5. Surah Al-Maaida

المائدةThe Table · 120 ayahsتفسیر مطالعہ قرآن

Ayah 5:21

یٰقَوْمِ ادْخُلُوا الْاَرْضَ الْمُقَدَّسَةَ الَّتِیْ كَتَبَ اللّٰهُ لَكُمْ وَ لَا تَرْتَدُّوْا عَلٰۤى اَدْبَارِكُمْ فَتَنْقَلِبُوْا خٰسِرِیْنَ Open ayah 5:21 in the Quran reader

اے برادران قوم! اس مقدس سرزمین میں داخل ہو جاؤ جو اللہ نے تمہارے لیے لکھ دی ہے، پیچھے نہ ہٹو ورنہ ناکام و نامراد پلٹو گے"

[ يٰقَوْمِ : اے میری قوم ] [ ادْخُلُوا : تم لوگ داخل ہوجاؤ] [ الْاَرْضَ الْمُقَدَّسَةَ : پاک کی ہوئی زمین میں ] [ الَّتِيْ : جس کو ] [ كَتَبَ : لکھا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ لَكُمْ : تمہارے لیے ] [ وَلَا تَرْتَدُّوْا : اور مت پھرجانا ] [ عَلٰٓي اَدْبَارِكُمْ : اپنی پیٹھوں پر ] [ فَتَنْقَلِبُوْا : ورنہ ہو جاؤگے ] [ خٰسِرِيْنَ : نقصان اٹھانے والے ]
Ayah 5:22

قَالُوْا یٰمُوْسٰۤى اِنَّ فِیْهَا قَوْمًا جَبَّارِیْنَ١ۖۗ وَ اِنَّا لَنْ نَّدْخُلَهَا حَتّٰى یَخْرُجُوْا مِنْهَا١ۚ فَاِنْ یَّخْرُجُوْا مِنْهَا فَاِنَّا دٰخِلُوْنَ Open ayah 5:22 in the Quran reader

انہوں نے جواب دیا "اے موسیٰؑ! وہاں تو بڑے زبردست لوگ رہتے ہیں، ہم وہاں ہرگز نہ جائیں گے جب تک وہ وہاں سے نکل نہ جائیں ہاں اگر وہ نکل گئے تو ہم داخل ہونے کے لیے تیار ہیں"

[ قَالُوْا : انھوں نے کہا ] [ يٰمُوْسٰٓى: اے موسیٰ ] [ اِنَّ : کہ ] [ فِيْهَا : اس میں ہے ] [ قَوْمًا جَبَّارِيْنَ ڰ: ایک زبر دست قوم ] [ وَاِنَّا : اور ہم ] [ لَنْ نَّدْخُلَهَا : ہرگز داخل نہیں ہوں گے اس میں ] [ حَتّٰي : یہاں تک کہ ] [ يَخْرُجُوْا : وہ لوگ نکلیں ] [ مِنْهَا ۚ: اس سے ] [ فَاِنْ : پھر اگر ] [ يَّخْرُجُوْا : وہ لوگ نکلیں ] [ مِنْهَا : اس سے ] [ فَاِنَّا؛توہم ] [ دٰخِلُوْنَ : داخل ہونے والے ہیں ]
Ayah 5:23

قَالَ رَجُلٰنِ مِنَ الَّذِیْنَ یَخَافُوْنَ اَنْعَمَ اللّٰهُ عَلَیْهِمَا ادْخُلُوْا عَلَیْهِمُ الْبَابَ١ۚ فَاِذَا دَخَلْتُمُوْهُ فَاِنَّكُمْ غٰلِبُوْنَ١ۚ۬ وَ عَلَى اللّٰهِ فَتَوَكَّلُوْۤا اِنْ كُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ Open ayah 5:23 in the Quran reader

اُن ڈرنے والوں میں دو شخص ایسے بھی تھے جن کو اللہ نے اپنی نعمت سے نوازا تھا اُنہوں نے کہا کہ "ان جباروں کے مقابلہ میں دروازے کے اندر گھس جاؤ، جب تم اندر پہنچ جاؤ گے تو تم ہی غالب رہو گے اللہ پر بھروسہ رکھو اگر تم مومن ہو"

[ قَالَ رَجُلٰنِ : کہا مردوں نے ] [ مِنَ الَّذِيْنَ : ان میں سے جو ] [ يَخَافُوْنَ : ڈرتے ہیں (اللہ سے )] [ اَنْعَمَ : انعام کیا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ عَلَيْهِمَا : جن پر ] [ ادْخُلُوْا : (کہ ) داخل ہوجاؤ] [ عَلَيْهِمُ : ان پر ] [ الْبَابَ ۚ فَاِذَا : پھر جب ] [ دَخَلْتُمُوْهُ : تم لوگ داخل ہوگے اس سے ] [ فَاِنَّكُمْ : تو یقینا تم لوگ ] [ غٰلِبُوْنَ ۥ ۚ : غلبہ پانے والے ہوگے ] [ وَعَلَي اللّٰهِ : اور اللہ پر ہی ] [ فَتَوَكَّلُوْٓا : پس تم لوگ بھروسہ کرو ] [ اِنْ كُنْتُمْ : اگر تم لوگ ] [ مُّؤْمِنِيْنَ : مومن ہو ]
Ayah 5:24

قَالُوْا یٰمُوْسٰۤى اِنَّا لَنْ نَّدْخُلَهَاۤ اَبَدًا مَّا دَامُوْا فِیْهَا فَاذْهَبْ اَنْتَ وَ رَبُّكَ فَقَاتِلَاۤ اِنَّا هٰهُنَا قٰعِدُوْنَ Open ayah 5:24 in the Quran reader

لیکن اُنہوں نے پھر یہی کہا کہ "اے موسیٰؑ! ہم تو وہاں کبھی نہ جائیں گے جب تک وہ وہاں موجود ہیں بس تم اور تمہارا رب، دونوں جاؤ اور لڑو، ہم یہاں بیٹھے ہیں"

[ قَالُوْا : انھوں نے کہا ] [ يٰمُوْسٰٓى: اے موسیٰ ] [ اِنَّا لَنْ نَّدْخُلَهَآ : کہ ہم ہرگز داخل نہیں ہوں گے اس میں ] [ اَبَدًا : کبھی بھی ] [ مَّا دَامُوْا : جب تک وہ رہیں گے ] [ فِيْهَا : اس میں ] [ فَاذْهَبْ : پس جائیں ] [ اَنْتَ : آپ ] [ وَرَبُّكَ : اور آپ کا رب ] [ فَقَاتِلَآ : پھر آپ دونوں جنگ کریں ] [ اِنَّا : بیشک ہم ] [ ھٰهُنَا : یہیں ] [ قٰعِدُوْنَ : بیٹھنے والے ہیں ]
Ayah 5:25

قَالَ رَبِّ اِنِّیْ لَاۤ اَمْلِكُ اِلَّا نَفْسِیْ وَ اَخِیْ فَافْرُقْ بَیْنَنَا وَ بَیْنَ الْقَوْمِ الْفٰسِقِیْنَ Open ayah 5:25 in the Quran reader

اس پر موسیٰؑ نے کہا "اے میرے رب، میرے اختیار میں کوئی نہیں مگر یا میری اپنی ذات یا میرا بھائی، پس تو ہمیں اِن نافرمان لوگوں سے الگ کر دے"

[ قَالَ : کہا (موسی نے )] [ رَبِّ : اے میرے رب ] [ اِنِّىْ : کہ میں ] [ لَآ اَمْلِكُ : اختیار نہیں رکھتا ] [ اِلَّا : سوائے ] [ نَفْسِيْ : اپنی جان ] [ وَاَخِيْ : اور اپنے بھائی کے ] [ فَافْرُقْ : پس تو جدائی ڈال دے ] [ بَيْنَنَا : ہمارے درمیان ] [ وَبَيْنَ الْقَوْمِ الْفٰسِقِيْنَ : اور نافرمانی کرنے والی قوم کے درمیان ]
Ayah 5:26

قَالَ فَاِنَّهَا مُحَرَّمَةٌ عَلَیْهِمْ اَرْبَعِیْنَ سَنَةً١ۚ یَتِیْهُوْنَ فِی الْاَرْضِ١ؕ فَلَا تَاْسَ عَلَى الْقَوْمِ الْفٰسِقِیْنَ۠ Open ayah 5:26 in the Quran reader

اللہ نے جواب دیا "اچھا تو وہ ملک چالیس سال تک اِن پر حرام ہے، یہ زمین میں مارے مارے پھریں گے، اِن نافرمانوں کی حالت پر ہرگز ترس نہ کھاؤ"

[ قَالَ : کہا (اللہ نے )] [ فَاِنَّهَا : تو یہ ] [ مُحَرَّمَةٌ: حرام کی گئی ہے ] [ عَلَيْهِمْ : ان پر ] [ اَرْبَعِيْنَ سَـنَةً ۚ: چالیس سال تک ] [ يَتِيْھُوْنَ : یہ لوگ سرگرداں پھریں گے ] [ فِي الْاَرْضِ ۭ: زمین میں ] [ فَلَا تَاْسَ : تو آپ افسوس نہ کریں ] [ عَلَي الْقَوْمِ الْفٰسِقِيْنَ : نافرمانی کرنے والی قوم پر ]
Ayah 5:27

وَ اتْلُ عَلَیْهِمْ نَبَاَ ابْنَیْ اٰدَمَ بِالْحَقِّ١ۘ اِذْ قَرَّبَا قُرْبَانًا فَتُقُبِّلَ مِنْ اَحَدِهِمَا وَ لَمْ یُتَقَبَّلْ مِنَ الْاٰخَرِ١ؕ قَالَ لَاَقْتُلَنَّكَ١ؕ قَالَ اِنَّمَا یَتَقَبَّلُ اللّٰهُ مِنَ الْمُتَّقِیْنَ Open ayah 5:27 in the Quran reader

اور ذرا انہیں آدمؑ کے دو بیٹوں کا قصہ بھی بے کم و کاست سنا دو جب اُن دونوں نے قربانی کی تو ان میں سے ایک کی قربانی قبول کی گئی اور دوسرے کی نہ کی گئی اُس نے کہا "میں تجھے مار ڈالوں گا" اس نے جواب دیا "اللہ تو متقیوں ہی کی نذریں قبول کرتا ہے

[ وَاتْلُ عَلَيْهِمْ : اور آپ پڑھ کر سنائیں ان لوگوں کو ] [ نَبَاَ ابْنَيْ اٰدَمَ : حضرت آدم کے دو بیٹوں کی خبر ] [ بِالْحَقِّ ۘ: حق کے ساتھ ] [ اِذْ : جب ] [ قَرَّبَا : ان دونوں نے پیش کی ] [ قُرْبَانًا : ایک قربانی ] [ فَتُقُبِّلَ : تو قبول کی گئی ] [ مِنْ اَحَدِهِمَا : ان دونوں کے ایک سے ] [ وَلَمْ يُتَقَبَّلْ : اور نہیں قبول کی گئی ] [ مِنَ الْاٰخَرِ ۭ: دوسرے سے ] [ قَالَ لَاَقْتُلَنَّكَ ۭ : اس نے کہا میں لازما قتل کروں گا تجھ کو ] [ قَالَ : اس نے کہا ] [ اِنَّمَا : کچھ نہیں سوائے اس کے کہ ] [ يَتَقَبَّلُ : قبول کرتا ہے ] [ اللّٰهُ : اللہ ] [ مِنَ الْمُتَّقِيْنَ : تقوی کرنے والوں سے ] ب ج ث : (ف) ۔ بحثا ۔ کسی چیز کو کھود کر اس میں کچھ تلاش کرنا ۔ کریدنا ۔ آیت زیر مطالعہ ۔ ح ج ز : (ض) ۔ عجزا ۔ کسی کام کو کرنے کی قدرت نہ رکھنا ۔ بےاکتیار ہونا ۔ عاجزہونا ۔ آیت زیر مطالعہ ۔ عجوز ۔ فعول کے وزن پر مبالغہ ہے۔ بہت بےاختیار ۔ بوڑھی عورت ۔ ءَاَلِدُ وَاَنَا عَجُوْزٌ [ کیا میں جنوں گی اس حال میں کہ میں بڑھیا ہوں ] ۔ 11:72 ۔ عجز ۔ ج ، اعجاز ۔ کھجور کا کھوکھلا تنا ۔ كَاَنَّهُمْ اَعْجَازُ نَخْلٍ مُّنْقَعِرٍ [ گویا کہ وہ کسی اکھڑی ہوئی کھجور کے تنے ہیں ] ۔ 54:20 ۔ (افعال ) اعجازا۔ کسی کو بےاختیار کرنا ۔ عاجز کرنا ۔ وَمَا كَانَ اللّٰهُ لِيُعْجِزَهٗ مِنْ شَيْءٍ [ اور اللہ وہ نہیں ہے کہ اس کو بےاختیار کردے کوئی بھی چیز ] 35:44 ۔ معجز اسم الفاعل ہے ۔ بےاختیار کرنے والا ۔ عاجز کرنے والا ۔ وَّمَآ اَنْتُمْ بِمُعْجِزِيْنَ [ اور تم لوگ عاجز کرنے والے نہیں ] ۔ 6 :134 ۔ (مفاعلہ ) معاجزۃ ۔ کسی کو ہرانے کی کوشش کرنا ۔ مسابقت کرنا ۔ معاجز ۔ اسم الفاعل ہے ۔ ہرانے کی کوشش کرنے والا ۔ آگے نکلنے کی کوشش کرنے والا ۔ وَالَّذِيْنَ سَعَوْا فِيْٓ اٰيٰتِنَا مُعٰجِزِيْنَ [ اور وہ وہ لوگ جنھوں نے بھاگ دوڑ کی ہماری نشانیوں میں ہرانے والا ہوتے ہوئے ] ۔ 22 :51 ۔ ن د م (س) ۔ ندما ۔ پشیمان ہونا ۔ شرمندہ ہونا۔ نادم اسم الفاعل ہے پشیمان ہونے والا ۔ آیت زیر مطالعہ ۔ ندامۃ ۔ اسم ذات ہے ۔ پشیمانی ۔ شرمندگی ۔ وَاَسَرُّوا النَّدَامَةَ لَمَّا رَاَوُا الْعَذَابَ [ اور چھپائیں گے پشمانی کو جب وہ لوگ دیکھیں گے عذاب ] ۔ 54:10 ترکیب : نبا کا مضاف الیہ ابنین تھا جو آگے ادم کا مضاف بنا تو اس کا نون گرگیا ۔ بباسط اسم الفاعل ہے ۔ اس نے فعل کا عمل کیا ہے اور اس کا مفعول یدا تھا ۔ یائے متکلم اس کا مضاف الیہ ہے اس لیے یدا کی تنوین ختم ہوئی اور یدی استعمال ہوا ۔ باثمی کی با پر عطف ہونے کی وجہ سے اثمک حالت جز میں آیا ہے ۔ فطوعت کا فاعل نفسہ ہے غرابانکرہ مخصوصہ ہے اور یبحث فی الارض اس کی خصوصیت ہے ۔ لیریہ میں ضمیر فاعلی اللہ کے لیے ہے اور ضمیر مفعولی قاتل کے لیے ہے ۔ یواری کی ضمیر فاعلی بھی قاتل کے لیے ہے ۔ ھذا الغراب مرکب اشاری مثل کا مضاف الیہ ہے اس لیے الغراب حالت جز میں آیا ہے جبکہ مثل کی نصب اکون کی خبر ہونے کی وجہ سے ہے ۔ فاواری کا فاسببیہ ہے جس کے مضارع اواری کو نصب دی ہے ۔ نوٹ :1 ۔ قرآن کریم کوئی قصہ کہانی یا تاریخ کی کتاب نہیں ہے اس لیے اس میں کسی واقعہ کو تفصیلات کے ساتھ اول سے آخر تک بیان نہیں کیا جاتا ۔ البتہ ہدایت کے لیے گزشتہ اقوام کی سرگزشت میں عبرت اور نصیحت کے پہلو کو نمایاں کیا جاتا ہے ۔ اس لیے قرآن کا عام اسلوب یہ ہے کہ اکثر پورا واقعہ ایک جگہ بیان نہیں کرتا ، بلکہ اس کے جتنے حصے سے اس جگہ کی نصیحت کا تعلق ہوتا ہے ، اس کا وہی حصہ بیان کرتا ہے (معارف القرآن ) اس لیے قرآن مجید کا مطالعہ کرنے والوں کے حق میں مفید بات یہ ہے کہ وہ ان تفصیلات کی تلاش میں کو لمبس نہ بنیں ، جنھیں قرآن مجید نے نظر انداز کردیا ہے اور اپنی توجہ کو مقصود کلام پر مرتکز کریں ورنہ ہدایت سے محرومی کا اندیشہ ہے ۔ نوٹ : 2 ۔ قابیل کو یہ جان کر کہ اس کی قربانی قبول نہیں ہوئی ہابیل پر غصہ آیا کہ اس کی قربانی قبول نہیں ہوئی ۔ حالانکہ اس کی قربانی قبول نہ ہونے میں ہابیل کا کوئی دخل نہیں تھا بلکہ قصور اس کا اپنا تھا ۔ لیکن جب آدمی پر حسد کا دورہ پڑتا ہے ۔ تو اس کو اپنی نالائقیاں نظر نہیں آتیں بلکہ وہ اپنی ناکامی کے اسباب دوسروں پر ڈالتا ہے (تدبرالقرآن ) ۔ اِنَّمَا يَتَقَبَّلُ اللّٰهُ مِنَ الْمُتَّقِيْنَ میں حاسد کے حسد کے علاج کا ذکر کیا گیا ہے کہ کسی شخص کو اللہ تعالیٰ نے کوئی نعمت عطا فرمائی ہے جو اس کو حاصل نہیں ہے تو اس کو چاہیے کہ اپنی عملی کوتاہی اور گناہوں کی اصلاح کی فکر کرے ۔
Ayah 5:28

لَئِنْۢ بَسَطْتَّ اِلَیَّ یَدَكَ لِتَقْتُلَنِیْ مَاۤ اَنَا بِبَاسِطٍ یَّدِیَ اِلَیْكَ لِاَقْتُلَكَ١ۚ اِنِّیْۤ اَخَافُ اللّٰهَ رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ Open ayah 5:28 in the Quran reader

اگر تو مجھے قتل کرنے کے لیے ہاتھ اٹھائے گا تو میں تجھے قتل کرنے کے لیے ہاتھ نہ اٹھاؤں گا، میں اللہ رب العالمین سے ڈرتا ہوں

[ لَىِٕنْۢ: البتہ اگر ] [ بَسَطْتَّ : تو بڑھائے گا ] [ اِلَيَّ : میری طرف ] [ يَدَكَ : اپنا ہاتھ ] [ لِتَقْتُلَنِيْ : تاکہ تو قتل کرے مجھ کو ] [ مَآ اَنَا : تو میں ] [ بِبَاسِطٍ : بڑھانے والا نہیں ہوں ] [ يَّدِيَ : اپنا ہاتھ ] [ اِلَيْكَ : تیری ] [ لِاَقْتُلَكَ ۚ: کہ میں قتل کروں تجھ کو ] [ اِنِّىْٓ: بیشک میں ] [ اَخَافُ : ڈرتا ہوں ] [ اللّٰهَ : اللہ سے ] [ رَبَّ الْعٰلَمِيْنَ : جو تمام عالموں کا پرورش کرنے والا ہے ]
Ayah 5:29

اِنِّیْۤ اُرِیْدُ اَنْ تَبُوْٓءَاۡ بِاِثْمِیْ وَ اِثْمِكَ فَتَكُوْنَ مِنْ اَصْحٰبِ النَّارِ١ۚ وَ ذٰلِكَ جَزٰٓؤُا الظّٰلِمِیْنَۚ Open ayah 5:29 in the Quran reader

میں چاہتا ہوں کہ میرا اور اپنا گناہ تو ہی سمیٹ لے اور دوزخی بن کر رہے ظالموں کے ظلم کا یہی ٹھیک بدلہ ہے"

[ اِنِّىْٓ: بیشک میں ] [ اُرِيْدُ : چاہتا ہوں ] [ اَنْ : کہ ] [ تَبُوْۗاَ : تولوٹے ] [ بِاِثْمِيْ : میرے گناہ کے ساتھ ] [ وَاِثْمِكَ : اور اپنے گناہ کے ساتھ ] [ فَتَكُوْنَ : نتیجا تو ہوجائے ] [ مِنْ اَصْحٰبِ النَّارِ ۚ: آگ والوں میں سے ] [ وَذٰلِكَ : اور یہ (ہی)] [ جَزٰۗؤُ ا الظّٰلِمِيْنَ : ظلم کرنے والوں کا بدلہ ہے ]
Ayah 5:30

فَطَوَّعَتْ لَهٗ نَفْسُهٗ قَتْلَ اَخِیْهِ فَقَتَلَهٗ فَاَصْبَحَ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ Open ayah 5:30 in the Quran reader

آخر کار اس کے نفس نے اپنے بھائی کا قتل اس کے لیے آسان کر دیا اور وہ اسے مار کر اُن لوگوں میں شامل ہو گیا جو نقصان اٹھانے والے ہیں

[ فَطَوَّعَتْ : پس راضی کیا ] [ لَهٗ : اس کو ] [ نَفْسُهٗ : اس کے نفس نے ] [ قَتْلَ اَخِيْهِ : اپنے بھائی کے قتل پر ] [ فَقَتَلَهٗ : تو اس نے قتل کیا اس کو ] [ فَاَصْبَحَ : نتیجتا وہ ہوگیا ] [ مِنَ الْخٰسِرِيْنَ : خسارہ اٹھانے والوں میں سے ]
Ayah 5:31

فَبَعَثَ اللّٰهُ غُرَابًا یَّبْحَثُ فِی الْاَرْضِ لِیُرِیَهٗ كَیْفَ یُوَارِیْ سَوْءَةَ اَخِیْهِ١ؕ قَالَ یٰوَیْلَتٰۤى اَعَجَزْتُ اَنْ اَكُوْنَ مِثْلَ هٰذَا الْغُرَابِ فَاُوَارِیَ سَوْءَةَ اَخِیْ١ۚ فَاَصْبَحَ مِنَ النّٰدِمِیْنَ٤ۚۛۙ Open ayah 5:31 in the Quran reader

پھر اللہ نے ایک کوا بھیجا جو زمین کھودنے لگا تاکہ اُسے بتائے کہ اپنے بھائی کی لاش کیسے چھپائے یہ دیکھ کر وہ بولا افسوس مجھ پر! میں اس کوے جیسا بھی نہ ہوسکا کہ اپنے بھائی کی لاش چھپانے کی تدبیر نکال لیتا اس کے بعد وہ اپنے کیے پر بہت پچھتا یا

[ فَبَعَثَ : پھر بھیجا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ غُرَابًا : ایک ایسا کوا ] [ يَّبْحَثُ : جو کریدتا ہے ] [ فِي الْاَرْضِ : زمین میں ] [ لِيُرِيَهٗ : تاکہ وہ دکھائے اس کو (یعنی اللہ ] [ كَيْفَ : (کہ ) کیسے ] [ يُوَارِيْ : وہ چھپائے ] [ سَوْءَةَ اَخِيْهِ : اپنے بھائی کی لاش کو ] [ ۭ قَالَ : اس نے کہا ] [ يٰوَيْلَتٰٓى: ہائے میری بدبختی ] [ اَعَجَزْتُ : کیا میں عاجز ہوا ] [ اَنْ : (اس سے بھی ) کہ ] [ اَكُوْنَ : میں ہوتا ] [ مِثْلَ هٰذَا الْغُرَابِ :: اس کوے کے جیسا ] [ تو میں چھپاتا ] [ فَاُوَارِيَ سَوْءَةَ اَخِيْ ۚ: اپنے بھائی کی لاش کو ] [ فَاَصْبَحَ : پھر وہ ہوگیا ] [ مِنَ النّٰدِمِيْنَ : پشیمان ہونے والوں میں سے ]
Ayah 5:32

مِنْ اَجْلِ ذٰلِكَ١ؔۛۚ كَتَبْنَا عَلٰى بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَ اَنَّهٗ مَنْ قَتَلَ نَفْسًۢا بِغَیْرِ نَفْسٍ اَوْ فَسَادٍ فِی الْاَرْضِ فَكَاَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِیْعًا١ؕ وَ مَنْ اَحْیَاهَا فَكَاَنَّمَاۤ اَحْیَا النَّاسَ جَمِیْعًا١ؕ وَ لَقَدْ جَآءَتْهُمْ رُسُلُنَا بِالْبَیِّنٰتِ١٘ ثُمَّ اِنَّ كَثِیْرًا مِّنْهُمْ بَعْدَ ذٰلِكَ فِی الْاَرْضِ لَمُسْرِفُوْنَ Open ayah 5:32 in the Quran reader

اسی وجہ سے بنی اسرائیل پر ہم نے یہ فرمان لکھ دیا تھا کہ "جس نے کسی انسان کو خون کے بدلے یا زمین میں فساد پھیلانے کے سوا کسی اور وجہ سے قتل کیا اس نے گویا تمام انسانوں کو قتل کر دیا اور جس نے کسی کی جان بچائی اُس نے گویا تمام انسانوں کو زندگی بخش دی" مگر اُن کا حال یہ ہے کہ ہمارے رسول پے در پے ان کے پاس کھلی کھلی ہدایات لے کر آئے پھر بھی ان میں بکثرت لوگ زمین میں زیادتیاں کرنے والے ہیں

[ مِنْ اَجْلِ ذٰلِكَ : اس وجہ سے ] [ كَتَبْنَا : ہم نے لکھا ] [ عَلٰي بَنِيْٓ اِسْرَاۗءِيْلَ : بنی اسرائیل پر ] [ اَنَّهٗ : کہ حقیقت یہ ہے کہ ] [ مَنْ : جس نے ] [ قَتَلَ : قتل کیا ] [ نَفْسًۢا : کسی جان کو ] [ بِغَيْرِ نَفْسٍ : کسی جان کے (بدلے کے ] [ اَوْ : یا ] [ فَسَادٍ : کسی فساد کے بغیر ] [ فِي الْاَرْضِ : زمین میں ] [ فَكَاَنَّمَا : تو گویا کہ ] [ قَتَلَ : اس نے قتل کیا ] [ النَّاسَ : انسانوں کو ] [ جَمِيْعًا : تمام کے تمام ] [ ۭوَمَنْ : اور جس نے ] [ اَحْيَاهَا : زندہ رکھا اس کو ] [ فَكَاَنَّمَآ : تو گویا کہ ] [ اَحْيَا : اس نے زندہ رکھا ] [ النَّاسَ : انسانوں کو ] [ جَمِيْعًا : تمام کے تمام ] [ ۭوَلَقَدْ جَاۗءَتْهُمْ : اور آچکے ہیں ان کے پاس ] [ رُسُلُنَا : ہمارے رسول ] [ بِالْبَيِّنٰتِ ۡ: واضح (نشانیوں) کے ساتھ ] [ ثُمَّ : پھر ] [ اِنَّ : بیشک ] [ كَثِيْرًا مِّنْهُمْ : ان میں سے اکثر ] [ بَعْدَ ذٰلِكَ : اس کے بعد ] [ فِي الْاَرْضِ : زمین میں ] [ لَمُسْرِفُوْنَ : یقینا حد سے تجاوز کرنے والے ہیں ] نو : (ن) نفوا۔ کسی کو کسی جگہ سے ہٹانا ۔ نکالنا ۔ (1) ملک بدر کرنا ۔ (2) قید کرنا ۔ آیت زیر مطالعہ ۔ ترکیب : انہ میں ضمیر الشان ہے ۔ فساد کی جز بتارہی ہے کہ یہ بغیر کا دوسرا مضاف الیہ ہے ۔ قتل کا مفعول الناس ہے اور جمیعا تمیز ہے ۔ احیاھا کی ضمیر نفسا کے لیے ہے ۔ ان کا اسم کثیرا منہم ہے اور لمسرفون اس کی خبر ہے ۔ نوٹ : 1 ۔ اللہ اور اس کے رسول سے لڑنے کا مطلب ہے اسلام کے عدل اجتماعی اور اس کے قوانین کے خلاف تگ ودو کرنا ۔ چھوٹے پیمانے پر راہزنی وڈکیتی ہو یا بڑے پیمانے پر اسلامی نظام کی جگہ کوئی دوسرا نظام قائم کرنے کی جدو جہد ہو ، وہ دراصل اللہ اور اس کے رسول کے خلاف جنگ ہے ۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے تعزیرات ہند میں ہر اس شخص کو جو ہندوستان میں برطانوی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کرے ۔ بادشاہ کے خلاف لڑائی (WAGING WAR AGAINST THE DING) کا مجرم قرار دیا گیا تھا ۔ (تفہیم القرآن ) نوٹ :2 ۔ مختلف سزائیں بیان کردی گئی ہیں ۔ اب یہ عدالت کا کام ہے کہ ہر مجرم کو اس کے جرم کی نوعیت کے مطابق سزا دے ( تفہیم القرآن ) ۔ اَوْ يُنْفَوْا مِنَ الْاَرْضِ کے متعلق حضرت عمر ؓ نے فیصلہ فرمایا تھا کہ اگر مجرم کو یہاں سے نکال کر دوسرے شہروں میں آزاد چھوڑ دیا جائے تو وہاں کے لوگوں کو ستائے گا۔ اس لیے ایسے مجرم کو قید کردیا جائے ۔ یہی اس کو زمین سے نکالنا ہے کہ زمین میں کہیں چل پھر نہیں سکتا ۔ امام ابوحنیفہ (رح) نے بھی یہی اختیار فرمایا ہے ۔ (معارف القرآن ) نوٹ : 3 ۔ شریعت اسلام میں سزاؤں کی تین قسمیں ہیں ۔ (1) تعزیرات ۔ (2) قصاص اور ۔ (3) حدود ۔ جن جرائم کی سزا قرآن وسنت نے متعین نہیں کی بلکہ حکام کی صوابدید پر چھوڑا ہے ان کو تعزیرات کہتے ہیں ۔ حالات کے تحت یہ سزائیں ہلکی یا سخت بھی کی جاسکتی ہیں اور معاف بھی کی جاسکتی ہیں ۔ ان میں حکام کے اختیارات وسیع ہیں ۔ جن جرائم کی سزائیں قرآن وسنت نے متعین کردی ہیں ان میں سے ایک قسم کی سزا کو قصا ص کہتے ہیں ۔ ان میں حقوق العباد کا پہلو غالب ہے ۔ اس لیے جرم ثابت ہوجانے کے بعد عدالت یا حکومت کو مجرم کی سزا میں کمی کرنے یا معاف کرنے کا اختیار نہیں ہے ۔ البتہ یہ اختیار متاثر بندے یا مقتول کے ولی کو حاصل ہوجاتا ہے ۔ وہ چاہے تو سزا دلوائے یا قصاص لے لے یا فی سبیل اللہ معاف کردے ۔ قرآن وسنت کی معین کردہ سزاؤں کی دوسری قسم کو حدود کہتے ہیں ۔ ان میں حقوق اللہ کا پہلو غالب ہے ۔ اس لیے جرم ثابت ہوجانے کے بعد سزا میں معمولی سا بھی تغیر وتبدل یا کمی بیشی کرنے کی حکومت یا عدالت یا متاثر بندے کو اجازت نہیں ہے ۔ اسی طرح توبہ کرلینے سے بھی دنیوی سزا معاف نہیں ہوگی ۔ البتہ مخلصانہ توبہ سے آخرت کا گناہ معاف ہوجاتا ہے ۔ حدود اللہ میں سفارش کرنے اور سننے سے رسول اللہ ﷺ نے سختی سے منع فرمایا ہے ۔ حدود کی سزائیں سخت ہیں اور ان کے نفاذ کا قانون بھی سخت ہے لیکن معاملہ کو معتدل کرنے کے لیے ثبوت جرم کی شرطیں بھی سخت رکھی گئی ہیں ۔ اور ثبوت میں ادنی ساشبہ بھی پایا جائے تو حد ساقط ہوجاتی ہے البتہ تعزیری سزا دی جاسکتی ہے ۔ مثلا زنا کے ثبوت میں تین گواہ ہیں جو ثقہ ہیں جن پر جھوٹ کا شبہ نہیں ہوسکتا مگر ازروئے شریعت چوتھا گواہ نہ ہونے کی وجہ سے حد شرعی جاری نہیں ہوگی لیکن اس کے یہ معنی نہیں کہ اس کو کھلی چھٹی دے دی جائے گی ۔ بلکہ عدالت اس کو مناسب تعزیری سزا دے گی ۔ (معارف القرآن سے ماخوذ)
Ayah 5:33

اِنَّمَا جَزٰٓؤُا الَّذِیْنَ یُحَارِبُوْنَ اللّٰهَ وَ رَسُوْلَهٗ وَ یَسْعَوْنَ فِی الْاَرْضِ فَسَادًا اَنْ یُّقَتَّلُوْۤا اَوْ یُصَلَّبُوْۤا اَوْ تُقَطَّعَ اَیْدِیْهِمْ وَ اَرْجُلُهُمْ مِّنْ خِلَافٍ اَوْ یُنْفَوْا مِنَ الْاَرْضِ١ؕ ذٰلِكَ لَهُمْ خِزْیٌ فِی الدُّنْیَا وَ لَهُمْ فِی الْاٰخِرَةِ عَذَابٌ عَظِیْمٌۙ Open ayah 5:33 in the Quran reader

جو لوگ اللہ اور اس کے رسول سے لڑتے ہیں اور زمین میں اس لیے تگ و دو کرتے پھرتے ہیں کہ فساد برپا کریں اُن کی سزا یہ ہے کہ قتل کیے جائیں، یا سولی پر چڑھائے جائیں، یا اُن کے ہاتھ اور پاؤں مخالف سمتوں سے کاٹ ڈالے جائیں، یا وہ جلا وطن کر دیے جائیں، یہ ذلت و رسوائی تو اُن کے لیے دنیا میں ہے اور آخرت میں اُن کے لیے اس سے بڑی سزا ہے

[ اِنَّمَا : کچھ نہیں سوائے اس کے کہ ] [ جَزٰۗؤُا الَّذِيْنَ : ان لوگوں کی سزا جو ] [ يُحَارِبُوْنَ : لڑتے ہیں ] [ اللّٰهَ : اللہ سے ] [ وَرَسُوْلَهٗ : اور اس کے رسول سے ] [ وَيَسْعَوْنَ : اور بھاگ دوڑ کرتے ہیں ] [ فِي الْاَرْضِ : زمین میں ] [ فَسَادًا : (حقوق و فرائض کا ) توازن بگاڑنے کو ] [ اَنْ : (یہ ہے ) کہ ] [ يُّقَتَّلُوْٓا : وہ لوگ قتل کیے جائیں ] [ اَوْ يُصَلَّبُوْٓا : یا پھانسی دیئے جائیں ] [ اَوْ تُـقَطَّعَ : یا کاٹے جائیں ] [ اَيْدِيْهِمْ : ان کے ہاتھ ] [ وَاَرْجُلُهُمْ : اور ان کے پیر ] [ مِّنْ خِلَافٍ : مخالف (طرف ) سے ] [ اَوْ يُنْفَوْا : یا وہ قید کئے جائیں ] [ مِنَ الْاَرْضِ ۭ: زمین سے (نکال کر )] [ ذٰلِكَ : یہ ] [ لَهُمْ : ان کے لیے ] [ خِزْيٌ: رسوائی ہے ] [ فِي الدُّنْيَا : دنیا میں ] [ وَلَهُمْ : اور ان کے لیے ] [ فِي الْاٰخِرَةِ : آخرت میں ] [ عَذَابٌ عَظِيْمٌ: ایک عظیم عذاب ہے ]
Ayah 5:34

اِلَّا الَّذِیْنَ تَابُوْا مِنْ قَبْلِ اَنْ تَقْدِرُوْا عَلَیْهِمْ١ۚ فَاعْلَمُوْۤا اَنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ۠ Open ayah 5:34 in the Quran reader

مگر جو لوگ توبہ کر لیں قبل اس کے کہ تم ان پر قابو پاؤ تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اللہ معاف کرنے والا اور رحم فرمانے والا ہے

[ اِلَّا الَّذِيْنَ : سوائے ان کے جنھوں نے ] [ تَابُوْا : توبہ کی ] [ مِنْ قَبْلِ : اس سے پہلے ] [ اَنْ : کہ ] [ تَقْدِرُوْا : تم لوگ قابو پاؤ] [ عَلَيْهِمْ ۚ : ان پر ] [ فَاعْلَمُوْٓا : پس جان لو ] [ اَنَّ اللّٰهَ : کہ اللہ ] [ غَفُوْرٌ رَّحِيْمٌ: بخشنے والا رحم کرنے والا ہے ]
Ayah 5:35

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَ ابْتَغُوْۤا اِلَیْهِ الْوَسِیْلَةَ وَ جَاهِدُوْا فِیْ سَبِیْلِهٖ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ Open ayah 5:35 in the Quran reader

اے لوگو جو ایمان لائے ہو، اللہ سے ڈرو اور اُس کی جناب میں بار یابی کا ذریعہ تلاش کرو اور اس کی راہ میں جدوجہد کرو، شاید کہ تمہیں کامیابی نصیب ہو جائے

[ يٰٓاَيُّھَا الَّذِيْنَ : اے لوگوں جو ] [ اٰمَنُوا : ایمان لائے ] [ اتَّقُوا : تو لوگ تقوی کرو ] [ اللّٰهَ : اللہ کا ] [ وَابْتَغُوْٓا : اور تلاش کرو ] [ اِلَيْهِ : اس کی طرف ] [ الْوَسِيْلَةَ : قربت کو ] [ وَجَاهِدُوْا : اور تم جدوجہد کرو ] [ فِيْ سَبِيْلِهٖ : اس کی راہ میں ] [ لَعَلَّكُمْ : شاید کہ تم ] [ تُفْلِحُوْنَ : فلاح پاؤ] وس ل (ض) ۔ وسیلۃ ۔ کسی چیز کی طرف رغبت کے ساتھ پہنچنا (مفردات القرآن ) اللہ تک تقرب حاصل کرنا ۔ (المنجد) وسیلۃ اسم ذات بھی ہے ۔ تقرب ۔ قربت ۔ آیت زیر مطالعہ ۔ ترکیب : وابتغو کا مفعول الوسیلۃ ہے ۔ الیہ اور سبیلہ کی ضمیریں اللہ کے لیے ہیں ۔ لو، شرطیہ ہے ۔ مثلہ اور معہ کی ضمیریں مافی الارض کے لیے ہیں ۔ جمیعا تمیز ہے ۔ ما تقبل ماضی مجہول ہے لیکن یہ لو کا جواب شرط ہے اس لیے اس کا ترجمہ مستقبل میں ہوگا ۔ نوٹ : 1 ۔ عربی میں وسیلۃ کا لفظ ” قربت “ کے معنی میں بھی آتا ہے اور ” ذریعہ “ کے معنی میں بھی ۔ لیکن قرآن مجید میں یہ لفظ دو جگہ آیا ہے اور دونوں جگہ قربت کے معنی میں آیا ہے ۔ اذان سننے کے بعد ہم جو دعا مانگتے ہیں اس میں یہ لفظ قربت کے مقام کے لیے آیا ہے ۔ اس کی تفسیر میں حضرت ابن عباس ؓ نے فرمایا کہ خدا کے منع کردہ کاموں سے رکے رہو اور اس کی طرف قربت تلاش کرو۔ حضرت مجاہد ؓ ، حضرت ابو وائل ؓ ، حضرت حسن ؓ حضرت ابن زید ؓ اور بہت سے مفسرین سے بھی یہی مروی ہے ۔ حضرت قتادہ ؓ فرماتے ہیں کہ خدا کی اطاعت اور اس کی مرضی کے اعمال سے اس سے قریب ہوتے جاؤ۔ ان ائمہ نے وسیلے کے جو معنی اس آیت میں کیے ہیں اس پر سب مفسرین کا گویا اجماع ہے اور کسی ایک کا بھی خلاف نہیں ہے ۔ ایک حدیث میں رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے کہ وسیلے سے بڑا درجہ جنت میں کوئی نہیں ہے ۔ پس تم اللہ تعالیٰ سے میرے لیے وسیلے کے ملنے کی دعا کرو۔ (منقول از ابن کثیر)
Ayah 5:36

اِنَّ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا لَوْ اَنَّ لَهُمْ مَّا فِی الْاَرْضِ جَمِیْعًا وَّ مِثْلَهٗ مَعَهٗ لِیَفْتَدُوْا بِهٖ مِنْ عَذَابِ یَوْمِ الْقِیٰمَةِ مَا تُقُبِّلَ مِنْهُمْ١ۚ وَ لَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ Open ayah 5:36 in the Quran reader

خوب جان لو کہ جن لوگوں نے کفر کا رویہ اختیار کیا ہے، اگر اُن کے قبضہ میں ساری زمین کی دولت ہو اور اتنی ہی اور اس کے ساتھ، اور وہ چاہیں کہ اسے فدیہ میں دے کر روز قیامت کے عذاب سے بچ جائیں، تب بھی وہ ان سے قبول نہ کی جائے گی اور انہیں درد ناک سزا مل کر رہے گی

[ اِنَّ الَّذِيْنَ : یقینا جنھوں نے ] [ كَفَرُوْا : کفر کیا ] [ لَوْ : اگر ] [ اَنَّ : یہ کہ ] [ لَهُمْ : ان کے لیے ] [ مَّا : وہ ہو جو ] [ فِي الْاَرْضِ : زمین میں ہے ] [ جَمِيْعًا : سب کا سب ] [ وَّمِثْلَهٗ : اور اس کے جیسا ] [ مَعَهٗ : اس کے ساتھ ] [ لِيَفْتَدُوْا : تاکہ وہ خود کو چھڑائیں ] [ بِهٖ : جسے دے کر ] [ مِنْ عَذَابِ يَوْمِ الْقِيٰمَةِ : قیامت کے دن کے عذاب سے ] [ مَا تُقُبِّلَ : تو وہ قبول نہیں کیا جائے گا ] [ مِنْهُمْ ۚ: ان سے ] [ وَلَهُمْ : اور ان کے لیے ] [ عَذَابٌ اَلِيْمٌ: ایک دردناک عذاب ہے ]
Ayah 5:37

یُرِیْدُوْنَ اَنْ یَّخْرُجُوْا مِنَ النَّارِ وَ مَا هُمْ بِخٰرِجِیْنَ مِنْهَا١٘ وَ لَهُمْ عَذَابٌ مُّقِیْمٌ Open ayah 5:37 in the Quran reader

وہ چاہیں گے کہ دوزخ کی آگ سے نکل بھاگیں مگر نہ نکل سکیں گے اور انہیں قائم رہنے والا عذاب دیا جائے گا

[ يُرِيْدُوْنَ : وہ لوگ چاہیں گے ] [ اَنْ : کہ ] [ يَّخْرُجُوْا : وہ نکلیں ] [ مِنَ النَّارِ : آگ سے ] [ وَمَا : حالانکہ ] [ هُمْ : ھم ] [ بِخٰرِجِيْنَ : نکلنے والے نہیں ہیں ] [ مِنْهَا ۡ: اس سے ] [ وَلَهُمْ : اور ان کے لیے ] [ عَذَابٌ مُّقِيْمٌ: ایک ہمیشہ قائم رہنے والا عذاب ہے ]
Ayah 5:38

وَ السَّارِقُ وَ السَّارِقَةُ فَاقْطَعُوْۤا اَیْدِیَهُمَا جَزَآءًۢ بِمَا كَسَبَا نَكَالًا مِّنَ اللّٰهِ١ؕ وَ اللّٰهُ عَزِیْزٌ حَكِیْمٌ Open ayah 5:38 in the Quran reader

اور چور، خواہ عورت ہو یا مرد، دونوں کے ہاتھ کاٹ دو، یہ اُن کی کمائی کا بدلہ ہے اور اللہ کی طرف سے عبرتناک سزا اللہ کی قدرت سب پر غالب ہے اور وہ دانا و بینا ہے

[ وَالسَّارِقُ : اور چوری کرنے والا ] [ وَالسَّارِقَةُ : اور چوری کرنے والی (جب چوری کریں)] [ فَاقْطَعُوْٓا : تو کاٹ دو ] [ اَيْدِيَهُمَا : ان دونوں کے ہاتھ ] [ جَزَاۗءًۢ: بدلہ ہوتے ہوئے ] [ بِمَا : بسبب اس کے جو ] [ كَسَـبَا : ان دونوں نے کمایا ] [ نَكَالًا : عبرت ہوتے ہوئے ] [ مِّنَ اللّٰهِ ۭ: اللہ (کی طرف ) سے ] [ وَاللّٰهُ : اور اللہ ] [ عَزِيْزٌ : بالا دست ہے ] [ حَكِيْمٌ: حکمت والا ہے ] س ر ق : (ض) کوئی چیز چرانا ۔ يٰٓاَبَانَآ اِنَّ ابْنَكَ سَرَقَ [ اے ہمارے باپ بیشک آپ کے بیٹے نے چوری کی ] ۔ 12:81 ۔ سارق ۔ اسم الفاعل ہے ، چوری کرنے والا ۔ چور آیت زیر مطالعہ ۔ (افتعال) ۔ استراقا۔ اہتمام سے چرانا ۔ اِلَّا مَنِ اسْتَرَقَ السَّمْعَ [ سوائے اس کے جس نے چپکے سے چرایا سننے کو ] ۔ 15 :18 ۔ ترکیب السارق اور السارقۃ پر لام جنس ہے اور یہ مبتدا ہونے کی وجہ سے حالت رفع میں ہیں ۔ ان کی خبر محذوف ہے جو اذا سرقا ہوسکتی ہے ۔ اذا محذوف کا جواب شرط فاقطعوا ہے ۔ جزاء اور نکالا حال ہیں ۔ نوٹ : 1 ۔ متعدد احادیث میں مختلف اشیاء کی چوری پر ہاتھ کاٹنے سے رسول اللہ ﷺ نے منع فرمایا ہے ۔ ان احادیث اور حضرت عمر ؓ ، حضرت عثمان ؓ ، حضرت علی ؓ کے فیصلوں کی بنیاد پر مختلف فقہاء نے مختلف چیزوں کو ہاتھ کاٹنے کے حکم سے مستثنی قرار دیا ہے ۔ امام ابوحنیفہ (رح) کے نزدیک پھل ، گوشت ، پکا ہوا کھانا ، غلہ جس کا ابھی کھلیان نہ کیا گیا ہو، کھیل اور موسیقی کے آلات ، چرتے ہوئے جانور اور بیت المال کی چوری ہاتھ کاٹنے سے مستثنی ہیں ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایسے چوروں پر حد جاری نہیں ہوگی بلکہ ان کو مناسب تعزیری سزا دی جائے گی ۔ (تفہیم القرآن) نوٹ : 2 ۔ فقہاء اس پر متفق ہیں کہ چور اگر چوری کرنے کے بعد خواہ گرفتاری سے پہلے یا بعد میں ، توبہ کرلے تو دنیاوی سزا یعنی ہاتھ کاٹنے کی سزا معاف نہیں ہوگی ۔ اس کی توبہ قبول ہونے کا مطلب آخرت کے عذاب سے معافی ملنا ہے ۔ (معارف القرآن )
Ayah 5:39

فَمَنْ تَابَ مِنْۢ بَعْدِ ظُلْمِهٖ وَ اَصْلَحَ فَاِنَّ اللّٰهَ یَتُوْبُ عَلَیْهِ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ غَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ Open ayah 5:39 in the Quran reader

پھر جو ظلم کرنے کے بعد توبہ کرے اور اپنی اصلاح کر لے تو اللہ کی نظر عنایت پھر اس پر مائل ہو جائے گی، اللہ بہت درگزر کرنے والا اور رحم فرمانے والا ہے

[ فَمَنْ : پھر جس نے ] [ تَابَ : توبہ کی ] [ مِنْۢ بَعْدِ ظُلْمِهٖ : اپنے ظلم کے بعد ] [ وَاَصْلَحَ : اور اصلاح کی ] [ فَاِنَّ اللّٰهَ : تو یقینا اللہ ] [ يَتُوْبُ عَلَيْهِ : اس کی توبہ قبول کرتا ہے ] [ ۭاِنَّ اللّٰهَ : بیشک اللہ ] [ غَفُوْرٌ: بےانتہا بخشنے والا ہے ] [ رَّحِيْمٌ: ہر حال میں رحم کرنے والا ہے ]
Ayah 5:40

اَلَمْ تَعْلَمْ اَنَّ اللّٰهَ لَهٗ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ یُعَذِّبُ مَنْ یَّشَآءُ وَ یَغْفِرُ لِمَنْ یَّشَآءُ١ؕ وَ اللّٰهُ عَلٰى كُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ Open ayah 5:40 in the Quran reader

کیا تم جانتے نہیں ہو کہ اللہ زمین اور آسمانوں کی سلطنت کا مالک ہے؟ جسے چاہے سزا دے اور جسے چاہے معاف کر دے، وہ ہر چیز کا اختیار رکھتا ہے

اَلَمْ : کیا ] [ تَعْلَمْ : تو نے نہیں جانا ] [ اَنَّ : کہ ] [ اللّٰهَ : اللہ ] [ لَهٗ : اس کی ہی ہے ] [ مُلْكُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ ۭ: زمین اور آسمانوں کی بادشاہت ] [ يُعَذِّبُ : وہ عذاب دیتا ہے ] [ مَنْ : اس کو جس کو ] [ يَّشَاۗءُ : وہ چاہتا ہے ] [ وَيَغْفِرُ؛اور وہ بخشتا دیتا ہے ] [ لِمَنْ : اس کو جس ] [ يَّشَاۗءُ : وہ چاہتا ہے ] [ ۭوَاللّٰهُ : اور اللہ ] [ عَلٰي كُلِّ شَيْءٍ : ہر چیز پر ] [ قَدِيْرٌ: قادر ہے ]
Ayah 5:41

یٰۤاَیُّهَا الرَّسُوْلُ لَا یَحْزُنْكَ الَّذِیْنَ یُسَارِعُوْنَ فِی الْكُفْرِ مِنَ الَّذِیْنَ قَالُوْۤا اٰمَنَّا بِاَفْوَاهِهِمْ وَ لَمْ تُؤْمِنْ قُلُوْبُهُمْ١ۛۚ وَ مِنَ الَّذِیْنَ هَادُوْا١ۛۚ سَمّٰعُوْنَ لِلْكَذِبِ سَمّٰعُوْنَ لِقَوْمٍ اٰخَرِیْنَ١ۙ لَمْ یَاْتُوْكَ١ؕ یُحَرِّفُوْنَ الْكَلِمَ مِنْۢ بَعْدِ مَوَاضِعِهٖ١ۚ یَقُوْلُوْنَ اِنْ اُوْتِیْتُمْ هٰذَا فَخُذُوْهُ وَ اِنْ لَّمْ تُؤْتَوْهُ فَاحْذَرُوْا١ؕ وَ مَنْ یُّرِدِ اللّٰهُ فِتْنَتَهٗ فَلَنْ تَمْلِكَ لَهٗ مِنَ اللّٰهِ شَیْئًا١ؕ اُولٰٓئِكَ الَّذِیْنَ لَمْ یُرِدِ اللّٰهُ اَنْ یُّطَهِّرَ قُلُوْبَهُمْ١ؕ لَهُمْ فِی الدُّنْیَا خِزْیٌ١ۖۚ وَّ لَهُمْ فِی الْاٰخِرَةِ عَذَابٌ عَظِیْمٌ Open ayah 5:41 in the Quran reader

اے پیغمبرؐ! تمہارے لیے باعث رنج نہ ہوں وہ لوگ جو کفر کی راہ میں بڑی تیز گامی دکھا رہے ہیں خواہ وہ اُن میں سے ہوں جو منہ سے کہتے ہیں ہم ایمان لائے مگر دل اُن کے ایمان نہیں لائے، یا اُن میں سے ہوں جو یہودی بن گئے ہیں، جن کا حال یہ ہے کہ جھوٹ کے لیے کان لگاتے ہیں، اور دوسرے لوگوں کی خاطر، جو تمہارے پاس کبھی نہیں آئے، سن گن لیتے پھرتے ہیں، کتاب اللہ کے الفاظ کو اُن کا صحیح محل متعین ہونے کے باوجود اصل معنی سے پھیرتے ہیں، اور لوگوں سے کہتے ہیں کہ اگر تمہیں یہ حکم دیا جائے تو مانو نہیں تو نہ مانو جسے اللہ ہی نے فتنہ میں ڈالنے کا ارادہ کر لیا ہو تو اس کو اللہ کی گرفت سے بچانے کے لیے تم کچھ نہیں کرسکتے، یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں کو اللہ نے پاک کرنا نہ چاہا، ان کے لیے دنیا میں رسوائی ہے اور آخرت میں سخت سزا

[ يٰٓاَيُّھَا الرَّسُوْلُ : اے رسول ] [ لَا يَحْزُنْكَ : چاہیے کہ غمگین نہ کریں آپ کو ] [ الَّذِيْنَ : وہ لوگ جو ] [ يُسَارِعُوْنَ : دوڑ دھوپ کرتے ہیں ] [ فِي الْكُفْرِ : کفر میں ] [ مِنَ الَّذِيْنَ : ان میں سے جنھوں نے ] [ قَالُوْٓا : کہا ] [ اٰمَنَّا : ہم ایمان لائے ] [ بِاَفْوَاهِهِمْ؛ اپنے مونہوں سے ] [ وَ : حالانکہ ] [ لَمْ تُؤْمِنْ : ایمان لائے ہی نہیں ] [ قُلُوْبُهُمْ : ان کے دل ] [ ڔ وَمِنَ الَّذِيْنَ : اور ان میں سے جو ] [ هَادُوْا : یہودی ہیں ] [ ڔ سَمّٰعُوْنَ : بہت ٹوہ لگانے والے ہیں ] [ لِلْكَذِبِ : جھوٹ (پھیلانے ) کے لیے ] [ سَمّٰعُوْنَ : جاسوسی کرنے والے ہیں ] [ لِقَوْمٍ اٰخَرِيْنَ ۙ: ایک دوسری قوم کے لیے ] [ لَمْ يَاْتُوْكَ ۭ: جو ابھی نہیں آئے آپ کے پاس ] [ يُحَرِّفُوْنَ : وہ لوگ پھیرتے ہیں ] [ الْكَلِمَ : کلاموں کو ] [ مِنْۢ بَعْدِ مَوَاضِعِهٖ ۚ: ان کے رکھنے کی جگہوں (کے تعین ) کے بعد سے ] [ يَقُوْلُوْنَ : کہتے ہیں ] [ اِنْ : اگر ] [ اُوْتِيْتُمْ : تم لوگوں کو دیا جائے ] [ هٰذَا : یہ ] [ فَخُذُوْهُ : تو پکڑ لو اس کو ] [ وَاِنْ : اور اگر ] [ لَّمْ تُؤْتَوْهُ : تم کو نہ دیا جائے وہ ] [ فَاحْذَرُوْا ۭ: تو تم لوگ بچو ] [ وَمَنْ : اور جس کے لیے ] [ يُّرِدِ : ارادہ کرتا ہے ] [ اللّٰهُ : اللہ ] [ فِتْنَتَهٗ : اس کی آزمائش کا ] [ فَلَنْ تَمْلِكَ : تو آپ کو ہرگز اختیار نہیں ] [ لَهٗ : اس کے لیے ] [ مِنَ اللّٰهِ : اللہ سے ] [ شَـيْـــــًٔـا : کچھ بھی ] [ ۭ اُولٰۗىِٕكَ : وہ لوگ ہیں ] [ الَّذِيْنَ : جن کے لیے ] [ لَمْ يُرِدِ : ارادہ نہیں کیا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ اَنْ : کہ ] [ يُّطَهِّرَ : وہ پاک کرے ] [ قُلُوْبَهُمْ : ان کے دلوں کوۭ] [ لَهُمْ : ان کے لیے ] [ فِي الدُّنْيَا : دنیا میں ] [ خِزْيٌ ښ: ایک رسوائی ہے ] [ وَّلَهُمْ : اور ان کے لیے ] [ فِي الْاٰخِرَةِ : آخرت میں ] [ عَذَابٌ عَظِيْمٌ : ایک عظیم عذاب ہے ] س ح ت : (ف) ۔ سحتا ۔ پھل سے چھلکا اتارنا یا گوشت سے چربی چھیلنا ۔ کسی کو ہلاک کرنا ۔ سحت ۔ حرام اور ناپاک کمائی جو دنیا میں عار اور آخرت میں ہلاکت کا سبب بنے ۔ آیت زیر مطالعہ ۔ (افعال ) اسحاتا جڑ سے اکھاڑ دینا ۔ بیخ کنی کرنا ۔ لَا تَفْتَرُوْا عَلَي اللّٰهِ كَذِبًا فَيُسْحِتَكُمْ بِعَذَابٍ [ تم لوگ مت باندھو اللہ پر جھوٹ ورنہ وہ اکھاڑ پھینکے گا تم لوگوں کو عذاب سے ] 20: 61 ۔ نوٹ : 1 ۔ اللہ کی طرف سے کسی کو فتنہ میں ڈالنے کا ایک مطلب یہ ہے ، اور یہاں یہی مراد ہے ، کہ کسی شخص کے اندر جب برائی پرورش پاتی ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے سامنے ایسے مواقع لاتا ہے جس میں اس کی سخت آزمائش ہوتی ہے ، تاکہ وہ سنبھل جائے اور اپنی اصلاح کرلے ، لیکن اگر وہ پھر بھی نصیحت حاصل نہیں کرتا تو پھر وہ مزید برائی میں پھنستا چلا جاتا ہے ۔ یہی اللہ تعالیٰ کا وہ فتنہ ہے جس سے کسی بگڑتے ہوئے انسان کو بچا لینا اس کے کسی خیر خواہ کے بس میں نہیں ہوتا ۔ (تفیہم القرآن )
Ayah 5:42

سَمّٰعُوْنَ لِلْكَذِبِ اَكّٰلُوْنَ لِلسُّحْتِ١ؕ فَاِنْ جَآءُوْكَ فَاحْكُمْ بَیْنَهُمْ اَوْ اَعْرِضْ عَنْهُمْ١ۚ وَ اِنْ تُعْرِضْ عَنْهُمْ فَلَنْ یَّضُرُّوْكَ شَیْئًا١ؕ وَ اِنْ حَكَمْتَ فَاحْكُمْ بَیْنَهُمْ بِالْقِسْطِ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ یُحِبُّ الْمُقْسِطِیْنَ Open ayah 5:42 in the Quran reader

یہ جھوٹ سننے والے اور حرام کے مال کھانے والے ہیں، لہٰذا اگر یہ تمہارے پاس (اپنے مقدمات لے کر) آئیں تو تمہیں اختیار دیا جاتا ہے کہ چاہو ان کا فیصلہ کرو ورنہ انکار کر دو انکار کر دو تو یہ تمہارا کچھ بگاڑ نہیں سکتے، اور فیصلہ کرو تو پھر ٹھیک ٹھیک انصاف کے ساتھ کرو کہ اللہ انصاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے

[ سَمّٰعُوْنَ : بہت ٹوہ لگانے والے ] [ لِلْكَذِبِ : جھوٹ (پھیلانے ) کے لیے ] [ اَكّٰلُوْنَ؛رج کے کھانے والے ] [ لِلسُّحْتِ ۭ: حرام کی کمائی کے لیے ] [ فَاِنْ : پھر اگر ] [ جَاۗءُوْكَ : وہ لوگ آئیں آپ کے پاس ] [ فَاحْكُمْ؛تو آپ فیصلہ کریں ] [ بَيْنَهُمْ : ان کے درمیان ] [ اَوْ : یا ] [ اَعْرِضْ : اعراض کریں ] [ عَنْهُمْ ۚ: ان سے ] [ وَاِنْ : اور اگر ] [ تُعْرِضْ : آپ اعراض کریں گے ] [ عَنْهُمْ : ان سے ] [ فَلَنْ يَّضُرُّوْكَ : تو وہ ہرگز نقصان نہیں پہنچا سکتے آپ کو ] [ شَـيْـــًٔـا ۭ: کچھ بھی ] [ وَاِنْ : اور اگر ] [ حَكَمْتَ : آپ فیصلہ کریں ] [ فَاحْكُمْ : تو آپ فیصلہ کریں ] [ بَيْنَهُمْ : ان کے درمیان ] [ بِالْقِسْطِ ۭ: انصاف سے ] [ اِنَّ اللّٰهَ :: بیشک اللہ [ يُحِبُّ : پسند کرتا ہے ] [ الْمُقْسِطِيْنَ : انصاف کرنے والوں کو ]
Ayah 5:43

وَ كَیْفَ یُحَكِّمُوْنَكَ وَ عِنْدَهُمُ التَّوْرٰىةُ فِیْهَا حُكْمُ اللّٰهِ ثُمَّ یَتَوَلَّوْنَ مِنْۢ بَعْدِ ذٰلِكَ١ؕ وَ مَاۤ اُولٰٓئِكَ بِالْمُؤْمِنِیْنَ۠ Open ayah 5:43 in the Quran reader

اور یہ تمہیں کیسے حَکم بناتے ہیں جبکہ ان کے پاس توراۃ موجود ہے جس میں اللہ کا حکم لکھا ہوا ہے اور پھر یہ اس سے منہ موڑ رہے ہیں؟ اصل بات یہ ہے کہ یہ لوگ ایمان ہی نہیں رکھتے

[ وَكَيْفَ؛اور کیسے ] [ يُحَكِّمُوْنَكَ : وہ لوگ حکم مانیں گے آپ کو ] [ وَ؛اس حال میں کہ ] [ عِنْدَهُمُ : ان کے پاس ] [ التَّوْرٰىةُ؛تورات ہے ] [ فِيْهَا : اس میں ] [ حُكْمُ اللّٰهِ : اللہ کا حکم ہے ] [ ثُمَّ : پھر ] [ يَتَوَلَّوْنَ : منہ پھیرتے ہیں ] [ مِنْۢ بَعْدِ ذٰلِكَ ۭ: اس کے (نزول ) کے بعد سے ] [ وَمَآ اُولٰۗىِٕكَ : اور وہ لوگ ] [ بِالْمُؤْمِنِيْنَ : ایمان لانے والے نہیں ہیں ]
Ayah 5:44

اِنَّاۤ اَنْزَلْنَا التَّوْرٰىةَ فِیْهَا هُدًى وَّ نُوْرٌ١ۚ یَحْكُمُ بِهَا النَّبِیُّوْنَ الَّذِیْنَ اَسْلَمُوْا لِلَّذِیْنَ هَادُوْا وَ الرَّبّٰنِیُّوْنَ وَ الْاَحْبَارُ بِمَا اسْتُحْفِظُوْا مِنْ كِتٰبِ اللّٰهِ وَ كَانُوْا عَلَیْهِ شُهَدَآءَ١ۚ فَلَا تَخْشَوُا النَّاسَ وَ اخْشَوْنِ وَ لَا تَشْتَرُوْا بِاٰیٰتِیْ ثَمَنًا قَلِیْلًا١ؕ وَ مَنْ لَّمْ یَحْكُمْ بِمَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ فَاُولٰٓئِكَ هُمُ الْكٰفِرُوْنَ Open ayah 5:44 in the Quran reader

ہم نے توراۃ نازل کی جس میں ہدایت اور روشنی تھی سارے نبی، جو مسلم تھے، اُسی کے مطابق اِن یہودی بن جانے والوں کے معاملات کا فیصلہ کرتے تھے، اور اِسی طرح ربانی اور احبار بھی (اسی پر فیصلہ کا مدار رکھتے تھے) کیونکہ انہیں کتاب اللہ کی حفاظت کا ذمہ دار بنایا گیا تھا اور وہ اس پر گواہ تھے پس (اے گروہ یہود!) تم لوگوں سے نہ ڈرو بلکہ مجھ سے ڈرو اور میری آیات کو ذرا ذرا سے معاوضے لے کر بیچنا چھوڑ دو جو لوگ اللہ کے نازل کردہ قانون کے مطابق فیصلہ نہ کریں وہی کافر ہیں

[ اِنَّآ : بیشک ہم نے ] [ اَنْزَلْنَا : نازل کیا ] [ التَّوْرٰىةَ : تورات کو ] [ فِيْهَا : اس میں ] [ هُدًى: ہدایت ہے ] [ وَّنُوْرٌ ۚ: اور نور ہے ] [ يَحْكُمُ : فیصلہ کیا کرتے تھے ] [ بِهَا؛اس سے ] [ النَّبِيُّوْنَ : انبیاء کرام ] [ الَّذِيْنَ : جنھوں نے ] [ اَسْلَمُوْا؛تابعداری کی ] [ لِلَّذِيْنَ؛ان کے لیے جو ] [ هَادُوْا : یہودی ہوئے ] [ وَالرَّبّٰنِيُّوْنَ : اور اللہ والے لوگ (بھی ) ] [ وَالْاَحْبَارُ : اور علماء (بھی)] [ بِمَا؛اس وجہ سے کہ ] [ اسْتُحْفِظُوْا : وہ محافظ بنائے گئے ] [ مِنْ كِتٰبِ اللّٰهِ؛اللہ کی کتاب میں سے ] [ وَكَانُوْا؛اور وہ لوگ تھے ] [ عَلَيْهِ : اس پر ] [ شُهَدَاۗءَ : گواہ ] [ ۚ فَلَا تَخْشَوُا : پس تم لوگ مت ڈرو ] [ النَّاسَ : لوگوں سے ] [ وَاخْشَوْنِ : اور (یعنی بلکہ ) مجھ سے ڈرو ] [ وَلَا تَشْتَرُوْا ؛اور مت خریدو ] [ بِاٰيٰتِيْ : میری آیات کے عوض ] [ ثَـمَنًا قَلِيْلًا ۭ: تھوڑی سی قیمت وَمَنْ : اور جو ] [ لَّمْ يَحْكُمْ ؛فیصلہ نہیں کرتے ] [ بِمَآ : اس سے جو ] [ اَنْزَلَ : نازل کیا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ فَاُولٰۗىِٕكَ : تو وہ لوگ ] [ هُمُ الْكٰفِرُوْنَ : ہی کافر ہیں ] ح ب ر : (ن) ۔ حبرا ۔ آراستہ کرنا ۔ نقش ونگار بنانا۔ (س) ۔ حبرا ۔ کسی چیز کا اپنے نشانات چھوڑ جانا ۔ حبر ج ۔ احبار ۔ عالم دین [ کیونکہ وہ علم سے آراستہ ہوتا ہے اور اپنے علم کے اثرات چھوڑ جاتا ہے ) آیت زیر مطالعہ ۔ (افعال) ۔ احبارا ۔ کسی کو مسرور کرنا ۔ آؤ بھگت کرنا ۔ فَهُمْ فِيْ رَوْضَةٍ يُّحْبَرُوْنَ [ تو ان لوگوں کی ایک باغ میں آؤ بھگت کی جائے گی ] ۔ 30 :15 ء نــ: (س) ۔ انفعا ۔ (1) خود دار ہونا ۔ ناک پر مکھی نہ بیٹھنے دینا ۔ (2) ناک بھوں چڑھانا ۔ انف۔ ہر چیز کی ابتداء جیسے (1) پہاڑ کی چوٹی ۔ (2) ناک ۔ آیت زیر مطالعہ ۔ انفا۔ ظرف ہے اس لیے منصوب ہوتا ہے ۔ شروع میں ، ابھی ۔ مَاذَا قَالَ اٰنِفًا ۣ [ انھوں نے کیا فرمایا ابھی ] ۔ 47 :16 ترکیب : جملہ فعل ماضی انزلنا سے شروع ہوا ہے اس لیے یحکم سے پہلے کان محذوف مانا جائے گا اور اس کا ترجمہ ماضی میں ہوگا ۔ النبیون موصول ہے اور الذین اسلموا صلہ ہے ۔ صلہ اور موصول مل کر یحکم کا فاعل ہے ۔ جبکہ للذین ھادوا یحکم سے متعلق ہے ۔ الربنیون اور الاحبار بھی یحکم کے فاعل ہیں جبکہ بما بھی یحکم سے متعلق ہیں ۔ علیہ کی ضمیر کتب اللہ کے لیے ہے ۔ من شرطیہ ہے اس لیے لم یحکم کا ترجمہ حال میں ہوگا۔
Ayah 5:45

وَ كَتَبْنَا عَلَیْهِمْ فِیْهَاۤ اَنَّ النَّفْسَ بِالنَّفْسِ١ۙ وَ الْعَیْنَ بِالْعَیْنِ وَ الْاَنْفَ بِالْاَنْفِ وَ الْاُذُنَ بِالْاُذُنِ وَ السِّنَّ بِالسِّنِّ١ۙ وَ الْجُرُوْحَ قِصَاصٌ١ؕ فَمَنْ تَصَدَّقَ بِهٖ فَهُوَ كَفَّارَةٌ لَّهٗ١ؕ وَ مَنْ لَّمْ یَحْكُمْ بِمَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ فَاُولٰٓئِكَ هُمُ الظّٰلِمُوْنَ Open ayah 5:45 in the Quran reader

توراۃ میں ہم نے یہودیوں پر یہ حکم لکھ دیا تھا کہ جان کے بدلے جان، آنکھ کے بدلے آنکھ، ناک کے بدلے ناک، کان کے بدلے کان، دانت کے بدلے دانت، اور تمام زخموں کے لیے برابر کا بدلہ پھر جو قصاص کا صدقہ کر دے تو وہ اس کے لیے کفارہ ہے اور جو لوگ اللہ کے نازل کردہ قانون کے مطابق فیصلہ نہ کریں وہی ظالم ہیں

[ وَكَتَبْنَا؛اور ہم نے لکھا ] [ عَلَيْهِمْ : ان پر ] [ فِيْهَآ : اس میں ] [ اَنَّ : کہ ] [ النَّفْسَ : جان (کا بدلہ ہے )] [ بِالنَّفْسِ ۙ: جان سے ] [ وَالْعَيْنَ : اور آنکھ (کا بدلہ ہے )] [ بِالْعَيْنِ : آنکھ سے ] [ وَالْاَنْفَ؛اور ناک (کا بدلہ ہے ] [ بِالْاَنْفِ : ناک ہے ] [ وَالْاُذُنَ؛اور کان (کا بدلہ ہے )] [ بِالْاُذُنِ؛کان سے ] [ وَالسِّنَّ : اور دانت (کا بدلہ ہے )] [ بِالسِّنِّ ۙ: دانت سے ] [ وَالْجُرُوْحَ؛اور زخموں ) (کا بھی )] [ قِصَاصٌ ۭ: بدلہ ہے ] [ فَمَنْ؛تو جس نے ] [ تَصَدَّقَ بِهٖ؛اپنا حق چھوڑا ] [ فَهُوَ : تو یہ ] [ كَفَّارَةٌ: کفارہ ہے (گناہوں کا )] [ لَّهٗ ۭ: اس کے لیے ] [ وَمَنْ : اور جو ] [ لَّمْ يَحْكُمْ : اس سے جو ] [ بِمَآ : اس سے جو ] [ اَنْزَلَ : نازل کیا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ فَاُولٰۗىِٕكَ : تو وہ لوگ ] [ هُمُ الظّٰلِمُوْنَ : ہی ظلم کرنے والے ہیں ]
Ayah 5:46

وَ قَفَّیْنَا عَلٰۤى اٰثَارِهِمْ بِعِیْسَى ابْنِ مَرْیَمَ مُصَدِّقًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْهِ مِنَ التَّوْرٰىةِ١۪ وَ اٰتَیْنٰهُ الْاِنْجِیْلَ فِیْهِ هُدًى وَّ نُوْرٌ١ۙ وَّ مُصَدِّقًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْهِ مِنَ التَّوْرٰىةِ وَ هُدًى وَّ مَوْعِظَةً لِّلْمُتَّقِیْنَؕ Open ayah 5:46 in the Quran reader

پھر ہم نے ان پیغمبروں کے بعد مریمؑ کے بیٹے عیسیٰؑ کو بھیجا توراۃ میں سے جو کچھ اس کے سامنے موجود تھا وہ اس کی تصدیق کرنے والا تھا اور ہم نے اس کو انجیل عطا کی جس میں رہنمائی اور روشنی تھی اور وہ بھی توراۃ میں سے جو کچھ اُس وقت موجود تھا اُس کی تصدیق کرنے والی تھی اور خدا ترس لوگوں کے لیے سراسر ہدایت اور نصیحت تھی

[ وَقَفَّيْنَا : اور ہم نے پیچھے بھیجا ] [ عَلٰٓي اٰثَارِهِمْ : ان کے نقوش قدم پر ] [ بِعِيْسَى ابْنِ مَرْيَمَ : عیسیٰ ابن مریم کو ] [ مُصَدِّقًا : تصدیق کرنے والا ہوتے ہوئے ] [ لِّمَا : اس کی جو ] [ بَيْنَ يَدَيْهِ : ان کے سامنے ہے ] [ مِنَ التَّوْرٰىةِ ۠: تورات میں سے ] [ وَاٰتَيْنٰهُ : اور ہم نے دی ان کو ] [ الْاِنْجِيْلَ : انجیل ] [ فِيْهِ : اس میں ] [ هُدًى: ہدایت ہے ] [ وَّنُوْرٌ : اور نور ہےۙ [ َّمُصَدِّقًا : اور تصدیق کرنے والی ہوتے ہوئے ] [ لِّمَا : اس کی جو ] [ بَيْنَ يَدَيْهِ : اس کے سامنے ہے ] [ مِنَ التَّوْرٰىةِ : تورات میں سے ] [ وَهُدًى : اور ہدایت ہوتے ہوئے ] [ وَّمَوْعِظَةً : اور نصیحت ہوتے ہوئے ] [ لِّلْمُتَّقِيْنَ : اللہ سے ڈرنے والوں کے لیے ] ء ث ر : (ن ۔ ض ) اثرا ۔ (1) کسی چیز کا اپنا نشان چھوڑ جانا جو اس کے وجود پر دلیل ہو ۔ (2) کسی کا احترام کرنا ۔ اثر۔ ج ، اثار ۔ اسم ذات بھی ہے ۔ نشان ۔ اثر ۔ نقش قدم ۔ سِيْمَاهُمْ فِيْ وُجُوْهِهِمْ مِّنْ اَثَرِ السُّجُوْدِ ۭ [ ان کی علامت ان کے چہروں میں ہے سجدوں کے نشان سے ] 48:29 ۔ فَقَبَضْتُ قَبْضَةً مِّنْ اَثَرِ الرَّسُوْلِ [ تو میں نے قبضے میں لیا ایک مٹھی بھر فرشتے کے نقش قدم سے ) ۔ 20 :96 ۔ اثرۃ ۔ ج ، اثارۃ ، کسی علم کا بقیہ حصہ ۔ اِيْتُوْنِيْ بِكِتٰبٍ مِّنْ قَبْلِ ھٰذَآ اَوْ اَثٰرَةٍ مِّنْ عِلْمٍ [ تم لوگ لاؤ میرے پاس کوئی کتاب اس سے پہلے کی یا کسی علم کے باقی حصے ] 46:4 ۔ (افعال) ایثار ۔ کسی کو کسی پر ترجیح دینا ۔ بَلْ تُـؤْثِرُوْنَ الْحَيٰوةَ الدُّنْيَا [ بلکہ تم لوگ ترجیح دیتے ہو دنیا کی زندگی کو ] ۔ 87 : 16 ۔ ھ ی م ن ۔ (رباعی ) ۔ ھیمنۃ ، حفاظت کرنا ۔ نگرانی کرنا ۔ مھیمن ۔ اسم الفاعل ہے ۔ حفاظت اور نگرانی کرنے والا ۔ ش ر ع (ف) شرعا ۔ کسی کے لیے قانون بنانا ۔ شَرَعَ لَكُمْ مِّنَ الدِّيْنِ مَا وَصّٰى بِهٖ نُوْحًا [ اس نے قانون بنایا تمہارے لیے نظام حیات میں سے ، اس کو اس نے تاکید کی جس کی نوح کو ] 13: 42 ۔ شرعۃ ۔ قوانین کا مجموعہ ۔ دستور ۔ آیت زیر مطالعہ ۔ شریعۃ۔ قوانین کی پابندی کرنے کا لائحہ عمل ۔ راستہ ۔ ضابطہ ۔ ثُمَّ جَعَلْنٰكَ عَلٰي شَرِيْعَةٍ مِّنَ الْاَمْرِ فَاتَّبِعْهَا [ پھر ہم نے رکھا آپ کو ایک ضابطے پر حکم میں سے ، تو آپ پیروی کریں اس کی ] ۔ 45:18 (ف) شروعا۔ پانی میں گھسنا ۔ شارعۃ ۔ ج ، شرع ۔ اسم الفاعل ہے ۔ پانی میں گھسنے والی ۔ اِذْ تَاْتِيْهِمْ حِيْتَانُهُمْ يَوْمَ سَبْتِهِمْ شُرَّعًا [ جب آتیں ان کے پاس ان کی مچھلیاں ان کے ہفتے کے دن پانی میں تیرتی ہوئی ] ۔ 7:163 ن ھ ج ۔ (ف) ۔ نھجا ۔ راستہ چلنا ۔ منھاج راستہ آیت زیر مطالعہ ۔ ترکیب : علی اثارہم کی ضمیر آیت نمبر 44، میں مذکور النبیون ، الربنیون اور الاحبار کے لیے ہے ، مصدقا حال ہے ، وھدی وموعظۃ یہ دونوں بھی حال ہیں۔ الیک الکتاب من الکتاب میں الکتاب پر الام تعریف ہے جبکہ من الکتاب میں الکتاب پر لام جنس ہے ۔ عما دراصل عن ما ہے ۔ اس سے پہلے کوئی ایسا فعل محذوف ہے جس کے ساتھ عن کا صلہ آتا ہے ۔ یہاں پر فتعرض محذوف ماننا مناسب ہے ۔ ولکن کے بعد بھی کوئی فعل محذوف ہے جیسے فرقتہم ۔ اصاب ۔ یصیب ۔ اصابۃ [ ٹھیک نشانہ پر لگنا لازم ہے لیکن یہاں پر یہ ب کے صلے کے ساتھ آیا ہے اس لیے متعدی ہوگیا یعنی ٹھیک نشانے پر لگانا ۔ نوٹ : 1 ۔ قرآن مجید کو ” الکتاب “ پر محافظ اور نگران کہنے کا مطلب یہ ہے کہ اس نے ان تمام برحق تعلیمات کو ، جو پچھلی آسمانی کتابوں میں دی گئی تھیں ، اپنے اندر محفوظ کردیا ہے۔ اب ان تعلیمات کا کوئی حصہ ضائع نہ ہونے پائے گا ۔ گزشتہ کتابوں میں خدا کے کلام اور لوگوں کے کلام کی جو آمیزش ہوگئی ہے ، قرآن کی شہادت سے ان کو پھر چھانٹا جاسکتا ہے ۔ جو کچھ قرآن کے مطابق ہے وہ خدا کا کلام ہے اور جو قرآن کے خلاف ہے وہ لوگوں کا کلام ہے ۔ (تفہیم القرآن ) نوٹ : 2 ۔ جاہلیت کا لفظ اسلام کے مقابلے میں استعمال کیا جاتا ہے (یعنی جو طریقہ اسلامی تعلیمات سے مطابقت نہیں رکھتا وہ جاہلیت ہے ) اسلام کا طریقہ سراسر علم ہے کیونکہ اس کی طرف اللہ تعالیٰ نے راہنمائی کی ہے ۔ اس کے برعکس ہر وہ طریقہ جو اسلام سے مختلف ہے جاہلیت کا طریقہ ہے ۔ عرب کے زمانہ قبل اسلام کو جاہلیت کا دور اسی معنی میں کہا گیا ہے کہ اس زمانے میں علم کے بغیر وہم و گمان اور خواہشات کی بنا پر انسانوں نے اپنے لیے زندگی کے طریقے مقرر کرلیے تھے ۔ یہ طرز عمل جس دور میں بھی اور جہاں کہیں بھی انسان اختیار کرے گا اسے بہرحال جاہلیت ہی کا طرز عمل کہا جائے گا ۔ مدرسوں اور یونیورسٹیوں میں جو کچھ پڑھایا جاتا ہے وہ محض ایک جزوی علم ہے اور کسی معنی میں بھی انسان کی راہنمائی کے لیے کافی نہیں ہے ۔ اللہ تعالیٰ کے دیئے ہوئے علم سے بےنیاز ہو کر جو نظام زندگی اس جزوی علم کے ساتھ ظنون وادہام اور قیاسات و خواہشات کی آمیزش کرکے بنا لیے گئے ہیں وہ بھی اسی طرح جاہلیت کی تعریف میں آتے ہیں جس طرح قدیم زمانے کے جاہلی طریقے اس تعریف میں آتے تھے (تفہیم القرآن ) مولانا مودودی کی مذکورہ وضاحت سے یہ بات پوری طرح واضح ہوجاتی ہے کہ ” جاہلیت “ محض ایک لفظ نہیں بلکہ قرآن مجید کی ایک مخصوص اصطلاح ہے اور اس کا دائرہ بہت وسیع ہے ۔ اس میں کسی بھی معاشرے کے ، یہاں تک کہ کسی مسلم معاشرے کے بھی وہ رسم و رواج اور طور طریقے شامل ہیں جو غیر اسلامی ہیں ، خواہ وہ ANTI ISLAMIC ہوں یا UN.ISLAMIC ہوں ۔ قرآن مجید میں یہ اصلاح چار جگہ آئی ہے اور ہر جگہ جاہلیت کی کسی مخصوص جہت (DIMENSION) کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اس کو سمجھ لینے سے کسی بھی معاشرے کا تجزیاتی جائزہ لینے میں بہت مدد ملتی ہے ۔ (1) سورة ال عمران کی آیت نمبر ۔ 154 میں ” ظن الجاھلیۃ “ آیا ہے یعنی جاہلیت کا گمان اور مذکورہ بالا وضاحت کے بعد اب ہم اس کا ترجمہ کرسکتے ہیں ۔ کہ غیر اسلامی گمان ۔ یہ اعتقادی گمراہی کی جہت ہے ۔ پاکستان کے مسلم معاشرے میں اس کی مثال یہ ہے کہ جیسے بلی کے راستہ کاٹ جانے کو منحوس خیال کرنا یا رشتے کے بھائی بہنوں (چچا زاد ۔ ماموں زاد وغیرہ) کا ایک دوسرے سے پردہ کرنے کو دقیانوسیت سمجھنا ۔ (2) اس کے بعد سورة المائدہ کی آیت نمبر ۔ 50 میں حکم الجاھلیۃ آیا ہے یعنی جاہلیت کا فیصلہ ۔ یہ قانونی گمراہی کی جہت ہے ۔ آج کل جیسے رجم کی سزا کا انکار کرنا یا ہاتھ کاٹنے اور برسرعام کوڑے مارنے کی سزا کو وحشیانہ قرار دینا ۔ (3) اس کے بعد سورة الاحزاب کی آیت نمبر ۔ 33 میں تبرج الجاھلیۃ آیا ہے یعنی جاہلیت کا دکھاوا کرنا ۔ یہ خود کو نمایاں کرنے اور نمود ونمائش کی جہت ہے ۔ آج کل جیسے شادی بیاہ میں روشنی کا اہتمام کرنا یا بیوٹی پارلر میں بالوں ، آنکھ کی پلکوں اور بھنوؤں وغیرہ کی تراش خراش کرانا ۔ (4) اس کے بعد سورة الفتح کی آیت نمبر 26 ۔ میں حمیۃ الجاھلیۃ آیا ہے یعنی جاہلیت کی حمیت ۔ یہ غیرت اور خود داری میں گمراہی کی جہت ہے ۔ آج کل جیسے غیرت کے نام پر قتل کرنا یا بیک وقت تین طلاق دینے کو درست سمجھنا جبکہ یہ گناہ ہیں ۔
Ayah 5:47

وَ لْیَحْكُمْ اَهْلُ الْاِنْجِیْلِ بِمَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ فِیْهِ١ؕ وَ مَنْ لَّمْ یَحْكُمْ بِمَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ فَاُولٰٓئِكَ هُمُ الْفٰسِقُوْنَ Open ayah 5:47 in the Quran reader

ہمارا حکم تھا کہ اہل انجیل اس قانون کے مطابق فیصلہ کریں جو اللہ نے اس میں نازل کیا ہے اور جو لوگ اللہ کے نازل کردہ قانون کے مطابق فیصلہ نہ کریں وہی فاسق ہیں

[ وَلْيَحْكُمْ؛اور چاہیے کہ فیصلہ کریں ] [ اَهْلُ الْاِنْجِيْلِ : انجیل والے ] [ بِمَآ : اس سے جو ] [ اَنْزَلَ؛اتارا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ فِيْهِ ۭ: اس میں ] [ وَمَنْ : اور جو ] [ لَّمْ يَحْكُمْ : فیصلہ نہیں کرتا ] [ بِمَآ : اس سے جو ] [ اَنْزَلَ : نازل کیا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ فَاُولٰۗىِٕكَ : تو وہ لوگ ] [ هُمُ الْفٰسِقُوْنَ : ہی نافرمانی کرنے والے ہیں ]
Ayah 5:48

وَ اَنْزَلْنَاۤ اِلَیْكَ الْكِتٰبَ بِالْحَقِّ مُصَدِّقًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیْهِ مِنَ الْكِتٰبِ وَ مُهَیْمِنًا عَلَیْهِ فَاحْكُمْ بَیْنَهُمْ بِمَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ وَ لَا تَتَّبِعْ اَهْوَآءَهُمْ عَمَّا جَآءَكَ مِنَ الْحَقِّ١ؕ لِكُلٍّ جَعَلْنَا مِنْكُمْ شِرْعَةً وَّ مِنْهَاجًا١ؕ وَ لَوْ شَآءَ اللّٰهُ لَجَعَلَكُمْ اُمَّةً وَّاحِدَةً وَّ لٰكِنْ لِّیَبْلُوَكُمْ فِیْ مَاۤ اٰتٰىكُمْ فَاسْتَبِقُوا الْخَیْرٰتِ١ؕ اِلَى اللّٰهِ مَرْجِعُكُمْ جَمِیْعًا فَیُنَبِّئُكُمْ بِمَا كُنْتُمْ فِیْهِ تَخْتَلِفُوْنَۙ Open ayah 5:48 in the Quran reader

پھر اے محمدؐ! ہم نے تمہاری طرف یہ کتاب بھیجی جو حق لے کر آئی ہے اور الکتاب میں سے جو کچھ اس کے آگے موجود ہے اُس کی تصدیق کرنے والی اور اس کی محافظ و نگہبان ہے لہٰذا تم خدا کے نازل کردہ قانون کے مطابق لوگوں کے معاملات کا فیصلہ کرو اور جو حق تمہارے پاس آیا ہے اُس سے منہ موڑ کر ان کی خواہشات کی پیروی نہ کرو ہم نے تم میں سے ہر ایک کے لیے ایک شریعت اور ایک راہ عمل مقرر کی اگرچہ تمہارا خدا چاہتا تو تم سب کو ایک امت بھی بنا سکتا تھا، لیکن اُس نے یہ اِس لیے کیا کہ جو کچھ اُس نے تم لوگوں کو دیا ہے اس میں تمہاری آزمائش کرے لہٰذا بھلائیوں میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرو آخر کار تم سب کو خدا کی طرف پلٹ کر جانا ہے، پھر وہ تمہیں اصل حقیقت بتا دے گا جس میں تم اختلاف کرتے رہے ہو

[ وَاَنْزَلْنَآ : اور ہم نے نازل کیا ] [ اِلَيْكَ : آپ کی طرف ] [ الْكِتٰبَ : اس کتاب کو ] [ بِالْحَقِّ : حق کے ساتھ ] [ مُصَدِّقًا : تصدیق کرنے والی ہوتے ہوئے ] [ لِّمَا : اس کی جو ] [ بَيْنَ يَدَيْهِ :: اس کے سامنے ہے ] [ مِنَ الْكِتٰبِ : کتابوں میں سے ] [ وَمُهَيْمِنًا : اور نگراں ہوتے ہوئے ] [ عَلَيْهِ : ان پر ] [ فَاحْكُمْ : پس آپ فیصلہ کریں ] [ بَيْنَهُمْ : ان کے درمیان ] [ بِمَآ : اس سے جو ] [ اَنْزَلَ : نازل کیا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ وَلَا تَتَّبِعْ : اور آپ پیروی مت کریں ] [ اَهْوَاۗءَهُمْ : ان کی خواہشات کی ] [ عَمَّا : (ورنہ آپ گریز کریں گے ) اس سے جو ] [ جَاۗءَكَ : آیا آپ کے پاس ] [ مِنَ الْحَقِّ : حق میں سے ] [ ۭ لِكُلٍّ : سب کے لیے ] [ جَعَلْنَا : ہم نے بنایا ] [ مِنْكُمْ : تم میں سے ] [ شِرْعَةً : ایک دستور ] [ وَّمِنْهَاجًا : ایک راستہ ] [ ۭوَلَوْ : اور اگر ] [ شَاۗءَ : چاہتا ] [ اللّٰهُ : اللہ ] [ لَجَعَلَكُمْ : تو وہ بناتا تم کو ] [ اُمَّةً وَّاحِدَةً : ایک امت ] [ وَّلٰكِنْ : اور لیکن (اس نے فرق رکھا تم میں )] [ لِّيَبْلُوَكُمْ : تاکہ وہ آزمائے تم کو ] [ فِيْ مَآ : اس میں جو ] [ اٰتٰىكُمْ : اس نے دیا تم کو ] [ فَاسْتَبِقُوا : پس سبقت کرو ] [ الْخَيْرٰتِ ۭ: بھلائیوں میں ] [ اِلَى اللّٰهِ : اللہ کی طرف ہی ] [ مَرْجِعُكُمْ : تمہارے لوٹنے کی جگہ ہے ] [ جَمِيْعًا : سب کی ] [ فَيُنَبِّئُكُمْ : پھر وہ بتلائے گا تم کو ] [ بِمَا : وہ ] [ كُنْتُمْ فِيْهِ تَخْتَلِفُوْنَ : تم لوگ اختلاف کیا کرتے تھے جس میں ]
Ayah 5:49

وَ اَنِ احْكُمْ بَیْنَهُمْ بِمَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ وَ لَا تَتَّبِعْ اَهْوَآءَهُمْ وَ احْذَرْهُمْ اَنْ یَّفْتِنُوْكَ عَنْۢ بَعْضِ مَاۤ اَنْزَلَ اللّٰهُ اِلَیْكَ١ؕ فَاِنْ تَوَلَّوْا فَاعْلَمْ اَنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰهُ اَنْ یُّصِیْبَهُمْ بِبَعْضِ ذُنُوْبِهِمْ١ؕ وَ اِنَّ كَثِیْرًا مِّنَ النَّاسِ لَفٰسِقُوْنَ Open ayah 5:49 in the Quran reader

پس اے محمدؐ! تم اللہ کے نازل کردہ قانون کے مطابق اِن لوگوں کے معاملات کا فیصلہ کرو اور ان کی خواہشات کی پیروی نہ کرو ہوشیار رہو کہ یہ لوگ تم کو فتنہ میں ڈال کر اُس ہدایت سے ذرہ برابر منحرف نہ کرنے پائیں جو خدا نے تمہاری طرف نازل کی ہے پھر اگر یہ اس سے منہ موڑیں تو جان لو کہ اللہ نے اِن کے بعض گناہوں کی پاداش میں ان کو مبتلائے مصیبت کرنے کا ارادہ ہی کر لیا ہے، اور یہ حقیقت ہے کہ اِن لوگوں میں سے اکثر فاسق ہیں

[ وَاَنِ : اور یہ کہ ] [ احْكُمْ : آپ فیصلہ کریں ] [ بَيْنَهُمْ : ان کے درمیان ] [ بِمَآ : اس سے جو ] [ اَنْزَلَ : نازل کیا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ وَلَا تَتَّبِعْ : اور آپ پیروی مت کریں ] [ اَهْوَاۗءَهُمْ : ان کی خواہشات کی ] [ وَاحْذَرْهُمْ : اور ان سے محتاط رہیں ] [ اَنْ : کہ (کہیں ) ] [ يَّفْتِنُوْكَ : وہ لوگ پھسلادیں آپ کو ] [ عَنْۢ بَعْضِ مَآ؛اس کے بعض سے جو ] [ اَنْزَلَ : نازل کیا ] [ اللّٰهُ : اللہ نے ] [ اِلَيْكَ ۭ: آپ کی طرف ] [ فَاِنْ : پھر اگر ] [ تَوَلَّوْا : وہ لوگ روگردانی کریں ] [ فَاعْلَمْ : تو جان لو ] [ اَنَّمَا؛کچھ نہیں سوائے اس کے کہ ] [ يُرِيْدُ : چاہتا ہے ] [ اللّٰهُ : اللہ ] [ اَنْ؛کہ ] [ يُّصِيْبَهُمْ : وہ نشانہ بنائے ان کو ] [ بِبَعْضِ ذُنُوْبِهِمْ ۭ: ان کے گناہوں کے کچھ سے ] [ وَاِنَّ : اور یقینا ] [ كَثِيْرًا : بہتیرے ] [ مِّنَ النَّاسِ : لوگوں میں سے ] [ لَفٰسِقُوْنَ : تو حکم عدولی کرنے والے ہیں ]
Ayah 5:50

اَفَحُكْمَ الْجَاهِلِیَّةِ یَبْغُوْنَ١ؕ وَ مَنْ اَحْسَنُ مِنَ اللّٰهِ حُكْمًا لِّقَوْمٍ یُّوْقِنُوْنَ۠ Open ayah 5:50 in the Quran reader

(اگر یہ خدا کے قانون سے منہ موڑتے ہیں) تو کیا پھر جاہلیت کا فیصلہ چاہتے ہیں؟ حالانکہ جو لوگ اللہ پر یقین رکھتے ہیں ان کے نزدیک اللہ سے بہتر فیصلہ کرنے والا کوئی نہیں ہے

[ اَفَحُكْمَ الْجَاهِلِيَّةِ : تو کیا جاہلیت کا فیصلہ ] [ يَبْغُوْنَ ۭ: وہ لوگ چاہتے ہیں ] [ وَمَنْ : اور کون ] [ اَحْسَنُ : زیادہ اچھا ہے ] [ مِنَ اللّٰهِ : اللہ سے ] [ حُكْمًا : بلحاذ فیصلہ کرنے کے ] [ لِّقَوْمٍ : ایسے لوگوں کے لیے ] [ يُّوْقِنُوْنَ : جو یقین کرتے ہیں ]