99. Surah Az-Zalzala
الزلزلةThe Earthquake · 8 ayahsبصیرتِ قرآن
تعارف
تعارف
تعارف : قرآن کریم میں بیشمار مقامات پر اس بات کو بیان کیا گیا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب اس نظام کائنات کو جو ایک خاص ترتیب سے چل رہا ہے توڑ کر درہم برہم کردیا جائے گا، آسمان پھٹ جائیں گے، چاند سورج بےنور ہوجائیں گے، ستارے اور تارے ایک دوسرے سے ٹکرا جائیں گے، زمین مسلسل جھٹکوں سے ہلا ڈالی جائے گی جس سے زمین کے اندر دفن کء گئے مردے، انسانی جسم کے اجزاء جو کائنات میں بکھرے ہوئے ہوں گے ان کو پھر سے جمع کرکے انسانی شکل و صورت دیدی جائے گی۔ زمین کے اندر سے مع دنیات یعنی سونا، چاندی، ہیرے، جواہرات اور قیمتی چیزیں جن کو انسان بڑی اہمیت دیتا تھا اور اس کی وجہ سے ایک دوسرے پر ظلم و ستم، غضب اور چوری چکاری سے بھی باز نہیں آتا تھا وہ سب چیزیں اس کے سامنے پڑی ہوں گی مگر بےحقیقت اور بےقیمت ۔ اس دن آدمی کو اندازہ ہوجائے گا کہ جس سونے، چاندی، اور ہیرے جواہرات کے پیچھے اس کی زندگی گزری ہے وہ کس قدر حقیر اور بےکار چیزیں تھیں۔ اس کے بعد جب زمین زلزلوں اور جھٹکوں سے ہلنا بند نہ کرے گی تو انسان کہے گا کہ اسے کیا ہوگیا ؟ میدان حشر قائم ہونے کے بعد زمین کو اس کے رب کی طرف سے حکم دیا جائے گا کہ اس پر جو حالات اور واقعات گزرے ہیں اور انسا نے جو بھی عمل کئے ہیں ان کو پوری طرح بیان کردے۔ پھر ہر شخص کے اعمال نامے اس کے سامنے رکھ دئیے جائیں گے اور ہر شخص کے ساتھ پورا پورا انصاف کیا جائے گا۔ جس نے ذرہ برابر بھی نیکی کی ہوگی وہ اس کو بھی دیکھے گا اور اگر اس نے کوئی گناہ یا خطا کی ہوگی وہ اس کو بھی دیکھے گا۔ قرآن کریم میں فرمایا گیا ہے کہ ہر شخص کے ساتھ دوفرشتے جو کراماً کاتبین لگے ہوئے ہیں وہ آدمی کی ایک ایک بات اور ہر عمل کو لکھ رہے ہیں۔ قیامت کے دن ہر شخص کا مکمل ریکارڈ اس کے سامنے ہوگا۔ اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ ہر ایک اپنے اعمال نامے کو خود دیکھ کر اپنا محاسبہ کرلے۔ آدمی اپنے نامہ اعمال کو دیکھ کر حیران رہ جائے گا کیونکہ چھوٹی سے چھوٹی بات اور عمل، دلی جذبات، ارادے اور مقاصد تک اس کے اعمال نامے میں درج ہوں گے۔ کوئی آدمی اعمال نامے کو جھٹلا نہ سکے گا کیونکہ اگر وہ انکار کرے گا تو اس کی زبان، ہاتھ، پاؤں، آنکھیں، کان اور اس کے تمام اعضا حتی کہ اس کی کھال تک اللہ ایسی زبان عطا کردیں گے کہ وہ ایک ایک گناہ تک کی گواہی دے گی۔ زمین بتا دیگی کہ اس پر کس نے کیا کیا تھا۔ اس طرح ہر انسان اپنے گناہوں کا اعتراف کئے بغیر نہ رہ سکے گا۔ ان ہی باتوں کو سورة زلزل میں بیان فرمایا گیا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے۔ زمین پر ایسے مسلسل جھٹکے آئیں گے کہ جس سے زمین ہلا ڈالی جائے گی۔ زمین اپنے اندر کے بوجھ یعنی جو انسان دفن کئے گئے تھے ان کو اور سونے، چاندی، ہیرے ، جواہرات کو اپنے اندر سے نکال کر باہر پھینک دے گی۔ انسان کہے گا کہ اس زمین کو کیا ہوگیا ؟ پھر زمین کو اس کے رب کی طرف سے حکم دیا جائے گا کہ وہ اپنے اوپر کئے گئے حالات اور واقعات کو بیان کردے۔ پھر اس کے بعد ہر شخص اپنے اعمال کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لے گا۔ جس نے چھوٹی سے چھوٹی نیکی کی ہوگی وہ اس کو دیکھے گا اور جس نے ذرہ برابر بھی برائی کی ہوگی وہ بھی اس سامنے ہوگی جسے وہ دیکھے گا۔
اِذَا زُلْزِلَتِ الْاَرْضُ زِلْزَالَهَاۙ Open ayah 99:1 in the Quran reader
جب زمین بری طرح ہلا ڈالی جائے گی
وَ اَخْرَجَتِ الْاَرْضُ اَثْقَالَهَاۙ Open ayah 99:2 in the Quran reader
اور زمین اپنے بوجھ باہر پھینک دے گی
وَ قَالَ الْاِنْسَانُ مَا لَهَاۚ Open ayah 99:3 in the Quran reader
تو آدمی کہے گا کہ اس کو کیا ہوگیا ہے ؟
یَوْمَئِذٍ تُحَدِّثُ اَخْبَارَهَاۙ Open ayah 99:4 in the Quran reader
اس دن میں وہ اپنی سب باتیں بیان کرے گی
بِاَنَّ رَبَّكَ اَوْحٰى لَهَاؕ Open ayah 99:5 in the Quran reader
اس لئے کہ آپ کے رب نے اس کو یہی حکم دیا ہوگا
یَوْمَئِذٍ یَّصْدُرُ النَّاسُ اَشْتَاتًا١ۙ۬ لِّیُرَوْا اَعْمَالَهُمْؕ Open ayah 99:6 in the Quran reader
اس دن لوگ مختلف جماعتیں بن کر لوٹیں گے تاکہ ان کو ان کے اعمال دکھا دئیے جائیں
فَمَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ خَیْرًا یَّرَهٗؕ Open ayah 99:7 in the Quran reader
پھر جس نے ذرہ برابر نیکی کی ہوگی وہ اس کو وہاں دیکھ لے گا
وَ مَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ شَرًّا یَّرَهٗ۠ Open ayah 99:8 in the Quran reader
اور جس نے ذرہ برابر برائی کی وہگی وہ بھی (اسے شرک) کو دیکھ لے گا۔