82. Surah Al-Infitaar

الإنفطارThe Cleaving · 19 ayahsتفسیرِ سعدی

Ayahs 82:1–5

اِذَا السَّمَآءُ انْفَطَرَتْۙ Open ayah 82:1 in the Quran reader

جب آسمان پھٹ جائے گا

وَ اِذَا الْكَوَاكِبُ انْتَثَرَتْۙ Open ayah 82:2 in the Quran reader

اور جب تارے جھڑ پڑیں گے

وَ اِذَا الْبِحَارُ فُجِّرَتْۙ Open ayah 82:3 in the Quran reader

اور جب دریا بہہ (کر ایک دوسرے سے مل) جائیں گے

وَ اِذَا الْقُبُوْرُ بُعْثِرَتْۙ Open ayah 82:4 in the Quran reader

اور جب قبریں اکھیڑ دی جائیں گی

عَلِمَتْ نَفْسٌ مَّا قَدَّمَتْ وَ اَخَّرَتْؕ Open ayah 82:5 in the Quran reader

تب ہر شخص معلوم کرلے گا کہ اس نے آگے کیا بھیجا تھا اور پیچھے کیا چھوڑا تھا

یعنی جب آسمان پھٹ کر پراگندہ ہوجائے گا۔ ستارے بکھر جائیں گے اور ان کا حسن و جمال زائل ہوجائے گا جب سمندر بہ کر ایک دوسرے سے مل جائیں گے اور ایک ہی سمندر بن جائیں گے قبریں شق کرکے اکھاڑ دی جائیں گی اور ان میں سے مردے نکال لیے جائیں گے اور ان اعمال کی جزا وسزا کی خاطر اللہ تعالیٰ کے حضور کھڑا کرنے کے لیے جمع کیا جائے گا پس اس وقت پر دہہٹ جائے گا اور وہ سب کچھ زائل ہوجائے گا جو چھپا ہوا تھا اور ہر نفس جان لے گا کہ اس کے پاس کیا نفع اور خسران ہے اس وقت جب ظالم دیکھے گا کہ اس کے ہاتھوں نے کیا کمائی آگے بھیجی ہے اور شقاوت ابدی اور عذاب سرمدی کا یقین ہوجائے گا تو وہ حسرت اور پیشمانی سے اپنے ہاتھوں پر کاٹے گا اس وقت متقین جنہوں نے صالح اعمال آگے بھیجے ہوں گے عظیم کامیابی، دائمی نعمتوں اور جہنم کے عذاب سے سلامتی سے بہرہ مند ہوں گے۔
Ayahs 82:6–7

یٰۤاَیُّهَا الْاِنْسَانُ مَا غَرَّكَ بِرَبِّكَ الْكَرِیْمِۙ Open ayah 82:6 in the Quran reader

اے انسان ! تجھ کو اپنے پروردگار کرم گستر کے بارے میں کس چیز نے دھوکا دیا ؟

الَّذِیْ خَلَقَكَ فَسَوّٰىكَ فَعَدَلَكَۙ Open ayah 82:7 in the Quran reader

(وہی تو ہے) جس نے تجھے بنایا اور (تیرے اعضا کو) ٹھیک کیا اور (تیرے قامت کو) معتدل رکھا

اللہ تبارک وتعالی اپنے حق میں تقصیر اور اپنی نافرمانیوں کی جسارت کا ارتکاب کرنے والے انسان پر عتاب کرتے ہوئے فرماتا ہے۔ (يٰٓاَيُّهَا الْاِنْسَانُ مَا غَرَّكَ بِرَبِّكَ الْكَرِيْمِ ) اے انسان، تجھے اپنے رب کے بارے میں کس چیز نے دھوکا دیا ؟ کیا تمہاری طرف سے اس کے حقوق سے استہزا کے طور پر یاس کے عذاب کی تحقیر کے طور پر یاس کی جزا وسزا پر تمہاری عدم ایمان کی بنا پر ؟ کیا وہ ہستی (الَّذِيْ خَلَقَكَ فَسَوّٰىكَ ) جس نے تجھے بہترین صورت میں پیدا کیا (فعدلک) اس نے تجھے درست اور متعدل ترکیب پر، حسین ترین شکل اور جمیل ترین ہیت میں ُ یدا کیا تب کیا تمہارے لیے یہ مناسب ہے کہ تم منعم کی نعمت کی ناشکری اور محسن کے احسان کا انکار کرو ؟ بلاشبہ یہ محض تمہاری جہالت تمہارے ظلم تمہارے عناد اور تمہاری طرف سے حق کو غصب کرنے کے سوا کچھ نہیں پس اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کر کہ اس نے تجھے، کتے، گدھے یا کسی اور حیوان کی شکل و صورت عطا نہیں کی۔
Ayah 82:8

فِیْۤ اَیِّ صُوْرَةٍ مَّا شَآءَ رَكَّبَكَؕ Open ayah 82:8 in the Quran reader

(اور) جس صورت میں چاہا تجھے جوڑ دیا

اس لیے فرمایا (فِيْٓ اَيِّ صُوْرَةٍ مَّا شَاۗءَ رَكَّبَكَ ) جس صورت میں چاہا تجھے ترکیب دے دیا۔
Ayahs 82:9–12

كَلَّا بَلْ تُكَذِّبُوْنَ بِالدِّیْنِۙ Open ayah 82:9 in the Quran reader

مگر ہیہات تم لوگ جزا کو جھٹلاتے ہو

وَ اِنَّ عَلَیْكُمْ لَحٰفِظِیْنَۙ Open ayah 82:10 in the Quran reader

حالانکہ تم پر نگہبان مقرر ہیں

كِرَامًا كَاتِبِیْنَۙ Open ayah 82:11 in the Quran reader

عالی قدر (تمہاری باتوں کے) لکھنے والے

یَعْلَمُوْنَ مَا تَفْعَلُوْنَ Open ayah 82:12 in the Quran reader

جو کچھ تم کرتے ہو وہ اسے جانتے ہیں

فرمایا (كَلَّا بَلْ تُكَذِّبُوْنَ بِالدِّيْنِ ) یعنی اس وعظ و تذکیر کے باوجود تم جزا وسزا کی تکذیب پر جمے ہوئے ہو حالانکہ تم نے جو اعمال کیے ہیں ان پر ضرور تمہارا محاسبہ ہوگا اللہ نے تم پر مکرم فرشتے مقرر کر رکھے ہیں جو تمہارے اقوال وافعال کو لکھتے رہتے ہیں۔ انہیں ان اقوال افعال کا علم ہے اس میں افعال قلوب، افعال جوارح سب داخل ہیں پس تمہارے لیے مناسب ہے کہ تم ان کا اکرام واجلال اور احترام کرو۔
Ayah 82:13

اِنَّ الْاَبْرَارَ لَفِیْ نَعِیْمٍۚ Open ayah 82:13 in the Quran reader

بیشک نیکوکار نعمتوں (کی بہشت) میں ہوں گے

(الْاَبْرَارَ ) سے مراد وہ لوگ ہیں جوا للہ تعالیٰ کے حقوق اور اس کے بندوں کے حقوق کو قائم کرتے ہیں اعمال قلوب اور اعمال جوارح میں نیکی کا التزام کرتے ہیں پس ان لوگوں کی جزا یہ ہے کہ ان کو اس دنیا میں برزخ میں اور آخرت میں، قلب وروح اور بدن کی نعمتیں حاصل ہوں گی۔
Ayah 82:14

وَ اِنَّ الْفُجَّارَ لَفِیْ جَحِیْمٍۚۖ Open ayah 82:14 in the Quran reader

اور بدکردار دوزخ میں

(وَاِنَّ الْفُجَّارَ ) اور بیشک فاجر لوگ۔ جنہوں نے اللہ تعالیٰ کے حقوق اور بندوں کے حقوق میں کوتاہی کی جن کے دل بگڑ گئے تب ان کے اعمال بھی بگڑ گئے۔ ( لَفِيْ جَحِيْمٍ ) وہ اس دنیا میں برزخ میں اور آخرت میں دردناک عذاب میں رہیں گے۔
Ayah 82:15

یَّصْلَوْنَهَا یَوْمَ الدِّیْنِ Open ayah 82:15 in the Quran reader

(یعنی) جزا کے دن اس میں داخل ہوں گے

( يَّصْلَوْنَهَا) وہ اس میں داخل ہوں گے اور اس کے ذریعے سے انہیں شدید ترین عذاب دیا جائے گا۔ ( يَوْمَ الدِّيْنِ ) اعمال کی جزا وسزا کے دن۔
Ayah 82:16

وَ مَا هُمْ عَنْهَا بِغَآئِبِیْنَؕ Open ayah 82:16 in the Quran reader

اور اس سے چھپ نہیں سکیں گے

(وَمَا هُمْ عَنْهَا بِغَاۗىِٕبِيْنَ ) اور وہ اس سے چھپ نہیں سکیں گے بلکہ وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے اور اس سے کبھی نہیں نکلیں گے۔
Ayahs 82:17–18

وَ مَاۤ اَدْرٰىكَ مَا یَوْمُ الدِّیْنِۙ Open ayah 82:17 in the Quran reader

اور تمہیں کیا معلوم کہ جزا کا دن کیسا ہے ؟

ثُمَّ مَاۤ اَدْرٰىكَ مَا یَوْمُ الدِّیْنِؕ Open ayah 82:18 in the Quran reader

پھر تمہیں کیا معلوم کہ جزا کا دن کیسا ہے ؟

(وَمَآ اَدْرٰىكَ مَا يَوْمُ الدِّيْنِ ۔ ثُمَّ مَآ اَدْرٰىكَ مَا يَوْمُ الدِّيْنِ ) اور تجھے کس چیز نے خبر دی کہ بدلے کا دن کیا ہے ؟ پھر (میں کہتا ہوں کہ) تجھے کس چیز نے خبر دی کہ بدلے کا دن کیا ہے ؟ ان آیات کریمہ میں اس سخت دن کا ہول دلایا گیا ہے جو ذہنوں کو حیرت زندہ کردے گا۔
Ayah 82:19

یَوْمَ لَا تَمْلِكُ نَفْسٌ لِّنَفْسٍ شَیْئًا١ؕ وَ الْاَمْرُ یَوْمَئِذٍ لِّلّٰهِ۠ Open ayah 82:19 in the Quran reader

جس روز کوئی کسی کا کچھ بھلا نہ کرسکے گا اور حکم اس روز صرف خدا ہی کا ہوگا

(يَوْمَ لَا تَمْلِكُ نَفْسٌ لِّنَفْسٍ شَـيْــــًٔا ۭ ) اس روز کوئی کسی کے کام نہیں آئے گا خواہ وہ اس کا قریبی رشتہ دار یا مخلص دوست ہی کیوں نہ ہو۔ ہر ایک کو خود اپنی پڑی ہوگی وہ کسی اور کی نجات کا طلب گار نہ ہوگا۔ (وَالْاَمْرُ يَوْمَىِٕذٍ لِّلّٰهِ ) اس روز تمام تر حکم اللہ ہی کا ہوگا وہی بندوں کے درمیان فیصلہ کرے گا اور مظلوم کا حق ظالموں سے لے کر دے گا۔ واللہ اعلم۔