49. Surah Al-Hujuraat
الحجراتThe Inner Apartments · 18 ayahsتفسیرِ مظہری
یَمُنُّوْنَ عَلَیْكَ اَنْ اَسْلَمُوْا١ؕ قُلْ لَّا تَمُنُّوْا عَلَیَّ اِسْلَامَكُمْ١ۚ بَلِ اللّٰهُ یَمُنُّ عَلَیْكُمْ اَنْ هَدٰىكُمْ لِلْاِیْمَانِ اِنْ كُنْتُمْ صٰدِقِیْنَ Open ayah 49:17 in the Quran reader
یہ لوگ تم پر احسان رکھتے ہیں کہ مسلمان ہوگئے ہیں۔ کہہ دو کہ اپنے مسلمان ہونے کا مجھ پر احسان نہ رکھو۔ بلکہ خدا تم پر احسان رکھتا ہے کہ اس نے تمہیں ایمان کا رستہ دکھایا بشرطیکہ تم سچے (مسلمان) ہو
یہ اپنے مسلمان ہونے کا آپ ﷺ پر احسان رکھتے ہیں۔ آپ ﷺ کہہ دیجئے اپنے اسلام لانے کا مجھ پر احسان نہ دھرو بلکہ اللہ تم پر احسان رکھتا ہے کہ اس نے تم کو ایمان کی ہدایت دی ‘ بشرطیکہ تم سچے ہو۔
اَنْ ھَدَاکُمْ لِلْاِیْمَانِ : یعنی تمہارے دلوں میں اللہ نے ایمان پیدا کردیا ‘ یہ تم پر اللہ کا احسان ہے۔ اِنْ کُنْتُمْ صٰدِقِیْنَ : یعنی اگر تم ایمان کے دعوے میں سچے ہو اور تمہارے قول کے مطابق تمہارا ایمان اخلاص کے ساتھ ہے تو یہ تم پر اللہ کا احسان ہے۔ یہ جملہ شرطیہ اشارہ کر رہا ہے اس بات کی طرف کہ وہ سب کے سب اپنے ایمان کے دعوے میں سچے نہیں تھے۔
اِنَّ اللّٰهَ یَعْلَمُ غَیْبَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ١ؕ وَ اللّٰهُ بَصِیْرٌۢ بِمَا تَعْمَلُوْنَ۠ Open ayah 49:18 in the Quran reader
بےشک خدا آسمانوں اور زمین کی پوشیدہ باتوں کو جانتا ہے اور جو کچھ تم کرتے ہو اسے دیکھتا ہے
ان اللہ یعلم غیب السموات والارض واللہ بصیر بما تعلمون .
بے شک اللہ آسمانوں اور زمین کی مخفی باتوں کو جانتا ہے اور تمہارے سب اعمال کو خوب دیکھتا ہے۔
ابن سعد نے بروایت محمد بن کعب قرظی اور سعید بن منصور نے بروایت سعید بن جبیر بیان کیا کہ 9 ھ میں قبیلہ بنی اسد کے دس آدمی رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے ‘ ان میں طلحہ ؓ بن خویلد بھی تھے۔ حضور ﷺ اس وقت صحابہ ؓ کے ساتھ تشریف فرما تھے۔ ان لوگوں نے آکر سلام کیا ‘ پھر ان میں سے ایک شخص نے کہا : یا رسول اللہ ! ﷺ میں شہادت دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں۔ وہ وحدہٗ لا شریک لہٗ ہے اور محمد ﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں۔ یا رسول اللہ ! ﷺ ہم خود حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے ہیں۔ آپ ﷺ نے اپنا کوئی نمائندہ ہمارے پاس نہیں بھیجا تھا۔ ہم اپنے ان لوگوں کے
لیے جو ہمارے پیچھے رہ گئے ہیں ‘ پیام مصالحت لے کر آئے ہیں۔ اس پر اللہ نے آیت مذکورہ نازل فرمائی۔
(الحمد اللہ سورة الحجرات کی تفسیر ختم ہوئی)