74. Surah Al-Muddaththir

المدثرThe Cloaked One · 56 ayahsآسان قرآن

Ayahs 74:39–44

اِلَّاۤ اَصْحٰبَ الْیَمِیْنِؕۛ Open ayah 74:39 in the Quran reader

سوائے دائیں ہاتھ والوں کے (18)

فِیْ جَنّٰتٍ١ۛؕ۫ یَتَسَآءَلُوْنَۙ Open ayah 74:40 in the Quran reader

کہ وہ جنتوں میں ہوں گے۔ وہ پوچھ رہے ہوں گے۔

عَنِ الْمُجْرِمِیْنَۙ Open ayah 74:41 in the Quran reader

مجرموں کے بارے میں۔

مَا سَلَكَكُمْ فِیْ سَقَرَ Open ayah 74:42 in the Quran reader

کہ : تمہیں کس چیز نے دوزخ میں داخل کردیا ؟

قَالُوْا لَمْ نَكُ مِنَ الْمُصَلِّیْنَۙ Open ayah 74:43 in the Quran reader

وہ کہیں گے کہ : ہم نماز پڑھنے والوں میں سے نہیں تھے۔

وَ لَمْ نَكُ نُطْعِمُ الْمِسْكِیْنَۙ Open ayah 74:44 in the Quran reader

اور ہم مسکین کو کھانا نہیں کھلاتے تھے۔

18: اس سے مراد وہ نیک لوگ ہیں جن کا اعمال نامہ انہیں ان کے دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا۔
Ayahs 74:45–51

وَ كُنَّا نَخُوْضُ مَعَ الْخَآئِضِیْنَۙ Open ayah 74:45 in the Quran reader

اور جو لوگ بےہودہ باتوں میں گھستے، ہم بھی ان کے ساتھ گھس جایا کرتے تھے۔ (19)

وَ كُنَّا نُكَذِّبُ بِیَوْمِ الدِّیْنِۙ Open ayah 74:46 in the Quran reader

اور ہم روز جزاء کو جھوٹ قرار دیتے تھے۔

حَتّٰۤى اَتٰىنَا الْیَقِیْنُؕ Open ayah 74:47 in the Quran reader

یہاں تک کہ وہ یقینی بات ہمارے پاس آہی گئی۔

فَمَا تَنْفَعُهُمْ شَفَاعَةُ الشّٰفِعِیْنَؕ Open ayah 74:48 in the Quran reader

چنانچہ سفارش کرنے والوں کی سفارش ایسے لوگوں کے کام نہیں آئے گی۔

فَمَا لَهُمْ عَنِ التَّذْكِرَةِ مُعْرِضِیْنَۙ Open ayah 74:49 in the Quran reader

اب ان لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ یہ نصیحت کی بات سے منہ موڑے ہوئے ہیں ؟

كَاَنَّهُمْ حُمُرٌ مُّسْتَنْفِرَةٌۙ Open ayah 74:50 in the Quran reader

اس طرح جیسے وہ جنگلی گدھے ہوں۔

فَرَّتْ مِنْ قَسْوَرَةٍؕ Open ayah 74:51 in the Quran reader

جو کسی شیر سے (ڈر کر) بھاگ پڑے ہوں۔

19: اس سے مراد کافروں کے وہ سردار ہیں جو اسلام اور قرآن کا مذاق اڑانے کے لیے محفلیں سجایا کرتے تھے، اور بےہودہ مذاق سے حق کی تردید کیا کرتے تھے۔ لیکن قرآن کریم کے الفاظ عام ہیں جو ہر قسم کی بےہودہ گفتگو اور بےہودہ مشغلوں کو شامل ہیں، جو آخرت میں انسان کے لیے مصیبت کا سبب بنیں گے۔
Ayah 74:52

بَلْ یُرِیْدُ كُلُّ امْرِئٍ مِّنْهُمْ اَنْ یُّؤْتٰى صُحُفًا مُّنَشَّرَةًۙ Open ayah 74:52 in the Quran reader

بلکہ ان میں سے ہر شخص یہ چاہتا ہے کہ اسے کھلے ہوئے صحیفے پکڑا دیئے جائیں۔ (20)

20: یہ ان کافروں کا ذکر ہے جو یہ کہا کرتے تھے کہ قرآن کریم حضرت محمد ﷺ پر ہی کیوں نازل ہوا ہے ؟ اگر اللہ تعالیٰ کو ہدایت کے لیے کوئی کتاب بھیجنی تھی تو ہم میں سے ہر شخص پر الگ کتاب آنی چاہیے تھی۔
Ayahs 74:53–56

كَلَّا١ؕ بَلْ لَّا یَخَافُوْنَ الْاٰخِرَةَؕ Open ayah 74:53 in the Quran reader

ہرگز نہیں ! (21) بات اصل میں یہ ہے کہ ان کو آخرت کا خوف نہیں ہے۔ (22)

كَلَّاۤ اِنَّهٗ تَذْكِرَةٌۚ Open ayah 74:54 in the Quran reader

ہرگز نہیں ! یہ (قرآن ہی) ایک نصیحت ہے۔

فَمَنْ شَآءَ ذَكَرَهٗؕ Open ayah 74:55 in the Quran reader

اب جو چاہے، اس سے نصیحت حاصل کرلے۔

وَ مَا یَذْكُرُوْنَ اِلَّاۤ اَنْ یَّشَآءَ اللّٰهُ١ؕ هُوَ اَهْلُ التَّقْوٰى وَ اَهْلُ الْمَغْفِرَةِ۠ Open ayah 74:56 in the Quran reader

اور یہ لوگ نصیحت حاصل کریں گے نہیں، الا یہ کہ اللہ ہی ایسا چاہے۔ وہی اس بات کا اہل ہے کہ اس سے ڈرا جائے اور وہی اس کا اہل ہے کہ لوگوں کی مغفرت کرے۔

21: یعنی یہ ہرگز نہیں ہوسکتا کہ ہر شخص کو الگ کتاب دی جائے۔ اللہ تعالیٰ کی کتاب ہمیشہ کسی پیغمبر کے واسطے سے بھیجی جاتی ہے، کیونکہ اگر ہر شخص پر براہ راست کتاب بھیجی جائے تو اول تو ایمان بالغیب کا تصور ہی ختم ہوجائے تو سارے امتحان کی بنیاد ہے، دوسرے تنہا کتاب انسان کی ہدایت کے لیے کافی نہیں ہوسکتی، جب تک پیغمبر کی شکل میں کوئی معلم ساتھ نہ ہو۔ وہی انسانوں کو کتاب کا صحیح مطلب سمجھاتا ہے، اور وہی اس پر عمل کرنے کا طریقہ سکھاتا ہے، ورنہ ہر شخص کتاب کی من مانی تشریحات کر کے اس کا سارا مفہوم ہی خراب کرسکتا ہے۔ 22: یعنی یہ بےسرو پا اعتراضات کسی حق طلبی کی وجہ سے نہیں کیے جا رہے ہیں، بلکہ ان کی اصل وجہ یہ ہے کہ ان لوگوں کے دلوں پر غفلت کے پردے پڑے ہوئے ہیں، اور انہیں اللہ تعالیٰ کا اور آخرت کا کوئی خوف ہی نہیں ہے۔ اس لیے جو منہ میں آتا ہے کہہ گذرتے ہیں۔