39. Surah Az-Zumar

الزمرThe Groups · 75 ayahsاسرار التنزیل

Ayahs 39:71–75

وَ سِیْقَ الَّذِیْنَ كَفَرُوْۤا اِلٰى جَهَنَّمَ زُمَرًا١ؕ حَتّٰۤى اِذَا جَآءُوْهَا فُتِحَتْ اَبْوَابُهَا وَ قَالَ لَهُمْ خَزَنَتُهَاۤ اَلَمْ یَاْتِكُمْ رُسُلٌ مِّنْكُمْ یَتْلُوْنَ عَلَیْكُمْ اٰیٰتِ رَبِّكُمْ وَ یُنْذِرُوْنَكُمْ لِقَآءَ یَوْمِكُمْ هٰذَا١ؕ قَالُوْا بَلٰى وَ لٰكِنْ حَقَّتْ كَلِمَةُ الْعَذَابِ عَلَى الْكٰفِرِیْنَ Open ayah 39:71 in the Quran reader

اور کافروں کو گروہ گروہ بنا کر جہنم کی طرف سے جایا جائے گا۔ یہاں تک کہ جب وہ اس کے پاس پہنچیں گے تو اس کے دروازے کھول دیئے جائیں گے اور ان سے اس (دوزخ) کے محافظ کہیں گے ، کیا تمہارے پاس تم ہی لوگوں میں سے پیغمبر نہیں آئے تھے جو تم کو تمہارے پروردگار کی آیات پڑھ کر سناتے تھے اور تم کو اس دن کے پیش آنے سے ڈرایا کرتے تھے کہیں گے کہ ہاں ! و لیکن کافروں پر عذاب کا وعدہ پورا ہو کررہا

قِیْلَ ادْخُلُوْۤا اَبْوَابَ جَهَنَّمَ خٰلِدِیْنَ فِیْهَا١ۚ فَبِئْسَ مَثْوَى الْمُتَكَبِّرِیْنَ Open ayah 39:72 in the Quran reader

(پھر ان سے) کہا جائے گا کہ جہنم کے دروازوں میں داخل ہوجاؤ اسمیں ہمیشہ رہنے کے لئے ، پس تکبر کرنے والوں کا برا ٹھکانہ ہے

وَ سِیْقَ الَّذِیْنَ اتَّقَوْا رَبَّهُمْ اِلَى الْجَنَّةِ زُمَرًا١ؕ حَتّٰۤى اِذَا جَآءُوْهَا وَ فُتِحَتْ اَبْوَابُهَا وَ قَالَ لَهُمْ خَزَنَتُهَا سَلٰمٌ عَلَیْكُمْ طِبْتُمْ فَادْخُلُوْهَا خٰلِدِیْنَ Open ayah 39:73 in the Quran reader

اور جو لوگ اپنے پروردگار سے ڈرتے تھے ان کو گروہ گروہ جنت کی طرف لے جائیں گے یہاں تک کہ جب اس کے پاس پہنچ جائیں گے اور اس کے دروازے کھول دیئے جائیں گے اور وہاں کے محافظ ان سے کہیں گے کہ سلامتی ہو تم پر تم مزہ میں رہو سو اس میں ہمیشہ رہنے کے لئے داخل ہوجاؤ

وَ قَالُوا الْحَمْدُ لِلّٰهِ الَّذِیْ صَدَقَنَا وَعْدَهٗ وَ اَوْرَثَنَا الْاَرْضَ نَتَبَوَّاُ مِنَ الْجَنَّةِ حَیْثُ نَشَآءُ١ۚ فَنِعْمَ اَجْرُ الْعٰمِلِیْنَ Open ayah 39:74 in the Quran reader

اور کہیں گے سب خوبیاں اللہ کے لئے ہیں جس نے ہم سے اپنے وعدے کو سچا فرمایا اور ہم کو اس سرزمین کا مالک بنادیا کہ ہم جنت میں جہاں چاہیں قیام کریں۔ سو (نیک) عمل کرنے والوں کا بدلہ بھی کیا خوب ہے

وَ تَرَى الْمَلٰٓئِكَةَ حَآفِّیْنَ مِنْ حَوْلِ الْعَرْشِ یُسَبِّحُوْنَ بِحَمْدِ رَبِّهِمْ١ۚ وَ قُضِیَ بَیْنَهُمْ بِالْحَقِّ وَ قِیْلَ الْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ۠ Open ayah 39:75 in the Quran reader

اور آپ فرشتوں کو دیکھیں گے کہ عرش کے گرد گھیرا باندھے ہوئے ہیں (اور) اپنے پروردگار کی تعریف کے ساتھ تسبیح کر رہے ہیں۔ اور ان (تمام لوگوں) میں انصاف کے ساتھ فیصلہ کیا جائے گا اور کہا جائے گا سب طرح کی تعریف اللہ ہی کو سزاوار ہے جو جہانوں کے پروردگار ہیں

رکوع نمبر 8 ۔ آیات 71 تا 75: اسرار و معارف : تب فیصلہ ہونے کے بعد کفار کے گروہ یعنی ہر جرم کے لوگ ایک ایک گروہ بن کر دوزخ کی طرف ہنکائے جائیں گے جہاں پہلے سے دروازہ کھولے فرشتے منتظر ہوں گے اور ان سے کہیں گے کیا تمہارے پاس اللہ کی طرف سے مبعوث نہ ہوئے تھے کہ تمہیں تمہارے پروردگار کا پیغام پہنچاتے اور آج کی اس مشکل گھڑی سے بروقت خبردار کرتے۔ کہیں گے آئے تھے مگر ہم نے ان کی بات ماننے سے انکار کردیا تھا لہذا ہمارے کفر کے سبب ہم پر یہ عذاب آیا اور عذاب کا حکم کافروں پہ نافذ ہوجائے گا۔ اور انہیں جہنم میں دھکیل دیا جائے گا کہ چلو اب دوزخ میں جہاں تمہیں ہمیشہ ہمیشہ رہنا ہے داخل ہوجاؤ کہ تکبر کرنے والوں کا کس قدر برا اور تکلیف دہ ٹھکانا ہے۔ تب اہل جنت کو بھی گروہ در گروہ جنت کی طرف لے جایا جائے گا جیسے شہداء کی جماعت ، صالحین کی جماعت ، حفاظ کا گروہ ، مبلغین کا گروہ اور جنت کے فرشتے بھی دروازے کھولے ان کی راہ دیکھتے ہوں گے اور انہیں خوش آمدید کہیں گے کہ سلامتی ہو تم پر کیسے پیارے لوگ ہو تم اب جنت میں داخل ہوجاؤ جہاں ہمیشہ ہمیشہ موج کروگے اور وہ اللہ کا شکر ادا کریں گے کہ الحمدللہ اللہ نے ہمارے ساتھ جو وعدہ فرمایا تھا پورا کردیا اور ہمیں جنت کا مالک بنا دیا کہ جہاں چاہیں پھریں اور جس ہستی سے چاہیں ملاقات کریں نیک عمل کرنے والوں کو کس قدر بہترین اجر نصیب ہوا۔ اور اللہ کے فرشتے اللہ کے عرش کو گھیرے ہوئے ہوں گے اور تسبیحات کر رہے ہوں گے اس کی عظمت کے گیت گاتے ہوں گے اور اعلان ہوگا کہ سب تعریفیں اللہ ہی کو سزوار جو سارے جہانوں کا پروردگار ہے اور جس نے سب کے درمیان جھگڑا چکا دیا اور سب کا فیصلہ کردیا جائے گا۔