108. Surah Al-Kawthar
الكوثرAbundance · 3 ayahsتفسیرِ سعدی
اِنَّاۤ اَعْطَیْنٰكَ الْكَوْثَرَؕ Open ayah 108:1 in the Quran reader
(اے محمد ﷺ ہم نے تم کو کوثر عطا فرمائی ہے
اللہ تبارک وتعالی اپنے نبی محمد مصطفیٰ پر احسان کرتے ہوئے خطاب فرماتا ہے (اِنَّآ اَعْطَيْنٰكَ الْكَوْثَرَ ) یعنی ہم نے آپ کو خیر کثیر اور فضل عظیم عطا کیا۔ منجملہ اس خیر کثیر میں سے جو اللہ تعالیٰ اپنے نبی کو عطا فرمائے گا ایک نہر بھی ہے جس کو الکوثر کہا جاتا ہے حوض کوثر کا طول ایک ماہ کی مسافت اور اس کا عرض بھی ایک ماہ کی مسافت ہے اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے بڑھ کر میٹھا ہے اس کے پینے کے برتن اپنی کثرت اور چمک میں آسمان کے ستاروں کے مانند ہوں گے جو کوئی حوض کوثر سے ایک مرتبہ پانی پی لے گا اس کے بعد اسے کبھی پیاس نہیں لگے گی۔
فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَ انْحَرْؕ Open ayah 108:2 in the Quran reader
تو اپنے پروردگار کے لئے نماز پڑھا کرو اور قربانی کیا کرو
اللہ تعالیٰ نے آپ پر احسانات و عنایات کا ذکر کرنے کے بعد آپ کو اس احسان پر شکر ادا کرنے کا حکم دیا چناچہ فرمایا (فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَانْحَرْ ) پس اپنے رب کے لیے نماز پڑھ اور قربانی کر۔ اللہ تعالیٰ نے ان دو عبادتوں کا خاص طور پر ذکر فرمایا کیونکہ یہ دونوں افضل ترین عبادات اور تقرب الٰہی کا جلیل ترین ذریعہ ہیں نیز ان دونوں کا خاص طور پر ذکر کرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے نماز قلب اور جوارح میں خشوع کو متضمن ہے پھر اسے عبادت کی دیگر تمام انواع میں منتقل کردیتی ہے جانور ذبح کرنے میں یہ حکمت ہے کہ بندے کے پاس جو کچھ ہے اس میں سے افضل ترین چیز قربانی کے ذریعے سے تقرب الٰہی حاصل کرنا اور مال خرچ کرنا ہے جس سے محبت کرنا اور اس میں بخل کرنا نفس انسانی کی جبلت ہے۔
اِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْاَبْتَرُ۠ Open ayah 108:3 in the Quran reader
کچھ شک نہیں کہ تمہارا دشمن ہی بےاولاد رہے گا
(اِنَّ شَانِئَكَ ) آپ سے بغض رکھنے والا، آپ کی مذمت اور تنقیص کرنے والا (هُوَ الْاَبْتَرُ ) یعنی وہ ہر بھلائی سے محروم ہے اس کا عمل منقطع ہے ور اس کا ذکر منقطع ہے۔ رہے رسول تو حقیقت میں وہی کامل ہیں آپ کمال کے اس بلندترین مرتبے پر پہنچے ہوئے ہیں جہاں تک پہنچنا مخلوق میں سے کسی کے لیے ممکن نہیں مثلا، رفعت ذکر، کثر الانصار اور کثرت متبعین۔