36. Surah Yaseen

يسYaseen · 83 ayahsتفسیر انوار البیان

Ayah 36:81

اَوَ لَیْسَ الَّذِیْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ بِقٰدِرٍ عَلٰۤى اَنْ یَّخْلُقَ مِثْلَهُمْ١ؐؕ بَلٰى١ۗ وَ هُوَ الْخَلّٰقُ الْعَلِیْمُ Open ayah 36:81 in the Quran reader

جس نے آسمانوں کو اور زمین کو پیدا فرمایا کیا وہ اس پر قادر نہیں ہے کہ ان کے جیسے پیدا فرما دے، ہاں وہ قادر ہے اور وہ بڑا پیدا کرنے والا ہے خوب جاننے والا ہے۔

اس کے بعد انسانوں کو دوبارہ پیدا فرمانے کی ایک اور دلیل ذکر فرمائی اور سوال کے پیرایہ میں فرمایا (اَوَلَیْسَ الَّذِیْ خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ بِقٰدِرٍ عَلٰی اَنْ یَّخْلُقَ مِثْلَہُمْ ) (جس نے آسمانوں کو اور زمین کو پیدا فرمایا کیا وہ اس پر قادر نہیں ہے کہ ان کے جیسے پیدا فرما دے) (بَلٰی وَھُوَ الْخَلَّاقُ الْعَلِیْمُ ) (ہاں وہ قادر ہے اور وہ بڑا پیدا کرنے والا ہے) جس ذات پاک نے اتنے بڑے بڑے آسمان بنا دئیے، اتنی بڑی زمین بنا دی اس کے بارے میں یہ کہنا کہ جب ہم مرجائیں گے تو وہ ہمیں کیسے پیدا کرے گا، یہ سوال سراسر حماقت ہے۔
Ayah 36:82

اِنَّمَاۤ اَمْرُهٗۤ اِذَاۤ اَرَادَ شَیْئًا اَنْ یَّقُوْلَ لَهٗ كُنْ فَیَكُوْنُ Open ayah 36:82 in the Quran reader

اس کا معمول یہی ہے کہ جب وہ کسی چیز کے پیدا کرنے کا ارادہ فرمائے تو یوں فرما دیتا ہے کہ ہوجا سو وہ ہوجاتی ہے۔

اللہ پاک قادر مطلق ہے سب کو اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے (اِِنَّمَا اَمْرُہُ اِِذَا اَرَادَ شَیْءًا اَنْ یَّقُوْلَ لَہٗ کُنْ فَیَکُوْنُ ) (اس کی شان یہی ہے کہ جب وہ کسی چیز کے پیدا کرنے کا ارادہ فرمائے تو یوں فرما دیتا ہے کہ ہوجا سو وہ ہوجاتی ہے) سو جب صرف کن فرما دینے سے سب کچھ وجود میں آجاتا ہے تو زندوں کو موت دے کر دوبارہ زندہ فرمانا کیونکر مشکل ہوسکتا ہے ؟
Ayah 36:83

فَسُبْحٰنَ الَّذِیْ بِیَدِهٖ مَلَكُوْتُ كُلِّ شَیْءٍ وَّ اِلَیْهِ تُرْجَعُوْنَ۠ Open ayah 36:83 in the Quran reader

سو پاک ہے وہ ذات جس کے ہاتھ میں ہر چیز کا پورا اختیار ہے اور تم اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔

(فَسُبْحٰنَ الَّذِیْ بِیَدِہِ مَلَکُوتُ کُلِّ شَیْءٍ وَّاِِلَیْہِ تُرْجَعُوْنَ ) (سو پاک ہے وہ ذات جس کے ہاتھ میں ہر چیز کا پورا اختیار ہے اور تم اسی کی طرف لوٹائے جاؤ گے) اس کی ذات ہر عیب اور نقص سے پاک ہے کسی بھی چیز کے پیدا کرنے سے عاجز نہیں، مردہ انسانوں کو دوبارہ زندہ پیدا فرمانا بھی اس کی قدرت سے باہر نہیں تمہیں لوٹ کر اسی کی طرف جانا ہے، اس کی قدرت کا انکار کرو گے تو سزا پاؤ گے۔ ولقد تَمَّ تفسیر سورة یٰسٓ والصلوٰۃ والسلام علی سیّد الانبیاء والمرسلین وعلیٰ اٰلہ و اصحابہ وَمَنْ تَبِعَھُمْ بْاِحْسَانٍ الٰی یوم الدّین