کتاب الصلوٰۃ

Maarif-ul-Hadith · Chapter 5 · 351 hadiths · Page 11 of 18

674Maarif-ul-Hadith

قنوت وتر

عَنْ أُبَيِّ بْنِ كَعْبٍ ، قَالَ : كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا سَلَّمَ فِي الْوِتْرِ ، قَالَ : "سُبْحَانَ الْمَلِكِ الْقُدُّوسِ". (رواه ابوداؤد والنسائى وزاد “ ثلث مرات يطيل ”)

حضرت ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب وتر کا سلام پھیرتے تھے تو کہتے تھے سبحان الملك القدوس۔ (سنن ابی داؤد و سنن نسائی) تشریح نسائی کی روایت میں یہ اضافہ بھی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ کلمہ تین دفعہ کہتے تھے ، اور اس کو طویل کرتے تھے (یعنی کھینچ کر پڑھتے تھے) ۔ اور بعض روایات میں ہے کہ “ ويرفع صوتہ بالثالثة ” یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ کلمہ تیسری دفعہ بلند آواز سے کہتے تھے ۔

675Maarif-ul-Hadith

وتر کے بعد کی دو رکعت نفل

عَنْ أُمِّ سَلَمَةَ ، أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يُصَلِّي بَعْدَ الوِتْرِ رَكْعَتَيْنِ. (رواه الترمذى وزاد ابن ماجه “ خفيفتين وهو جالس ”)

حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وتر کے بعد دو رکعتیں اور پڑھتے تھے ۔ (جامع ترمذی) تشریح اس حدیث کو ابن ماجہ نے بھی روایت کیا ہے اور اس میں یہ اضافہ کیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم وتر کے بعد کی یہ دو رکعتیں ہلکی ہلکی اور بیٹھ کر پڑھتے تھے ۔ تشریح ..... وتر کے بعد دو رکعتیں بیٹھ کر پڑھنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے حضرت ام سلمہؒ کے علاوہ حضرت عائشہ صدیقہؓ اور حضرت امامہؓ نے بھی روایت کیا ہے ۔ انہی احادیث کی بناء پر بعض علماء وتر کے بعد کی ان دو رکعتوں کا بیٹھ کر پڑھنا ہی افضل سمجھتے ہیں ۔ لیکن دوسرے حضرات فرماتے ہین کہ اس بار میں عام امتیوں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر قیاس نہیں کیا جا سکتا ۔ صحیح مسلم میں حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بیٹھ کر نماز پڑھتے ہوئے دیکھا تو دریافت کیا کہ مجھے تو کسی نے آپ کے حوالے سے یہ بتایا تھا کہ بیٹھ کر نماز پڑھنے والے کو کھڑے ہو کر پڑھنے والے سے آدھا ثواب ملتا ہے ، اور آپ بیٹھ کر پڑھ رہے ہیں ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ہاں مسئلہ وہی ہے (یعنی بیٹھ کر نماز پڑھنے کا ثواب کھڑے ہو کر پڑھنے کے مقابلے میں آدھا ہوتا ہے) لیکن میں اس معاملہ میں تمہاری طرح نہیں ہو ، میرے ساتھ اللہ کا معاملہ استثنائی ہے ، یعنی مجھے بیٹھ کر پڑھنے کا بھی پورا ثواب ملتا ہے ۔ اس حدیث کی بناء پر اکثر علماء اس کے قائل ہیں کہ وتر کے بعد ان دو رکعتوں کے لیے کوئی الگ اصول نہیں ہے ، بلکہ وہی عام اصول اور قاعدہ ہے کہ بیٹھ کر پڑھنے کا ثواب کھڑے ہو کر پڑھنے کے مقابلے میں آدھا ہو گا ۔ واللہ اعلم ۔ وتر کے بارے میں یہ حدیث اوپر گزر چکی ہے کہ “ وتر رات کی سب سے آخری نماز ہونی چاہئے ، وتر کے بعد یہ دو رکعتیں پڑھنا اس حدیث کے خلاف نہیں ہو گا ، کیوں کہ یہ دو رکعتیں دراصل وتر ہی کی تابع ہیں ، ان کی کوئی مستقل حیثیت نہیں ہے ۔

676Maarif-ul-Hadith

قیام لیل یا تہجد ۔ اس کی فضیلت اور اہمیت

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ : أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " يَنْزِلُ رَبُّنَا تَبَارَكَ وَتَعَالَى كُلَّ لَيْلَةٍ إِلَى السَّمَاءِ الدُّنْيَا حِينَ يَبْقَى ثُلُثُ اللَّيْلِ الآخِرُ يَقُولُ : مَنْ يَدْعُونِي ، فَأَسْتَجِيبَ لَهُ مَنْ يَسْأَلُنِي فَأُعْطِيَهُ ، مَنْ يَسْتَغْفِرُنِي فَأَغْفِرَ لَهُ " (رواه البخارى ومسلم)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ہمارا مالک اور رب تبارک وتعالیٰ ہر رات کو جس وقت آخری تہائی رات باقی رہ جاتی ہے۔ سماء دنیا کی طرف نزول فرماتا ہے اور ارشاد فرماتا ہے کون ہے جو مجھ سے دعا کرے اور میں اس کی دعا قبول کروں ، کون ہے جو مجھ سے مانگے ، اور میں اس کو عطا کروں کون ہے جو مجھ سے مغفرت اور بخشش چاہے ، میں اس کو بخش دوں۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم) تشریح عشاء اور فجر کے درمیان کوئی نماز فرض نہیں کی گئی ہے ۔ اگر عشاء اول وقت ہی میں پڑھ لی جائے یا کچھ دیر کر کے بھی پڑھی جائے تو فجر تک بہت بڑا وقت خالی رہ جاتا ہے ، حالانکہ یہ وقت اس لحاظ سے نہایت قیمتی ہوتا ہے کہ فضا میں جیسا سکون رات کو سناٹے میں ہوتا ہے ایسا دوسرے کسی وقت میں نہیں ہوتا ، اور اگر عشاء کے بعد آدمی کچےھ دیر کے لیے سو جائے اور آدھی رات گزرنے کے بعد کسی وقت اٹھ جائے (جو تہجد کا اصلی وقت ہے) تو پھر اس وقت جیسی یکسوئی اور دلجمعی کے ساتھ نماز نصیب ہو جاتی ہے وہ دوسرے وقت نصیب نہیں ہوتی ، علاوہ ازیں اس وقت بستر چھوڑ کے نماز پڑھنا نفس کی ریاضت اور تربیت کا بھی خاص وسیلہ ہے ۔ قرآن مجید میں بھی فرمایا گیا ہے : “ إِنَّ نَاشِئَةَ اللَّيْلِ هِيَ أَشَدُّ وَطْئًا وَأَقْوَمُ قِيلًا (رات کو نماز کے لیے کھڑے ہونا نفس کو بہت زیادہ دبانے والا عمل ہے اور اس وقت (دعا یا قرأت میں) جو زبان سے نکلتا ہے وہ بالکل ٹھیک اور دل کے مطابق یعنی دل سے نکلتا ہے) ۔ دوسری جگہ قرآن مجید میں ایسے بندوں کی تعریف ان الفاظ میں کی گئی ہے ۔ “ تَتَجَافَىٰ جُنُوبُهُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ يَدْعُونَ رَبَّهُمْ خَوْفًا وَطَمَعًا ” اُن کے پہلو (اس وقت میں جو لوگوں کے سونے کا خاص وقت ہے) خواب گاہوں سے الگ رہتے ہیں ، وہ اس وقت اپنے پروردگار سے کو اُمید و بیم کے ساتھ دعائیں کرتے ہیں) آگے فرمایا گیا ہے کہ ان بندوں کے اس عمل کا جو انعام اور صلہ جنت میں ملنے والا ہے ۔ جس میں ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک کا پورا سامان ہے ۔ اس کو اللہ کے سوا کوئی نہیں جانتا ۔ (السجدہ) اور قرآن مجید میں ایک موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تہجد کا حکم دینے کے ساتھ آپ کو “ مقام محمود ” کی امید دلائی گئی ہے ۔ فرمایا گیا ہے : “ وَمِنَ اللَّيْلِ فَتَهَجَّدْ بِهِ نَافِلَةً لَّكَ عَسَىٰ أَن يَبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَامًا مَّحْمُودًا ” اور اے نبی (صلی اللہ علیہ وسلم) آپ اس قرآن کے ساتھ تہجد پڑھئے (یعنی تہجد میں خوب قران پڑھا کیجئے) یہ حکم آپ کے لئے زائد اور مخصوص ہے ، امید رکھنا چاہئے کہ آپ کو آپ کا رب “ مقامِ محمود ” پر فائز کرے گا ۔ “ مقام محمود ” عالم آخرت میں اور جنت میں بلند ترین مقام ہو گا ۔ اس آیت سے معلوم ہوا کہ “ مقام محمود ” اور نماز تہجد میں کوئی خاص نسبت اور تعلق ہے ، اس لیے جو امتی نماز تہجد سے شغف رکھیں گے ان شاء اللہ “ مقام محمود ” میں کسی درجہ کی حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی رفاقت ان کو بھی نصیب ہو گی ۔ احادیث صحیحہ سے معلوم ہوتا ہے کہ رات کے آخری حصے میں اللہ تعالیٰ اپنے پورے لطف و کرم اور اپنی خاص شان رحمت کے ساتھ اپنے بندوں کی طرف متوجہ ہوتا ہے ، اور جن بندوں کو ان باتوں کا کچھ احساس و شعور بخشا گیا ہے وہ اس مبارک وقت کی خاص برکات کو محسوس بھی کرتے ہیں ۔ اس تمہید کے بعد اب قیام لیل اور تہجد سے متعلق حدیثیں پڑھئے ! تشریح ..... سماء دنیا کی طرف اللہ تعالیٰ کا نزول فرمانا جس کا اس حدیث میں ذکر ہے ، اللہ تعالیٰ کی ایک صفت اور اس کا ایک فعل ہے جس کی حقیقت ہم نہیں جانتے ، جس طرح ید اللہ ، وجہ اللہ اور استویٰ علی العرش اور اس کے عام صفات و افعال کی حقیقت اور کیفیت بھی ہم نہیں جانتے ، اللہ تعالیٰ کی ذات اور صفات و افعال کی حقیقت اور کیفیت کے علم سے اپنی عاجزی اور جہالت کا اقرار و اعتراف ہی علم ہے ۔ ائمہ سلف کا طریقہ اور مسلک یہی رہا ہے کہ ان کے بارے میں اپنی نارسائی اور بےعلمی کا اقرار کیا جائے اور ان کی حقیقت اور کیفیت کا علم دوسرے متشابہات کی طرح خدا کے سپرد کیا جائے اور مانا جائے کہ جو بھی حقیقت ہے وہ حق ہے ۔ لیکن اس حدیث کا یہ پیغام بالکل واضح ہے کہ رات کے آخری تہائی حصے میں اللہ تعالیٰ اپنی خاص شان رحمت کے ساتھ بندوں کی طرف متوجہ ہوتا ہے اور خود ان کو دعا اور سوال اور استغفار کے لیے پکارتا ہے ۔ جو بندے اس حقیقت پر یقین رکھتے ہیں ان کے لیے اس وقت بسترے پر سوتے رہنا ، اس سے زیادہ مشکل ہوتا ہے ، جتنا دوسروں کے لیے اسوقت بستر چھوڑ کر کھڑا ہونا ۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے اس حقیقت کا ایسا یقین نصیب فرمائے جو اس وقت بے چین کر کے اللہ تعالیٰ کے دربار کی حاضری اور دعا و سوال و استغفار کے لیے کھڑا کر دیا کرے ۔

677Maarif-ul-Hadith

قیام لیل یا تہجد ۔ اس کی فضیلت اور اہمیت

عَنْ عَمْرُو بْنُ عَبَسَةَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « أَقْرَبُ مَا يَكُونُ الرَّبُّ مِنَ العَبْدِ فِي جَوْفِ اللَّيْلِ الآخِرِ ، فَإِنْ اسْتَطَعْتَ أَنْ تَكُونَ مِمَّنْ يَذْكُرُ اللَّهَ فِي تِلْكَ السَّاعَةِ فَكُنْ » (رواه الترمذى)

حضرت عمرو بن عبسہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ تعالیٰ بندے سے سب سے زیادہ قریب رات کے آخری رمیانی حصے میں ہوتا ہے ، پس اگر تم سے ہو سکے کہ تم ان بندوں میں سے ہو جاؤ جو اس مبارک وقت میں اللہ کا ذکر کرتے ہیں تو تم ان میں ہو جاؤ ۔ (جامع ترمذی) تشریح اس حدیث میں آخری شب میں اللہ تعالیٰ کے ذخر کی ترگیب دی گئی ہے اور ذکر اگرچہ عام ہے لیکن نماز ذکر کی اعلیٰ اور مکمل ترین شکل ہے کیوں کہ وہ دل ، زبان ، اعضاء سب کے ذکر کا مجموعہ ہے ۔

678Maarif-ul-Hadith

قیام لیل یا تہجد ۔ اس کی فضیلت اور اہمیت

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « أَفْضَلُ الصَّلَاةِ ، بَعْدَ الصَّلَاةِ الْمَكْتُوبَةِ ، الصَّلَاةُ فِي جَوْفِ اللَّيْلِ. (رواه مسلم)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : فرض نماز کے بعد سب سے افضل درمیان رات کی نماز ہے (یعنی تہجد) ۔ (صحیح مسلم)

679Maarif-ul-Hadith

قیام لیل یا تہجد ۔ اس کی فضیلت اور اہمیت

عَنْ أَبِي أُمَامَةَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : عَلَيْكُمْ بِقِيَامِ اللَّيْلِ فَإِنَّهُ دَأَبُ الصَّالِحِينَ قَبْلَكُمْ ، وَهُوَ قُرْبَةٌ إِلَى رَبِّكُمْ ، وَمَكْفَرَةٌ لِلسَّيِّئَاتِ ، وَمَنْهَاةٌ لِلإِثْمِ. (رواه الترمذى)

حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تم ضرور پڑھا کرو تہجد ، کیوں کہ وہ تم سے پہلے صالحین کا طریقہ اور شعار رہا ہے اور قرب الٰہی کا خاص وسیلہ ہے اور وہ گناہوں کے برے اثرات کو مٹانے والی اور معاصی سے روکنے والی چیز ہے ۔ (جامع ترمذی) تشریح اس حدیث میں نماز تہجد کی چار خصوصیتیں ذکر فرمائی گئی ہیں اول یہ کہ وہ دور قدیم سے اللہ کے نیک بندوں کا طریقہ اور شعار رہا ہے ۔ دوسرے یہ کہ تقریب الہٰی کا خاص وسیلہ اور ذریعہ ہے ۔ تیسرے اور چوتھے یہ کہ اس میں گناہوں کا کفارہ بن کر ان کے اثرات کو مٹانے اور معاصی سے روکنے کی خاصیت ہے ۔ حق یہ ہے کہ نماز تہجد عظیم ترین دولت ہے ۔ حضرت جنید بغدادی رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں منقول ہے کہ ان کے وصال کے بعد حضرات نے ان کو خواب میں دیکھا تو پوچھا کہ کیا گزری اور آپ کے پرورچگار نے آپ کے ساتھ کیا معاملہ کیا ؟ ۔ جواب میں فرمایا : تاہت العبارات وفنيت الاشارات وما نفعنا الا ركعات صليناہا فى جوف الليل (یعنی حقائق و معارف کی جو اونچی اونچی باتیں ہم عبارات اور اشارات میں کیا کرتے تھے وہ سب وہاں ہوا ہو گئیں اور بس وہ رکعتیں کام آئیں جو رات میں ہم پڑھا کرتے تھے) ۔

680Maarif-ul-Hadith

قیام لیل یا تہجد ۔ اس کی فضیلت اور اہمیت

عَنِ الْمُغِيرَةِ بْنِ شُعْبَةَ قَالَ : قَامَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَتَّى تَوَرَّمَتْ قَدَمَاهُ ، فَقِيلَ لَهُ : لِمَ تَصْنَعُ هَذَا وَقَدْ غُفِرَ لَكَ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِكَ وَمَا تَأَخَّرَ ، قَالَ : « أَفَلاَ أَكُونُ عَبْدًا شَكُورًا » (رواه البخارى ومسلم)

حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس قدر قیام فرمایا (یعنی رات کو نماز تہجد اتنی طویل پڑھی) کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قدم مبارک متورم ہو گئے ، تو آپ سے عرض کیا گیا کہ آپ ایسا کیوں کرتے ہیں جب کہ آپ کی اگلی پچھلی ساری تقصیریں معاف ہو گئی ہیں (اور اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اس کا اعلان فرما کے آپ کو اس بارے میں مطمئن بھی کر دیا ہے) ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : تو کیا میں (اس کے احسان عظیم کا) زیادہ شکر کرنے والا بندہ نہ بنوں (اور اس شکر گزاری میں اس کی اور زیادہ عبادت نہ کروں) ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم) تشریح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم با آنکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہم گنہگاروں کی طرح عبادت و ریاضت کی زیادہ ضرورت نہ تھی اور باوجود اس کے آپ کا چلنا پھرنا حتیٰ کہ سونا بھی کار ثواب تھا ، لیکن پھر بھی آپ راتوں میں اتنی طویل نماز پڑھتے تھے کہ قدم مبارک متورم ہو جاتے تھے ۔ اس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم جیسے راحت طلب نام لیواؤں اور نیابت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے مدعیوں کے لیے بڑا سبق ہے ۔ عقیدہ عصمت اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذنوب کی مغفرت اس حدیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذنوب کی مغفرت کا ذکر ہے ، اور ذنب کے معنی عام طور سے گناہ کے لیے جاتے ہیں ، اس لیے یہ سوال پیدا ہو جاتا ہے کہ جب عصمت انبیاء اہل حق کا مسلم عقیدہ ہے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذنوب کی مغفرت کا کیا مطلب ہے ؟ اس کے جواب میں جو کچھ کہا گیا ہے اور کہا جاتا ہے اس میں سب سے زیادہ معقول اور دل لگتی بات اس عاجز کے نزدیک یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے معصوم ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان برائیوں سے محفوظ ہیں جو معصیات اور منکرات کے قبیلہ سے ہیں اور جو امت کے حق میں بھی گناہ ہیں ، لیکن ایسی باتیں ہر نبی سے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی صادر ہو سکتی ہیں جو اگرچہ معصیت اور گناہ نہ ہوں لیکن خلاف اولیٰ یا آپ کی شان عالی کے لحاظ سے نامباسب ہوں ۔ جیسا کہ مثلا شہد کی تحریم کا واقعہ یا عبداللہ بن ام مکتوم سے ایک موقع پر بے اعتنائی برتنے کا واقعہ جن پر سورہ تحریم اور سورہ عبس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو محبت کے خاص انداز میں تنبیہ فرمائی گئی ۔ بہرحال اس قسم کی معمولی لغزشیں حضرات انبیاء علیہم السلام سے بھی سرزد ہو جاتی ہیں اور اگرچہ یہ چیزیں معصیت اور گناہ کی حد میں نہیں آتیں ۔ لیکن “ قریباں لا بیش بود حیرانی ” کے اصول پر یہ حضرات اپنی ان معمولی لغزشوں سے اتنے رنجیدہ اور فکر مند ہوتے تھے کہ ہم عوام اپنے موٹے موٹے گناہوں سے بھی اتنے فکر مند نہیں ہوتے ۔ پس قرآن و حدیث میں جہاں کہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یا کسی بھی پیغمبر کے ذنوب کی مغفرت کا ذکر آتا ہے وہاں اسی قسم کی لغزشوں اور کوتاہیوں کی معافی مراد ہوتی ہے ۔ ذنب کے لغوی معنی میں اتنی وسعت ہے کہ اس سے اس قسم کی لغزشیں اور کوتاہیاں بھی مراد ہو سکتی ہیں ۔

681Maarif-ul-Hadith

قیام لیل یا تہجد ۔ اس کی فضیلت اور اہمیت

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « رَحِمَ اللَّهُ رَجُلًا قَامَ مِنَ اللَّيْلِ فَصَلَّى ، وَأَيْقَظَ امْرَأَتَهُ فَصَلَّتْ ، فَإِنْ أَبَتْ نَضَحَ فِي وَجْهِهَا الْمَاءَ ، رَحِمَ اللَّهُ امْرَأَةً قَامَتْ مِنَ اللَّيْلِ فَصَلَّتْ ، وَأَيْقَظَتْ زَوْجَهَا ، فَإِنْ أَبَى نَضَحَتْ فِي وَجْهِهِ الْمَاءَ » (رواه ابوداؤد والترمذى)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اللہ کی رحمت اس بندے پر جو رات کو اٹھا اور اس نے تہجد پڑھی اور اپنی بیوی کو بھی جگایا ، اور اس نے بھی نماز پڑھی اور اگر نیند کے غلبہ کی وجہ سے وہ نہیں اٹھی تو اس کے منہ پر پانی کا ہلکا سا چھینٹا دے کر اس کو بیدار کر دیا ۔ اور اسی طرح اللہ کی رحمت اس بندی پر جو رات کو نماز تہجد کے لیے اٹھی اور اس نے نماز ادا کی اور اپنے شوہر کو بھی جگایا ، پھر اس نے بھی اٹھ کر نماز پڑھی ، اور اگر وہ نہ اٹھا تو اس کے منہ پر پانی کا ہلکا سا چھینٹا دے کر اٹھا دیا ۔ (سنن ابی داؤد سنن نسائی) تشریح اس حدیث کو سمجھنے کے لیے یہ بات ملحوظ رہنی چاہیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جن صحابہ کرامؓ کے سامنے یہ بات فرمائی تھی وہ نماز تہجد کے بارے میں آپ کے ارشادات سن سن کر اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا حال دیکھ دیکھ کر یقین کے ساتھ جانتے تھے اس میں بندہ کیا پاتا ہے اور اس سے محروم رہ جانا کتنا بڑا خسارہ ہے ۔ فرق مراتب کے باوجود عام صحابہ کرامؓ اور صحابیاتؓ کا یہی حال تھا ، اس لیے قدرتی طور پر ان میں سے ہر ایک اس دولت کا شائق اور حریص تھا ، اس کے باوجود ایسا بھی ہو سکتا ہے بلکہ ضرور ہوتا ہو گا کہ کسی رات کو ایک شوہر کی آنکھ وقت پر کھل گئی اور بیوی سوتی رہ گئی یا بیوی کی آنکھ کھل گئی اور شوہر سوتا رہ گیا اور پھر جاگنے والے نے سونے والے کو اٹھانا چاہا اور وہ اگر کسل اور نیند کے غلبہ کی وجہ سے اس وقت آمادہ نہ ہوا تو محبت و تعلق کے اعتماد پر منہ پر پانی کا ہلکا سا چھینٹا دے کر اٹھا دیا ۔ ظاہر ہے کہ ایسی صورت میں یہ طرز عمل کسی کشیدگی اور ناگواری کا باعث نہ ہو گا بلکہ ان شاء اللہ باہمی محبت و مودت میں ترقی اور اضافہ کا سبب بنے گا ۔ بہرحال اس حدیث کا تعلق ایسی ہی صورت حال سے ہے ، اور حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ترغیب انہی خوش نصیب شوہروں اور بیویوں کے لیے ہے جو اس کے اہل ہوں ، اور وہ بذات خود بھی اس عظیم نعمت نماز تہجد کے قدر شناس اور شائق ہوں ۔

682Maarif-ul-Hadith

نماز تہجد کی قضا اور اس کا بدل

عَنْ عُمَرَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « مَنْ نَامَ عَنْ حِزْبِهِ ، أَوْ عَنْ شَيْءٍ مِنْهُ ، فَقَرَأَهُ فِيمَا بَيْنَ صَلَاةِ الْفَجْرِ ، وَصَلَاةِ الظُّهْرِ ، كُتِبَ لَهُ كَأَنَّمَا قَرَأَهُ مِنَ اللَّيْلِ » (رواه مسلم)

حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو شخص رات کو سو تا رہ گیا اپنے مقررہ ورد سے یا اس کے کسی جز سے پھر اس نے اس کو پڑھ لیا نماز فجر اور نماز ظہر کے درمیان تو لکھا جائے گا اس کے حق میں جیسے کہ اس نے پڑھا ہے رات ہی میں ۔ (صحیح مسلم) تشریح مطلب یہ ہے کہ جس شخص نے رات کے لیے اپنا کوئی ورد مقرر کر لیا مثلاً یہ کہ میں اتنی رکعتیں پڑھا کروں گا اور اس میں قرآن مجید اتنا پڑھوں گا ، اور وہ کسی رات سوتا رہ جائے اور اس کا پورا اور دیا کوئی جزو فوت ہو جائے ، تو اگر وہ اسی دن نماز ظہر سے پہلے پہلے اس کو پڑھ لے تو حق تعالیٰ اس کے لیے رات کے پڑھنے کے برابر ثواب عطا فرمائیں گے ۔

683Maarif-ul-Hadith

نماز تہجد کی قضا اور اس کا بدل

عَنْ عَائِشَةَ ، أَنَّ النَّبِىَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ « كَانَ إِذَا فَاتَتْهُ الصَّلَاةُ مِنَ اللَّيْلِ مِنْ وَجَعٍ ، أَوْ غَيْرِهِ ، صَلَّى مِنَ النَّهَارِ ثِنْتَيْ عَشْرَةَ رَكْعَةً » (رواه مسلم)

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ جب بیماری وغیرہ کسی عذر کی وجہ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز تہجد فوت ہو جاتی تو آپ دن کو اس کے بجائے بارہ رکعتیں پڑھتے تھے ۔ (صحیح مسلم)

684Maarif-ul-Hadith

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تہجد میں کتنی رکعتیں پڑھتے تھے

عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ : « كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُصَلِّي مِنَ اللَّيْلِ ثَلاَثَ عَشْرَةَ رَكْعَةً مِنْهَا الوِتْرُ ، وَرَكْعَتَا الفَجْرِ » (رواه مسلم)

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رات میں تیرہ رکعتیں پڑھتے تھے جن میں وتر اور سنت فجر کی دو رکعتیں بھی شامل ہوتی تھیں ۔ (صحیح مسلم) تشریح اس حدیث میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے تہجد کی رکعات کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا جو معمول بتلایا ہے وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اکثری معمول تھا ورنہ خود حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا ہی کی بعض دوسری روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ کبھی کبھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس سے بھی کم پڑھتے تھے ۔

685Maarif-ul-Hadith

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تہجد میں کتنی رکعتیں پڑھتے تھے

عَنْ مَسْرُوقٍ ، قَالَ : سَأَلْتُ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، عَنْ صَلاَةِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِاللَّيْلِ؟ فَقَالَتْ : « سَبْعٌ ، وَتِسْعٌ ، وَإِحْدَى عَشْرَةَ ، سِوَى رَكْعَتِي الفَجْرِ » (رواه البخارى)

مسروق تابعی سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیا (کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کتنی رکعتیں پڑھتے تھے) تو انہوں نے فرمایا کہ : سات اور نو اور گیارہ ، سنت فجر کی دو رکعتوں کے سوا ۔ (صحیح بخاری) تشریح حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے جواب کا مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تہجد میں کبھی صرف سات رکعتیں پڑھتے تھے (یعنی چار رکعت تہجد اور تین رکعات وتر) اور کبھی صرف نو (یعنی چھ رکعت تہجد اور تین رکعات وتر) اور کبھی صرف گیارہ (یعنی آٹھ رکعت تہجد اور تین رکعات وتر) یہ تفصیل خود حضرت صدیقہ رضی اللہ عنہا کی اس حدیث مذکور ہے جو وتر کے بیان میں سنن ابی داؤد کے حوالے سے نقل ہو چکی ہے ۔

686Maarif-ul-Hadith

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تہجد کی بعض تفصیلات

عَنْ عَائِشَةَ ، قَالَتْ : « كَانَ النَّبِىُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا قَامَ مِنَ اللَّيْلِ لِيُصَلِّيَ ، افْتَتَحَ صَلَاتَهُ بِرَكْعَتَيْنِ خَفِيفَتَيْنِ » (رواه مسلم)

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب رات کو نماز تہجد کے لیے کھڑے ہوتے تھے تو پہلے ہلکی ہلکی دو رکعتیں پڑھتے تھے ۔ (صحیح مسلم) تشریح بعض شارحین نے لکھا ہے کہ ایسا غالبا اس لیے کرتے تھے کہ پہلے ہلکی دو رکعتیں پڑھ کے طبیعت میں نشاط پیدا ہو جائے تو اس کے بعد طویل قرأت کے ساتھ پڑھیں ۔ واللہ اعلم ۔ اور صحیح مسلم ہی میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کی روایت سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد بھی مروی ہے کہ : إِذَا قَامَ مِنَ اللَّيْلِ لِيُصَلِّيَ ، افْتَتَحَ صَلَاتَهُ بِرَكْعَتَيْنِ خَفِيفَتَيْنِ (جب تم میں سے کوئی رات کو نماز کے لیے اٹھے تو پہلے ہلکی ہلکی دو رکعتیں پڑھ کے نماز شروع کرے) ۔

687Maarif-ul-Hadith

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تہجد کی بعض تفصیلات

عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ عَبَّاسٍ ، أَنَّهُ رَقَدَ عِنْدَ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، فَاسْتَيْقَظَ فَتَسَوَّكَ وَتَوَضَّأَ وَهُوَ يَقُولُ : {إِنَّ فِي خَلْقِ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَاخْتِلَافِ اللَّيْلِ وَالنَّهَارِ لَآيَاتٍ لِأُولِي الْأَلْبَابِ} فَقَرَأَ هَؤُلَاءِ الْآيَاتِ حَتَّى خَتَمَ السُّورَةَ ، ثُمَّ قَامَ فَصَلَّى رَكْعَتَيْنِ ، فَأَطَالَ فِيهِمَا الْقِيَامَ وَالرُّكُوعَ وَالسُّجُودَ ، ثُمَّ انْصَرَفَ فَنَامَ حَتَّى نَفَخَ ، ثُمَّ فَعَلَ ذَلِكَ ثَلَاثَ مَرَّاتٍ سِتَّ رَكَعَاتٍ ، كُلَّ ذَلِكَ يَسْتَاكُ وَيَتَوَضَّأُ وَيَقْرَأُ هَؤُلَاءِ الْآيَاتِ ، ثُمَّ أَوْتَرَ بِثَلَاثٍ ، فَأَذَّنَ الْمُؤَذِّنُ فَخَرَجَ إِلَى الصَّلَاةِ ، وَهُوَ يَقُولُ : « اللهُمَّ اجْعَلْ فِي قَلْبِي نُورًا ، وَفِي لِسَانِي نُورًا ، وَاجْعَلْ فِي سَمْعِي نُورًا ، وَاجْعَلْ فِي بَصَرِي نُورًا ، وَاجْعَلْ مِنْ خَلْفِي نُورًا ، وَمِنْ أَمَامِي نُورًا ، وَاجْعَلْ مِنْ فَوْقِي نُورًا ، وَمِنْ تَحْتِي نُورًا ، اللهُمَّ أَعْطِنِي نُورًا » (رواه مسلم)

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ وہ ایک رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس سوئے پس (وقت آ جانے پر تہجد کے لیے) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اٹھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسواک کی اور وضو کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت (سورہ آل عمران کے آخر کی) یہ دعائیہ آیتیں تلاوت فرماتے تھے : إِنَّ فِى خَلْقِ السَّمَوَاتِ وَالأَرْضِ (ختم سورت تک) پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے لیے کھڑے ہوئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو رکعتیں پڑھیں جن میں قیام اور رکوع سجدہ بہت طویل کیا ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم بستر کی طرف واپس آئے اور (ذرا دیر کے لیے) سو گئے یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سانس آواز کے ساتھ چلنے لگا ، اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین دفعہ ایسا کیا (یعنی تین دفعہ ایسا کیا کہ ذرا دیر کے سونے کے بعد اٹھے مسواک کی ، وضو فرمایا اور طویل قیام اور طویل رکوع و سجود کے ساتھ دو رکعتیں پڑھیں) اس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (پہلی دو رکعتوں کے علاوہ) چھ رکعتیں پڑھیں۔ اور ہر دفعہ اٹھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسواک کرتے اور وضو فرماتے اور آل عمران کے آخر کی وہ آیتیں پڑھتےتھے ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین رکعت نماز وتر پڑھی پھر مؤذن نے فجر کی اذان دی۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز فجر کے لیے تشریف لے گئے اور اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا فرما رہے تھے اللهُمَّ اجْعَلْ فِي قَلْبِي نُورًا ، وَفِي لِسَانِي نُورًا.... الخ (اے اللہ ! میرے دل میں نور پیدا فرما ، اور میری زبان میں نور پیدا فرما ، اور میری سمع و بصر میں نور پیدا فرما ، اور میرے پیچھے اور میرے آگے نور کر دے اور میرے اوپر اور میرے نیچے نور کر دے اے اللہ ! مجھے نور عطا فرما دے ۔ “ (صحیح مسلم) تشریح حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما یہ حدیث صحیحین میں بھی اور دوسری کتابوں میں بھی کئی طریقوں سے روایت کی گئی ہے ، اور بعض طرق میں اس سے زیادہ تفصیل ہے نیز بیان اور ترتیب میں بھی کچھ فرق ہے ۔ مثلا ی کہ دوسری روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ سورہ آل عمران کی آخری آیتیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سو کے اٹھ کر وضو فمانے سے پہلے پڑھیں ۔ اسی طرح بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ دعا نوری : اللهُمَّ اجْعَلْ فِي قَلْبِي نُورًا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس دن صبح کی نماز میں کی تھی ۔ اسی طرح کا ایک فرق یہ ہے کہ دو دو رکعتیں پڑھ کے درمیان میں ذرا دیر کے لیے سو جانے کا ذکر جو اس روایت میں کیا گیا ہے دوسری روایات اس سے خالی ہیں ۔ اور یہ تو معلوم ہے کہ اس طرح ہر دو رکعت کے بعد دونا حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی عام عادت مبارکہ نہیں تھی اس رات آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اتفاقا ایسا کیا ہو گا ۔ اس روایت میں دو خفیف رکعتیں پڑھنے کا ذکر نہیں ہے ، بظاہر ان کا ذکر راوی کے بیان سے رہ گیا ، اور اس کا قرینہ یہ بھی ہے کہ اسی حدیث کی دوسری روایتوں میں صراحۃ تیرہ رکعت پڑھنے کا ذکر ہے ، اور اس روایت کے مطابق کل رکعتیں صرف گیارہ ہوتی ہیں ، ان دونوں بیانوں میں تطبیق اسی طرح دی جا سکتی ہے کہ یہ مان لیا جائے کہ اس کے راوی نے پہلی دو خفیف رکعتوں کا ذکر نہیں کیا ہے اور غالبا ان کو نماز تہجد سے خارج تحیۃ الوضو سمجھا ہے ۔ واللہ اعلم ۔ دعاء نوری جو اس روایت میں ذکر کی گئی ہے اس میں نو دعائیہ کلمے ہیں ، بعض دوسری روایات میں ان سے زیادہ کلمات نقل کیے گئے ہیں ۔ بڑی مبارک اور نورانی دعا ہے ۔ حاصل اس دعا کا یہ ہے کہ اے اللہ میرے قلب اور میرے قالب اور میری روح اور میرے جسم میں اور جسم کے ہر حصے میں اور میری رگ رگ اور ریشہ ریشہ میں نور پیدا فرما دے اور مجھے از سر تا پا نور بنا دے ، اور میرے گرد و پیش اور اوپر نیچے ہر طرف نور ہی نور کر دے ۔ قرآن مجید کی آیت “ اللَّهُ نُورُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ” کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس دعا کا مقصد یہ ہو گا کہ میرا وجود اور گرد و پیش بس آ کے نور سے منور ہو جائے اور میرا ظاہر و باطن اور پورا ماحول بھی بس آپ کے رنگ میں رنگ جائے ۔ صبغة اللہ ومن أحسن من اللہ صبغة

688Maarif-ul-Hadith

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تہجد کی بعض تفصیلات

عَنْ حُذَيْفَةَ ، أَنَّهُ رَأَى النَّبِىَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُصَلِّي مِنَ اللَّيْلِ ، فَكَانَ يَقُولُ : اللَّهُ أَكْبَرُ ثَلَاثًا ذُو الْمَلَكُوتِ وَالْجَبَرُوتِ وَالْكِبْرِيَاءِ وَالْعَظَمَةِ » ، ثُمَّ اسْتَفْتَحَ فَقَرَأَ الْبَقَرَةَ ، ثُمَّ رَكَعَ فَكَانَ رُكُوعُهُ نَحْوًا مِنْ قِيَامِهِ ، فَكَانَ يَقُولُ فِي رُكُوعِهِ : « سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَظِيمِ » ، ثُمَّ رَفَعَ رَأْسَهُ مِنَ الرُّكُوعِ ، فَكَانَ قِيَامُهُ نَحْوًا مِنْ رُكُوعِهِ ، يَقُولُ : لِرَبِّيَ الْحَمْدُ ، ثُمَّ سَجَدَ ، فَكَانَ سُجُودُهُ نَحْوًا مِنْ قِيَامِهِ ، فَكَانَ يَقُولُ فِي سُجُودِهِ : « سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلَى » ، ثُمَّ رَفَعَ رَأْسَهُ مِنَ السُّجُودِ ، وَكَانَ يَقْعُدُ فِيمَا بَيْنَ السَّجْدَتَيْنِ نَحْوًا مِنْ سُجُودِهِ ، وَكَانَ يَقُولُ : « رَبِّ اغْفِرْ لِي ، رَبِّ اغْفِرْ لِي » ، فَصَلَّى أَرْبَعَ رَكَعَاتٍ ، قَرَأَ فِيهِنَّ الْبَقَرَةَ ، وَآلَ عِمْرَانَ ، وَالنِّسَاءَ ، وَالْمَائِدَةَ ، أَوِ الْأَنْعَامَ ، شَكَّ شُعْبَةُ. (رواه ابوداؤد)

حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک رات تہجد کی نماز پڑھتے دیکھا ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز شروع کرتے ہوئے کہا اللَّهُ أَكْبَرُ ، اللَّهُ أَكْبَرُ اللَّهُ أَكْبَرُ ذُو الْمَلَكُوتِ وَالْجَبَرُوتِ وَالْكِبْرِيَاءِ وَالْعَظَمَةِ (اللہ سب سے بڑا ، اللہ سب سے بڑا ، اللہ سب سے بڑا ، بڑی بادشاہت والا ، بڑے دبدبے والا ، کبریائی اور عظمت والا) اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز شروع کی ، پھر (سورہ فاتحہ کے بعد) سورۃ بقرہ کی پڑھی ، پھر رکوع کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا رکوع قیام ہی کی طرح تھا (یعنی جس طرح قیام بہت طویل کیا کہ ایک رکعت میں پوری سورہ بقرہ پڑھی ، اسی طرح اس نماز میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع بھی بہت طویل کیا) اور اس رکوع میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان پر یہی کلمہ جاری تھا سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَظِيمِ ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع سے سر اٹھایا تو رکوع کی طرح بہت دیر تک کھڑے رہے اور اس قومہ میں آپ کی زبان پر یہ کلمہ تھا لِرَبِّيَ الْحَمْدُ (ساری حمد و ستائش بس میرے رب کے لیے ہے) اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سجدہ کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سجدہ قیام ہی کی طرح طویل تھا ، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدہ سجدے میں کہتے تھے : سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلَى ، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سجدہ سے سر اٹھایا اور دونوں سجدوں کے درمیان آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے سجدے کی طرح یعنی قریبا اس کے بقدر ہی بیٹھتے تھے ، اور اس درمیانی جلسہ میں دعا کرتے تھے رَبِّ اغْفِرْ لِي ، رَبِّ اغْفِرْ لِي (اے میرے رب میری مغفرت فرما ! اے میرے مالک مجھے معاف کر دے) آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس وقت چار رکعتیں پڑھیں جن میں سورہ بقرہ ، آل عمران ، نساء اور مائدہ یا انعام پڑھیں۔ (امام ابو داؤد کے استاذ الاستاذ) شعبۃ بن الحجاج کو اس میں شبہ ہو گیا ہے کہ ان کے استاذ عمرو بن مرۃ نے چوتھی رکعت میں سورہ مائدہ پڑھنے کا ذکر کیا تھا یا سورہ انعام پڑھنے کا ۔ (سنن ابی داؤد) تشریح اس طرح طویل قرات اور طویل رکوع و سجود کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تہجد پڑھنے کے واقعات حضرت حذیفہؓ کے علاوہ اور بھی متعدد صحابہ کرامؓ سے مروی ہیں ۔ چنانچہ حضرت عوف بن مالک اشجعی نے ایک رات کی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز تہجد کا ذکر کیا ہے جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلی دو رکعتوں میں سورہ بقرہ اور سورہ آل عمران پڑھیں ۔ اور اس کے بعد کی دو رکعتوں میں بھی اسی طرح دو بڑی بڑی سورتیں (غالبا نساء اور مائدہ) پڑھیں ۔ اور یہ ساری سورتیں اس طرح پڑھیں کہ جہاں رحمت کی کوئی آیت آ جاتی تو اثناء قرأت ہی میں ٹھہر کر رحمت کی دعا کرتے اور جہاں عذاب کی آیت آ جاتی وہاں اسی طرح اس سے پناہ مانگتے ۔ واضح رہے کہ نماز تہجد میں اور اسی طرح دوسری نفل نمازوں میں قرأت کے درمیان ٹھہر کے دعا کرنا بالاتفاق جائز ہے ۔

689Maarif-ul-Hadith

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تہجد کی بعض تفصیلات

عَنْ أَبَىْ ذَرٍّ قَالَ : " قَامَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ حَتَّى إِذَا أَصْبَحَ بِآيَةٍ ، وَالْآيَةُ {إِنْ تُعَذِّبْهُمْ فَإِنَّهُمْ عِبَادُكَ ، وَإِنْ تَغْفِرْ لَهُمْ فَإِنَّكَ أَنْتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ} (رواه النسائى وابن ماجه)

حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک رات کی نماز میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ہی آیت پڑھتے پڑھتے صبح کر دی ، اور وہ (سورہ مائدہ کے آخری رکوع کی) یہ آیت تھی ۔ إِنْ تُعَذِّبْهُمْ فَإِنَّهُمْ عِبَادُكَ الاية. (سنن نسائی ، سنن ابن ماجہ) تشریح مطلب یہ ہے کہ ایک رات کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز تہجد پڑھنے کے لیے کھڑے ہوئے تو کسی خاص حالت اور کیفیت میں اسی ایک آیت کو بار بار پڑھتے رہے ، یہاں تک کہ صبح ہو گئی ۔ “ إِنْ تُعَذِّبْهُمْ فَإِنَّهُمْ عِبَادُكَ ، وَإِنْ تَغْفِرْ لَهُمْ فَإِنَّكَ أَنْتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ ” یہ آیت اللہ تعالیٰ کے ایک پرجلال سوال کے جواب میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی معذرت اور عاجزانہ گزارش کا ایک جز ہے ۔ سورہ مائدہ کے آخری رکوع میں بیان فرمایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ قیامت کے دن مسیحیوں پر حجت قائم کرنے کے لیے حضرت عیسیٰؑ سے سوال کریں گے کہ کیا تم نے اپنی امت سے کہا تھا کہ اللہ کے علاوہ مجھے اور میری ماں مریم کو بھی معبود اور خدا بنا لینا ؟ حضرت عیسیٰؑ اس کے جواب میں ایسی بات سے اپنی قطعی برأت ظاہر کریں گے ، اور عرض کریں گے کہ خداوندا ! آپ سے کوئی بات چھپی ہوئی نہیں ہے آپ علام الغیوب ہیں آپ کو معلوم ہے کہ میں نے ان کو توحید ہی کی دعوت و تعلیم دی تھی ، ان میں یہ شرک دنیا سے میرے جانے کے بعد آیا ۔ اس کے بعد یہ آیت ہے اور یہی حضرت عیسیٰؑ کے جواب کا آخری جز ہے ۔ “ إِنْ تُعَذِّبْهُمْ فَإِنَّهُمْ عِبَادُكَ ، وَإِنْ تَغْفِرْ لَهُمْ فَإِنَّكَ أَنْتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ (مائدہ) ” خداوند اگر تو ان کو (ان کے سنگین جرم کی وجہ سے) عذاب میں ڈالے تو یہ سب تیرے بندے ہیں (تجھے عذاب دینے کا پورا حق ہے) اور اگر تو ان کو معاف کر دے (تو یہ بھی تیرے بس میں ہے) بے شک تو غالب ہے حکمت والا ہے ۔ (تیرا جو فیصلہ بھی ہو گا وہ کسی کے دباؤ سے اور مجبوری سے نہیں ہو گا ، بلکہ اپنے ذاتی ارادے سے اور حکمت کے تقاضے سے ہو گا) ۔ رات کی نماز میں صبح تک اسی ایک آیت کو پڑھتے رہنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے بعض شارحین نے لکھا ہے کہ اس آیت پر پہنچ کے غالبا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی امت کا خیال آ گیا جس کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر یہ بات منکشف ہو چکی تھی کہ اگلی امتوں کی طرح اس میں بھی عقیدہ اور عمل کا بہت کچھ فساد آئے گا ، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسی کی میں عیسیٰ علیہ السلام کی یہ عاجزانہ اور دردمندانہ گزارش اللہ تعالیٰ کے حضور دہراتے رہے ۔ واللہ اعلم ۔

690Maarif-ul-Hadith

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تہجد کی بعض تفصیلات

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : « كَانَتْ قِرَاءَةُ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِاللَّيْلِ يَرْفَعُ طَوْرًا ، وَيَخْفِضُ طَوْرًا » (رواه ابوداؤد)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رات کی نماز میں قرأت کبھی بلند آواز سے کرتے تھے اور کبھی آہستہ پست آواز سے ۔ (سنن ابی داؤد)

691Maarif-ul-Hadith

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے تہجد کی بعض تفصیلات

عَنْ أَبِي قَتَادَةَ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَرَجَ لَيْلَةً ، فَإِذَا هُوَ بِأَبِي بَكْرٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ يُصَلِّي يَخْفِضُ مِنْ صَوْتِهِ ، قَالَ : وَمَرَّ بِعُمَرَ بْنِ الْخَطَّابِ ، وَهُوَ يُصَلِّي رَافِعًا صَوْتَهُ ، قَالَ : فَلَمَّا اجْتَمَعَا عِنْدَ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : « يَا أَبَا بَكْرٍ ، مَرَرْتُ بِكَ وَأَنْتَ تُصَلِّي تَخْفِضُ صَوْتَكَ » ، قَالَ : قَدْ أَسْمَعْتُ مَنْ نَاجَيْتُ يَا رَسُولَ اللَّهِ ، قَالَ : وَقَالَ لِعُمَرَ : « مَرَرْتُ بِكَ ، وَأَنْتَ تُصَلِّي رَافِعًا صَوْتَكَ » ، قَالَ : فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللَّهِ ، أُوقِظُ الْوَسْنَانَ ، وَأَطْرُدُ الشَّيْطَانَ - زَادَ الْحَسَنُ فِي حَدِيثِهِ : - فَقَالَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « يَا أَبَا بَكْرٍ ارْفَعْ مِنْ صَوْتِكَ شَيْئًا » ، وَقَالَ لِعُمَرَ : « اخْفِضْ مِنْ صَوْتِكَ شَيْئًا » . (رواه ابوداؤد)

حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم باہر نکلے تو ابوبکر رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ وہ بالکل آہستہ آہستہ نماز پڑھ رہے ہیں عمر رضی اللہ عنہ کے پر آپ کا گزر ہوا وہ خوب بلند آواز سے نماز پڑھ رہے ہیں ، جب یہ دونوں حضرات (دوسرے کسی وقت) آپ کی خدمت میں ایک ساتھ حاضر ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ابوبکرؓ سے فرمایا : کہ میں رات تمہارے پاس سے گزرا تو دیکھا کہ تم بالکل آہستہ نماز پڑھ رہے تھے ؟ ، انہوں نے عرض کیا کہ جس کے حضور میں عرض معروض کر رہا تھا بس اس کو میں نے سنا دیا اور اس نے میری سن لی (یعنی اللہ تعالیٰ نے) پھر اسی طرح آپ نے عمر رضی اللہ عنہ سے فرمایا کہ تمہارے پاس سے میں گزرا تو تم خوب بلند آواز سے نماز پڑھ رہے تھےانہوں نے عرض کیا یا رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) میں بلند آواز سے قرأت کر کے اونگھتے ہوؤں کو اٹھانا اور شیطان کو بھگانا چاہتا ہوں ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اے ابوبکرؓ ! تم کسی قدر اونچی آواز میں پڑھا کرو اور عمر رضی اللہ عنہ سے فرمایا تم کسی قدر ہلکی آواز سے پڑھا کرو ۔ تشریح عام حالات میں یہی مناسب ہے کہ تہجد کی نماز میں قرأت معتدل آواز سے ہو ، نہ بالکل خفی ہو نہ بہت زیادہ جہسے سے ، مندجہ بالا حدیث کا منشاء یہی ہے ، لیکن اگر کسی وقت خاص وجہ سے آہستہ پڑھنا زیادہ مناسب ہو تو وہی بہتر ہو گا اور اس کے برعکس کسی دوسرے وقت اگر بلند آواز سے پڑھنے میں کوئی مصلحت ہو تو اس وقت وہی افضل ہو گا ۔

692Maarif-ul-Hadith

چاشت یا اشراق کے نوافل

عَنْ أَبِي ذَرٍّ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « يُصْبِحُ عَلَى كُلِّ سُلَامَى مِنْ أَحَدِكُمْ صَدَقَةٌ ، فَكُلُّ تَسْبِيحَةٍ صَدَقَةٌ ، وَكُلُّ تَحْمِيدَةٍ صَدَقَةٌ ، وَكُلُّ تَهْلِيلَةٍ صَدَقَةٌ ، وَكُلُّ تَكْبِيرَةٍ صَدَقَةٌ ، وَأَمْرٌ بِالْمَعْرُوفِ صَدَقَةٌ ، وَنَهْيٌ عَنِ الْمُنْكَرِ صَدَقَةٌ ، وَيُجْزِئُ مِنْ ذَلِكَ رَكْعَتَانِ يَرْكَعُهُمَا مِنَ الضُّحَى » (رواه مسلم)

حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تم میں سے ہر شخص کے جوڑ جوڑ پر صبح کو صدقہ ہے۔ (یعنی صبح کو جب آدمی اس حالت سے اٹھتا ہے کہ اس کے ہاتھ پاؤں وغیرہ اعضاء اور ان کے ہر جوڑ صحیح سلامت ہے تو اللہ کی اس نعمت کے شکریہ میں ہر جوڑ کی طرف سے اس کو صدقہ یعنی کوئی نیکی اور ثواب کا کام کرنا چاہیے اور ایسے کاموں کی فہرست بہت وسیع ہے) پس ایک دفعہ سبحان اللہ کہنا بھی صدقہ ہے ، اور الحمداللہ کہنا بھی صدقہ ہے اور لَا اِلَهَ اِلَّا اللهُ کہنا بھی صدقہ ہے اور اللهُ اكبر کہنا بھی صدقہ ہے اور امر بالمعروف اور نہی عن المنکر بھی صدقہ ہے ، اس شکر کی ادائگی کے لیے دو رکعتیں کافی ہیں جو آدمی چاشت کے وقت میں پڑھے ۔ “ (صحیح مسلم) تشریح جس طرح عشاء کے بعد سے لے کر طلوع فجر تک کے طویل وقفہ میں کوئی نماز فرض نہیں کی گئی ہے لیکن اس درمیان میں تہجد کی کچھ رکعتیں پڑھنے کی ترغیب دی گئی ہے ، اسی طرح فجر سے لے کر ظہر تک کے طویل وقفہ میں بھی کوئی نماز فرض نہیں کی گئی ہے ، مگر اس درمیان میں “ صلوٰۃ الضحی ” کے عنوان سے کم سے کم دو اور زیادہ سے زیادہ جتنی ہو سکیں نفلی رکعتیں پڑھنے کی ترغیب دی گئی ہے ، اگر یہ رکعتیں طلوع آفتاب کے تھوڑی ہی دیر کے بعد پڑھی جائیں تو ان کو چاشت کہا جاتا ہے ۔ حضرت شاہ ولی اللہؒ نے ان کی حکمت بیان کرتے ہوئے جو کچھ لکھا ہے اس کا حاصل یہ ہے کہ : “ دن (جو اہل عرب کے نزدیک صبح سے یعنی فجر کے وقت سے شروع ہو جاتا ہے اور جو چار چوتھائیوحں میں تقسیم ہے جن کو چار پہر کہتے ہیں) حکمت الٰہی کا تقاضا ہوا کہ دن کے ان چار پہروں میں سے کوئی پہر بھی نماز سے خالی نہ رہے ، اس لئے پہلے پہر کے شروع میں نماز فجر فرض کی گئی اور تیسرے اور چوتھے پہر میں ظہر وہ عصر اور دوسرا پہر جو عوام الناس کی معاشی مشغولیتوں کی رعایت سے فرض نماز سے خالی رکھا گیا تھا اس میں نفل اور مستحب کے طور پر یہ “ صلوٰۃ الضحیٰ ” (نماز چاشت) مقرر کر دی گئی ہے ، اور اس کے فضائل و برکات بیان کر کر کے اس کی ترغیب دی گئی ہے کہ جو بندگانِ خدا اپنے مشاغل سے وقت نکال کر اس وقت میں چند رکعتیں پڑھ سکیں وہ یہ سعادت حاصل کریں ..... پھر یہ “ صلوٰۃ الضحیٰ ” کم سے کم دو رکعت ہے اور اس سے زیادہ نفع بخش چار رکعت ، اور اسے سے بھی افضل آٹھ رکعت ” ۔ (حجۃ اللہ البالغہ) اس تمہید کے بعد صلوۃ الضحی سے متعلق چند حدیثیں ذیل میں پڑھی جائیں : تشریح ..... مطلب یہ ہے کہ آدمی کو اپنے ہر جوڑ کی طرف سے شکرانہ کا جو صدقہ ہر روز صبخ کو ادا کرنا چاہیے چاشت کی دو رکعتیں پڑھنے سے ہو پوری طرح ادا ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ اس مختصر شکرانہ کو اس کے ہر جوڑ کی طرف سے قبول فرما لیتا ہے ، اور غالبا اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ نماز ایسی عبادت ہے جس میں انسان کے سارے اعضاء اور اس کے تمام جوڑ اور اس کا ظاہر و باطن سب ہی شریک رہتے ہیں ۔ واللہ اعلم ۔

693Maarif-ul-Hadith

چاشت یا اشراق کے نوافل

عَنْ أَبِي الدَّرْدَاءِ ، وَأَبِي ذَرٍّ ، عَنْ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنِ اللهِ تَبَارَكَ وَتَعَالَى أَنَّهُ قَالَ : ابْنَ آدَمَ ارْكَعْ لِي أَرْبَعَ رَكَعَاتٍ مِنْ أَوَّلِ النَّهَارِ أَكْفِكَ آخِرَهُ. (رواه الترمذى)

حضرت ابو الدرداء اور حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی طرف سے نقل کیا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ : اے فرزند آدم ! تو دن کے ابتدائی حصے میں چار رکعتیں میرے لیے پڑھا کر میں دن کے آخری حصے تک تجھے کفایت کروں گا ۔ (جامع ترمذی) تشریح اللہ کا جو بندہ رب کریم کے اس وعدہ پر یقین رکھتے ہوئے صبح یا اشراق یا چاشت کے وقت پورے اخلاص کے ساتھ چار رکعتیں اللہ تعالیٰ کے لیے پڑھے گا ، ان شاء اللہ اس حدیث قدسی کے مطابق وہ ضرور دیکھے گا کہ مالک الملک دن بھر کے اس کے مسائل کو کس طرح حل فرماتا ہے ۔