Ayah 22:1قیامت کی ہولناکی :
یٰٓـاَیُّھَا النَّاسُ اتَّقُوْا رَبَّکُمْ (اے لوگو ! تم اپنے رب سے ڈرو ! ) اس میں اولاد آدم کو تقویٰ کا حکم دیا گیا ہے۔ پھر قیامت کا تذکرہ کر کے اس کے لازم ہونے کا سبب بیان کیا۔ اور ہولناک انداز سے اس کا تعارف کرایا پھر فرمایا : اِنَّ زَلْزَلَۃَ السَّاعَۃِ شَیْ ئٌ عَظِیْمٌ تاکہ وہ اس حالت کا معائنہ کریں اور اپنی عقلوں سے اس کو تصور میں لائیں تاکہ اپنی بقاء و دوام کے پیش نظر ان نفوس پر رحم کھائیں اور تقویٰ کا لباس پہن کر اس دن کی سختی سے بچ جائیں کیونکہ تقویٰ ہی ایسی چیز ہے جو اس دن کی سختی سے ان کو بچا سکتی ہے۔
الزلزلۃ زور سے ہلنا اور جھنجوڑنا۔ زلزلہ کو الساعۃؔ کی طرف مضاف کیا۔ یہ اضافۃ المصدر الی الفاعل کی قسم ہے گویا قیامت ہی نے زمین کو ہلایا ہے۔ اس کو مجاز حکمی کہا جاتا ہے۔ نمبر 2۔ یہ اضافۃ المصدر الی الظرف کی قسم ہے کیونکہ وہ زلزلۃ قیامت میں پیش آئے گا جیسا کہ اس ارشاد میں ہے۔ بل مکر اللیل والنھار ] سبا : 33 [ اور اس کا وقت قیامت کے دن ہوگا۔ نمبر 2۔ جب سورج مغرب سے طلوع ہوگا۔ اس آیت میں معتزلہ کیلئے کوئی دلیل نہیں کہ معدوم چیز کو شئی کہہ دیا یہ اس کا نام ہے جس کا وجود خالی ہے۔
Ayah 22:22: یَوْمَ تَرَوْنَھَا (جس روز تم اس کو دیکھو گے) ھاؔ کی ضمیر زلزلہ کی طرف راجح ہے۔ نمبر 2۔ قیامت کی طرف راجع ہے۔ یَوْمَ ترونھا یہ تذھل کی وجہ سے منصوب ہے۔ تذْھَلُ غافل ہونا۔ الذھول غفلت کو کہتے ہیں : کُلُّ مُرْضِعَۃٍ عَمَّآ اَرْضَعَتْ (اور ہر دودھ پلانے والی عورت اس بچے سے غافل ہوجائے گی جس کو دودھ پلا رہی ہوگی) اس کے دودھ پلانے سے نمبر 2۔ اس بچے سے جس کو وہ دودھ پلاتی ہے۔
ایک قول :
یہ ہے یہاں مرضعہ اس لئے کہا تاکہ یہ دلالت ہو کہ جب یہ خوف طاری ہوگا اور اس وقت بچے نے پستان منہ میں بھی ڈالا ہوا ہو تب بھی وہ پستان اس کے منہ سے کھینچ لے گی۔ اس دہشت کی وجہ سے جو اس پر طاری ہوئی کیونکہ مرضعہ وہی کہلاتی ہے جس کا پستان بچہ منہ میں ڈالنے والا ہو۔ المرضعؔ وہ عورت جو دودھ پلانے کے لائق ہو۔ اگرچہ اسوقت وہ دودھ نہ پلانے والی ہو۔
وَتضَعُ کُلُّ ذَاتِ حَمْلٍ حَمْلَھَا (اور ہر حاملہ اپنا حمل ساقط کر دیگی۔ ) ذات حمل اس سے مراد حاملہ ہے۔ حملھاتکمیل سے پہلے لڑکا۔
قول حسن (رح) دودھ پلانے والی اپنے بیٹے سے بلا دودھ چھڑ ائے غافل ہوجائے گی۔ وَتَرَی النَّاسَ (اور تم لوگوں کو دیکھو گے) اے دیکھنے والے سُکٰرٰی (نشہ میں) بطور مشابہت فرمایا جبکہ وہ تجلیات عظمت و سلطنت جبروت اور کبریائی کے نظارے دیکھیں گے یہاں تک کہ ہر نبی نفسی نفسی پکاریں گے۔
وَمَا ھُمْ بِسُکٰرٰی (حالانکہ وہ نشہ میں نہ ہونگے) حقیقت میں وَلٰکِں َّ عَذَابَ اللّٰہِ شَدِیْدٌ (لیکن اللہ تعالیٰ کا عذاب سخت ہے۔ ) پس اللہ تعالیٰ کے عذاب کے خوف نے ہی ان کی عقلوں کو اڑا دیا ہے۔ اور ان کو ایسے شخص کی حالت کی طرف لوٹا دیا ہے جس کی عقل نشہ سے جاتی رہی ہو۔
قول حسن (رح) اور تم لوگوں کو خوف کی وجہ سے نشہ میں دیکھو گے حالانکہ انکا یہ نشہ شراب سے نہ ہوگا۔ قراءت حمزہ و علی نے دونوں میں سکریؔ۔ امالہ کے ساتھ پڑھا ہے۔ یہ عطشی کی طرح ہے عطشان میں۔
نحو : روایت میں ہے کہ یہ دو روایات غزوئہ مصطلق بنو مصطلق کی رات کو اتریں۔ آپ ﷺ نے ان کو پڑھ کر سنایا اس رات سے بڑھ کر لوگوں کو روتا ہوا نہیں پایا۔ (الثعلبی کذا قال الحافظ)
Ayah 22:3بنو مصطلق :
3: وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یُّجَادِلُ فِیْ اللّٰہِ ( اور بعض لوگ ایسے ہیں جو اللہ تعالیٰ کے متعلق جھگڑتے ہیں) فی اللہؔ کا مطلب اللہ تعالیٰ کے دین میں جھگڑنا ہے۔ بِغَیْرِ عِلْمٍ (بغیر علم کے) ۔
نحو : یہ حال ہے۔
یہ نضر بن حارث کے متعلق اتری۔ وہ بڑا جھگڑالو تھا۔ وہ کہتا ملائکہ اللہ تعالیٰ کی بیٹیاں ہیں اور قرآن مجیدپہلے لوگوں کے قصے کہانیاں ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کو بوسیدہ ہڈیاں زندہ کرنے کی قدرت نہیں۔ نمبر 2۔ یہ آیت عام ہے ہر خواہش پرست جو دین کا مخالف ہو وہ مراد ہے۔ وَّ یَتَّبِعُ (اور وہ پیروی کرتا ہے) کُلَّ شَیْطٰنٍ مَّرِیْدٍ (ہر سرکش شیطان کی) عادؔ ہر ایسا سرکش جو شر میں دوام و استمرار اختیار کرنے والا ہو۔ مَرِیْد پر وقف نہیں پڑھا جاسکتا کیونکہ مابعد اس کی صفت ہے۔
Ayah 22:4شیطان کے متعلق فیصلہ :
4: کُتِبَ عَلَیْہِ (اللہ تعالیٰ نے شیطان کے متعلق لکھ دیا ہے) یعنی شیطان کے متعلق فیصلہ ہوچکا۔ اَنَّہٗ (معاملہ و شان یہ ہے۔ ) یہ کُتِبَ کا نائب فاعل ہے۔ مَنْ تَوَلَّاہُ (کہ جس نے اس سے دوستی اختیار کی) شیطان کی پیروی کی فَاَنَّہٗ (پس وہ اس کو) بیشک شیطان یُضِلُّہٗ (ضرور بھٹکا دے گا) سیدھے راستہ سے۔ وَیَھْدِیْہِ اِلٰی عَذَابِ السَّعِیْرِ (اور اس کی راہنمائی دوزخ کے عذاب کی طرف کرے گا) عذاب سعیر یعنی آگ۔ قول زجاج (رح) فَاَنَّہ کی فاء عاطفہ ہے اور اَنَّ کو تاکید کیلئے دوبارہ لایا گیا ہے۔ مگر ابوعلی نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا اگر مَنْ ؔ شرط کیلئے ہے تو فاء اس کی جزاء کیلئے آئی ہے اور اگر مَنْ کو الّذیْ کے معنی میں مانا جائے تو پھر فاء مبتدا کی خبر پر داخل ہوئی ہے اور تقدیر عبارت اس طرح ہے : فَالْاَ مْرُ اَنَّہٗ یُضِلُّہٗ اور عطف اور تاکید پہلے کی تکمیل کے بعد آتے ہیں۔ مطلب یہ ہے شیطان کے متعلق لکھ دیا ہے اسی آدمی کا گمراہ کرنا جو اس سے دوستی اختیار کرے اور آگ کی طرف اس کی راہنمائی کرے۔
Ayah 22:5منکرین بعث کے خلاف دلیل :
5: پھر منکرین بعث پر حجت لازم کرتے ہوئے فرمایا : یٰآ یُّھَا النَّاسُ اِنْ کُنْتُمْ فِیْ رَیْبٍ مِّنَ الْبَعْثِ (اے لوگو ! اگر تم کو دوبارہ اٹھائے جانے کا شک ہے) یعنی اگر بعث بعدالموت کے متعلق تمہیں شک ہے تو تمہارے شک کا ازالہ اس طرح ہوسکتا ہے کہ تم اپنی ابتدائی خلقت پر نگاہ ڈالو۔ کہ ابتداء میں تم مٹی اور پانی تھے اور تمہارے بعث کے انکار کا سبب بھی یہی انسانی وجود کا مٹی اور پانی بن جانا ہے۔ فَاِنَّا خَلَقْنٰکُمْ (پس بیشک ہم نے تمہیں پیدا کیا) یعنی تمہارے آباء و اجداد کو مِّنْ تُرَابٍ ثُمَّ (مٹی سے پھر) پیدا کیے گئے۔ مِں ْ نُّطْفَۃٍ ثُمَّ مِنْ عَلَقَۃٍ (ایک بوند سے پھر خون کے جمے ہوئے لو تھڑے سے) جمے ہوئے خون کے ٹکڑے سے۔ ثُمَّ مِنْ مُّضْغَۃٍ (پھر بوٹی سے) چھوٹے گوشت کے ٹکرے سے جو ایک دفعہ چبایا جاسکے۔ مُّخَلَّقَۃٍ وَّ غَیْرِ مُخَلَّقَۃٍ (مکمل و نامکمل) المخلقۃ درست و ملائم جو نقص و عیب سے پاک ہو۔ گویا اللہ تعالیٰ مضغہ مختلف پیدا فرماتے ہیں۔ بعض مضغات ان میں کامل الخلقت اور عیوب سے مبرأ ہوتے ہیں اور بعض ان میں سے اس کے برعکس ہوتے ہیں یہ فرق ہی انسانوں کی خلقت و بناوٹ، شکل و صورت، طول وقصر، تکمیل و نقص کا باعث ہے۔ بلاشبہ ہم نے تمہیں ایک حالت سے دوسری حالت اور ایک خلقت سے دوسری میں منتقل کیا۔ لِّنُبَیِّنَ لَکُمْ (تاکہ ہم تمہارے سامنے واضح کردیں) اس تدریج میں ہماری کمال قدرت اور کامل حکمت ہے۔ بیشک وہ ہستی جو انسانوں کو مٹی سے ابتدائی مرحلے میں پھر نطفہ سے دوسرے مرحلہ میں بناتی ہے حالانکہ پانی اور مٹی اور انسان میں کوئی مناسبت نہیں وہ اس بات پر قادر ہے کہ نطفہ کو علقہ اور علقہ کو مضغہ اور مضغہ کو ہڈیاں بنا دے۔ وہ اس بات پر قادر ہے کہ جس طرح پہلی مرتبہ بنایا اسی طرح اعادہ کر دے۔ وَنُقِرُّ (اور ہم ٹھہراتے ہیں)
قرات،: مفضل کے علاوہ تمام نے رفع سے پڑھا ہے۔ یہ وقف کے بعد جملہ مستانفہ ہے۔ ای نحن نثبت فِی الْاَرْحامِ مَا نَشَآءُ (ارحام میں جس طرح ہم چاہتے ہیں) اس کا ثبوت اور ٹھہرائو کرتے ہیں اِلٰٓی اَجَلٍ مُّسَمًّی (ایک وقت مقررہ تک) ولادت کے وقت تک اور جس کو ٹھہرانا نہیں چاہتے اس کو رحم سے گرادیتے ہیں۔ ثُمَّ نُخْرِجُکُمْ (پھر تمہیں نکالتے ہیں) ارحام سے طِفْلًا (بچہ بنا کر)
نحو : یہ حال ہے اور اس سے مراد جنس ہے اسی لئے یہ جمع نہیں لایا گیا۔ نمبر 2۔ اس سے مراد یہ بھی لی جائے کہ ہم تم میں سے ہر ایک کو نکالتے ہیں طفل کی حالت میں۔ ثُمَّ لِتَبْلُغُوْا (پھر تاکہ تم پہنچ جائو) پھر ہم تمہاری تربیت کرتے ہیں تاکہ تم پہنچ جائو۔ اَشُدَّکُمْ (اپنی جوانی کو) کمال عقل اور کمال قوت کو۔ قول مفسر : یہ جمع کے ان الفاظ میں سے ہے جن کا واحد مستعمل نہیں ہے۔
قول دیگر اشد، جمع شدت کی ہے جس طرح انعم جمع نعمت ہے فافہم و تدبر مترجم۔ وَمِنْکُمْ مَّنْ یُّتَوَفّٰی ( اور تم میں سے بعض وہ ہیں جو وفات پا جاتے ہیں) بھر پور جوانی کے وقت یا اس سے قبل ہی یا اس کے بعد وَمِنْکُمْ مَّنْ یُّرَدُّاِلٰٓی اَرْذَلِ الْعُمُرِ (اور بعض تم میں سے بالکل ناکارہ عمر کی طرف لوٹائے جاتے ہیں) ارذل کا معنی اخس ہے یعنی انتہائی پیری اور سن خرافت لِکَیْلَا یَعْلَمَ مِنْ بَعْدِ عِلْمٍ شَیْئًا (تاکہ وہ جان چکنے کے بعد پھر بالکل نادان ہوجاتا ہے) یعنی وہ نادان ہوجائے اس کے بعد کہ وہ اسکو جانتا تھا یا تاکہ وہ علمی استفادہ نہ کرسکے اور جو پہلے جانتا تھا اس کو بھی بھول جائے پھر بعث کی ایک اور دلیل پیش کی اور فرمایا وَتَرَی الْاَرْضَ ھَامِدَۃً (اور تو دیکھتا ہے زمین خشک پڑی ہے) مردہ، خشک، فَاِذَآ اَنْزَلْنَا عَلَیْھَا الْمَآ ئَ اھْتَزَّتْ (پھر ہم اس پر پانی برساتے ہیں تو وہ ابھرتی اور پھولتی ہے) اِھْتَزّتْ کا معنی نبات سے حرکت میں آتی ہے۔ وَرَبَتْ (اور بڑھتی ہے) پھولتی ہے۔
قراءت : یزید نے پورے قرآن میں ربت کو رباتؔ پڑھا ہے اور اس کا معنی بلند ہونا۔
وَاَنْبَتَتْ مِنْ کُلِّ زَوْجٍ (اور وہ اگاتی ہے ہر قسم کی نباتات) زوجؔ صنف کے معنی میں ہے۔ بَھِیْجٍ (خوشنما) خوبصورت
جس کو دیکھ کر دیکھنے والا خوش ہو۔
Ayah 22:66: ذٰلِکَ : یہ مبتدا ہے اس کی خبر بِاَنَّ اللّٰہَ ھُوَ الْحَقُّ ہے ( یہ سب اس وجہ سے ہوا کہ اللہ تعالیٰ ہی ہستی میں کامل ہے) یہ تخلیق بنی آدم کا جو تذکرہ ہوا اور اسی طرح زمین کی آبادی اور اس سے حاصل ہونے والی قسما قسم کی حکمتیں ثابت کرتی ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہی حق ہیں یعنی انہی کا وجود حقیقی اور قائم رہنے والا ہے۔ وَاَنَّہٗ یُحْیِ الْمَوْتٰی (اور وہی مردوں کو زندہ کریں گے) جیسا کہ بنجر زمین کو آباد کردیا۔ وَانَّہٗ عَلٰی کُلِّ شَیْء ٍ قَدِیْرٌ (اور وہی ہر چیز پر قادر ہے) قدرت والا ہے۔
Ayah 22:77: وَّ اَنَّ السَّاعَۃَ ٰاتِیَۃٌ لَّا رَیْبَ فِیْھَا وَاَنَّ اللّٰہَ یَبْعَثُ مَنْ فِیْ القُبُوْرِ (اور یقینا قیامت آنے والی ہے اس میں کوئی شبہ نہیں (گونا گوں تغیرات قیامت کا پیش خیمہ ہیں) اور یہ بات قطعی ہے کہ اللہ تعالیٰ قبروں والوں کو زندہ کر کے اٹھائے گا) یعنی وہ حکمت والا ہے وعدے کی خلاف ورزی نہیں کرتا۔ اس نے قیامت و بعث کا وعدہ کیا ہے پس ضروری ہے کہ جو وعدہ اس نے کیا اس کو پورا کرے۔
Ayah 22:8بعض مجادلین :
8: وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یُّجَادِلُ فِیْ اللّٰہِ (اور کچھ لوگ ایسے ہیں جو اللہ تعالیٰ کے متعلق جھگڑا کرتے ہیں) اللہ تعالیٰ کی صفات کے متعلق ایسی صفات اس کی طرف منسوب کرتے ہیں جو اس کے مناسب نہیں۔ یہ ابوجہل کے متعلق اتری۔
8۔ بِغَیْرِ عِلْمٍ (بغیر علم کے) علم سے بد یہی جو معرفت الٰہی تک پہنچائے۔ وَّلَا ھُدًی (بغیر ہدایت و راہنمائی) اس سے استدلالی علم مراد ہے کیونکہ یہ معرفت کی طرف لے جانے والا ہے۔ وَّ لَا کِتٰبٍ مُّنِیْرٍ (اور بغیر روشن کتاب کے) اس سے مراد وحی ہے انسانی علوم انہی تین طریقوں پر حاصل ہوتا ہے۔
Ayah 22:99: ثَانِیَ عِطْفِہٖ (وہ اپنے پہلو کو موڑنے والا ہے) یہ حال ہے یعنی وہ اپنی گردن کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت سے تکبر و بڑھائی کی وجہ سے موڑنے والا ہے۔
قراءت : حسن (رح) کہتے ہیں کہ ثانی عطفہ عین کے فتح سے پڑھا جائے گا۔ ای مانع تعطفہ إلی غیرہ۔ یعنی جو اس کو غیر کی طرف موڑنے والا ہے۔
لِیُضِلَّ (تاکہ وہ گمراہ کرے) یہ مجادلہ کی علت ہے۔
قراءت : مکی اور ابو عمرو نے لِیَضِلَّ پڑھا ہے۔
عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ (اللہ تعالیٰ کی راہ سے) اس کے دین سے لَہٗ فِیْ الدُّنْیَا خِزْیٌ (ان کے لئے دنیا میں رسوائی ہے) یوم بدر میں قتل ہونا۔ وَّ نُذِیْقُہٗ یَوْمَ الِْقیٰمَۃِ عَذَابَ الْحَرِیْقِ (اور ہم اس کو قیامت کے دن جلنے کا عذاب چکھائیں گے) ان کے لئے دونوں جہانوں یعنی دنیا و آخرت کا عذاب جمع کردیں گے۔
Ayah 22:1010: ذٰلِکَ بِمَا قَدَّمَتْ یَدٰکَ (یہ تیرے ہاتھوں کے کئے ہوئے کاموں کا بدلہ ہے) دونوں جہان میں عذاب کا باعث وہی کفر و تکذیب ہے جس کو وہ آگے کما کر روانہ کرچکا اور الیدؔ سے اس کی تعبیر اس لئے فرمائی کیونکہ ہاتھ ہی آلہ الکسب ہے۔ وَ اَنَّ اللّٰہَ لَیْسَ بِظَلَّامٍ لِّلْعَبِیْدِ (اور بیشک اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر بالکل ظلم کرنے والے نہیں) بغیر گناہ کسی کو نہ پکڑیں گے اور کسی کے گناہ کے بدلے دوسرے کو نہ پکڑیں گے۔ اس کا عطف بماؔ پر ہے۔ ای وبِاَنَّ اللّٰہ۔
الظلامؔ مبالغہ کا صیغہ لایا گیا کیونکہ اس کے ساتھ ملکر جمع کا لفظ عبیدؔ آرہا ہے اور دوسری بات یہ ہے کہ اس کی طرف سے قلیل ظلم بھی گناہ کی قباحت اور استغناء کے حاصل ہونے کے باوجود ہماری طرف کے ہونے والے ظلم کے مقابلے میں کثیر ہے۔
Ayah 22:11دین میں مضطرب لوگ :
1 1: وَمِنَ النَّاسِ مَنْ یَّعْبُدُ اللّٰہَ عَلٰی حَرْفٍ (اور بعض آدمی اللہ تعالیٰ کی عبادت اس طرح کرتے ہیں جیسے وہ کنارے پر کھڑے ہیں) دین کے ایک کنارے پر نہ اس کے درمیان اور مرکز میں۔ یہ درحقیقت ایک مثال ہے کہ وہ اپنے دین کے متعلق قلق و اضطراب کا شکار ہیں۔ سکون و اطمینان میسر نہیں۔
نحو : یہ حال ہے ای مضطربًا۔ فَاِنْ اَصَابَہٗ خَیْرُ (اگر ان کو کوئی بھلائی پہنچ گئی) جسمانی صحت اور معیشت میں وسعت اطْمَاَنَّ (تو اس نے قرار پالیا) قرار پکڑا اور پر سکون ہوا۔ بِہٖ (اس پر) اس بھلائی پر جو اس کو میسر ہوئی یا اس دین پر پس اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے لگا۔ وَاِنْ اَصَابَتْہُ فِتْنَۃُ (اور اگر اس کو کوئی آزمائش مصیبت آگئی) برائی اور جسمانی تکلیف، بدحالی انْقَلَبَ عَلٰی وَجْھِہٖ (تو منہ اٹھا کر کفر کی طرف چل دیتا ہے) اس کی جانب یعنی مرتد ہو کر کفر کی طرف لوٹ جاتا ہے جس طرح وہ شخص جو لشکر کے ایک جانب پڑا ہوا گر لشکر کامیابی و غنیمت حاصل کرے تو مطمئن اور ثابت قدم رہتا ہے ورنہ فرار اختیار کرکے اپنی راہ لیتا ہے۔
قول مفسرین رحمہم اللہ یہ بعض بدوئوں کے متعلق اتری جو مدینہ میں مہاجر بن کر آئے۔ ان میں سے ایک کا جب بدن صحیح ہوتا اور اس کی گھوڑی شاندار بچھیرا جنتی اور اپنے گھر میں بھی بیٹا پیدا ہوتا اور مال و حیوانات میں اضافہ ہوتا تو کہتا میں نے تو اس دین میں برکت ہی برکت پائی ہے اور مطمئن ہوتا اور اگر معاملہ اس کے الٹ ہوتا تو دین سے منہ پھیرلیتا۔ خَسِرَ الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃَ (وہ دنیا و آخرت کھو بیٹھا) یہ حال ہے اور قدمقد رہ ہے اس کی دلیل روح اور زید کی قراءت ہے۔
خاسر الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَہَ خسر ان فی الدنیا سے قتل وغیرہ مراد ہے۔ اور آخرت کا خسارہ خلود فی النار ہے۔ ذٰلِکَ (یہ) دونوں جہان کا خسارہ۔ ھُوَ الْخُسْرَانُ الْمُبِیْنُ (وہ کھلا ہوا خسارہ ہے) ایسا ظاہر جو کسی پر مخفی نہ رہے گا۔
Ayah 22:1212: یَدْعُوْا مِنْ دُوْنِ اللّٰہِ (وہ اللہ تعالیٰ کے سوا ایسے کی عبادت کرتا ہے) مرادبت۔ وہ ارتداد کے بعد اس طرح کرتا ہے۔ مَالَا یَضُرُّہٗ (جو اس کو نہ نقصان پہنچاسکتا ہے) اگر وہ اس کی عبادت نہ کرے۔ وَمَالَایَنْفَعُہٗ (اور جو نہ نفع پہنچا سکتا ہے) اگر اس کی عبادت بھی کرے۔ ذٰلِکَ ھُوَ الضَّلٰلُ الْبَعِیْدُ (یہ پرلے درجے کی گمراہی ہے) جو درستگی سے دور ہے۔
Ayah 22:13کافر جماد کا عابد :
13: یَدْعُوْا لَمَنْ ضَرُّہٗٓ اَقْرَبُ مِنْ نَّفْعِہٖ (وہ پکارتا ہے اس کو جس کی عبادت کا ضرر اس کے نفع سے زیادہ قریب الوقوع ہے)
اشکال : اللہ تعالیٰ نے پہلی آیت میں اصنام سے نفع و ضرر کی نفی فرمائی اور اس آیت میں دونوں چیزیں ثابت کیں ؟
حل : اگر معنی صحیح طور پر سمجھ لیا جائے تو یہ وہم خود دور ہوجاتا ہے۔ وہ اس طرح کہ اللہ تعالیٰ نے کافر کی حماقت یہ بیان کی کہ وہ ایک حماد کی عبادت کرتا ہے جو ذرا بھر نفع و نقصان کا مالک نہیں۔ حالانکہ کافر کا اعتقاد اس کے متعلق یہ ہے کہ وہ اس کا سفارشی بنے گا۔ پھر فرمایا قیامت کے دن یہ کافر بڑے زور دار انداز سے کہہ اٹھے گا جبکہ وہ بتوں کا نقصان ملاحظہ کرے گا۔ مگر شفاعت کا ذرا بھر اثر نہ دیکھے گا۔ جس کا نقصان اس کے نفع سے زیادہ قریب ہے کہ یہ بہت برا مددگار ساتھی ہے۔ لَبِئْسَ الْمَوْلٰی (ایسا کارساز بھی بہت برا) مدد گار۔ وَلَبِئْسَ الْعَشِیْرُ (اور بہت برا رفیق ہے۔ )
یدعوکا لفظ بار بار لایا گیا ہے گویا اسطرح فرمایا یدعو، یدعو من دون اللہ ما لا یضرہ وما لا ینفعہ پھر فرمایا لمن
ضرہ اس کے معبود ہونے سے نفع کی نسبت قریب تر ہے۔ جب کہ وہ سفارشی ہو۔
Ayah 22:1414: اِنَّ اللّٰہَ یُدْخِلُ الَّذِیْنَ ٰامَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِھَا الْانْھٰرُ 1 اِنَّ اللّٰہَ یَفْعَلُ مَایُرِیْدُ (بیشک اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو جو ایمان لائے اور اچھے کام کئے جنت کے ایسے باغوں میں داخل کریں گے جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی۔ بیشک اللہ تعالیٰ جو ارادہ کرتا ہے کر گزرتا ہے) یہ وعدہ ان لوگوں کیلئے ہے جو اللہ تعالیٰ کی عبادت ہرحال میں کرنے والے ہوں ان کی طرح نہ ہوں جو ایک کنارے پر کھڑے ہو کر اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے والے ہوں۔
Ayah 22:15کفار کا غصہ بےفائدہ ہے :
15: مَنْ کَانَ یَظُنُّ اَنْ لَّنْ یَّنْصُرَہُ اللّٰہُ فِیْ الدُّنْیَا وَالْاٰخِرَۃِ (جو شخص یہ گمان کرتا ہو کہ اللہ تعالیٰ محمد ﷺ کی مدد دنیا و آخرت میں ہرگز نہ کریں گے) مطلب یہ ہے اللہ تعالیٰ دنیا وآخرت میں اپنے رسول کا مددگار ہے آپ کے دشمنوں میں سے جو اس کے خلاف گمان رکھتا ہے۔ فَلْیَمْدُدْ بِسَبَبٍ (پس اس کو چاہیے کہ وہ ایک رسّی تان لے) سبب کا معنی رسّی۔ اِلَی السَّمَآ ئِ (آسمان تک) گھر کی بلندی۔ ثُمَّ لْیَقْطَعْ (پھر وہ وحی کا سلسلہ کاٹ دے) پھر وہ چاہیے کہ گلا گھونٹ لے۔ یہاں گلا گھونٹنے کو قطعاً فرمایا ہے کیونکہ گلا گھونٹنے والا اپنی سانس کے راستوں کو روک کر سانس کو کاٹ دیتا ہے۔
قراءت : بصری و شامی نے لامؔ کے کسرہ سے پڑھا ہے۔
فَلْیَنْظُرْ ھَلْ یُذْھِبَنَّ کَیْدُہٗ مَایَغِیْظُ (پھر غور کرے کہ کیا اس کی تدبیر اس کی ناگواری کی چیز کو) ماؔ الذی کے معنی میں ہے ای الذی یغیظہٗ جو اس کے غصہ دلاتی ہے یا مصدریہ ہے اب مایغیظ سے غصہ کرنا مراد اس طرح ہوگا کہ اس کو یہ تصور دل میں لانا چاہیے کہ اگر اس نے ایسا کیا تو کیا اس سے اللہ تعالیٰ کی نصرت ہٹ جائے گی جو اس کو غصہ دلا رہی ہے۔ ہرگز نہیں پھر اس غصے کا کیا فائدہ ؟ اس کے فعل کو بطور استہزاء کیدًا کہا کیونکہ اس نے یہ کید محسود کے ساتھ نہیں کیا بلکہ اپنی ذات سے کیا ہے۔ مقصد یہ ہے کہ اس کے ہاتھ میں کوئی ایسی چیز نہیں جس سے غصہ دلانے والی چیز کا وہ ازالہ کرسکے۔
Ayah 22:1616: وَکَذٰلِکَ اَنْزَلْنٰہُ اور اسی طرح ہم نے اس کو اتارا ہے اس اتارنے کی طرح ہم نے سارا قرآن مجید اتارا ہے۔ ٰایٰتٍ بَیِّنٰتٍ (واضح آیات) وَّاَنَّ اللّٰہَ یَھْدِیْ مَنْ یُّرِیْدُ (اور بیشک اللہ اس کی راہنمائی کرتے ہیں جس کے متعلق ارادہ کرتے ہیں) یعنی اس لئے کہ اللہ تعالیٰ اس سے ان لوگوں کی راہنمائی کرتے ہیں جن کے متعلق وہ جانتے ہیں کہ یہ ایمان لائیں گے یا ایمان والوں کو ایمان پر ثابت قدم فرماتے ہیں۔ اور ان کی ہدایت میں اضافہ فرماتے ہیں اسی طرح ہم نے اس کو واضح اتارا ہے۔
Ayah 22:17حقیقی فیصلہ قیامت کو :
17: اِنَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَالَّذِیْنَ ھَادُوْا وَالصَّابِئِیْنَ وَالنَّصٰریٰ وَالْمَجُوْسَ وَالَّذِیْنَ اَشْرَکُوْا (بیشک اللہ تعالیٰ مسلمانوں یہودی اور صابی اور عیسائی، مجوسی اور مشرکین) ایک قول یہ ہے کہ ادیان پانچ ہیں۔ چار شیطان کیلئے اور ایک رحمان کیلئے۔ الصابئونؔ یہ نصاریٰ کی ایک قسم ہے۔ پس چھ نہ بنے۔
اِنَّ اللّٰہَ یَفْصِلُ بَیْنَھُمْ یَوْمَ الْقِیٰمَۃِ (بیشک اللہ تعالیٰ ان کے درمیان قیامت کے دن فیصلہ فرمائیں گے) احوال و اماکن کے اعتبار سے ایک ہی سزا نہ دیں گے۔ اور نہ ان کو ایک جگہ جمع کریں گے۔
نحو : ان الذین ٰامنواکی خبر ان اللہ یفصل بینہم ہے جیسا کہتے ہیں ان زیداً ان اباہ قائم۔
اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیْ ئٍ شَھِیْدٌ (بیشک اللہ تعالیٰ ہر چیز پر گواہ ہے) اس کو جاننے والا اور اس کی نگہبانی کرنے والا ہے۔ پس ہر شخص کو اپنے عقیدہ، قول، فعل پر غور کرنا چاہیے۔ یہ انتہائی بلیغ انداز میں وعید ہے۔
Ayah 22:1818: اَلَمْ تَرَ (کیا آپ نہیں جانتے) کیا تم نہیں جانتے اے محمد ﷺ ایسا علم جو آنکھوں دیکھنے کی طرح ہے۔ اَنَّ اللّٰہَ یَسْجُدُ لَہٗ مَنْ فِیْ السَّمٰوٰتِ وَمَنْ فِی الْاَرْضِ وَالشَّمْسُ وَالْقَمَرُ وَالنُّجُوْمُ وَ الْجِبَالُ وَالشَّجَرُ وَالدَّوَآبُّ (کہ جو آسمانوں میں ہیں اور جو زمین میں ہیں اور سورج اور چاند اور ستارے اور پہاڑ اور درخت اور چوپائے سب اللہ تعالیٰ کو سجدہ کرتے ہیں) ۔
ایک قول :
تمام اس کو سجدہ کرتے ہیں مگر ہمیں اس کی اطلاع نہیں جیسا کہ ان کی تسبیح کی اطلاع نہیں۔ ارشاد الٰہی ہے : وان من شئی الا یسبح بحمدہ ولکن لاتفقہون تسبیحہم ] الاسراء : 44 [
دوسرا قول :
غیر مکلف میں افعال کے اعتبار سے جو تبدیلیاں وارد ہوتی ہے اور اس کے حکموں کیلئے وہ مسخر ہیں جو کام ان کے ذمہ لگا دیا اسی کو سجود سے تعبیر کیا۔ مکلف کے سجدہ کے ذریعہ اطاعت کرنے سے تشبیہ دیتے ہوئے کیونکہ مکلف کیلئے سب سے بڑی عاجزی یہی ہے۔ وَکَثِیْرٌ مِّنَ النَّاسِ (اور بہت سے لوگ) یعنی بہت سے لوگ اللہ تعالیٰ کو طاعت و عبادت کا سجدہ کرتے ہیں۔
نحو : یہ مبتداہو نے کی وجہ سے مرفوع ہے۔ اور و من الناسؔ اس کی صفت ہے اور اس کی خبر محذوف ہے اور وہ مثابٌؔ ہے اس پر کَثِیْر حَقَّ عَلَیْہِ الْعَذَابُ دلالت کرتا ہے۔
وَکَثِیْرٌ حَقَّ عَلَیْہِ الْعَذَابُ (اور بہت سے لوگ ایسے ہیں جن پر عذاب ثابت ہوگیا) یعنی ان میں سے بہت سے ایسے ہیں کہ جن پر کفر کی وجہ سے عذاب ثابت ہوچکا اور سجدہ سے انکار کی وجہ سے عذاب لازم ہوچکا۔ وَمَنْ یُّھِنِ اللّٰہُ (اور جس کو اللہ تعالیٰ ذلیل کر دے) بدبختی کے ساتھ فَمَالَہٗ مِنْ مُّکْرِمٍ (پس اس کو کوئی عزت دینے ولا نہیں) خوش بختی کے ساتھ اِنَّ اللّٰہَ یَفْعَلُ مَایَشَآئُ (بیشک اللہ تعالیٰ جو چاہتے ہیں وہ کرتے ہیں) اکرام و اہانت وغیر ذٰلک۔
ردِ معتزلہ :
کہ اللہ تعالیٰ نے چیزوں کو چاہا مگر کیا نہیں۔ ان دونوں آیات کا ظاہر دلالت کررہا ہے کہ وہ جو چاہتا ہے کرتا ہے۔
Ayah 22:19کفار کا حال :
19: ھٰذٰنِ خَصْمٰنِ (یہ دونوں فریق ہیں) آپس میں جھگڑنے والے فریق ہیں۔ یہاں فریق کو خصم سے جو کہ صفت ہے تعبیر کردیا۔ اخْتَصَمُوْا (انہوں نے اختلاف کیا) معنی کا لحاظ کر کے جمع کا صیغہ لایا گیا۔ اور ھذانؔ لفظ کا لحاظ کر کے تثنیہ لایا گیا۔ مراد اس سے مومن اور کافر دو فریق ہیں۔
قول ابن عباس ؓ :
یہ ضمیر مذکورہ پانچوں اہل ادیان اور مؤمنوں کی طرف لوٹتی ہے مومن ایک فریق ہیں اور باقی پانچوں ایک فریق ہیں۔ فِیْ رَبِّھِمْ (اپنے رب کے متعلق) اللہ تعالیٰ کے دین اور اس کی صفات کے متعلق پھر ہر ایک کی جزاء ذکر کی۔ فَالَّذِیْنَ کَفَرُوْا (پس وہ لوگ جو کافر ہیں) اللہ تعالیٰ نے : ان اللہ یفصل بینہم یوم القیامۃ ] الحج : 17] میں جس فیصلے کا ذکر فرمایا اس کی تفصیل اسی آیت میں آرہی ہے۔ وہ یہ ہے : قُطِّعَتْ لَہُمْ ثِیَابٌ مِّنْ نَّارٍ (ان کے لیے آگ کے کرتے کاٹے جائیں گے) گویا اللہ تعالیٰ ان کے اجسام کی مقدار سے آگ ان کے لئے مقرر کردیں گے۔ جو ان پر چھانے والی ہوگی جیسا کہ لباس کے کپڑوں کو جسم پر پورا فٹ ماپا جاتا اور کاٹا جاتا ہے۔ یہاں ماضی کا لفظ استعمال کیا گیا کیونکہ یہ بہر صورت ہو کر رہے گا۔ پس یہ ثابت شدہ حقیقت کی طرح ہے۔ یُصَبُّ مِنْ فَوْقِ رُئُ وْسِھِمُ (ان کے سروں پر انڈیلا جائے گا۔ )
قراءت : بصری نے رو سِھِم کو ھاؔ اور میم کے کسرہ سے پڑھا ہے۔ حمزہ، علی اور خلف نے ھاؔ اور میمؔ کو ضمہ سے روسھمُ پڑھا ہے۔ دیگر قراء نے ھاؔ کے کسرہ اور ضمہ میم سے پڑھا ہے۔ الْحَمِیْمُ (گرم پانی) قول ابن عباس ؓ ہے کہ اگر اس میں سے نقطہ کے برابر پانی زمین کے پہاڑوں پر گرجائے تو وہ پگھل جائیں۔
Ayah 22:2020: یُصْھَرُ (اس سے پگھل جائے گا) پگھلا دیا جائیگا۔ بِہٖ (اس گرم پانی کے ساتھ) مَا فِیْ بُطُوْنِھِمْ وَالْجُلُوْدُ (جو کچھ کہ ان کے پیٹوں اور چمڑوں میں ہوگا) یعنی وہ پانی ان کی انتڑیاں اور دیگر اندرونی اجزاء کو پگھلا ڈاے لگا۔ جیسا کہ ان کے چمڑے پگھل جائیں گے۔ پس وہ پانی ظاہر اور اندرون موثر ہوگا۔
Ayah 22:2121: وَلَھُمْ مَّقَامِعُ (اور ان کے لئے لوہے کے گرز ہتھوڑے ہونگے) خاص قسم کے کوڑے مِنْ حَدِیْدٍ (لوہے کے) جس سے ان کو ماریں گے۔
Ayah 22:2222: کُلَّمَآ اَرَادُوْآ اَنْ یَّخْرُجُوْا مِنْھَا (جب بھی وہ دو نرخ سے نکلنے کا ارادہ کریں گے) ھاؔ کی ضمیر نارؔ کی طرف ہے۔ مِنْ غَمٍّ (غم کی بناء پر) یہ منھاؔ سے بدل الاشتمال ہے حرف جار کا اعادہ کیا گیا ہے۔ نمبر 2۔ پہلا منؔ ابتدائے غایت کیلئے ہے اور دوسرا منؔ اجلیہ ہے مطلب یہ ہے جب بھی وہ آگ سے نکلنے کا ارادہ غم کی وجہ سے کریں گے جو غم کہ ان پر طاری ہوگا۔ تو بھی نکلنے نہ پائے ہونگے کہ اُعِیْدُ وْا فِیْھَا (ان کو اس میں لوٹا دیا جائے گا) گرز مار کر۔
قول حسن (رح) کہ جہنم سے ان کے خروج کا مطلب یہ ہے کہ آگ کی لپٹیں اٹھا کر انہیں اوپر کی طرف پھینکیں گی۔ جب وہ اس کی بلندی میں پہنچیں گے تو ان کو گرز رسید کئے جائیں گے جن سے ستّر خریف وہ جہنم میں نیچے جاگریں گے۔ اور بڑی آگ کی طرف لوٹانا مراد ہے نہ کہ آگ سے مکمل طور انکا جدا ہونا اور پھر لوٹنا۔
وَذُوْقُوْا (اور تم چکھو) یعنی ان کو کہا جائے گا تم جلنے کا عذاب چکھو۔ عَذَابَ الْحَرِیْقِ (جلنے کا عذاب) پھیلی ہوئی آگ کا سخت عذاب جو شدید ہلاک کن ہے۔ پھر دوسرے فریق کا بدلہ ذکر کرتے ہوئے فرمایا۔
Ayah 22:23ایمان والوں کا حال :
23: اِنَّ اللّٰہَ یُدْخِلُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوْا الصّٰلِحٰتِ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِھَا الْاَنْھٰرُ یُحَلَّوْنَ فِیْھَا مِنْ اَسَاوِرَ (جو لوگ ایمان لائے اور نیک کام کیے یقینا اللہ تعالیٰ ان کو جنتوں میں داخل فرمائیں گے جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی اور اس میں ان کو سونے کے کنگن پہنائے جائیں گے) اساوۃ یہ أسورۃ کی جمع ہے اور اسورۃ یہ سوارٌ کی جمع ہے۔ مِنْ ذَھَبٍ وَّ لُؤْلُؤًا (سونے اور موتیوں کے) ۔
قراءت : مدنی عاصم نے ویوتون لؤلؤا اصل مان کر نصب پڑھا ہے۔ اور دیگر قراء نے من ذھب پر عطف کی بناء پر مجرور پڑھا ہے۔ جبکہ ابوبکر و حماد نے پورے قرآن مجید میں ہمزہ اول کو ترک کر کے پڑھا ہے۔ وَلِبَاسُہُمْ فِیْھَا حَرِیْرٌ (اور انکا لباس اس میں ریشم کا ہوگا) ۔
Ayah 22:2424: وَھُدُوْا اِلَی الطَّیِّبِ مِنَ الْقَوْلِ وَھُدُوْا اِلٰی صِرَاطِ الْحَمِیْدِ (اور ان کی راہنمائی پاکیزہ بات کی طرف کی گئی اور مستحق حمد ذات کے راستہ پر چلنے کی ان کو توفیق مل گئی) ان لوگوں کی راہنمائی کلمہ توحید کی طرف کردی گئی اور صراط الحمید یعنی اسلام کی طرف کردی گئی یا آخرت میں اللہ تعالیٰ نے ان کی راہنمائی کی اور ان کی زبان پر الحمدللہ الذی صد قنا وعدہ جاری فرمادیا اور جنت کا راستہ ان کو دکھایا۔
الحمیدؔ اللہ تعالیٰ کی ذات جن کی تعریف ہر زبان پر ہے۔
Ayah 22:2525: اِنَّ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا وَیَصُدُّوْنَ عَنْ سَبِیْلِ اللّٰہِ (بیشک جو کافر ہوئے اور وہ اللہ تعالیٰ کی راہ سے (مسلمانوں کو) روکتے ہیں) اسلام میں داخل ہونے سے روکتے ہیں۔
: کفروا کی ضمیر فاعلی سے ویصدون حال ہے جیسا کہا جاتا ہے فلان یحسن الی الفقراء اس سے مراد اس کی طرف سے فقراء کے ساتھ حسن سلوک کا حال و استقبال میں پایا جانا ہے۔
وَالْمَسْجِدِ الْحَرَامِ (اور مسجد حرام سے) وہ مسجد حرام اور اس میں داخلہ سے روکتے ہیں۔ الَّذِیْ جَعَلْنٰہُ لِلنَّاسِ (جس کو ہم نے تمام آدمیوں کیلئے مقرر کیا) اس میں شہری اور دیہاتی کے امتیاز کے بغیر داخلہ کی کھلی اجازت دی ہے۔
مراد مسجد حرام :
نمبر 1۔ مکہ مکرمہ مراد ہے۔ اس صورت میں اس آیت میں ان حضرات کی دلیل ہے جو کہتے ہیں کہ مکہ کے مکانات کو فروخت نہیں کیا جاسکتا۔ نمبر 2۔ اس سے مراد بیت اللہ ہے تو پھر مطلب یہ ہے کہ وہ تمام لوگوں کیلئے قبلہ ہے۔
سَوَآء (برابر ہے) قراءت : حفص نے نصب سے پڑھا ہے اور یہ جعلنا کا مفعول ثانی ہے۔ ای جعلناہ مستویا ہم نے اس کو برابر بنایا۔ الْعَاکِفُ فِیْہِ وَالْبَادِ (اس میں رہنے والا ہو اور باہر سے آنے والاہو) البادؔ غیر مقیم کو کہتے ہیں۔
نحو : مکی نے البادی پڑھا ابو عمرو نے وصل میں اس کی موافقت کی اور دیگر قراء نے رفع میں ان کی موافقت کی اور اس کو خبر قرار دیا اور اس کا مبتدا مؤخر ہے ای العاکف فیہ والبادی سوائ۔ اور جملہ مفعول دوم ہے جعلنا کا اور للناس حال ہے۔
وَمَنْ یُّرِدْفِیْہِ ( اور جو کوئی اس میں ارادہ کرے) یعنی مسجد حرام میں بِاِلحَادٍ بِظُلْمٍ (خلافِ دین کام کا ظلم کے ساتھ) یہ دونوں احوال مترادفہ ہیں اور یردؔ کا مفعول قصداً متروک ہے تاکہ ہر چیز کو شامل ہوجائے گویا تقدیر کلام اس طرح ہے من یرد فیہ مرادًا ماعادلاً من القصد ظالما۔ جو شخص اس میں کوئی بھی مقصدلیکر میانہ روی سے ہٹے گا وہ ظالم ہوگا۔ الالحادؔ میانہ روی سے پھرجانا۔ نُّذِقْہٗ مِنْ عَذَابٍ اَلِیْمٍ (ہم اس کو دردناک عذاب چکھائیں گے) آخرت میں۔
نحو : اِنَّ کی خبرمحذوف ہے کیونکہ جواب شرط اس پر دلالت کر رہا ہے تقدیر کلام یہ ہے ان الذین کفروا ویصدون عن المسجد الحرام نذیقہم من عذاب الیم وکل من ارتکب فیہ ذنبا فھو کذلک۔ بیشک وہ لوگ جو کافر ہوئے اور وہ جو مسجد حرام سے لوگوں کو روکتے ہیں ہم ان کو دردناک عذاب چکھائیں گے اور ہر ایسے شخص کو بھی جو اس میں کسی گناہ کا مرتکب ہو۔
Ayah 22:26تذکرئہ ابراہیم ( علیہ السلام) اور شعائر اللہ کا تذکرہ :
26: وَاِذْ بَوَّاْنَا لِاِبْرٰھِیْمَ مَکَانَ الْبَیْتِ (اور جب ہم نے ابراہیم کیلئے بیت اللہ کی جگہ متعین کردی) اس وقت کو یاد کرو اے محمد ﷺ جبکہ ہم نے مقرر کردیا۔ لا براھیم مکان البیت (ابراہیم کیلئے بیت اللہ کی جگہ) لوٹنے کی جگہ جس طرف وہ تعمیر و عبادت کیلئے رجوع کرسکیں۔ بیت اللہ کو ایام طوفان میں آسمانوں کی طرف اٹھا لیا گیا۔ وہ سرخ یا قوت کا بنا ہوا تھا۔ اللہ تعالیٰ نے ابراہیم (علیہ السلام) کیلئے اس جگہ کی نشان دہی ایک ہوا بھیج کر کی جس نے گھر والی جگہ کو صاف کردیا جیسے جھاڑو دیکر صاف کرتے ہیں ابراہیم (علیہ السلام) نے قدیم بنیادوں پر دیواروں کو اٹھایا۔
اَنْ یہ قول مقدر کی تفسیر کیلئے آیا ہے ای قائلین لہ۔ یہ کہتے ہوئے کہ : لَّاتُشْرِکْ بِیْ شَیْئًا وَّ طَھِّرْ بَیْتِیَ (کہ تم میرے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ ٹھہرانا اور میرے گھر کو پاک کرو) ظاہری گندگیوں اور باطنی گندگیوں بتوں وغیرہ سے۔
قراءت : بَیْنِیْ مدنی حفص نے فتحہ یاء سے پڑھا، حمزہ کسائی، ابو عمرو، ابن عامر نے سکون یائؔ سے پڑھا ہے۔
لِلطَّآئِفِیْنَ (طواف کرنے والوں کیلئے) وَ الْقَآئِمِیْنَ (اور ان کے لئے جو قیام کرنے والے ہیں) ور جو مکہ میں اقامت اختیار کرنے والے ہیں۔ وَالرُّکَّعِ السُّجُوْدِ (اور رکوع سجدہ کرنے والوں کیلئے) جمع راکع اور ساجد کی ہے مراد نماز ادا کرنے والے۔
Ayah 22:2727: وَاَذِّنْ فِیْ النَّاسِ بِالحَجِّ (اور تم لوگوں میں حج کا اعلان کردو) ان میں آوازلگائو۔ الحجؔ خاص مقصد کیلئے خاص قصد کرنا۔
روایت میں ہے آپ جبل ابوقبیس پر چڑھے اور اس طرح اعلان فرمایا اے لوگو ! اپنے رب کے گھر کا حج کرو۔ تو جن کی قسمت میں حج مقدر تھا انہوں نے اصلاب وار حام سے لبیک اللھم لبیک کہہ کر جواب دیا۔
قول حسن رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ یہ خطاب آنحضرت ﷺ کو ہے کہ آپ حجۃ الوداع میں یہ اعلان فرما دیں مگر پہلا قول زیادہ ظاہر ہے اور جواب امر یہ آیت ہے۔ یَاْتُوْکَ رِجَالًا (تیرے پاس لوگ پیدل آئیں گے) رجال جمع راجل۔ پیدل۔ جیسا کہ قائم و قیام ہے۔ وَّ عَلٰی کُلِّ ضَامِرٍ (اور ہر کمزورو لاغر اونٹیوں پر) اس کا عطف رجالا پر ہے گویا اس طرح کہا رجالااؔ ورکباناؔ۔ الضامرؔ لاغرود بلا اونٹ
نحو : رجال کو رکبان پر مقدم کر کے پیدل کی فضیلت ظاہر فرمائی جیسا کہ حدیث میں وارد ہے۔
یَّاْ تِیْنَ (وہ آئیں گے) ضامرؔ کی صفت ہے کیونکہ وہ معنی کے لحاظ سے جمع ہے۔
قراءت : عبداللہ نے یاتون پڑھا اور اس کو الرجال اور الرکبان کی صفت قرار دیا۔ مِنْ کُلِّ فَجٍّ (ہر وادی سے) راستے سے عَمِیْقٍ (گہرے) دور۔ محمد بن یاسین کا قول : طواف میں مجھے ایک شیخ نے کہا۔ تم کہاں سے ہو ؟ میں نے کہا خراسان سے اس نے سوال کیا تمہارے اور بیت اللہ کے مابین کتنا فاصلہ ہے میں نے کہا دو ماہ کا فاصلہ یا تین ماہ کا اس نے کہا تم تو پھر بیت اللہ کے پڑوسی ہو۔ میں نے کہا تم کہاں سے تشریف لائے ہو ؟ اس نے کہا پانچ سال کی مسافت سے میں جب نکلا تو جوان تھا۔ اب ادھیڑ عمر ہوگیا تو پہنچا۔ میں نے کہا اللہ کی قسم یہ خوب بندگی ہے اور سچی محبت کا نشان ہے اس پر وہ ہنس کر کہنے لگا۔
زرمن ھویت وان شطتْ بک الدار وحال من دونہ حجب واستار
محبوب کی ملاقات کرو خواہ اس کا گھر دور ہو۔ اور اس کے راستہ میں رکاوٹیں اور پردے حائل ہوں۔
لایمنعنک بعدٌ عن زیارتہٖ ان المحب لمن یھواہ زوّار
دوری تمہیں اس کی ملاقات سے رکاوٹ نہیں بننی چاہیے بیشک عاشق اپنے محبوب کی ملاقات کیا کرتا ہے۔
Ayah 22:2828: لِّیَشْھَدُوْا (تاکہ وہ حاضر ہوں)
: لام یا تو اذن ؔ کے متعلق ہے یایأتوک کے مَنَافِعَ لَھُمْ (اپنے منافع کیلئے۔ )
نحو : منافعؔ کو نکرہ لایا گیا کیونکہ مراد اس سے وہ منافع ہیں جو اس عبادت سے متعلق ہیں خواہ دینی ہوں یا دنیوی۔
منافعِ حج :
وہ صرف اسی میں پائے جاتے ہیں دیگر کسی عبادت میں موجود نہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ عبادت ابتلائے نفس کیلئے مشروع ہے۔ مثلاً نماز، روزہ اور ابتلائے مال کیلئے مثلاً زکوۃ۔ اور حج ان ہر دو کو شامل ہے۔ نمبر 2۔ اس کے ساتھ دیگر مشاق اور اھوال کو برداشت کرنا، اسباب سے یکسو ہونا۔ دوست و احباب سے منقطع شہروں اور وطنوں سے دوری، اولاد سے الگ تھلک، دوستوں سے انفصال، نمبر 3۔ اور اس میں اس کی روزمرہ زندگی کے سلسلہ میں تنبیہ ہے کہ جب انسان دارالفناء سے دارالبقاء کی طرف سدھارے گا۔ تو یہ کیفیت ہوگی۔
نمبر 4۔ پس حاجی جب جنگل میں داخل ہوتا ہے تو اس کو اپنے زاد راہ پر ہی اکتفاء کرنا ہوتا ہے اور اس میں سے کھانے کیلئے استعمال کرتا ہے۔ نمبر 5۔ بالکل ٹھیک اسی طرح جب آدمی زندگی کے کنارے سے نکلے گا۔ اور بحر وفات میں اس کی کشتی داخل ہوگی اس خلوت میں اس کے وہی چیز فائدہ دے گی جو اس نے معاد کے گزراوقات کیلئے تیار کی ہوگی۔ اور اس کو انس وہ اوراد ہی مہیا کریں گے جن سے وہ دل لگاتا تھا۔
نمبر 6۔ مجرم کا غسل اور اس کی تیاری اور ان سلے کپڑے اور خوشبو میں بسنا۔ یہ آئینہ ہے کہ عنقریب اسے چارپائی پر رکھا جائیگا اور غسل تجہیز و تکفین کی جائے گی اور حنوط سے اس کو خوشبودار کیا جائے گا اور ان سلے کپڑے اس کو پہنا دیے جائیں گے۔ نمبر 7۔ پھر محرم تو آگے چل کر پراگندہ بال اور پراگندہ حال ہوجاتا ہے۔ اسی طرح حشر کی گھڑی قبر سے حیران نکلے گا۔ نمبر 8۔ یہ عرفات میں حجاج کا وقوف رغبت وخوف سے آس لگانا اور خوف وطمع سے سوال کرنا جبکہ یہاں مقبول و مخذول دو قسم ہوتے ہیں۔ یہ عرصات حشر کی حاضری کی طرح ہی تو ہے۔ جبکہ لا تکلم نفس الا باذنہ فمنھم شقی و سعید ] ھود : 105 [ شقی و سعید کا مختلط اجتماع اور ہر ایک منہ پر گویا مہر لگی ہے۔
افاضہ عرفات :
نمبر 9۔ ادھر افاضہ عرفات جانب مزدلفہ پر نگاہ کرو۔ جبکہ سورج غروب ہوچکا ہے یہ قضاء کے فیصلہ کی خاطر چلنے کی طرح ہے۔ نمبر 10۔ اور منی کا موقف یہ گناہ گاروں کیلئے تمنائے شفاعت للشافعین کی طرح ہے۔ نمبر 11۔ اور سر منڈوانا اور صاف ستھرا ہوجانا۔ رحمت و تخفیف کے ساتھ گناہوں کے بوجھ سے نکلنے والے کی طرح ہے۔ نمبر 12۔ اور بیت الحرام جس کے اندر داخل ہونے والے کیلئے فرمایا من دخلہ کان اٰمنا ] آل عمران : 97 [ وہ داخل ہونے والا دنیاوی ایذائوں، قتال سے بچنے والا، دارالسلام جنت میں داخل ہونے والے کا نمونہ ہے۔ کہ اس میں داخل ہونے والا فناء وزوال سے ہمیشہ کیلئے بچ گیا۔ البتہ جنت نفس کی ناپسند چیزوں سے ڈھانپی گئی ہے۔ جس طرح کہ کعبۃ اللہ کو راستوں کے مالوف جنگلوں سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔ وہ آدمی بہت خوب ہے جو جنگلوں کے خوفناک اور مہلک مقامات سے گزر کر ہانک پکار کے دن کی ملاقات کے شوق میں آگے بڑھ گیا۔
وَیَذْکُرُوْا اسْمَ اللّٰہِ (اور وہ اللہ تعالیٰ کا نام لیں) ذبح کے وقت فِیْٓ اَیَّامٍ مَّعْلُوْمٰتٍ (مقررہ ایام میں) عشرہ ذی الحجۃ عند الامام الاعظم ابوحنیفہ (رح) اور آخری دن یوم نحر ہے اور یہی ابن عباس ؓ کا قول ہے اور اکثر مفسرین بھی اسی طرف گئے ہیں۔ صاحبین رحمۃ اللہ علیہما کے نزدیک ایام نحر مراد ہیں یہ قول عبد اللہ بن عمرؓ کا ہے۔ عَلٰی مَارَزَقَھُمْ مِّنْ بَھِیْمَۃِ الْاَنْعَامِ (وہ چوپائے جو اللہ تعالیٰ نے ان کو عنایت فرمائے ہیں) ان کو ذبح کرتے وقت یہ صاحبین رحمہم اللہ کے قول کی تاکید ہے۔ البھیمۃؔ جنگل و خشکی کے جانوروں میں چار پائوں والا اس کی وضاحت انعام کے لفظ سے کردی گئی کہ وہ اونٹ، گائے، بھیڑ، بکری ہے۔ فَکُلُوْامِنْھَا (پس تم ان میں سے کھائو) ان کے گوشت سے۔
مسئلہ : یہاں امرا باحت کیلئے ہے نفلی ہدی میں سے کھانا درست ہے۔ اسی طرح متعہ اور قران کی ہدی میں سے بھی کیونکہ یہ فعلِ حج کا دم ہے۔ اس لئے قربانی کے مشابہہ ہے۔ باقی ہدایا جو دم جبر وغیرہ ہیں ان میں سے دم دینے والے کو کھانا جائز نہیں فقراء کو درست ہے۔ وَاَطْعِمُوْا الْبَآسَ (اور تم کھلائو تنگ دست کو) وہ شخص جس کو بدحالی پہنچے یعنی تنگدستی۔ الْفَقِیْرَ (محتاج) جس کو تنگی نے کمزور کردیا ہو۔
Ayah 22:2929: ثُمَّ لْیَقْضُوْا تَفَثَھُمْ (پھر وہ اپنی میل کچیل کو دور کریں) نمبر 1۔ اپنے اجسام سے میل کو دور کریں نفطو یہ نحوی نے اسی طرح کہا
دوسرا قول قضاء تفث، مونچھیں کاٹنے، ناخن اتارنے، بغل کے بال لینے، زیر ناف صاف کرنے کو کہتے ہیں۔ التفث تو میل کو کہا جاتا ہے۔ اور یہاں مراد میل کے ازالہ کو پورا کرنا۔ ابن عمر، ابن عباس ؓ کا قول یہ ہے کہ قضاء و تفث تمام مناسک حج کی ادائیگی کو کہتے ہیں۔
وَلْیُوْفُوْانُذُوْرَھُمْ (اور وہ اپنی نذور کو پورا کریں) یعنی حج کے واجبات۔ اور اہل عرب پر اس شخص کو جو اپنے فریضہ سے فارغ ہو کہتے ہیں وفّٰی بنذرہ خواہ اس نے کوئی نذر نہ مانی ہو۔ نمبر 2۔ یا نیکی کے وہ اعمال جن کی اعمال حج کے سلسلہ میں وہ نذرمان لیتے ہیں۔
قراءت : ابوبکر نے ولْیوفّوا لام کے سکون اور تشدیدِ فائؔ کے ساتھ پڑھا۔ وَلْیَطَّوَّفُوْا (اور وہ طواف کریں) طواف سے طواف زیارت مراد ہے جو کہ حج کا رکن ہے اور اس کی دائیگی سے تکمیل تحلل من الاحرام ہوجاتی ہے۔ لیقضوا، لیوفوا، لیطوفوا میں قراءت یہ ہے کہ ابن عامر اور ابو عمرو، ابن کثیر، نافع وغیرہ نے تینوں لامات مکسور پڑھی ہیں البتہ دیگر قراء نے تینوں ساکنہ پڑھی ہیں۔
بیت اللہ العتیق :
بِالْبَیْتِ الْعَتِیْقِ (پر انے گھر کا) عتیق قدیم کے معنی میں آتا ہے۔ کیونکہ فرمایا گیا ان اول بیت وضع للناس ] آل عمران : 96 [ آدم (علیہ السلام) نے اس کی تعمیر کی پھر تجدید تعمیر ابراہیم (علیہ السلام) کے ہاتھوں کرائی گئی۔ نمبر 2۔ عتیق کا معنی معزز۔ اسی سے عتاقؔ الخیل جو ان گھوڑوں کو بولتے ہیں جو شاندار عمدہ ہوں اور عتاقؔ الرقیق ان غلاموں کو کہتے ہیں جو غلامی سے نکل کر حریت کی عزت پالیں۔ نمبر 3۔ یہ غرق سے بچا رہا کیونکہ زمانہ طوفان میں اس کو اٹھالیا گیا۔ نمبر 4۔ ظالموں کے ہاتھوں سے آزاد کیا ہوا ہے۔ کتنے ہی ظالم اس کو گرانے کیلئے چلے مگر اللہ تعالیٰ نے اس کی حفاظت فرمائی۔ نمبر 5۔ حکمرانوں کے ہاتھوں سے آزاد ہے۔ کوئی اس کا مالک نہیں ہوا۔ یہ زمین والوں کیلئے طواف گاہ ہے جیسا کہ عرش اہل سماء کیلئے مطاف کی جگہ ہے۔
طالب صادق کو جب خوشی ابھارتی اور طلب کی کششیں اپنی طرف کھینچتی ہیں تو وہ زمینی مسافتوں کو مرحلوں میں طے کرتا اور خطرناک راستوں کو عبور کرتا ہوا چلا آتا ہے۔ جونہی وہ بیت اللہ کو آنکھوں کے سامنے پاتا ہے اس کا شوق ہدی خوان بن جاتا ہے اور استلام حجر سے بھی اس کے دل کو تسلی نہیں ملتی بلکہ وہ چاہتا ہے۔
چوں برسی کوئے دلبر ٭ بسپار جان مضطر
کہ مبادا بار دیگر ٭ حاصل نہ شودایں تمنا
جان کو قابو میں نہ پاکر دیوانہ وار وہ اس کے گرد چکر لگاتا ہے۔ جیسا پیاسا پرندہ منڈلاتا ہے۔
طواف زیارت حج کے تین فرائض میں سے آخری فریضہ ہے۔
اوّل احرام :
یہ حقیقت میں معاہدہ التزام ہے۔ اور اسلام کے کڑے کو مضبوطی سے تھامنے کا نام ہے۔ تاکہ حج کے ممنوعات کا ارتکاب کر کے اس کا انکار نہ کر بیٹھے اور اس کا عقد مفسدات و منافی کے ساتھ محض نام کا عقد نہ رہ جائے۔ جیسا کہ معاہدہ اسلام کثرت گناہ سے ٹوٹتا نہیں۔ اور ایک توبہ سے ایک ہزار گناہ اٹھ جاتے ہیں۔
دوسرا وقوف عرفات :
یہ در حقیقت گڑ گڑانے اور رونے دھونے کا پہلا بہانہ ہے اور اپنے اعمال کے مراتب اور احوال کے مشاہدات پر بھروسہ سے سچی علیحدگی اور دست برداری اور اللہ تعالیٰ کی ذات ہی پر بھروسہ کا نام ہے۔
Ayah 22:30تعظیم حرمات :
30: ذٰلِکَ : یہ مبتدأ محذوف کی خبر ہے۔ اے الامر ذلک یا تقدیر عبارت یہ ہے لیفعلوا ذلک۔
وَمَنْ یُّعَظِّمْ حُرُمٰتِ اللّٰہِ (جو شخص اللہ تعالیٰ کے محترم احکام کی وقعت کرے گا) الحرمۃؔ جس کی بےعزتی کسی طور پر حلال نہ ہو۔ وہ تمام احکام حج وغیرہ جن کا اللہ تعالیٰ نے حکم دے رکھا وہ تمام اسی درجہ میں ہیں۔ اور یہ بھی احتمال ہے کہ تمام احکام تکلیفیہ مراد لئے جائیں۔ اور یہ بھی احتمال ہے کہ فقط احکام حج مراد ہوں۔ ایک قول یہ ہے حرمات اللہ سے بیت اللہ شریف، مزدلفہ، مشعر حرام، مکہ مکرمہ اور مسجد حرام مراد ہے۔
فَھُوَ (پس وہ) تعظیم۔ خَیْرٌ لَّہٗ عِنْدَ رَبِّہٖ (بہت بہتر ہے اس کے رب کے ہاں) اور تعظیم کا مطلب یہ ہے کہ وہ یہ جانتا ہو کہ ان کی رعایت لازم ہے۔ اور ان کی حفاظت اور نگہبانی کرنا ضروری ہے۔ وَاُحِلَّتْ لَکُمُ الْاَنْعَامُ (تمہارے لئے جو پائے حلال کئے گے) یعنی ان کا کھانا اِلَّا مَایُتْلٰی عَلَیْکُمْ (مگر وہ جو تم پر پڑھا جائے گا) یہ آیت تحریم مراد ہے حرمت علیکم المیتۃ ] المائدہ : 3 [
مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تمہارے لئے تمام چوپائوں کو حلال کیا سوائے ان کے جن کے متعلق اس نے اپنی کتاب میں وضاحت کردی۔ پس تم اس کے حدود کا لحاظ کرو۔ اور اس کی حلال کردہ اشیاء میں سے کسی چیز کو حرام مت کرو۔ جیسا کہ بعض لوگوں نے بحیرہ، سائبہ وغیرہ حرام رکھے تھے اور جن کو اللہ تعالیٰ نے حرام قرار دیا ہے ان کو حلال مت کرو جیسا کہ بعض مردار اور موقوذہ وغیرہ کھالیتے تھے۔ جب اپنی حرمات کی تعظیم پر آمادہ کیا تو اس کے مابعد بتوں کی گندگی سے پرہیز کرنے اور جھوٹ سے بچنے کی تعلیم دی۔ چناچہ فرمایا : فَاجْتَنِبُوْا الرِّجْسَ مِنَ الْاَوْثَانِ وَاجْتَنِبُوْا قَوْلَ الزُّوْرِ (تم بتوں کی گندگی سے پرہیز کرو اور جھوٹی بات سے پرہیز کرو) کیونکہ یہ عظیم ترین حرمات میں سے ہے اور ان میں سب سے بڑھ کر ہے۔
نحو : من الاوثان یہ الرجس کا بیان ہے کیونکہ الرجس مبہم ہے اور اشیاء کو بھی شامل ہے گویا اس طرح فرمایا فاجتنبو الذی ھوالا و ثان۔ تم اس گندگی سے بچو جو کہ خودبت ہیں۔ اوثانؔ کو رِجْس بطور تشبیہ کے کہا یعنی تمہارے طبائع میں پلیدی سے نفرت تو پائی جاتی ہے پس تم پر لازم ہے کہ تم ان سے بھی نفرت کرو ( کیونکہ وہ باطنی پلیدی ہے جو ظاہری پلیدی سے بڑھ کر ہے)
فائدہ : یہاں شرک اور جھوٹ کو ایک صف میں رکھ کر پیش کیا۔ اس سے کذب و بہتان مراد ہے یا جھوٹی گواہی۔ اور یہ الزور کا لفظ زار یزور زورًا سے لیا گیا ہے جس کا معنی انحراف آتا ہے کیونکہ شرک بھی باب زور سے ہے کیونکہ مشرک کا خیال ہے کہ بت اس کی عبادت کا مستحق ہے اور یہ حق سے انحراف ہے۔
Ayah 22:3131: حُنَفَآ ئَ لِلّٰہِ (اللہ تعالیٰ کیلئے دین کو خالص رکھنے والے) مسلمان بن کر غَیْرَ مُشْرِکِیْن بِہٖ (اس کے ساتھ شریک ٹھہرانے والے نہ بنو)
نحو : یہ حنفاء کی طرح حال ہے۔
شرک و مشرک کی تشبیہ :
وَمَنْ یُّشْرِکْ بِاللّٰہِ فَکَاَنَّمَاخَرَّ (جس نے اللہ تعالیٰ کے ساتھ شریک کرلیا گویا وہ گرپڑا) خرّ کا معنی سقط آتا ہے مِنَ السَّمَآئِ (آسمان سے) زمین کی طرف فَتَخْطَفُہُ الطَّیْرُ (پھر پرندے اس کی بوٹیاں نوچ لیتے ہیں) خطف جھپٹ لینے کو کہتے ہیں جلدی سے چھیننا۔
قراءت : مدنی نے تتخطفہ پڑھا ہے۔
اَوْ تَھْوِیْ بِہِ الرِّیْحُ (یا ہوا اس کو پھینک دے) گرادے الھویٰؔ السقوط گرنا۔ فِیْ مَکَانٍ سَحِیْقٍ (دور جگہ میں) سحیق بعید کے معنی میں آتا ہے۔ ایک قول یہ بھی درست ہے کہ یہ تشبیہ مرکب ہو اور یہ بھی درست ہے کہ تشبیہ متفرق ہو اگر تشبیہ مرکب مانیں تو تقدیر کلام اس طرح بنے گی : من اشرک باللہ فقد اھلک نفسہ اھلاکا لیس بعدہٗ بان صوّر حالہ بصورۃ حال من خر من السماء فاختطفتہ الطیر فتفرق قطعاً فی حواصلھا او عصفت بہٖ الریح حتٰی ھوت بہٖ فی بعض المھالک البعیدۃ جس نے شرک کیا اس نے تو اپنے آپ کو بالکل ہلاک ہی کرڈالا۔ کہ جس کے بعد اب ساری صورت حال کو ایسے آدمی کی حالت سے تشبیہ دی جاسکتی ہے کہ جو آسمان سے گرا اسی گھڑی اس کو پرندوں نے اچک لیا پس وہ ان کے حواصل میں ٹکڑے ہو کر پہنچ گیا۔
تشبیہ مفرق :
مانیں تو ایمان کو بلندی میں آسمان سے تشبیہ دی اور شرک کرنے والے کو آسمان سے گرنے والے سے تشبیہ دی۔ ردی خواہشات کو مردار خورپرندوں سے۔ شیطان کو جو اس کو گمراہی میں ڈالتا ہے اس ہوا سے تشبیہ دی جو تیز چل کر ہر سامنے آنے والی چیز کو اٹھا کر ہلاک کن گہرے کھڈوں میں ڈال دے۔
Ayah 22:3232: ذٰلِکَ ای الامرذٰلک (معاملہ یہی ہے) وَمَنْ یُّعَظِّمْ شَعَآئِرَ اللّٰہِ (کہ جو آدمی دین خداوندی کی ان یادگاروں کا پورا لحاظ کرتا ہے) تعظیم شعائر سے حج کے نشانات جیسے ہدایا وغیرہ مراد ہیں۔ ان کے متعلق کو خوب موٹا تازہ، بیش قیمت، خوبصورت خریدنے کا حکم دیا۔ فَاِنَّھَا مِنْ تَقْوَ ی الْقُلُوْبِ (پس یہ دلوں کے تقویٰ سے) یعنی شعائر کی تعظیم ان آدمیوں کے افعال میں سے ہے جو دلوں میں تقویٰ رکھتے ہیں تقدیرعبارت یہ ہے : فان تعظیمھا من افعال ذوی تقویٰ القلوب یہ تمام مضاف حذف کر کے فقط دلوں کا ذکر کردیا کیونکہ وہ تقویٰ کے مراکز ہیں۔
Ayah 22:3333: لَکُمْ فِیْھَا مَنَافِعُ (اور تمہارے لیے ان میں منافع ہیں) مثلاً ضرورت کے وقت سواری، ضرورت کے وقت دودھ کا استعمال اِلٰٓی اَجَلٍ مُّسَمًّی (ایک مقررہ وقت تک) ذبح ہونے تک ثُمَّ مَحِلُّھَآ (پھر انکا مقام ذبح) پھر ان کی قربانی کے واجب ہونے کا وقت ختم ہونے والا ہے۔ اِلَی الْبَیْتِ الْعَتِیْقِ (قدیم گھر کی طرف) اس سے مراد اس کا ذبح کرنا حدود حرم میں ہے جس کا حکم بیت اللہ والا ہے کیونکہ حرم تو بیت اللہ کے حریم ہی کو کہا جاتا ہے جیسا کہ محاورہ میں کہتے ہیں بلغت البلد حالانکہ تم تو اس کی حدود میں پہنچے۔
دوسر اقول الشعائر سے تمام مناسک حج مراد ہیں۔ اور ان کی تعظیم سے مراد ان کی تکمیل ہے۔ مگر مَحِلُّھَا اِلَی الْبَیْتِ الْعَتِیْق اس مفہوم کا انکار کرتا ہے۔