86. Surah At-Taariq

الطارقThe Morning Star · 17 ayahsتفسیر انوار البیان

Ayahs 86:1–6

وَ السَّمَآءِ وَ الطَّارِقِۙ Open ayah 86:1 in the Quran reader

قسم ہے آسمان کی اور اس چیز کی جو رات کو نمودار ہو،

وَ مَاۤ اَدْرٰىكَ مَا الطَّارِقُۙ Open ayah 86:2 in the Quran reader

اور آپ کو معلوم ہے وہ رات کو نمودار ہونے والی چیز کیا ہے،

النَّجْمُ الثَّاقِبُۙ Open ayah 86:3 in the Quran reader

وہ روشن ستارہ ہے،

اِنْ كُلُّ نَفْسٍ لَّمَّا عَلَیْهَا حَافِظٌؕ Open ayah 86:4 in the Quran reader

کوئی شخص ایسا نہیں جس پر نگہبان مقرر نہ ہو،

فَلْیَنْظُرِ الْاِنْسَانُ مِمَّ خُلِقَؕ Open ayah 86:5 in the Quran reader

سو انسان غور کرلے کہ وہ کس چیز سے پیدا کیا گیا،

خُلِقَ مِنْ مَّآءٍ دَافِقٍۙ Open ayah 86:6 in the Quran reader

وہ ایک اچھلتے ہوئے پانی سے پیدا کیا گیا

اللہ تعالیٰ نے آسمان کی اور چمکتے ہوئے ستارہ کی قسم کھا کر فرمایا کہ دنیا میں جو لوگ بھی رہتے اور بستے ہیں ان کے اعمال کی نگرانی کے لیے ہم نے فرشتے لگا رکھے ہیں ہر جان کے ساتھ فرشتہ لگا ہوا ہے۔ یہ فرشتے انسانوں کے اعمال کو لکھتے ہیں اور اعمالنامہ کو محفوظ کرلیتے ہیں پھر جب قیامت کا دن ہوگا تو یہ اعمال نامے انسانوں کے سامنے آجائیں گے۔ یہ حافظ ( کی ایک تفسیر ہے جو آیت کریمہ ﴿ وَ اِنَّ عَلَيْكُمْ لَحٰفِظِيْنَۙ0010﴾ کے مطابق ہے بعض مفسرین نے فرمایا ہے اس سے وہ فرشتے مراد ہیں جو ہر انسان کی حفاظت کے لیے مقرر ہیں جس کا سورة ٴ رعد کی آیت ﴿ لَهٗ مُعَقِّبٰتٌ مِّنْۢ بَيْنِ يَدَيْهِ وَ مِنْ خَلْفِهٖ يَحْفَظُوْنَهٗ مِنْ اَمْرِ اللّٰهِ ﴾ میں ذکر ہے یعنی اللہ پاک نے ہر انسان کے لیے فرشتے مقرر فرما دیئے ہیں جو رات دن آفات سے انسان کی حفاظت فرماتے ہیں البتہ جو تکلیف مقدر ہے وہ تو پہنچ کر ہی رہے گی۔ سیاق کلام کے اعتبار سے پہلا معنی مراد لینا ہی اظہر و اقرب ہے کیونکہ قیامت کے دن کی آزمائش اور پیشی کا ذکر ہے چونکہ انسانوں کی موت کے بعد زندہ کرنے کے بارے میں شک و شبہ رہتا ہے اس لیے ان کے شبہ کو دور کرنے کے لیے یہ فرمایا، پھر فرمایا : ﴿ فَلْيَنْظُرِ الْاِنْسَانُ مِمَّ خُلِقَؕ005﴾ (سو انسان غور کرے کہ وہ کس چیز سے پیدا کیا گیا ہے) ۔ پھر خود ہی اس کا جواب ارشاد فرمایا ﴿ خُلِقَ مِنْ مَّآءٍ دَافِقٍۙ006﴾ وہ ایک اچھلتے ہوئے پانی سے پیدا کیا گیا ہے۔
Ayahs 86:7–8

یَّخْرُجُ مِنْۢ بَیْنِ الصُّلْبِ وَ التَّرَآئِبِؕ Open ayah 86:7 in the Quran reader

جو پشت اور سینہ کے درمیان سے نکلتا ہے،

اِنَّهٗ عَلٰى رَجْعِهٖ لَقَادِرٌؕ Open ayah 86:8 in the Quran reader

بیشک وہ ضرور اس کے دوبارہ پیدا کرنے پر قادر ہے۔

﴿ يَّخْرُجُ مِنْۢ بَيْنِ الصُّلْبِ وَ التَّرَآىِٕبِؕ007﴾ (وہ پانی پشت اور سینہ کے درمیان سے نکلتا ہے) ۔ اس میں یہ بتایا ہے کہ انسان نطفہ منی سے پیدا کیا گیا ہے جسے سورة ٴ الم سجدہ میں ماء مھین (ذلیل پانی) سے تعبیر فرمایا ہے۔ انسان جو قیامت کا منکر ہے اور یوں کہتا ہے کہ موت کے بعد کیسے اٹھائے جائیں گے اور مٹی میں ملے ہوئے ذرات آپس میں کیسے ملیں گے اس کا جواب دے دیا کہ تو دیکھ لے تیری اصل کیا ہے تجھے اپنی حقیقت اور نشوونما کا علم ہے پھر بھی ایسی باتیں کرتا ہے جس نے تجھے نطفہ سے پیدا فرمایا وہ دوبارہ بھی پیدا فرما سکتا ہے، اسی کو فرمایا : ﴿ اِنَّهٗ عَلٰى رَجْعِهٖ لَقَادِرٌؕ008﴾ (بلاشبہ وہ اس کے لوٹانے پر قادر ہے) ۔ سورة القیامہ میں فرمایا ﴿اَلَمْ يَكُ نُطْفَةً مِّنْ مَّنِيٍّ يُّمْنٰىۙ0037 ثُمَّ كَانَ عَلَقَةً فَخَلَقَ فَسَوّٰىۙ0038 فَجَعَلَ مِنْهُ الزَّوْجَيْنِ الذَّكَرَ وَ الْاُنْثٰىؕ0039 اَلَيْسَ ذٰلِكَ بِقٰدِرٍ عَلٰۤى اَنْ يُّحْيِۧ الْمَوْتٰى (رح) 0040﴾ کیا انسان ایک قطرہ منی نہ تھا جو ٹپکایا گیا تھا، پھر وہ خون کا لوتھڑا ہوگیا پھر اس نے بنایا پھر اعضاء درست کیے پھر اس کی دو قسمیں کردیں، مرد اور عورت۔ کیا وہ اس بات پر قدرت نہیں رکھتا کہ مردوں کو زندہ کر دے۔ نطفہ منی کو ﴿ مَّآءٍ دَافِقٍۙ﴾ (اچھلتے ہوئے پانی) سے تعبیر فرمایا ہے اور یہ بھی فرمایا کہ وہ پشت اور سینہ کے درمیان سے نکلتا ہے۔ عربی میں الصلب پشت کو کہتے ہیں اور الترائب جمع ہے تریبۃ کی، سینہ کی ہڈیوں کو ترائب کہا جاتا ہے۔ بچہ کی تخلیق مرد عورت دونوں کی منی کے امتزاج سے ہوتی ہے اور ماء دافق کا مفرد کا صیغہ لانا اس اعتبار سے ہے کہ مرد کا نطفہ ہی اصل ہے اور وہ دافق یعنی اچھلنے والا ہے اس کے بغیر تخلیق نہیں ہوتی۔ صاحب بیان القرآن نے یہ توجیہ کی ہے کہ دونوں نطفے مل کر چونکہ شئی واحد ہوجاتے ہیں اس لیے مفرد کا صیغہ لایا گیا اور ساتھ ہی یہ بھی فرمایا کہ عورت کی منی میں بھی قدرت اندفاق یعنی اچھال ہوتا ہے۔ قال صاحب الروح و وصفہ بالدفق قیل باعتبار احد جزئیہ وھو منی الرجل وقیل باعتبار کلیھما ومنی المراة دافق ایضاً الی الرحم۔ عورت کی منی ہونا اور بچہ کی تخلیق میں اس کے مادہ منویہ کا شریک ہونا یہ تو حدیث شریف سے ثابت ہے۔ كما روی مسلم عن عائشة ؓ ان امراة قالت لرسول اللہ ﷺ : ھل تغتسل المراہ اذا احتملت وابصرت الماء ؟ فقال ” نعم “ فقالت لھا عائشة : تربت یداک : قالت فقال رسول اللہ ﷺ دعیھا۔ وھل یکون الشبہ الامن قبل ذلك۔ اذا علا ماؤھا ماء الرجل اشبہ الولد اخوالہ واذا علاماء الرجل ماء ھا اشبہ اعمامہ۔ مادیہ منویہ کے بارے میں فرمایا کہ وہ پشت اور سینہ کے درمیان سے نکلتا ہے، یہاں اس طب جدید کی تحقیق کو سامنے رکھتے ہوئے کچھ اشکال کیا گیا ہے۔ اطباء کا کہنا ہے کہ نطفہ ہر عضو سے نکلتا ہے اور بچہ کا ہر عضو اس جزو نطفہ سے بنتا ہے جو مرد و عورت کے اسی عضو سے نکلا ہے۔ اگر اطباء کا کہنا صحیح ہو پھر بھی قرآن کی تصریح پر کوئی حرف نہیں آتا کیونکہ قرآن مجید میں نہ مرد عورت کی کوئی تخصیص فرمائی ہے اور نہ کلام میں کوئی حرف حصر موجود ہے جو یہ بتاتا ہو کہ نطفہ صرف پشت اور سینہ سے ہی نکلتا ہے، اگر سارے بدن سے نکلتا ہو تو پشت اور سینہ کا ذکر اس کے معارض نہیں ہے۔ البتہ یہ سوال رہ جاتا ہے کہ تمام اعضاء میں سے صرف پشت اور سینہ ہی کو کیوں ذکر فرمایا اس کے بارے میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ سامنے اور نیچے کے اہم اعضاء کو ذکر کر کے سارے بدن سے تعبیر کردیا گیا۔ قال صاحب الروح وقیل لوجعل مابین الصلب والترائب کنایة عن البدن کلہ لم یبعد وکان تخصیصھا بالذکر لما انھا کالوعاء للقلب الذی ھو المضغة العظمی فیہ۔
Ayahs 86:9–12

یَوْمَ تُبْلَى السَّرَآئِرُۙ Open ayah 86:9 in the Quran reader

جس دن چھپے ہوئے بھیدوں کی جانچ کی جائے گی

فَمَا لَهٗ مِنْ قُوَّةٍ وَّ لَا نَاصِرٍؕ Open ayah 86:10 in the Quran reader

سو انسان کے لیے نہ کوئی قوت ہوگی نہ کوئی مددگار۔

وَ السَّمَآءِ ذَاتِ الرَّجْعِۙ Open ayah 86:11 in the Quran reader

قسم ہے آسمان کی جس سے بارش ہوتی ہے

وَ الْاَرْضِ ذَاتِ الصَّدْعِۙ Open ayah 86:12 in the Quran reader

اور زمین کی جو پھٹ جاتی ہے۔

گزشتہ آیات میں انسان کی پیدائش بیان فرمائی اور یہ بھی بتایا کہ جس ذات پاک نے انسان کو ابتدائً ایسے ایسے پانی سے پیدا فرمایا وہ موت دینے کے بعد دوبارہ پیدا فرمانے پر بھی قادر ہے اس کے بعد دو آیتوں میں قیامت کے دن کی پیشی اور وہاں جو انسان کی مجبوری ہوگی اس کو بیان فرمایا۔ ارشاد فرمایا کہ جس روز انسان کو دوبارہ زندہ کیا جائے گا اور محاسبہ کے لیے پیشی ہوگی اس وقت سری بھید کی چیزوں کی جانچ کرلی جائے گی۔ سارا کچا چٹھا سامنے آجائے گا جو بھی کچھ کیا تھا وہ نظر کے سامنے ہوگا۔ ﴿وَ وَجَدُوْا مَا عَمِلُوْا حَاضِرًا﴾ (اور جو کچھ کیا تھا سب حاضر پائیں گے) ۔ انسان کی بدحالی اور مجبوری کا یہ عالم ہوگا کہ نہ تو اسے عذاب کے دفعہ کرنے کی کوئی قوت ہوگی اور نہ اس کا کوئی مددگار ہوگا اس کے بعد آسمان اور زمین کی قسم کھائی اور قسم کھا کر قرآن کے بارے میں فرمایا کہ وہ فیصلہ کرنے والا کلام ہے فرمایا : قسم ہے آسمان کی جو بارش والا ہے اس کی طرف سے زمین پر بار بار بارش کا نزول ہوتا ہے اور قسم ہے زمین کی جو پھٹ جانے والی ہے (جب اس میں بیج ڈالا جاتا ہے تو پھٹ جاتی ہے اور اس سے پودے اور کھیتیاں نکل آتی ہیں) ۔
Ayahs 86:13–15

اِنَّهٗ لَقَوْلٌ فَصْلٌۙ Open ayah 86:13 in the Quran reader

یہ قرآن ایک فیصلہ کردینے والا کلام ہے

وَّ مَا هُوَ بِالْهَزْلِؕ Open ayah 86:14 in the Quran reader

اور وہ کوئی لغو چیز نہیں ہے۔

اِنَّهُمْ یَكِیْدُوْنَ كَیْدًاۙ Open ayah 86:15 in the Quran reader

بلاشبہ یہ لوگ طرح طرح کی تدبیریں کر رہے ہیں

﴿اِنَّهٗ لَقَوْلٌ فَصْلٌۙ0013﴾ (بلاشبہ یہ قرآن ایک کلام ہے فیصلہ دینے والا) اس میں جو کچھ بتایا ہے سب صحیح ہے حق اور باطل کے درمیان فیصلہ کرنے والا ہے۔ ﴿ وَّ مَا هُوَ بالْهَزْلِؕ0014﴾ (اور یہ کوئی لغو چیز نہیں) ۔ ﴿ اِنَّهُمْ يَكِيْدُوْنَ كَيْدًاۙ0015﴾ (بلاشبہ یہ لوگ حق کو دبانے کے لیے قرآن سے خود دور رہنے اور دوسروں کو اس سے دور کرنے کے لیے طرح طرح کی تدبیریں کر رہے ہیں آپ کو تکلیف بھی دے رہے ہیں مکہ معظمہ آنے والوں کے راستہ میں بیٹھ کر انہیں آپ کے پاس آنے سے روکتے ہیں۔ قرآن کو شعر اور اساطیر الاولین بتاتے ہیں اہل ایمان کو مارتے پیٹتے ہیں۔
Ayahs 86:16–17

وَّ اَكِیْدُ كَیْدًاۚۖ Open ayah 86:16 in the Quran reader

اور میں بھی طرح طرح کی تدبیریں کر رہا ہوں،

فَمَهِّلِ الْكٰفِرِیْنَ اَمْهِلْهُمْ رُوَیْدًا۠ Open ayah 86:17 in the Quran reader

تو آپ ان کافروں کو مہلت دیجئے ان کو تھوڑے دنوں رہنے دیجئے۔

﴿وَّ اَكِيْدُ كَيْدًاۚۖ0016﴾ (اور میں طرح طرح کی تدبیریں کرتا ہوں) ان لوگوں کی تدبیروں کا کاٹ مجھے معلوم ہے ان کی تدبیریں فیل ہوں گی میری تدبیر غالب آئے گی۔ ﴿ فَمَهِّلِ الْكٰفِرِيْنَ ﴾ (سو کافروں کو چھوڑیئے) یعنی ان کی حرکتوں سے غمگین نہ ہوجایئے۔ ﴿اَمْهِلْهُمْ رُوَيْدًا (رح) 0017﴾ (انہیں تھوڑے دنوں کے لیے مہلت دیجئے) ۔ اس میں رسول اللہ ﷺ کے لیے تسلی ہے کہ آپ غمگین نہ ہوں آپ اپنا کام کرلیجئے تھوڑے دنوں بعد ہم ان پر عذاب نازل کریں گے، ہر کافر کو موت کے بعد عذاب تو ہونا ہی ہے۔ موت سے پہلے بھی عذاب ہوسکتا ہے جیسا کہ قریش مکہ غزوہٴ بدر میں مبتلائے عذاب ہوئے۔ وھذا آخر سورة الطارق والحمد للہ العلی الخلاق