خدا کی خوشنودی کے طلب گار ہو تو والدین کو خوش رکھو۔
وعن عبدالله بن عمرو قال قال رسول الله صلى الله عليه وسلم رضى الرب في رضى الوالد وسخط الرب في سخط الوالد . رواه الترمذي
اور حضرت عبداللہ ابن عمر ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا پروردگار کی رضامندی و خوشنودی ماں باپ کی رضا مندی اور خوشنودی میں ہے اور پروردگار کی ناخوشی باپ کی ناخوشی و ناراضگی میں ہے۔ ترمذی۔ تشریح یہی حکم ماں کا بھی ہے کہ بلکہ ماں اس بات کی زیادہ مستحق ہے حاصل یہ ہے کہ اگر تم اپنی خدمت و اطاعت اور اچھے سلوک کے ذریعہ اپنی ماں باپ کو خوش رکھو گے تو تمہارا پروردگار بھی تم سے خوش رہے گا اور اگر تم نافرمانی و سرکشی کرو گے اور ایذا رسانی کے ذریعہ ماں باپ کو ناخوش رکھو گے تو تمہارا پروردگار بھی تم سے ناخوش و ناراض رہے گا۔