25. Surah Al-Furqaan

الفرقانThe Criterion · 77 ayahsتدبرِ قرآن

Ayah 25:77

قُلْ مَا یَعْبَؤُا بِكُمْ رَبِّیْ لَوْ لَا دُعَآؤُكُمْ١ۚ فَقَدْ كَذَّبْتُمْ فَسَوْفَ یَكُوْنُ لِزَامًا۠ Open ayah 25:77 in the Quran reader

کہہ دو کہ میرے رب کو تمہاری کیا پرواہ ہے اگر تمہیں دعوت دینا مدنظر نہ ہوتا ! سو تم نے اس کی تکذیب کردی تو وہ چیز عنقریب لازم ہو کر رہے گی

یہ آخر میں مخالفین کو دھمکی ہے۔ آنحضرت ﷺ کو ہدایت فرمائی گئی ہے کہ ان لوگوں کو آگاہ کردو کہ میں جو تمہارے پیچھے اس طرح پڑا ہوا ہوں تو اس وج ہ سے نہیں کہ تمہارے بغیر خدا کا کوئی کام بند ہے یا بند ہوجائے گا۔ میرے رب کو تمہاری یا کسی کی کیا پروا ہو سکتی ہے ! مقصود صرف تمہیں حق کی دعوت دینا ہے اور اس میں فائدہ سرتاسر تمہارا ہی ہے نہ کہ میرا اور میرے رب کا۔ اب اگر تم نے اس دعوت کو جھٹلا دیا ہے تو اس کا جو انجام ہے اس کے لئے تیار رہو، وہ لازمی ہے۔ عنقریب اس سے سابقہ پیش آ کے رہے گا۔ یہاں اس سنت الٰہی کو یاد رکھیے جو رسولوں کی تکذیب کرنے والوں کے لئے اللہ تعالیٰ نے مقرر کر رکھی ہے۔ بتوفیق ایزدی ان سطور پر اس سورة کی تفسیر تمام ہوئی۔