14. Surah Ibrahim

ابراهيمAbraham · 52 ayahsتفسیرِ ماجدی

Ayah 14:41

رَبَّنَا اغْفِرْ لِیْ وَ لِوَالِدَیَّ وَ لِلْمُؤْمِنِیْنَ یَوْمَ یَقُوْمُ الْحِسَابُ۠ Open ayah 14:41 in the Quran reader

اے ہمارے پروردگار میری مغفرت کر دے اور میرے والدین کی اور ایمان والوں کی، جس روز حساب و کتاب قائم ہو،69۔

69۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کا اپنے لئے اور مومنین کے حق میں دعاء مغفرت کرنا تو ایک صاف اور سیدھی سی بات ہے البتہ شبہ اس میں پیدا ہوتا ہے کہ آپ نے اپنے کافر والد کے حق میں دعائے مغفرت کیسے کردی ؟ سو اگر یہ دعاء آپ (علیہ السلام) نے ان کی زندگی ہی میں کی تھی جب تو آپ (علیہ السلام) کی مراد یہی ہوگی کہ انہیں توفیق ہدایت دے کر ان کی مغفرت کا سامان کردیاجائے۔ اور اگر بعد وفات یہ دعا کی تھی تو یہ دعاء ان کی ایمان کے ساتھ (علم الہی میں) مشروط ہوگی، یعنی اے پروردگار اگر تیرے علم میں ان کا خاتمہ ایمان پر ہوا ہے تو ان کی مغفرت کردے۔ (آیت) ” اغفرلی “۔ غفر کے معنی ہیں رحمت الہی کا ڈھانپ لینا، اور اس کی حاجت جس طرح عاصی کور ہتی ہے، معصوم کو بھی رہتی ہے اس لیے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کا اپنے حق میں طلب مغفرت کرنے سے ان کا غیر معصوم ہر نا ہرگز لازم نہیں آتا۔
Ayah 14:42

وَ لَا تَحْسَبَنَّ اللّٰهَ غَافِلًا عَمَّا یَعْمَلُ الظّٰلِمُوْنَ١ؕ۬ اِنَّمَا یُؤَخِّرُهُمْ لِیَوْمٍ تَشْخَصُ فِیْهِ الْاَبْصَارُۙ Open ayah 14:42 in the Quran reader

اور اللہ کو اس سے بیخبر ہرگز مت سمجھ، جو کچھ (یہ) ظالم لوگ رہے ہیں،70۔ انہیں تو بس اس روز تک وہ مہلت دیئے ہوئے ہے جس میں نگاہیں پھٹی رہ جائیں گی

70۔ (اے مخاطب) الخطاب لغیر الرسول (علیہ السلام) (مدارک) خطاب لکل من توھم غفلتہ تعالیٰ (روح) (آیت) ” الظلمون “۔ سے یہاں مراد کافر ہیں۔ آیت کا مطلب یہ ہوا کہ ان معاند کافروں کو جو فورا سزا نہیں مل رہی ہے تو یہ اس لیے ہرگز نہیں کہ حق تعالیٰ ان کی طرف سے غافل ہے۔ اس کا توا حتمال بھی نہیں، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے مصالح تکوینی سے جزاء وسزا کو ایک وقت مقرر کیلئے اٹھا رکھا ہے۔
Ayah 14:43

مُهْطِعِیْنَ مُقْنِعِیْ رُءُوْسِهِمْ لَا یَرْتَدُّ اِلَیْهِمْ طَرْفُهُمْ١ۚ وَ اَفْئِدَتُهُمْ هَوَآءٌؕ Open ayah 14:43 in the Quran reader

وہ دوڑ رہے ہوں گے اپنے سراٹھا رکھے ہوں گے ان کی نظران کی طرف واپس نہ آئے گی اور ان کے دل بدحواس ہوں گے،71۔

71۔ (شدت ہول وہراس سے) سارا منظر یوم حشر کی ہولناکی کی اور دہشت انگیزی کا ہے۔ (آیت) ” تشخص فیہ الابصار “۔ یعنی کافروں کی نگاہیں فرط حیرت وہیبت سے پھٹی رہ جائیں گی، (آیت) ” مھطعین “۔ یعنی موقف حساب کی طرف دوڑ رہے ہوں گے (آیت) ” مقنعی رء وسھم “۔ یعنی فرط حیرت سے کسی اور طرف نہ نظر جائے گی نہ خیال (آیت) ” لایرتد الیھم طرفھم “۔ یعنی آنکھ جھپکے گی تک نہیں، بس ٹکٹکی بندھ کر رہ جائے گی :۔
Ayah 14:44

وَ اَنْذِرِ النَّاسَ یَوْمَ یَاْتِیْهِمُ الْعَذَابُ فَیَقُوْلُ الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا رَبَّنَاۤ اَخِّرْنَاۤ اِلٰۤى اَجَلٍ قَرِیْبٍ١ۙ نُّجِبْ دَعْوَتَكَ وَ نَتَّبِعِ الرُّسُلَ١ؕ اَوَ لَمْ تَكُوْنُوْۤا اَقْسَمْتُمْ مِّنْ قَبْلُ مَا لَكُمْ مِّنْ زَوَالٍۙ Open ayah 14:44 in the Quran reader

اور آپ ڈرائیے لوگوں کو اس دن سے جس میں ان پر عذاب آپڑے گا پھر (یہ) ظالم کہیں گے اے ہمارے پروردگار ہم کو (اور) مہلت دے دے ایک مدت قلیل تک، ہم تیری دعوت قبول کرلیں گے اور پیغمبروں کا اتباع کریں گے،72۔ کیا تم نے اس کے قبل قسمیں نہیں کھائی تھیں کہ تمہیں (کہیں بھی) جانا نہیں ہے،73۔

72۔ حشر میں جب انکشاف حقائق درجہ تام میں ہوجائے گا اور غفلت کے پردے ہر طرح چاک ہوجائیں گے، بدنصیب کافر عرض کریں گے کہ اب ہم نے خوب مزہ چکھ لیا اب ایک بار پھر ہمیں مہلت حیات عطا ہو کہ ہم دنیا میں جا کر از سرنوزندگی بسر کریں اور اب کی اپنی پوری فرماں برداری اور اطاعت شعاری کا ثبوت دیں۔ (آیت) ” الذین ظلموا “ مراد کفار ہیں۔ اے الکفار (مدارک) 73۔ (اس دنیا میں) ان کے جواب میں ارشاد ہوگا کہ دنیا میں رہنے کی تمہیں مہلت قلیل تو نہیں مدت طویل ملی تھی، پھر تم نے اس سے کیا فائدہ اٹھایا بلکہ تم تو الٹے قسمیں کھا کھا کر بڑے زور اور دعوی کے ساتھ کہا کرتے تھے کہ یہ حشر ونشر کا قصہ سب ڈھکوسلا ہے وجود جو کچھ ہے صرف اسی مادی دنیا اور اسی مادی زندگی سے، اس کے آگے کچھ بھی نہیں ہوسکتا ہے کہ بعض لوگوں نے اپنی زبان سے یہ سب تقریر نہ کی ہو۔ ، جب بھی زبان حال سے تو وہ بھی یہی کہتے رہے تھے۔ لعلھم اقسموا بطرا وغرورا اودل علیہ حالھم (بیضاوی) اوبالسنۃ الحال ودلالۃ الافعال (روح) (آیت) ” من زوال “۔ میں من تاکید نفی کے لئے ہے۔ ومن صلتہ لتاکید النفی (روح)
Ayah 14:45

وَّ سَكَنْتُمْ فِیْ مَسٰكِنِ الَّذِیْنَ ظَلَمُوْۤا اَنْفُسَهُمْ وَ تَبَیَّنَ لَكُمْ كَیْفَ فَعَلْنَا بِهِمْ وَ ضَرَبْنَا لَكُمُ الْاَمْثَالَ Open ayah 14:45 in the Quran reader

حالانکہ تم انہیں لوگوں کے مسکنوں میں آباد تھے جو اپنے اوپر ظلم کرچکے تھے اور تمہارے اوپر روشن ہوچکا تھا کہ ہم نے ان کے ساتھ کیونکر معاملہ کیا تھا اور ہم نے (بھی) تم سے مثالیں بیان کی تھیں،74۔

74۔ یہ خطاب زمانہ مابعد کی نسلوں سے ہے۔ مطلب یہ ہوا کہ تم تو بعد کو آئے پھر نہ اپنے پیش رو کفار معاندین ومنکرین آخرت کے عبرتناک انجام اور تباہی و بربادی سے کوئی عبرت ونصیحت تم نے حاصل کی اور نہ کتب سابقہ کی ہدایتوں فہمایشوں سے تم ذرا بھی بیدار ہوئے، تمہارے لئے تو انکار کے نہیں، منع انکار کے اتنے زبردست اسباب اکٹھے تھے، پھر بھی تم اپنی شامت سے راستہ وہی ہلاکت وبد انجامی ہی کا اختیار کئے رہے، (آیت) ” وسکنتم۔۔۔ انفسھم “۔ یعنی تم روئے زمین کے انہی خطوں، قطعوں، علاقوں میں تو آباد ہو جہاں تم سے پیشتر اور منکرین ومعاندین رہ چکے تھے۔ (آیت) ” تبین۔۔۔ بھم “۔ یعنی تمہیں تاریخ سے، روایات و حکایات سے، پوری طرح ان منکروں کی سزایابی، ہلاکت و بربادی کا حال معلوم ہوچکا تھا۔ (آیت) ” ضربنالکم الامثال “۔ یہ اشارہ سابقہ کتب آسمانی کی جانب ہے، انہی کے ذریعہ سے بار بار تنبی ہیں ہوچکی تھیں،۔
Ayah 14:46

وَ قَدْ مَكَرُوْا مَكْرَهُمْ وَ عِنْدَ اللّٰهِ مَكْرُهُمْ١ؕ وَ اِنْ كَانَ مَكْرُهُمْ لِتَزُوْلَ مِنْهُ الْجِبَالُ Open ayah 14:46 in the Quran reader

اور انہوں نے اپنی بھی (بڑی بڑی) چالیں چلیں اور اللہ کے سامنے ان کی یہ چالیں تھیں اور واقعی ان کی یہ چالیں ایسی تھیں کہ ان سے پہاڑ بھی ٹل جائیں،75۔

75۔ (لیکن حق پھر بھی غالب رہا، اور ان کی ساری چالیں خود انہی پر الٹ گئیں) (آیت) ” وقد مکروا مکرھم “۔ دین حق کو مٹادینے کے لئے وہ کبھی کبھی زبردست چالیں چلتے رہے (آیت) ” وعنداللہ مکرھم “۔ اللہ سے یہ چالیں کچھ مخفی تو رہ نہیں سکتی تھیں، سب اس کے علم میں تھیں، (آیت) ” لتزول منہ الجمال “۔ پہاڑوں کے ٹل جانے “ کا استعارہ عربی اسلوب بیان میں کسی شے کی انتہائی قوت کے اظہار کے لئے آتا ہے۔ ولیس المقصود من ھذا الکلام الاخبار عن وقوعہ بلالتعظیم والتھویل (کبیر) اے وان کان مکرھم فی غایۃ الشدۃ والمھانۃ وعبرعن ذلک بکونہ معدی لازالۃ الجبال عن مقارھا لکونہ مثل فی ذلک (روح) والذی یظھران زوال الجبال مجاز ضرب مثلا لمکر قریش وعظمہ والجبال لاتزول وھذا من باب الغلو والایغال والمبالغۃ فی ذم مکرھم (بحر) لیکن بجائے استعارہ کے اگر اسے لفظی ہی معنی میں لیا جائے جب بھی اب تو اس میں کوئی امر محال رہا نہیں، پہاڑوں کے توڑنے اور اڑا دینے کی تدبیریں ” جدید ومہذب “ انسان نے نکال ہی لی ہیں۔
Ayah 14:47

فَلَا تَحْسَبَنَّ اللّٰهَ مُخْلِفَ وَعْدِهٖ رُسُلَهٗ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ عَزِیْزٌ ذُو انْتِقَامٍؕ Open ayah 14:47 in the Quran reader

سو اللہ کو اپنے پیغمبروں سے وعدہ خلافی کرنے والا ہرگز نہ سمجھ لینا،76۔ بیشک اللہ زبردست ہے پورا بدلہ لینے والا ہے،77۔

76۔ (اور اس تاخیر عذاب سے شبہ میں پڑ کر اے مخا طب ! ) 77۔ اس کی قوت بھی کامل، جزاوسزا پر قدرت بھی اسے پوری حاصل، پھر وعدہ خلافی کی اس کے ہاں گنجایش وامکان ہی کیا !
Ayah 14:48

یَوْمَ تُبَدَّلُ الْاَرْضُ غَیْرَ الْاَرْضِ وَ السَّمٰوٰتُ وَ بَرَزُوْا لِلّٰهِ الْوَاحِدِ الْقَهَّارِ Open ayah 14:48 in the Quran reader

(اور یہ اس روز ہوگا) جس روز کہ زمین بدل کر دوسری زمین کردی جائے گی اور آسمان بھی،78۔ اور (سب) اللہ واحد (اور) زبردست کے روبروپیش ہوں گے،79۔

78۔ یعنی قیامت کے دن جب یہ آسمان و زمین بدلے ہوئے ہوں گے اور جس آسمان و زمین سے ہم واقف ہیں ان کے بجائے دوسرے ہی موجود ہوں گے۔ وھی ھذہ علی غیر الصفۃ المالوفۃ کماجاء فی الصحیحین (ابن کثیر) مفسر تھانوی (رح) نے لکھا ہے کہ یہ تبدیلی ذات وصفات دونوں کے لحاظ سے صحیح ہوسکتی ہے اور حدیثوں سے معلوم ہوتا ہے کہ بعض تبدیلیوں کے وقت اہل حشر زمین پر نہ ہوں گے بلکہ پل صراط پر ہوں گے۔ والتبدیل قدیکون فی الذات وقد یکون فی الصفات والایۃ الکریمۃ لیست بنص فی احد الوجھین (روح) 79۔ یعنی اس خدائے قدوس کے حضور میں جو سب پر برتر، سب پر غالب ہے، کوئی اس پر حاکم و متصرف نہیں، اور وہ عدد، ذات، صفات ہر لحاظ سے واحد لاشریک لہ ہے، توحید خالص کی اس پر اجلال وپاکیزہ تعلیم کی پوری قدر اس وقت ہوگی جب اس کے مقابل انجیل کا یہ بیان پیش نظر رکھا جائے :۔” جب ابن آدم (علیہ السلام) اپنے جلال میں آوے گا، اور سب فرشتہ اس کے ساتھ آویں گے تو اس وقت وہ اپنے جلال کے تخت پر بیٹھے گا اور سب قومیں اس کے ساتھ جمع کی جائیں گی اور وہ ایک کو دوسرے سے جداکرے گا۔ “ (متی۔ 25: 31۔ 32) یہ حال جب ” اہل کتاب “ مدعیان توحید کی کتاب کا ہے تو مشرک غریبوں کا تو ذکر ہی نہیں۔ (آیت) ” الواحد القھار “۔ وہی ایک اکیلا، جو سب پر غالب ہے، اور جس کے سب ہی تابع و محکوم ہیں۔ ای الذی قھر کل شیء و غلبہ ودانت لہ الرقاب وخضعت لہ الالباب (ابن کثیر) الذی یفعل مایشاء ویحکم مایرید (معالم)
Ayah 14:49

وَ تَرَى الْمُجْرِمِیْنَ یَوْمَئِذٍ مُّقَرَّنِیْنَ فِی الْاَصْفَادِۚ Open ayah 14:49 in the Quran reader

اور اس روز تو مجرموں کو ایک دوسرے کے ساتھ زنجیروں میں جکڑا ہوا دیکھے گا،80۔

80۔ (اے مخاطب) (آیت) ” المجرمین “۔ یعنی کفار ومنکرین کو۔ (آیت) ” مقرنین “۔ یعنی ایک جرم کے مجرمین ایک ساتھ جکڑے ہوئے ہوں گے، کفر و انکار کی ہر نوعیت کے مجرمین کی ٹولی الگ الگ ہوگی، ضم کل لمشار کہ فی کفرہ وعملہ (روح) ولمراد ان تلک النفوس لاشقیۃ والارواح المکدرۃ الظلمانیۃ لکونھا متجانسۃ متشاکلۃ ینضم بعضھا الی بعض وتنادی ظلمۃ کل واحدۃ منھا الی الاخری (کبیر)
Ayah 14:50

سَرَابِیْلُهُمْ مِّنْ قَطِرَانٍ وَّ تَغْشٰى وُجُوْهَهُمُ النَّارُۙ Open ayah 14:50 in the Quran reader

ان کے کرتے قطران کے ہوں گے اور آگ ان کے چہروں پر چھائی ہوئی ہوگی،81۔

81۔ (آیت) ” قطران “ کے مشہور معنی تو گندھک کے ہیں، دوسرے معنی پگھلے ہوئے تانبے کے کیے گئے ہیں، بہرحال دوزخیوں کے جسم پر لباس ایسا ہوگا جو آگ کو خوب اور زیادہ تیزی کے ساتھ قبول کرلے۔
Ayah 14:51

لِیَجْزِیَ اللّٰهُ كُلَّ نَفْسٍ مَّا كَسَبَتْ١ؕ اِنَّ اللّٰهَ سَرِیْعُ الْحِسَابِ Open ayah 14:51 in the Quran reader

تاکہ اللہ ہر جہنمی شخص کو اس کے کرتوت کا بدلہ دے بیشک اللہ حساب بڑی جلدی ہی کرلینے والا ہے،82۔

82۔ (تو اس کے لیے تنہا مجرموں کا فیصلہ آنافانا کر ڈالنا کیا مشکل ہے) (آیت) ” لیجزی “۔ میں ل تعلیل کا ہے یعنی یہ سب کچھ اس غرض سے ہوگا کہ ہر مجرم اپنے کیفر کردار کو پہنچ جائے۔
Ayah 14:52

هٰذَا بَلٰغٌ لِّلنَّاسِ وَ لِیُنْذَرُوْا بِهٖ وَ لِیَعْلَمُوْۤا اَنَّمَا هُوَ اِلٰهٌ وَّاحِدٌ وَّ لِیَذَّكَّرَ اُولُوا الْاَلْبَابِ۠ Open ayah 14:52 in the Quran reader

یہ (قرآن) لوگوں کے لئے ایک پیام ہے اور تاکہ اس کے ذریعہ سے ڈرائے جائیں اور تاکہ یقین کرلیں کہ وہی ایک خدا ہے اور تاکہ اہل فہم نصیحت حاصل کریں،83۔

83۔ (آیت) ” اولوا الالباب “۔ پر حاشیہ صفحہ 546 نمبر 42 میں گزر چکا۔ (آیت) ” ھذابلغ للناس “۔ یہ قرآن لوگوں کے لیے ایک پیام ہے کہ وہ پیام اور پیامبر دونوں کی تصدیق کریں۔ (آیت) ” بلغ “۔ میں تنوین تعظیم کی ہے۔ یعنی یہ پیام معظم لوگوں کی ہدایت کے لیے بالکل کافی ہے۔ (آیت) ” ولینذروا بہ “۔ یعنی تاکہ اس کے ؔ ذریعہ اور واسطہ سے وہ عذاب الہی سے ڈرائے جائیں۔ (آیت) ” للناس “۔ میں ناس کا عموم لائق لحاظ ہے یعنی یہ پیام ہدایت ساری نوع انسانی کے لیے، کسی مخصوص قوم یا ملک کے لیے نہیں۔ (آیت) ” ولیذکر اولوالالباب “۔ آیت سے ادھر بھی اشارہ ہوگیا کہ انسان کو درجہ شرف وفضیلت جو کچھ بھی حاصل ہے وہ عقل اور اس کے صحیح استعمال ہی سے ہے۔ ھذہ الایۃ دالۃ علی انہ لافضیلۃ للانسان ولا منقبۃ الابسبب عقلہ لانہ تعالیٰ بین انہ انما انزل ھذہ الکتاب وانما بعث الرسول لتذکیر اولی الالباب (کبیر)