔ اگر تم سوجھ بوجھ رکھتے ہو تو ہم نے تمہارے لئے نشانیاں کھول کر ظاہر کردی ہیں (تاکہ تم احتیاط برتو)

هٰۤاَنْتُمْ اُولَآءِ تُحِبُّوْنَهُمْ وَ لَا یُحِبُّوْنَكُمْ وَ تُؤْمِنُوْنَ بِالْكِتٰبِ كُلِّهٖ١ۚ وَ اِذَا لَقُوْكُمْ قَالُوْۤا اٰمَنَّا١ۖۗۚ وَ اِذَا خَلَوْا عَضُّوْا عَلَیْكُمُ الْاَنَامِلَ مِنَ الْغَیْظِ١ؕ قُلْ مُوْتُوْا بِغَیْظِكُمْ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ عَلِیْمٌۢ بِذَاتِ الصُّدُوْرِ Open ayah 3:119 in the Quran reader

تم تو ایسے ہو کہ ان لوگوں کو دوست رکھتے ہو لیکن وہ تم سے دوستی نہیں رکھتے حالانکہ تم تمام کتب (آسمانی) پر ایمان رکھتے ہو۔ وہ جب تم سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم بھی ایمان لے آئے ہیں مگر جب اکیلے ہوتے ہیں تو (جوش) غضب میں تمہارے خلاف انگلیاں چبانے لگتے ہیں۔ (اے پیغمبر، ان لوگوں سے) کہو کہ اپنے غصے میں (جل) مرو، جو (بغض) تمہارے دلوں میں ہے اللہ اس سے خوب واقف ہے۔

اِنْ تَمْسَسْكُمْ حَسَنَةٌ تَسُؤْهُمْ١٘ وَ اِنْ تُصِبْكُمْ سَیِّئَةٌ یَّفْرَحُوْا بِهَا١ؕ وَ اِنْ تَصْبِرُوْا وَ تَتَّقُوْا لَا یَضُرُّكُمْ كَیْدُهُمْ شَیْئًا١ؕ اِنَّ اللّٰهَ بِمَا یَعْمَلُوْنَ مُحِیْطٌ۠ Open ayah 3:120 in the Quran reader

تمہارا بھلا ہوتا ہے تو ان کو برا معلوم ہوتا ہے اور اگر تم پر مصیبت آتی ہے تو اس سے وہ خوش ہوتے ہیں اور اگر تم صبر وتقویٰ اختیار کئے رہو تو ان کی چالیں تمہارا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکیں گی (کیونکہ) جو کچھ بھی یہ کر رہے ہیں (اس کا دفعیہ) اللہ کے احاطہ (قدرت) میں ہے۔

[43] یہ ان اہل کتاب کا ذکر ہے جو اوپر والے گروہ کے برعکس اپنے کفر پر اڑے رہ گئے۔ یہ لوگ اپنی رسمی دین داری کی نمائش کے لئے جو کچھ بھی خرچ کرتے ہیں ان کے اس خرچ کی تمثیل اس کھیتی کی سی ہے جس پر پالے والی ہوا چل جائے اور وہ اس کو برباد کر کے رکھ دے۔ مطلب یہ ہے کہ کفر و شرک کے ساتھ جو کام نیکی اور دین داری کی نوعیت کے کئے جاتے ہیں وہ سب اکارت جاتے ہیں۔
Ayahs 3:121–123

وَ اِذْ غَدَوْتَ مِنْ اَهْلِكَ تُبَوِّئُ الْمُؤْمِنِیْنَ مَقَاعِدَ لِلْقِتَالِ١ؕ وَ اللّٰهُ سَمِیْعٌ عَلِیْمٌۙ Open ayah 3:121 in the Quran reader

اور (اے پیغمبر، ) وہ وقت یاد کرو جب تم صبح سویرے اپنے گھر سے نکلے تھے اور جنگ کے لئے مسلمانوں کو جا بجا مورچوں پر بٹھا رہے تھے اور اللہ (سب کچھ) سننے والا (اور) جاننے والا ہے۔

اِذْ هَمَّتْ طَّآئِفَتٰنِ مِنْكُمْ اَنْ تَفْشَلَا١ۙ وَ اللّٰهُ وَلِیُّهُمَا١ؕ وَ عَلَى اللّٰهِ فَلْیَتَوَكَّلِ الْمُؤْمِنُوْنَ Open ayah 3:122 in the Quran reader

(یہ اسی وقت کا واقعہ ہے) جب کہ تم میں سے دو گروہ بزدلی دکھانے پر آمادہ ہوگئے تھے حالانکہ اللہ ان کی مدد پر تھا اور ایمان رکھنے والوں کو تو چاہئے کہ (ہر حال میں) اللہ پر بھروسہ رکھیں۔

وَ لَقَدْ نَصَرَكُمُ اللّٰهُ بِبَدْرٍ وَّ اَنْتُمْ اَذِلَّةٌ١ۚ فَاتَّقُوا اللّٰهَ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُوْنَ Open ayah 3:123 in the Quran reader

(آخر اس سے پہلے) بدر (کی لڑائی) میں اللہ تمہاری مدد کر ہی چکا تھا حالانکہ تم بڑی گری ہوئی حالت میں تھے۔ پس اللہ سے ڈرو تاکہ تم شکرگزار بن جاؤ۔

[44] یہ ذکر جنگ احد کا ہے جو 3 ھ میں مدینہ منورہ سے تین میل دور احد نامی پہاڑی کے پاس مسلمانوں اور مشرکین کے درمیان لڑی گئی۔ کفار کی تعداد تین ہزار تھی جبکہ لشکر اسلام کی جمعیت صرف سات سو تھی۔
Ayahs 3:124–128

اِذْ تَقُوْلُ لِلْمُؤْمِنِیْنَ اَلَنْ یَّكْفِیَكُمْ اَنْ یُّمِدَّكُمْ رَبُّكُمْ بِثَلٰثَةِ اٰلٰفٍ مِّنَ الْمَلٰٓئِكَةِ مُنْزَلِیْنَؕ Open ayah 3:124 in the Quran reader

(اے پیغمبر، وہ واقعہ بھی یاد کرو) جب تم مسلمانوں سے کہہ رہے تھے، '' کیا تمہارے لئے یہ کافی نہیں کہ تمہارا رب تین ہزار فرشتے اتار کر تمہاری مدد کرے ؟ ''

بَلٰۤى١ۙ اِنْ تَصْبِرُوْا وَ تَتَّقُوْا وَ یَاْتُوْكُمْ مِّنْ فَوْرِهِمْ هٰذَا یُمْدِدْكُمْ رَبُّكُمْ بِخَمْسَةِ اٰلٰفٍ مِّنَ الْمَلٰٓئِكَةِ مُسَوِّمِیْنَ Open ayah 3:125 in the Quran reader

ہاں کیوں نہیں، اگر تم صبر وتقویٰ اختیار کرو تو جس دم (دشمن) تم پر چڑھ آئیں اسی دم تمہارا رب پانچ ہزار نشان کئے ہوئے فرشتوں سے تمہاری مدد کرے گا۔

وَ مَا جَعَلَهُ اللّٰهُ اِلَّا بُشْرٰى لَكُمْ وَ لِتَطْمَئِنَّ قُلُوْبُكُمْ بِهٖ١ؕ وَ مَا النَّصْرُ اِلَّا مِنْ عِنْدِ اللّٰهِ الْعَزِیْزِ الْحَكِیْمِۙ Open ayah 3:126 in the Quran reader

یہ بات تو اللہ نے اس لئے کہی کہ تم خوش ہوجاؤ اور تمہارے دل اس سے مطمئن ہوجائیں ورنہ نصرت تو بس اللہ زبردست (اور) حکمت والے ہی کی طرف سے ہے۔

لِیَقْطَعَ طَرَفًا مِّنَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْۤا اَوْ یَكْبِتَهُمْ فَیَنْقَلِبُوْا خَآئِبِیْنَ Open ayah 3:127 in the Quran reader

(اور یہ مدد بھی اس لئے کی) کہ کفار (کی جمعیت) کا ایک حصہ بیکار کردے یا انہیں ذلیل و خوار کردے کہ نامراد ہو کر واپس چلے جائیں۔

لَیْسَ لَكَ مِنَ الْاَمْرِ شَیْءٌ اَوْ یَتُوْبَ عَلَیْهِمْ اَوْ یُعَذِّبَهُمْ فَاِنَّهُمْ ظٰلِمُوْنَ Open ayah 3:128 in the Quran reader

(اے پیغمبر، ) اس معاملے میں تمہیں کچھ بھی اختیار نہیں۔ (یہ اللہ کے ہاتھ میں ہے کہ) چاہے ان کو معاف کرے چاہے سزا دے کیونکہ وہ ظالم ہیں

[45] یہ الفاظ نبی ﷺ نے اس وقت کہے تھے جب میدان جنگ کو جاتے ہوئے رئیس المنافقین عبداللہ بن ابی اپنے تین سو آدمیوں کے ساتھ لشکر اسلامی سے الگ ہوگیا اور مسلمانوں کی تعداد گھٹ کر سات سو رہ گئی۔
Ayah 3:129

وَ لِلّٰهِ مَا فِی السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِی الْاَرْضِ١ؕ یَغْفِرُ لِمَنْ یَّشَآءُ وَ یُعَذِّبُ مَنْ یَّشَآءُ١ؕ وَ اللّٰهُ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ۠ Open ayah 3:129 in the Quran reader

اور جو کچھ آسمانوں میں ہے اور جو کچھ زمین میں ہے سب اللہ ہی کا ہے۔ وہ جس کو چاہے بخش دے اور جس کو چاہے سزا دے اور اللہ بخشنے والا (اور) ہمیشہ رحم کرنے والا ہے

[46] جنگ احد میں رسول اکرم ﷺ زخمی ہوگئے تو آپ نے فرمایا کہ وہ قوم کیسے فلاح پاسکتی ہے جو اپنے نبی کو زخمی کرے حالانکہ نبی اس کو اللہ کی طرف بلا رہا ہے۔ اس پر یہ آیات نازل ہوئیں۔
Ayahs 3:130–139

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَاْكُلُوا الرِّبٰۤوا اَضْعَافًا مُّضٰعَفَةً١۪ وَّ اتَّقُوا اللّٰهَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَۚ Open ayah 3:130 in the Quran reader

اے لوگو جو ایمان لائے ہو، یہ بڑھتا اور چڑھتا سود کھانا چھوڑ دو اور اللہ سے ڈرتے رہو تاکہ تم فلاح پا جاؤ۔

وَ اتَّقُوا النَّارَ الَّتِیْۤ اُعِدَّتْ لِلْكٰفِرِیْنَۚ Open ayah 3:131 in the Quran reader

اور اس آگ سے بچو جو کافروں کے لئے تیار کی گئی ہے۔

وَ اَطِیْعُوا اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَ لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُوْنَۚ Open ayah 3:132 in the Quran reader

اور اللہ اور رسول کی اطاعت کرو تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔

وَ سَارِعُوْۤا اِلٰى مَغْفِرَةٍ مِّنْ رَّبِّكُمْ وَ جَنَّةٍ عَرْضُهَا السَّمٰوٰتُ وَ الْاَرْضُ١ۙ اُعِدَّتْ لِلْمُتَّقِیْنَۙ Open ayah 3:133 in the Quran reader

اور لپکو اپنے رب کی مغفرت کی طرف اور اس جنت کی طرف جس کا پھیلاؤ زمین و آسمان جتنا ہے (اور) جو پرہیزگاروں کے لئے تیار کی گئی ہے

الَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ فِی السَّرَّآءِ وَ الضَّرَّآءِ وَ الْكٰظِمِیْنَ الْغَیْظَ وَ الْعَافِیْنَ عَنِ النَّاسِ١ؕ وَ اللّٰهُ یُحِبُّ الْمُحْسِنِیْنَۚ Open ayah 3:134 in the Quran reader

یہ وہ لوگ ہیں جو خوش حالی اور تنگ دستی (دونوں حالتوں) میں (اللہ کی راہ میں) خرچ کرتے ہیں اور غصہ کو پی جاتے ہیں اور لوگوں (کے قصوروں) سے درگزر کرتے ہیں۔ (یہی لوگ نیکوکار ہیں) اور اللہ نیکوکاروں کو دوست رکھتا ہے

وَ الَّذِیْنَ اِذَا فَعَلُوْا فَاحِشَةً اَوْ ظَلَمُوْۤا اَنْفُسَهُمْ ذَكَرُوا اللّٰهَ فَاسْتَغْفَرُوْا لِذُنُوْبِهِمْ١۪ وَ مَنْ یَّغْفِرُ الذُّنُوْبَ اِلَّا اللّٰهُ١۪۫ وَ لَمْ یُصِرُّوْا عَلٰى مَا فَعَلُوْا وَ هُمْ یَعْلَمُوْنَ Open ayah 3:135 in the Quran reader

اور یہ وہ لوگ ہیں کہ جب کوئی فحش کام کر بیٹھتے ہیں یا اپنے ہی حق میں کوئی ظلم کر ڈالتے ہیں تو اللہ کو یاد کر کے اپنے گناہوں کی مغفرت طلب کرنے لگتے ہیں، اور اللہ کے سوا کون ہے جو گناہوں کا بخشنے والا ہو، اور (یہ لوگ) دیدہ و دانستہ اپنے کیے پر اصرار نہیں کرتے۔

اُولٰٓئِكَ جَزَآؤُهُمْ مَّغْفِرَةٌ مِّنْ رَّبِّهِمْ وَ جَنّٰتٌ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ خٰلِدِیْنَ فِیْهَا١ؕ وَ نِعْمَ اَجْرُ الْعٰمِلِیْنَؕ Open ayah 3:136 in the Quran reader

یہی لوگ ہیں کہ ان کے رب کی طرف سے ان کے لئے بخشش کا اجر ہے اور (بہشت کے) باغ ہیں جن کے نیچے نہریں بہہ رہی ہوں گی اور وہ ہمیشہ (ہمیشہ) ان میں رہیں گے۔ اور (کیا ہی) اچھا اجر ہے (نیک) کام کرنے والوں کے لئے !

قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِكُمْ سُنَنٌ١ۙ فَسِیْرُوْا فِی الْاَرْضِ فَانْظُرُوْا كَیْفَ كَانَ عَاقِبَةُ الْمُكَذِّبِیْنَ Open ayah 3:137 in the Quran reader

(مسلمانو، ) تم سے پہلے بہت سے دور گزر چکے ہیں، تو زمین میں چل پھر کر دیکھ لو کہ جن لوگوں نے (اپنے وقت کے پیغمبروں کو) جھٹلایا ان کا کیسا (برا) انجام ہوا۔

هٰذَا بَیَانٌ لِّلنَّاسِ وَ هُدًى وَّ مَوْعِظَةٌ لِّلْمُتَّقِیْنَ Open ayah 3:138 in the Quran reader

یہ (جو کچھ ہم نے فرمایا) لوگوں (کی فہم و بصیرت) کے لئے بیان (کیا گیا) ہے اور ان لوگوں کے لئے جو (اللہ سے) ڈرتے ہیں، ہدایت اور نصیحت ہے۔

وَ لَا تَهِنُوْا وَ لَا تَحْزَنُوْا وَ اَنْتُمُ الْاَعْلَوْنَ اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ Open ayah 3:139 in the Quran reader

اور (دیکھو، ) نہ تو ہمت ہارو اور نہ غمگین ہو۔ تم ہی غالب رہوگے اگر تم مومن ہو

[47] جنگ احد کی شکست کا بڑا سبب یہ تھا کہ مسلمان عین کامیابی کے موقع پر مال کی طمع سے مغلوب ہوگئے اور اپنے کام کو تکمیل تک پہنچانے کے بجائے غنیمت لوٹنے میں لگ گئے اس لئے حکیم مطلق نے اس حالت کی اصلاح کے لئے زر پرستی کے سرچشمے پر بند باندھنا ضروری سمجھا اور حکم دیا کہ سود خوری سے باز آؤ جس میں آدمی رات دن اپنے نفع کے بڑھنے اور چڑھنے کا حساب لگاتا رہتا ہے اور جس کی وجہ سے اس کے اندر حرص بیحد بڑھتی چلی جاتی ہے۔ سود خوری کی وجہ سے دو قسم کے اخلاقی امراض پیدا ہوتے ہیں۔ سود لینے والوں میں حرص و طمع، بخل اور خود غرضی اور سود دینے والوں میں سود خوروں کیخلاف نفرت و غصہ اور بغض۔ احد کی شکست میں ان دونوں قسم کی بیماریوں کا کچھ نہ کچھ حصہ شامل تھا۔
Ayahs 3:140–141

اِنْ یَّمْسَسْكُمْ قَرْحٌ فَقَدْ مَسَّ الْقَوْمَ قَرْحٌ مِّثْلُهٗ١ؕ وَ تِلْكَ الْاَیَّامُ نُدَاوِلُهَا بَیْنَ النَّاسِ١ۚ وَ لِیَعْلَمَ اللّٰهُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ یَتَّخِذَ مِنْكُمْ شُهَدَآءَ١ؕ وَ اللّٰهُ لَا یُحِبُّ الظّٰلِمِیْنَۙ Open ayah 3:140 in the Quran reader

اگر تمہیں چرکا لگا ہے تو ان لوگوں کو بھی ایسا ہی چرکا لگ چکا ہے اور یہ تو اتفاقات زمانہ ہیں جو ہمارے حکم سے باری باری لوگوں کو پیش آتے رہتے ہیں۔ اور (علاوہ بریں تم پر یہ وقت اس لئے لایا گیا) تاکہ اللہ سچے مومنوں کو جان لے اور تم میں سے بعض کو شہادت کا درجہ عطا فرمائے ورنہ اللہ تو (کسی طرح بھی) ظالموں کا روادار نہیں۔

وَ لِیُمَحِّصَ اللّٰهُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ یَمْحَقَ الْكٰفِرِیْنَ Open ayah 3:141 in the Quran reader

(نیز یہ مصلحت بھی تھی) کہ اللہ مومنوں کو (تمام کمزوریوں اور لغزشوں سے) پاک کردے اور کافروں کو نیست و نابود کردے۔

[84] اشارہ ہے جنگ احد کی طرف [94] اشارہ ہے جنگ بدر کی طرف جس میں کفار کو شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ [05] یعنی فتح و شکست چلتی پھرتی چھاؤں ہے کبھی کسی پر کبھی کسی پر۔ بس یہ کوئی ایسی بات نہیں جس کی وجہ سے تم ہمت ہار بیٹھو۔
Ayahs 3:142–143

اَمْ حَسِبْتُمْ اَنْ تَدْخُلُوا الْجَنَّةَ وَ لَمَّا یَعْلَمِ اللّٰهُ الَّذِیْنَ جٰهَدُوْا مِنْكُمْ وَ یَعْلَمَ الصّٰبِرِیْنَ Open ayah 3:142 in the Quran reader

(مسلمانو، ) کیا تم نے سمجھ رکھا ہے کہ (محض ایمان کا دعویٰ کرکے) جنت میں جا داخل ہوگے حالانکہ ابھی اللہ نے تو ان لوگوں کو دیکھا ہی نہیں جو جہاد کرنے والے ہیں اور جو (مصیبت میں) صبر کرنے والے ہیں۔

وَ لَقَدْ كُنْتُمْ تَمَنَّوْنَ الْمَوْتَ مِنْ قَبْلِ اَنْ تَلْقَوْهُ١۪ فَقَدْ رَاَیْتُمُوْهُ وَ اَنْتُمْ تَنْظُرُوْنَ۠ Open ayah 3:143 in the Quran reader

اور تم تو موت کے سامنے آنے سے پہلے (راہ حق میں) مرنے کی تمنا کر رہے تھے سو (وہ اب تمہارے سامنے آگئی اور) تم نے اس کو (کھلی آنکھوں) دیکھ لیا۔

[51] اللہ کے علم میں تو سب کچھ ہے لیکن جنت کا مستحق قرار پانا اعمال کے بعد ہی ثابت ہوسکتا ہے۔
Ayahs 3:144–151

وَ مَا مُحَمَّدٌ اِلَّا رَسُوْلٌ١ۚ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِهِ الرُّسُلُ١ؕ اَفَاۡئِنْ مَّاتَ اَوْ قُتِلَ انْقَلَبْتُمْ عَلٰۤى اَعْقَابِكُمْ١ؕ وَ مَنْ یَّنْقَلِبْ عَلٰى عَقِبَیْهِ فَلَنْ یَّضُرَّ اللّٰهَ شَیْئًا١ؕ وَ سَیَجْزِی اللّٰهُ الشّٰكِرِیْن Open ayah 3:144 in the Quran reader

اور محمد ﷺ اس کے سوا کیا ہیں کہ ایک رسول ہیں اور ان سے پہلے بھی رسول گزر چکے ہیں، پھر اگر وہ وفات پاجائیں یا قتل ہوجائیں تو کیا تم الٹے پاؤں (راہ حق سے) پھر جاؤ گے ؟ اور (یاد رکھو) جو الٹا پھرے گا وہ اللہ کا کچھ بھی نقصان نہ کرے گا۔ البتہ جو لوگ اللہ کے شکرگزار ہیں تو وہ ضرور ان کو (اس کا) اجر دے گا۔

وَ مَا كَانَ لِنَفْسٍ اَنْ تَمُوْتَ اِلَّا بِاِذْنِ اللّٰهِ كِتٰبًا مُّؤَجَّلًا١ؕ وَ مَنْ یُّرِدْ ثَوَابَ الدُّنْیَا نُؤْتِهٖ مِنْهَا١ۚ وَ مَنْ یُّرِدْ ثَوَابَ الْاٰخِرَةِ نُؤْتِهٖ مِنْهَا١ؕ وَ سَنَجْزِی الشّٰكِرِیْنَ Open ayah 3:145 in the Quran reader

اور (یاد رکھو، ) اللہ کے اذن کے بغیر کوئی جان مر نہیں سکتی۔ (ہر ایک کی موت کا) وقت مقرر لکھا ہوا ہے اور جو شخص دنیا میں (اپنے کیے کا) بدلہ چاہتا ہے ہم اس کو دنیا ہی میں دیں گے اور جو آخرت میں بدلہ چاہتا ہے تو اسے آخرت میں دیں گے اور ہم شکر کرنے والوں کو ضرور اجر دیں گے۔

وَ كَاَیِّنْ مِّنْ نَّبِیٍّ قٰتَلَ١ۙ مَعَهٗ رِبِّیُّوْنَ كَثِیْرٌ١ۚ فَمَا وَ هَنُوْا لِمَاۤ اَصَابَهُمْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ وَ مَا ضَعُفُوْا وَ مَا اسْتَكَانُوْا١ؕ وَ اللّٰهُ یُحِبُّ الصّٰبِرِیْنَ Open ayah 3:146 in the Quran reader

اور (دیکھو، ) کتنے ہی پیغمبر ہو گزرے ہیں جن کے ساتھ ہو کر بہت سے اللہ والوں نے (راہ حق میں) جنگ کی، تو جو مصیبت ان کو اللہ کی راہ میں پہنچی اس کی وجہ سے نہ تو انہوں نے ہمت ہاری نہ کمزوری دکھائی اور نہ (باطل کے آگے) سرنگوں ہوئے اور اللہ (مصیبت میں) صبر کرنے والوں کو دوست رکھتا ہے۔

وَ مَا كَانَ قَوْلَهُمْ اِلَّاۤ اَنْ قَالُوْا رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا ذُنُوْبَنَا وَ اِسْرَافَنَا فِیْۤ اَمْرِنَا وَ ثَبِّتْ اَقْدَامَنَا وَ انْصُرْنَا عَلَى الْقَوْمِ الْكٰفِرِیْنَ Open ayah 3:147 in the Quran reader

اور ان کی دعا تو بس یہ تھی کہ اے ہمارے رب، ہمارے گناہ بخش دے اور ہمارے کاموں میں (جو) زیادتیاں ہم سے ہوگئی ہیں ان سے درگزر فرما اور ہم کو ثابت قدم رکھ اور کافروں کے مقابلے میں ہماری مدد کر

فَاٰتٰىهُمُ اللّٰهُ ثَوَابَ الدُّنْیَا وَ حُسْنَ ثَوَابِ الْاٰخِرَةِ١ؕ وَ اللّٰهُ یُحِبُّ الْمُحْسِنِیْنَ۠ Open ayah 3:148 in the Quran reader

تو اللہ نے ان کو دنیا میں بدلہ دیا اور آخرت میں بھی بہتر بدلہ دیا اور اللہ نیکوکاروں کو دوست رکھتا ہے۔

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِنْ تُطِیْعُوا الَّذِیْنَ كَفَرُوْا یَرُدُّوْكُمْ عَلٰۤى اَعْقَابِكُمْ فَتَنْقَلِبُوْا خٰسِرِیْنَ Open ayah 3:149 in the Quran reader

اے لوگو جو ایمان لائے ہو، اگر تم کافروں کا کہنا مانوگے تو وہ تمہیں (راہ حق سے) الٹے پاؤں پھرا دیں گے، پھر تم ہی الٹے گھاٹے میں آجاؤ گے

بَلِ اللّٰهُ مَوْلٰىكُمْ١ۚ وَ هُوَ خَیْرُ النّٰصِرِیْنَ Open ayah 3:150 in the Quran reader

(کافر تمہارے خیرخواہ نہیں) بلکہ تمہارا خیرخواہ تو اللہ ہے اور وہ بہترین مدد کرنے والا ہے۔

سَنُلْقِیْ فِیْ قُلُوْبِ الَّذِیْنَ كَفَرُوا الرُّعْبَ بِمَاۤ اَشْرَكُوْا بِاللّٰهِ مَا لَمْ یُنَزِّلْ بِهٖ سُلْطٰنًا١ۚ وَ مَاْوٰىهُمُ النَّارُ١ؕ وَ بِئْسَ مَثْوَى الظّٰلِمِیْنَ Open ayah 3:151 in the Quran reader

وہ وقت دور نہیں کہ ہم تمہارا رعب کافروں کے دلوں میں بٹھا دیں گے کیونکہ انہوں نے ان (ہستیوں) کو اللہ کا شریک بنایا ہے جن (کے شریک ہونے) کی کوئی سند بھی اللہ نے نازل نہیں کی۔ ان لوگوں کا (بالآخر) ٹھکانا دوزخ ہے اور وہ ظالموں کا (کیا ہی) برا ٹھکانا ہے !

[52] جنگ احد میں جب رسول اکرم ﷺ زخمی ہوگئے تو کسی مخالف نے یہ افواہ اڑا دی کہ نعوذ باللہ آپ مارے گئے۔ یہ سن کر بہت سے مسلمانوں کے دل بیٹھ گئے۔ بعضوں نے کہا کہ جب پیغمبر نہ رہے تو اب لڑنے سے کیا فائدہ۔ جو منافق تھے انہوں نے علانیہ کہنا شروع کردیا کہ یہ اگر نبی ہوتے تو ممکن نہ تھا کہ جنگ میں مارے جاتے۔ یہاں اسی واقعہ کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔