(ف 17) شانِ نزول : جب حٰمۤ تَنْزِیْلُ الْکِتَابِ مِنَ اللہِ الْعَزِیْزِ الْعَلِیْمِ نازل ہوئی اور سیّدِ عالَم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے مسجد میں تلاوت فرمائی ، ولید نے سنا اور اس قوم کی مجلس میں آکر اس نے کہا کہ خدا کی قَسم میں نے محمّدصلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے ابھی ایک کلام سنا ، نہ وہ آدمی کا ، نہ جن کا ، بخدا اس میں عجیب شیرینی اور تازگی اور فوائد و دلکشی ہے ، وہ کلام سب پر غالب رہے گا ، قریش کو اس کی ان باتوں سے بہت غم ہوا اور ان میں مشہور ہوگیا کہ ولید آبائی دِین سے برگشتہ ہوگیا ، ابوجہل نے ولید کو ہموار کرنے کا ذمّہ لیا اور اس کے پاس آکر بہت غمزدہ صورت بنا کر بیٹھ گیا ، ولید نے کہا کیا غم ہے ؟ ابوجہل نے کہا ، غم کیسے نہ ہو تو بوڑھا ہوگیاہے ، قریش تیرے خرچ کےلئے روپیہ جمع کردیں گے ، انہیں خیال ہے کہ تو نے محمّد (مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم) کے کلام کی تعریف اس لئے کی ہے کہ تجھے ان کے دستر خوان کا بچا کھانا مل جائے ، اس پر اسے بہت طیش آیا اور کہنے لگا کہ کیا قریش کو میرے مال و دولت کا حال معلوم نہیں ہے اور کیا محمّد ( صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم) اور ان کے اصحاب نے کبھی سیر ہو کر کھانا بھی کھایا ہے ، ان کے دستر خوان پر کیا بچے گا ، پھر ابوجہل کے ساتھ اٹھا اور قوم میں آکر کہنے لگا تمہیں خیال ہے کہ محمّد (صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم) مجنون ہیں ، کیا تم نے ان میں کبھی دیوانگی کی کوئی بات دیکھی ؟
سب نے کہا ہر گز نہیں ،کہنے لگا تم انہیں کاہن سمجھتے ہو ، کیا تم نے انہیں کبھی کہانت کرتے دیکھاہے ؟ سب نے کہا نہیں ، کہا تم انہیں شاعر گمان کرتے ہو ،کیا تم نے کبھی انہیں شعر کہتے پایا ؟ سب نے کہا نہیں ،کہنے لگا تم انہیں کذّاب کہتے ہو ،کیا تمہارے تجربہ میں کبھی انہوں نے جھوٹ بولا ؟ سب نے کہا نہیں ، اور قریش میں آپ کا صدق و دیانت ایسا مشہور تھا کہ قریش آپ کو امین کہا کرتے تھے ، یہ سن کر قریش نے کہا ، پھر بات کیا ہے تو ولید سوچ کر بولا کہ بات یہ ہے کہ وہ جادو گر ہیں ، تم نے دیکھا ہوگا کہ انکی بدولت رشتہ دار رشتہ دار سے ، باپ بیٹے سے جدا ہوجاتے ہیں ، بس یہی جادو گر کا کام ہے اور جو قرآن وہ پڑھتے ہیں وہ دل میں اثر کر جاتا ہے ، اس کا باعث یہ ہے کہ وہ جادو ہے ۔ اس آیتِ کریمہ میں اس کا ذکر فرمایا گیا ۔