44. Surah Ad-Dukhaan

الدخانThe Smoke · 59 ayahsمدارک التنزیل

Ayah 44:41

یَوْمَ لَا یُغْنِیْ مَوْلًى عَنْ مَّوْلًى شَیْئًا وَّ لَا هُمْ یُنْصَرُوْنَۙ Open ayah 44:41 in the Quran reader

جس دن کوئی دوست کسی دوست کے کچھ کام نہ آئے گا اور نہ ان کو مدد ملے گی

آیت 41 : یَوْمَ لَا یُغْنِیْ مَوْلًی عَنْ مَّوْلًی (جس دن کوئی تعلق والا دوسرے تعلق والے کے کام نہ آئے گا) مولی یہاں ولیٌ کے معنی میں ہے کوئی دوستی وتعلق والا کسی کے بھی کام نہ آئے گا۔ شَیْئًا (ذرا بھر) ذرا بھر کام آنا یعنی بہت معمولی سا۔ وَّلَا ہُمْ یُنْصَرُوْنَ (اور نہ ان کی مدد کی جائے گی) : ہم کی ضمیر موالی کی طرف لوٹ رہی ہے۔ کیونکہ وہ کثیر کے معنی میں ہے۔ اس لئے کہ لفظ میں ابہام ہے۔ اور ہر تعلق کو شامل ہے۔
Ayah 44:42

اِلَّا مَنْ رَّحِمَ اللّٰهُ١ؕ اِنَّهٗ هُوَ الْعَزِیْزُ الرَّحِیْمُ۠ Open ayah 44:42 in the Quran reader

مگر جس پر خدا مہربانی کرے وہ تو غالب اور مہربان ہے

آیت 42 : اِلاَّ مَنْ رَّحِمَ اللّٰہُ (ہاں مگر جس پر اللہ تعالیٰ رحم فرمائے) : یہ محل رفع ہے۔ ینصرون کی ضمیر وائو سے بدل ہے۔ یعنی عذاب سے نہ بچے گا مگر وہ جس پر اللہ تعالیٰ کا رحم ہوا۔ اِنَّہٗٗٗ ہُوَ الْعَزِیْزُ (بےشک وہ زبردست ہے) اپنے دشمنوں پر غالب ہے۔ الرَّحِیْمُ (مہربان ہے) اپنے اولیاء پر۔
Ayah 44:43

اِنَّ شَجَرَتَ الزَّقُّوْمِۙ Open ayah 44:43 in the Quran reader

بلاشبہ تھوہر کا درخت

آیت 43 : اِنَّ شَجَرَتَ الزَّقُّوْمِ (بیشک زقوم کا درخت) وہ دنیا کے درخت کی صورت میں ہے مگر وہ آگ میں پیدا ہونے والا درخت ہے۔ اور زقوم اس کا پھل ہے۔ اور ہر ثقیل کھانے کو عرب زقوم کہتے ہیں۔
Ayah 44:44

طَعَامُ الْاَثِیْمِ٤ۖۛۚ Open ayah 44:44 in the Quran reader

گنہگار کا کھانا ہے

آیت 44 : طَعَامُ الْاَثِیْمِ (بڑے مجرم کا کھانا ہوگا) اثیم۔ بہت جرم کرنے والا گناہ گار۔ حضرت ابودرداء ؓ : سے روایت ہے کہ وہ ایک شخص کو پڑھا رہے تھے۔ طعام الاثیم اور وہ طعام الیتیم پڑھ رہا تھا۔ تو آپ نے فرمایا۔ طعام الفاجر کہو۔ اے میاں ! اسی روایت کو لے کر استدلال کیا جاتا ہے۔ کہ کلمہ کی جگہ کلمہ کو بدلنا جائز ہے۔ جبکہ معنی وہی ہو۔ اور ابوحنیفہ (رح) نے فارسی میں قراءت کا جواز مانا ہے۔ بشرطیکہ کہ قاری تمام معانی کو ان کے کمال پر ادا کرنے والا ہو بغیر اس کے کہ اس میں سے کوئی چیز کم ہو۔ علماء نے فرمایا : یہ شرط اس بات کی شہادت ہے کہ اجازت ہے تو سب زبانوں کے لئے اجازت ہے۔ کیونکہ کلام عرب۔ اور خاص طور پر قرآن مجید جو کہ اپنی فصاحت و بلاغت ٗ غرابت نظم ٗ اسلوب کلام میں ایسے لطیف ودقیق معانی سمیٹے ہوئے ہے۔ جن کی ادائیگی سے فارسی تو کیا ہر زبان قاصر ہے۔ (جب شرط نہ پائی گئی تو مشروط مفقود ہوا) باقی امام ابوحنیفہ (رح) کا رجوع اس قول سے مروی ہے۔ اور یہی قابل اعتماد ہے۔ (پس کسی دوسری زبان میں قراءت والا مسئلہ بنیاد کے ختم ہونے کی وجہ سے کالعدم ہوگیا)
Ayah 44:45

كَالْمُهْلِ١ۛۚ یَغْلِیْ فِی الْبُطُوْنِۙ Open ayah 44:45 in the Quran reader

جیسے پگھلا ہوا تانبا پیٹوں میں (اس طرح) کھولے گا

آیت 45 : کَالْمُہْلِ (جو تیل کی تلچھٹ جیسا ہوگا) مہل۔ زیتون کے تیل کی میل کو کہا جاتا ہے۔ : کاف مرفوع ہے اور یہ دوسری خبر ہے۔ یَغْلِیْ فِی الْبُطُوْنِ (وہ پیٹ میں کھولتا ہے) قراءت : مکی حفص نے یاء سے پڑھا اور مراد طعام ہوگا اور دیگر قراء نافع ‘ ابن عامر نے تغلی پڑھا اور الشجرہ مراد لیا۔
Ayah 44:46

كَغَلْیِ الْحَمِیْمِ Open ayah 44:46 in the Quran reader

جس طرح گرم پانی کھولتا ہے

آیت 46 : کَغَلْیِ الْحَمِیْمِ (جیسا تیز گرم پانی کھولتا ہے) الحمیم۔ سخت گرم پانی۔ اس کا معنی ہے : غلیًا کغلی الحمیم۔ اس کا کھولنا گرم پانی کے کھولنے جیسا ہوگا۔ : کاف منصوب المحل ہے۔ پھر جہنم کے داروغہ فرشتوں کو کہا جائے گا۔
Ayah 44:47

خُذُوْهُ فَاعْتِلُوْهُ اِلٰى سَوَآءِ الْجَحِیْمِۗۖ Open ayah 44:47 in the Quran reader

(حکم دیا جائے گا کہ) اس کو پکڑ لو اور کھینچتے ہوئے دوزخ کے بیچوں بیچ لے جاؤ

آیت 47 : خُذُوْہُ (اس کو پکڑو) اس گناہگار کو فَاعْتِلُوْہُ (پھر اس کو گھسیٹتے ہوئے لے جائو) اس کو زبردستی دھکے دے کر سختی سے چلائو۔ قراءت : مکی ٗ نافع ٗ شامی ٗ سہل و یعقوب نے فاعتُلوہ پڑھا ہے۔ اِلٰی سَوَآئِ الْجَحِیْمِ (جہنم کے وسط تک) اس کے درمیان اور بڑے حصہ میں۔
Ayah 44:48

ثُمَّ صُبُّوْا فَوْقَ رَاْسِهٖ مِنْ عَذَابِ الْحَمِیْمِؕ Open ayah 44:48 in the Quran reader

پھر اس کے سر پر کھولتا ہوا پانی انڈیل دو (کہ عذاب پر) عذاب (ہو)

آیت 48 : ثُمَّ صُبُّوْا فَوْقَ رَاْسِہٖ مِنْ عَذَابِ الْحَمِیْمِ (پھر اس کے سر کے اوپر تکلیف دینے والا گرم پانی چھوڑ دو ) بہایا جانے والا گرم کھولتا ہوا پانی نہ کہ اس کا عذاب۔ البتہ جب گرم پانی اس پر ڈالا جائے گا تو گویا اس پر عذاب اور اس کی شدت ڈال دی گئی۔ صب العذاب یہ استعارہ ہے۔
Ayah 44:49

ذُقْ١ۙۚ اِنَّكَ اَنْتَ الْعَزِیْزُ الْكَرِیْمُ Open ayah 44:49 in the Quran reader

(اب) مزہ چکھ تو بڑی عزت والا (اور) سردار ہے

آیت 49 : ذُقْ اِنَّکَ اَنْتَ الْعَزِیْزُ الْکَرِیْمُ (لے چکھ ! تو بڑا معزز و مکرم ہے) یہ بطور استہزاء اور تہکم کے کہا جائے گا۔ انک سے قبل لام تعلیلیہ محذوف ہے۔ ای لانک۔ کیونکہ تو بلند ہے۔
Ayah 44:50

اِنَّ هٰذَا مَا كُنْتُمْ بِهٖ تَمْتَرُوْنَ Open ayah 44:50 in the Quran reader

یہ وہی (دوزخ) ہے جس میں تم لوگ شک کیا کرتے تھے

آیت 50 : اِنَّ ہٰذَا (یہ وہی چیز ہے) عذاب یا یہ معاملہ وہی ہے۔ مَا کُنْتُمْ بِہٖ تَمْتَرُوْنَ (جس میں تم شک کیا کرتے تھے) تمترون کا معنی تم شک کرتے تھے۔
Ayah 44:51

اِنَّ الْمُتَّقِیْنَ فِیْ مَقَامٍ اَمِیْنٍۙ Open ayah 44:51 in the Quran reader

بیشک پرہیزگار لوگ امن کے مقام میں ہوں گے

متقین کا ٹھکانہ : آیت 51 : اِنَّ الْمُتَّقِیْنَ فِیْ مَقَامٍ اَمِیْنٍ (بیشک متقی امن کی جگہ میں ہوں گے) مقام۔ فتحہ کے ساتھ ہو تو معنی کھڑے ہونے کی جگہ۔ اور مراد مکان اور یہ ان خاص الفاظ میں سے ہے جو اپنے عمومی معنی میں مستعمل ہوئے۔ مُقَام ضمہ میم ہو تو معنی ہوگا اقامت کی جگہ۔ قراءت : مدنی و شامی نے ضمہ میم سے پڑھا ہے۔ اَمِیْنٍ یہ امن الرجل امانۃ فہوامین سے لیا گیا ہے۔ یہ خائن کی ضد ہے۔ مکان کو امین بطور استعارہ کہا گیا ہے۔ گویا خوف والا مقام اس طرح ہے کہ اپنے ساتھی کو تکالیف پہنچا کر اس کی خیانت کرتا ہے۔
Ayah 44:52

فِیْ جَنّٰتٍ وَّ عُیُوْنٍۚۙ Open ayah 44:52 in the Quran reader

(یعنی) باغوں اور چشموں میں

آیت 52 : فِیْ جَنّٰتٍ وَّعُیُوْنٍ (وہ باغات اور چشموں میں ہونگے) نحو : یہ مقام امین سے بدل ہے۔
Ayah 44:53

یَّلْبَسُوْنَ مِنْ سُنْدُسٍ وَّ اِسْتَبْرَقٍ مُّتَقٰبِلِیْنَۚۙ Open ayah 44:53 in the Quran reader

حریر کا باریک اور دبیز لباس پہن کر ایک دوسرے کے سامنے بیٹھے ہوں گے

آیت 53 : یَّلْبَسُوْنَ مِنْ سُنْدُسٍ (وہ لباس پہنیں گے باریک ریشم) سندس : باریک ریشم۔ وَّاِسْتَبْرَقٍ (دبیز موٹا ریشم) معرب : یہ لفظ استبر سے معرب ہے۔ جب کوئی لفظ معرب ہوجائے تو پھر عجمی نہیں رہتا۔ کیونکہ تعریب کا معنی ہی یہ ہے کہ اس کو تصرف کر کے عربی بنا لیا جائے۔ صحیح رخ سے تبدیلی اور اعراب وجوہ پر اس کا جاری ہونا قرآن عربی بنائے جانے کے لائق ہے۔ مُّتَقٰبِلِیْنَ (آمنے سامنے بیٹھے ہونگے) اپنی مجالس میں۔ یہ کمال انس ہے۔
Ayah 44:54

كَذٰلِكَ١۫ وَ زَوَّجْنٰهُمْ بِحُوْرٍ عِیْنٍؕ Open ayah 44:54 in the Quran reader

(وہاں) اس طرح (کا حال ہوگا) اور ہم بڑی بڑی آنکھوں والی سفید رنگ کی عورتوں سے ان کے جوڑے لگائیں گے

آیت 54 : کَذٰلِکَ (یہ بات اسی طرح ہے) کاف مرفوع ہے۔ ای الامرکذلک۔ مبتداء محذوف کی خبر ہے۔ وَزَوَّجْنٰہُمْ (ہم بیاہ کر دینگے) جوڑا بنادیں گے۔ اسی لئے باء سے متعدی کیا گیا ہے۔ بحور : (گوری گوری بڑی بڑی آنکھوں والیوں سے) حور جمع حوراء کی ہے۔ وہ آنکھ کی انتہاء سیاہی اور انتہائی سفیدی والی کو کہتے ہیں۔ عِیْنٍ جمع عیناء کی ہے بمعنی وسیع اور بڑی آنکھ والی۔
Ayah 44:55

یَدْعُوْنَ فِیْهَا بِكُلِّ فَاكِهَةٍ اٰمِنِیْنَۙ Open ayah 44:55 in the Quran reader

وہاں خاطر جمع سے ہر قسم کے میوے منگوائیں گے (اور کھائیں گے)

آیت 55 : یَدْعُوْنَ فِیْہَا (وہ منگاتے ہونگے) جنت میں طلب کریں گے۔ بِکُلِّ فَاکِہَۃٍ اٰمِنِیْنَ (ہر قسم کے میوے اطمینان سے) وہ میوے زوال و انقطاع اور کثرت کی وجہ سے ضرر کے پیدا ہونے سے محفوظ ہونگے۔
Ayah 44:56

لَا یَذُوْقُوْنَ فِیْهَا الْمَوْتَ اِلَّا الْمَوْتَةَ الْاُوْلٰى١ۚ وَ وَقٰىهُمْ عَذَابَ الْجَحِیْمِۙ Open ayah 44:56 in the Quran reader

(اور) پہلی دفعہ مرنے کے سوا (کہ مرچکے تھے) موت کا مزا نہیں چکھیں گے اور خدا ان کو دوزخ کے عذاب سے بچا لے گا

دوزخیوں کا حال : آیت 56 : لَایَذُوْقُوْنَ فِیْہَا (وہ نہ چکھیں گے وہاں) یعنی جنت میں الْمَوْتَ (موت کو) قطعی طور پر اِلاَّ الْمَوْتَۃَ الْاُوْلٰی (مگر وہی موت جو دنیا میں آچکی) یعنی سوائے اس موت کے جو دنیا میں چکھ چکے۔ ایک قول یہ ہے : الا یہ لکن کے معنی میں ہے۔ لیکن پہلی موت اس کو دنیا میں چکھ چکے۔ وَوَقٰہُمْ عَذَابَ الْجَحِیْمِ (اور اللہ تعالیٰ ان کو دوزخ سے بچا لے گا)
Ayah 44:57

فَضْلًا مِّنْ رَّبِّكَ١ؕ ذٰلِكَ هُوَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ Open ayah 44:57 in the Quran reader

یہ تمہارے پروردگار کا فضل ہے یہی تو بڑی کامیابی ہے

آیت 57 : فَضْلًا مِّنْ رَّبِّکَ (یہ سب کچھ آپ کے رب کے فضل سے ہوگا) فضلاً ۔ یہ مفعول لہ ہے۔ نمبر 2۔ ماقبل کا مصدر مؤکد ہے۔ کیونکہ ووقاہم عذاب الجحیم۔ یہ ان پر اللہ تعالیٰ کا محض فضل ہی ہے۔ کیونکہ بندہ کا اللہ تعالیٰ پر کوئی استحقاق نہیں ہے۔ داخلہ جنت : ذٰلِکَ (یہ) عذاب کا پھرجانا اور جنت میں داخلہ مل جانا۔ ہُوَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ (یہی بڑی کامیابی ہے)
Ayah 44:58

فَاِنَّمَا یَسَّرْنٰهُ بِلِسَانِكَ لَعَلَّهُمْ یَتَذَكَّرُوْنَ Open ayah 44:58 in the Quran reader

ہم نے اس (قرآن) کو تمہاری زبان میں آسان کردیا ہے تاکہ یہ لوگ نصیحت پکڑیں

آیت 58 : فَاِنَّمَا یَسَّرْنٰہُ (پس ہم نے اس قرآن کو آپ کی زبان پر آسان کردیا ہے) ہٗ سے مراد کتاب ہے۔ اور اس کا تذکرہ ابتدائے سورت میں ہوا ہے۔ بِلِسَانِکَ لَعَلَّہُمْ یَتَذَکَّرُوْنَ (تاکہ یہ نصیحت قبول کریں) یتذکرون۔ نصیحت قبول کرنے کے معنی میں ہے۔
Ayah 44:59

فَارْتَقِبْ اِنَّهُمْ مُّرْتَقِبُوْنَ۠ Open ayah 44:59 in the Quran reader

پس تم بھی انتظار کرو یہ بھی انتظار کر رہے ہیں

بڑی کامیابی : آیت 59 : فَارْتَقِبْ (پس آپ منتظر رہیے) آپ ان پر اترنے والے عذاب کے منتظر رہیں۔ اِنَّہُمْ مُّرْتَقِبُوْنَ (یہ لوگ بھی منتظر ہیں) یہ ان دنیوی حوادث کے منتظر ہیں جو آپ پر اتریں گے۔