89. Al-Fajrالفجر

The Dawn · Meccan · 30 ayahs · 1 ruku

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

Introduction· خزائن العرفان

Loading…

وَالْفَجْرِ ۟ۙوَالۡفَجۡرِۙ

اس صبح کی قسم (ف۲)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:1

(ف 2) مراد اس سے یا یکم محرم کی صبح ہے جس سے سال شروع ہوتا ہے ، یا یکم ذی الحجّہ کی جس سے دس راتیں ملی ہوئی ہیں ، یا عیدالاضحٰی کی صبح ۔ اور بعض مفسّرین نے فرمایا کہ مراد اس سے ہر دن کی صبح ہے کیونکہ وہ رات کے گذرنے اور روشنی کے ظاہر ہونے اور تمام جانداروں کے طلبِ رزق کے لئے منتشر ہونے کا وقت ہے اور یہ مُردوں کے قبروں سے اٹھنے کے وقت کے ساتھ مشابہت و مناسبت رکھتا ہے ۔

وَلَیَالٍ عَشْرٍ ۟ۙوَلَيَالٍ عَشۡرٍۙ

اور دس راتوں کی (ف۳)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:2

(ف 3) حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالٰی عنہماسے مروی ہے کہ مراد ان سے ذی الحجّہ کی پہلی دس راتیں ہیں کیونکہ یہ زمانہ اعمالِ حج میں مشغول ہونے کا زمانہ ہے اور حدیث شریف میں اس عشرہ کی بہت فضیلتیں وارد ہوئی ہیں ۔ اور یہ بھی مروی ہے کہ رمضان کے عشرۂِ اخیرہ کی راتیں مراد ہیں یا محرّم کے پہلے عشرہ کی ۔

وَّالشَّفْعِ وَالْوَتْرِ ۟ۙوَّالشَّفۡعِ وَالۡوَتۡرِۙ‏

اور جُفت اور طاق کی (ف۴)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:3

(ف 4) ہر چیز کے یا ان راتوں کے یا نمازوں کے ، اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ جفت سے مراد خَلق اور طاق سے مراد اللہ تعالٰی ہے ۔

وَالَّیْلِ اِذَا یَسْرِ ۟ۚوَالَّيۡلِ اِذَا يَسۡرِ‌ۚ

اور رات کی جب چل دے (ف۵)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:4

(ف 5) یعنی گذرے ۔ یہ پانچویں قَسم ہے عام رات کی ، اس سے پہلے دس خاص راتوں کی قَسم ذکر فرمائی گئی ۔ بعض مفسّرین فرماتے ہیں کہ اس سے خاص شبِ مزدلفہ مراد ہے جس میں بندگانِ خدا طاعتِ الٰہی کے لئے جمع ہوتے ہیں ، ایک قول یہ ہے کہ اس سے شبِ قدر مراد ہے جس میں رحمت کا نزول ہوتا ہے اور جو کثرتِ ثواب کے لئے مخصوص ہے ۔

هَلْ فِیْ ذٰلِكَ قَسَمٌ لِّذِیْ حِجْرٍ ۟ؕهَلۡ فِىۡ ذٰلِكَ قَسَمٌ لِّذِىۡ حِجۡرٍؕ

کیوں اس میں عقلمند کے لیے قسم ہوئی(ف۶)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:5

(ف 6) یعنی یہ امور اربابِ عقل کے نزدیک ایسی عظمت رکھتے ہیں کہ خبروں کوان کے ساتھ موکّد کرنا شایاں ہے کیونکہ یہ ایسے عجائب و دلائل پر مشتمل ہیں جو اللہ تعالٰی کی توحید اور اس کی ربوبیّت پر دلالت کرتے ہیں اور جوابِ قَسم یہ ہے کہ کافر ضرور عذاب کئے جائیں گے ، اس جواب پر اگلی آیتیں دلالت کرتی ہیں ۔

اَلَمْ تَرَ كَیْفَ فَعَلَ رَبُّكَ بِعَادٍ ۟اَلَمۡ تَرَ كَيۡفَ فَعَلَ رَبُّكَ بِعَادٍ

کیا تم نے نہ دیکھا (ف۷) تمہارے رب نے عاد کے ساتھ کیسا کیا

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:6

(ف 7) اے سیّدِ عالَم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ۔

اِرَمَ ذَاتِ الْعِمَادِ ۟اِرَمَ ذَاتِ الۡعِمَادِ

وہ اِرَم حد سے زیادہ طول والے (ف۸)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:7

(ف 8) جن کے قد بہت دراز تھے انہیں عادِ ارم اور عادِ اولٰی کہتے ہیں ، مقصود اس سے اہلِ مکّہ کو خوف دلانا ہے کہ عادِ اولٰی جن کی عمریں بہت زیادہ اور قد بہت طویل اور نہایت قوی و توانا تھے انہیں اللہ تعالٰی نے ہلاک کردیا تو یہ کافر اپنے آ پ کو کیا سمجھتے ہیں اور عذابِ الٰہی سے کیوں بے خوف ہیں ۔

الَّتِیْ لَمْ یُخْلَقْ مِثْلُهَا فِی الْبِلَادِ ۟الَّتِىۡ لَمۡ يُخۡلَقۡ مِثۡلُهَا فِى الۡبِلَادِ

کہ ان جیسا شہروں میں پیدا نہ ہوا (ف۹)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:8

(ف 9) زور و قوّت اور طولِ قامت میں ۔ عاد کے بیٹوں میں سے شدّاد بھی ہے جس نے دنیا پر بادشاہت کی اور تمام بادشاہ اس کے مطیع ہوگئے اور اس نے جنّت کا ذکر سن کر براہِ سرکشی دنیا میں جنّت بنانی چاہی اور اس ارادہ سے ایک شہرِ عظیم بنایا ، جس کے محل سونے ، چاندی کی اینٹوں سے تعمیر کئے گئے اور زبر جداور یاقوت کے ستون اس کی عمارتوں میں نصب ہوئے اور ایسے ہی فرش مکانوں اور رستوں میں بنائے گئے ، سنگریزوں کی جگہ آبدار موتی بچھائے گئے ، ہر محل کے گرد جواہرات پر نہریں جاری کی گئیں ، قِسم قِسم کے درخت حسنِ تزئین کے ساتھ لگائے گئے ، جب یہ شہر مکمل ہوا تو شدّاد بادشاہ اپنے اعیانِ سلطنت کے ساتھ اس کی طرف روانہ ہوا ، جب ایک منزل فاصلہ باقی رہا تو آسمان سے ایک ہولناک آواز آئی ، جس سے اللہ تعالٰی نے ان سب کو ہلاک کردیا ، حضرت امیرِ معاویہ کے عہد میں حضرت عبداللہ بن قلابہ صحرائے عدن میں اپنے گمے ہوئے اونٹ کو تلاش کرتے ہوئے اس شہر میں پہنچے اور اس کی تمام زیب و زینت دیکھی اور کوئی رہنے بسنے والا نہ پایا ، تھوڑے سے جواہرات وہاں سے لے کر چلے آئے ، یہ خبر امیرِ معاویہ کو معلوم ہوئی ، انہوں نے انہیں بلا کر حال دریافت کیا ، انہوں نے تمام قصّہ سنایا تو امیرِ معاویہ نے کعب احبار کو بلاکر دریافت کیا کہ کیا دنیا میں کوئی ایسا شہر ہے ، انہوں نے فرمایا ہاں جس کا ذکر قرآنِ پاک میں بھی آیا ہے ، یہ شہر شدّاد بن عاد نے بنایا تھا ، وہ سب عذابِ الٰہی سے ہلاک ہوگئے ان میں سے کوئی باقی نہ رہا اور آپ کے زمانہ میں ایک مسلمان سرخ رنگ ، کبود چشم ، قصیر القامت جس کی ابرو ، پر ایک تل ہوگا ، اپنے اونٹ کی تلاش میں داخل ہوگا ، پھر عبداللہ بن قلابہ کو دیکھ کر فرمایا بخدا وہ شخص یہی ہے ۔

وَثَمُوْدَ الَّذِیْنَ جَابُوا الصَّخْرَ بِالْوَادِ ۟وَثَمُوۡدَ الَّذِيۡنَ جَابُوا الصَّخۡرَ بِالۡوَادِ

اور ثمود جنہوں نے وادی میں (ف۱۰) پتھر کی چٹانیں کاٹیں (ف۱۱)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:9

(ف 10) یعنی وادی القرٰی میں ۔

(ف 11) اور مکان بنائے ، انہیں اللہ تعالٰی نے کس طرح ہلاک کیا ۔

وَفِرْعَوْنَ ذِی الْاَوْتَادِ ۟وَفِرۡعَوۡنَ ذِى الۡاَوۡتَادِ

اور فرعون کہ چومیخا کرتا (سخت سزائیں دیتا)(ف۱۲)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:10

(ف 12) اس کو جس پر غضبناک ہوتا تھا ۔ اب عاد و ثمود و فرعون ان سب کی نسبت ارشاد ہوتا ۔

الَّذِیْنَ طَغَوْا فِی الْبِلَادِ ۟الَّذِيۡنَ طَغَوۡا فِى الۡبِلَادِ

جنہوں نے شہروں میں سرکشی کی (ف۱۳)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:11

(ف 13) اور معصیّت و گمراہی میں انتہا کو پہنچے اور عبدیّت کی حد سے گذر گئے ۔

فَاَكْثَرُوْا فِیْهَا الْفَسَادَ ۟فَاَكۡثَرُوۡا فِيۡهَا الۡفَسَادَ

پھر ان میں بہت فساد پھیلایا (ف۱۴)

— خزائن العرفان

فَصَبَّ عَلَیْهِمْ رَبُّكَ سَوْطَ عَذَابٍ ۟ۚۙفَصَبَّ عَلَيۡهِمۡ رَبُّكَ سَوۡطَ عَذَابٍ

تو ان پر تمہارے رب نے عذاب کا کوڑا بقوت مارا

— خزائن العرفان

اِنَّ رَبَّكَ لَبِالْمِرْصَادِ ۟ؕاِنَّ رَبَّكَ لَبِالۡمِرۡصَادِؕ

بے شک تمہارے رب کی نظر سے کچھ غائب نہیں

— خزائن العرفان

فَاَمَّا الْاِنْسَانُ اِذَا مَا ابْتَلٰىهُ رَبُّهٗ فَاَكْرَمَهٗ وَنَعَّمَهٗ ۙ۬— فَیَقُوْلُ رَبِّیْۤ اَكْرَمَنِ ۟ؕفَاَمَّا الۡاِنۡسَانُ اِذَا مَا ابۡتَلٰٮهُ رَبُّهٗ فَاَكۡرَمَهٗ وَنَعَّمَهٗ ۙ فَيَقُوۡلُ رَبِّىۡۤ اَكۡرَمَنِؕ‏

لیکن آدمی تو جب اسے اس کا رب آزمائے کہ اس کو جاہ اور نعمت دے جب تو کہتا ہے میرے رب نے مجھے عزّت دی

— خزائن العرفان

وَاَمَّاۤ اِذَا مَا ابْتَلٰىهُ فَقَدَرَ عَلَیْهِ رِزْقَهٗ ۙ۬— فَیَقُوْلُ رَبِّیْۤ اَهَانَنِ ۟ۚوَاَمَّاۤ اِذَا مَا ابۡتَلٰٮهُ فَقَدَرَ عَلَيۡهِ رِزۡقَهٗ فَيَقُوۡلُ رَبِّىۡۤ اَهَانَنِ‌ۚ

اور اگر آزمائے اور اسکا رزق اس پر تنگ کرے تو کہتا ہے میرے رب نے مجھے خوار کیا

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:12–16

(ف 14) کفراور قتل اور ظلم کرکے ۔

كَلَّا بَلْ لَّا تُكْرِمُوْنَ الْیَتِیْمَ ۟ۙكَلَّا‌ بَلۡ لَّا تُكۡرِمُوۡنَ الۡيَتِيۡمَۙ

یوں نہیں(ف۱۵) بلکہ تم یتیم کی عزّت نہیں کرتے (ف۱۶)

— خزائن العرفان

وَلَا تَحٰٓضُّوْنَ عَلٰی طَعَامِ الْمِسْكِیْنِ ۟ۙوَلَا تَحٰٓضُّوۡنَ عَلٰى طَعَامِ الۡمِسۡكِيۡنِۙ‏

اورآپس میں ایک دوسرے کو مسکین کے کھلانے کی رغبت نہیں دیتے

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:17–18

(ف 15) یعنی عزّت و ذلّت دولت و فقر پر نہیں ، یہ اس کی حکمت ہے کبھی دشمن کو دولت دیتا ہے ، کبھی بندۂِ مخلص کو فقر میں مبتلا کرتا ہے ، عزّت و ذلّت طاعت و معصیّت پر ہے ، کفّار اس حقیقت کو نہیں سمجھتے ۔

(ف 16) اور باوجود دولت مند ہونے کے ان کے ساتھ اچھے سلوک نہیں کرتے اور انہیں ان کے حقوق نہیں دیتے جن کے وہ وارث ہیں ۔ مقاتل نے کہا کہ اُمیّہ بن خلف کے پاس قدامہ بن مظعون یتیم تھے ، وہ انہیں انکا حق نہیں دیتا تھا ۔

وَتَاْكُلُوْنَ التُّرَاثَ اَكْلًا لَّمًّا ۟ۙوَتَاۡكُلُوۡنَ التُّرَاثَ اَكۡلًا لَّـمًّا ۙ‏

اور میراث کا مال ہپ ہپ کھاتے ہو(ف۱۷)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:19

(ف 17) اور حلال و حرام کا امتیاز نہیں کرتے اور عورتوں اور بچّوں کو ورثہ نہیں دیتے ، ان کے حصّے خود کھا جاتے ہو ، جاہلیّت میں یہی دستور تھا ۔

وَّتُحِبُّوْنَ الْمَالَ حُبًّا جَمًّا ۟ؕوَّتُحِبُّوۡنَ الۡمَالَ حُبًّا جَمًّا ؕ‏

اور مال کی نہایت محبّت رکھتے ہو (ف۱۸)

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:20

(ف 18) اس کو خرچ کرنا ہی نہیں چاہتے ۔

كَلَّاۤ اِذَا دُكَّتِ الْاَرْضُ دَكًّا دَكًّا ۟ۙكَلَّاۤ اِذَا دُكَّتِ الۡاَرۡضُ دَكًّا دَكًّا

ہاں ہاں جب زمین ٹکرا کر پاش پاش کردی جائے (ف۱۹)

— خزائن العرفان

وَّجَآءَ رَبُّكَ وَالْمَلَكُ صَفًّا صَفًّا ۟ۚوَّجَآءَ رَبُّكَ وَالۡمَلَكُ صَفًّا صَفًّا

اور تمہارے رب کا حکم آئے اور فرشتے قطار قطار

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:21–22

(ف 19) اور اس پر پہاڑ اور عمارت کسی چیز کا نام و نشان نہ رہے ۔

وَجِایْٓءَ یَوْمَىِٕذٍۭ بِجَهَنَّمَ ۙ۬— یَوْمَىِٕذٍ یَّتَذَكَّرُ الْاِنْسَانُ وَاَنّٰی لَهُ الذِّكْرٰی ۟ؕوَجِاىْٓءَ يَوۡمَئِذٍۢ بِجَهَنَّمَ ۙ‌ يَوۡمَئِذٍ يَّتَذَكَّرُ الۡاِنۡسَانُ وَاَنّٰى لَـهُ الذِّكۡرٰىؕ

اور اس دن جہنم لائی جائے (ف۲۰)اس دن آدمی سوچے گا (ف۲۱) اور اب اسے سوچنے کا وقت کہاں (ف۲۲)

— خزائن العرفان

یَقُوْلُ یٰلَیْتَنِیْ قَدَّمْتُ لِحَیَاتِیْ ۟ۚيَقُوۡلُ يٰلَيۡتَنِىۡ قَدَّمۡتُ لِحَـيَاتِى‌ۚ

کہے گا ہائے کسی طرح میں نے جیتے جی نیکی آ گے بھیجی ہوتی

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:23–24

(ف 20) جہنّم کی ستّر ہزار باگیں ہوں گی ، ہر باگ پر ستّر ہزار فرشتے جمع ہو کر اس کو کھینچیں گے اور وہ جوش و غضب میں ہوگی ، یہاں تک کہ فرشتے اس کو عرش کے بائیں جانب لائیں گے ، اس روز سب نفسی نفسی کہتے ہوں گے ، سوائے حضورِ پُرنور حبیبِ خدا سیّدِ انبیاء صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے ، کہ حضور یارب امّتی امّتی فرماتے ہوں گے ، جہنّم حضور سے عرض کرے گی کہ اے سیّدِ عالَم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم آپ کا میرا کیا واسطہ اللہ تعالٰی نے آپ کو مجھ پر حرام کیا ہے ۔ (جمل)

(ف 21) اور اپنی تقصیر کو سمجھے گا ۔

(ف 22) اس وقت کا سوچنا ، سمجھنا کچھ بھی مفید نہیں ۔

فَیَوْمَىِٕذٍ لَّا یُعَذِّبُ عَذَابَهٗۤ اَحَدٌ ۟ۙفَيَوۡمَئِذٍ لَّا يُعَذِّبُ عَذَابَهٗۤ اَحَدٌ

تو اس دن اس کا سا عذاب (ف۲۳) کوئی نہیں کرتا

— خزائن العرفان

وَّلَا یُوْثِقُ وَثَاقَهٗۤ اَحَدٌ ۟ؕوَّلَا يُوۡثِقُ وَثَاقَهٗۤ اَحَدٌ

اور اس کا سا باندھنا کوئی نہیں باندھتا

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:25–26

(ف 23) یعنی اللہ کا سا ۔

یٰۤاَیَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَىِٕنَّةُ ۟ۗۖيٰۤاَيَّتُهَا النَّفۡسُ الۡمُطۡمَئِنَّةُ

اے اطمینان والی جان (ف۲۴)

— خزائن العرفان

ارْجِعِیْۤ اِلٰی رَبِّكِ رَاضِیَةً مَّرْضِیَّةً ۟ۚارۡجِعِىۡۤ اِلٰى رَبِّكِ رَاضِيَةً مَّرۡضِيَّةً‌

اپنے رب کی طرف واپس ہو یوں کہ تو اس سے راضی وہ تجھ سے راضی

— خزائن العرفان

فَادْخُلِیْ فِیْ عِبٰدِیْ ۟ۙفَادۡخُلِىۡ فِىۡ عِبٰدِىۙ

پھر میرے خاص بندوں میں داخل ہو

— خزائن العرفان

وَادْخُلِیْ جَنَّتِیْ ۟۠وَادۡخُلِىۡ جَنَّتِى

اور میری جنّت میں آ

— خزائن العرفان

Tafseer of 89:27–30

(ف 24) جو ایمان وایقان پر ثابت رہی اور اللہ تعالٰی کے حکم کے حضور سرِطاعت خم کرتی رہی ، یہ مومن سے وقتِ موت کہا جائے گا جب دنیا سے اس کے سفر کرنے کا وقت آئے گا ۔