80. Surah Abasa

عبسHe frowned · 42 ayahsتفسیرِ مدنی

Ayah 80:41

تَرْهَقُهَا قَتَرَةٌؕ Open ayah 80:41 in the Quran reader

ان پر چھا رہی ہوگی ایک ہولناک سیاہی

(32) اہل کفر و باطل کے چہروں کے حال وذکر وبیان : سو ارشاد فرمایا گیا کہ " کچھ چہروں پر اس روز سیاہی چھا رہی ہوگی "۔ جو کہ درحقیقت ان کے کفر و انکار اور فسق و فجور کی وہی ہولناک سیاہی ہوگی جس کو انہوں نے دنیا میں زندگی بھر اپنائے رکھا تھا۔ پس کشف حقائق کے اس جہاں میں باطن کی وہی سیاہی ان کے چہروں پر چھا چکی ہوگی۔ والعیاذ باللہ العظیم۔ اور یہ اس لیے کہ ان کی آس وامید کے تمام دروازے ان پر اس روز بند ہوچکے ہوں گے، اور ان کو اس روز ایسی مایوسی کا سامنا ہوگا جس کا اس دنیا میں تصور کرنا بھی کسی کے لیے ممکن نہیں، سو اس روز ان بدبختوں کے چہروں پر جو خاک اڑ رہی ہوگی اور جو ہولناک سیاہی چھارہی ہوگی اس سے ان کے باطن کے درد و الم اور کرب و غم کا کسی قدر اندازہ کیا جاس کے گا، اور یہ وہی باغی و مشرک اور طاغی و سرکش لوگوں کے چہرے ہوں گے، اور یہ ان ان ہی کا حال بد ہوگا، جنہوں نے دنیا میں راہ حق و ہدایت کے خلاف اپنی ہوی و ہوس کی راہ کو اپنایا ہوگا۔ والعیاذ باللہ العظیم۔
Ayah 80:42

اُولٰٓئِكَ هُمُ الْكَفَرَةُ الْفَجَرَةُ۠ Open ayah 80:42 in the Quran reader

یہی ہوں گے کافر اور فاجر لوگ

(33) مجرموں کی فرد جرم کی طرف اشارہ : سو آخر میں مجرموں کے اس ہولناک انجام کے باعث و سبب کے ذکر وبیان اور ان کی فرد جرم کی طرف اشارہ کے طور پر ارشاد فرمایا گیا کہ " یہی لوگ ہیں کافر اور فاجر "۔ پس کفر و فجور کا انجام بہرحال بڑا ہولناک اور تباہ کن ہے، اور جس کافر و منکر کا انجام یہ ہونے والا ہے اس کو دنیا کی اس فانی زندگی میں اگر روئے زمین کی ساری دولت بھی مل جائے تو بھی اس کو کیا ملا، اور اس کو اس کا کیا فائدہ ؟ والعیاذ باللہ۔ اور اس کے مقابلے میں وہ مومن صادق کس قدر نیک بخت اور خوش نصیب انسان ہے جو ایمان و یقین کی اس دولت لازوال سے بہرہ مند و سرفراز ہے، جس کے نتیجے میں اس کو جنت اور اس کی نعیم مقیم سے بہرہ مندی و سرفرازی نصیب ہوگی جو کہ ابدی و حقیقی اور دائمی کامیابی ہے، کا ش کہ اہل دنیا کو یہ حقیقت سمجھ آجاتی۔ فزدنا اللھم ایمانا بک و یقینا، وعبودیۃ لک و خشوعا، و حبا فیک و خشیۃ، واھدنا و یسر الھدی لنا، یا ارحم الرحمین، و یا اکرم الاکرمین، و یا ذا الجلال والاکرام۔ بہرکیف اس ارشاد سے واضح فرما دیا گیا کہ کفر و فجور کا نتیجہ و انجام بہرحال ہولناک ہلاکت و تباہی اور دائمی عذاب ہے۔ والعیاذ باللہ العظیم، من کل زیع و ضلال، و سوء اوانحراف من کل شائبۃ من شوائب الکفر والانکار۔