کتاب الصلوٰۃ

Maarif-ul-Hadith · Chapter 5 · 351 hadiths · Page 10 of 18

654Maarif-ul-Hadith

سنتیں اور نوافل: دن رات کی مؤکدہ سنتیں

عَنِ ابْنِ عُمَرَ قَالَ : « صَلَّيْتُ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ رَكْعَتَيْنِ قَبْلَ الظُّهْرِ ، وَرَكْعَتَيْنِ بَعْدَهَا ، وَرَكْعَتَيْنِ بَعْدَ المَغْرِبِ فِي بَيْتِهِ ، وَرَكْعَتَيْنِ بَعْدَ العِشَاءِ فِي بَيْتِهِ ، قَالَ وَحَدَّثَنِىْ حَفْصَةُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يُصَلِّىْ رَكْعَتَيْنِ خَفِيْفَتَيْنِ حِيْنَ يَطْلُعَ الْفَجْرُ. (رواه البخارى ومسلم)

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ مىں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دو رکعتیں پڑھی ہیں ظہر سے پہلے ، دو رکعتیں ظہر کے بعد ، اور دو رکعتیں مغرب کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر میں ، اور دو رکعتیں عشاء کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر میں اور مجھ سے بیان کیا میری بہن ام المؤمنین حفصہؓ نے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دو ہلکی ہلکی رکعتیں پڑھتے تھے صبح صادق ہو جانے پر ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم) تشریح اس حدیث میں ظہر سے پہلے دو رکعت پڑھنے کا ذکر ہے ۔ اس سلسلہ کی تمام حدیثوں کو سامنے رکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر سے پہلے اکثر و بیشتر چار رکعت پڑھتے تھے ، اور کبھی کبھی صرف دو بھی پڑھتے تھے ۔ بہرحال دونوں ہی عمل آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہیں اور جس پر بھی عمل کیا جائے سنت ادا ہو جائے گی ۔ اس ناچیز نے بعض اہل علم کو دیکھا ہے کہ وہ ظہر سے پہلے اکثر و بیشتر ۴ رکعت سنت پڑھتے ہیں ۔ لیکن جب دیکھتے ہیں کہ جماعت کا وقت قریب ہے تو صرف ۲ رکعت پر اکتفا کرتے ہیں ۔ مندرجہ بالا ان حدیثوں میں جن ۱۲ رکعت یا ۱۰ رکعت سنتوں کا ذکر ہے ، چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عملا ان کا زیادہ اہتمام فرماتے تھے اور ان میں سے بعض کے متعلق آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خاص تاکید بھی فرمائی ہے اس لئے ان کو سنت مؤکدہ سمجھا گیا ہے ۔ ان میں سب سے زیادہ تاکید آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فجر کی سنتوں کے بارے میں فرمائی ہے ۔

655Maarif-ul-Hadith

فجر کی سنتوں کی خاص اہمیت اور فضیلت

عَنْ عَائِشَةَ رَضِىَ اللهُ عَنْهَا قَالَتْ : قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " رَكْعَتَا الْفَجْرِ ، خَيْرٌ مِنَ الدُّنْيَا وَمَا فِيهَا ". (رواه مسلم)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : فجر کی دو رکعت سنت دنیا وما فیہا سے بہتر ہیں۔ (صحیح مسلم) تشریح مطلب یہ ہے کہ آخرت میں فجر کی دو رکعت سنت کا جو ثواب ملنے والا ہے وہ “ دنیا اور جو کچھ دنیا میں ہے ” ان سب سے زیادہ قیمتی اور کارآمد ہے ۔ دنیا وما فیہا سب فانی ہے اور ثواب آخرت باقی غیر فانی ہے ۔ اس حقیقت کا پورا انکشاف بلکہ مشاہدہ ان شاء اللہ ہم سب کو آخرت میں ہو جائے گا ۔

656Maarif-ul-Hadith

فجر کی سنتوں کی خاص اہمیت اور فضیلت

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : "لَا تَدَعُوهُمَا وَإِنْ طَرَدَتْكُمُ الْخَيْلُ". (رواه ابوداؤد)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : فجر کی دو رکعت سنت نہ چھوڑو اگرچہ حالت یہ ہو کہ گھوڑے تم کو دوڑا رہے ہوں (مطلب یہ ہے کہ اگر تم سفر میں ہو اور گھوڑوں کی پشت پر تیزی سے منزلیں طے کر رہے ہو تب بھی فجر کی سنتیں نہ چھوڑو) ۔ (سنن ابی داؤد)

657Maarif-ul-Hadith

فجر کی سنتوں کی خاص اہمیت اور فضیلت

عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، قَالَتْ : "لَمْ يَكُنِ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى شَيْءٍ مِنَ النَّوَافِلِ أَشَدَّ تَعَاهُدًا مِنْهُ عَلَى رَكْعَتَيِ الْفَجْرِ". (رواه البخارى ومسلم)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سنتوں اور نفلوں میں سے کسی نماز کا بھی اتنا زیادہ اہتمام نہیں فرماتے تھے جتنا کہ فجر سے پہلے کی دو رکعتوں کا فرماتے تھے۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)

658Maarif-ul-Hadith

فجر کی سنتوں کی خاص اہمیت اور فضیلت

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ لَمْ يُصَلِّ رَكْعَتَيِ الْفَجْرِ فَلْيُصَلِّهِمَا بَعْدَ مَا تَطْلُعُ الشَّمْسُ" (رواه الترمذى)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : جس نے فجر کی سنتیں نہ پڑھی ہوں اس کو چاہئے کہ وہ سورج نکلنے کے بعد ان کو پڑھے۔ (جامع ترمذی)

659Maarif-ul-Hadith

فجر کے علاوہ دوسرے اوقات کے سنن و نوافل کی فضیلت

عَنْ أَبِي أَيُّوبَ الْاَنْصَارِىِّ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : "أَرْبَعٌ قَبْلَ الظُّهْرِ لَيْسَ فِيهِنَّ تَسْلِيمٌ تُفْتَحُ لَهُنَّ أَبْوَابُ السَّمَاءِ" (رواه ابوداؤد وابن ماجه)

حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ظہر کے پہلے کی چار رکعتیں ، جن کے درمیان سلام نہ پھیرا جائے ، یعنی چار مسلسل پڑھی جائیں ۔ ان کے لئے آسمان کے دروازے کھل جاتے ہیں ۔ (سنن ابی داؤد ، سنن ابن ماجہ)

660Maarif-ul-Hadith

فجر کے علاوہ دوسرے اوقات کے سنن و نوافل کی فضیلت

عَنْ عَائِشَةَ ، أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ " إِذَا لَمْ يُصَلِّ أَرْبَعًا قَبْلَ الظُّهْرِ صَلَّاهُنَّ بَعْدَهُ ". (رواه الترمذى)

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول تھا کہ ظہر سے پہلے کی چار رکعتیں جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نہیں پڑھی ہوتی تھیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کو ظہر سے فارغ ہونے کے بعد پڑھتے تھے ۔ (جامع ترمذی) تشریح ابن ماجہ کی روایت میں یہ تصریح ہے کہ ایسی صورت میں ظہر سے پہلے والی چار رکعتیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم بعد والی دو رکعتوں کے بعد پڑھتے تھے ۔

661Maarif-ul-Hadith

فجر کے علاوہ دوسرے اوقات کے سنن و نوافل کی فضیلت

عَنْ أُمَّ حَبِيبَةَ قَالَتْ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ " مَنْ حَافَظَ عَلَى أَرْبَعِ رَكَعَاتٍ قَبْلَ الظُّهْرِ وَأَرْبَعٍ بَعْدَهَا حَرَّمَهُ اللَّهُ عَلَى النَّارِ". (رواه احمد والترمذى وابوداؤد والنسائى وابن ماجه)

حضرت ام حبیبہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو کوئی ظہر سے پہلے چار رکعتیں اور ظہر کے بعد چار رکعتیں برابر پڑھا کرے اللہ رتعالیٰ اس کو دوزخ کی آگ پر حرام کر دے گا۔ تشریح بعض شارحین نے لکھا ہے کہ ظہر کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے چونکہ دو ہی رکعت پڑھنا زیادہ ثابت ہے (جیسا کہ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا ، حضرت عبداللہ بن عمر اور خود حضرت ام حبیبہ (رضی اللہ عنہم) کی مندرجہ بالا حدیثوں سے معلوم ہو چکا ہے) اس لئے ظہر کے بعد موکدہ سنت تو صرف دو ہی رکعت ہے ، لہذا چار رکعت پڑھنے کی صورت یہ ہو گی کہ ان مؤکدہ دو رکعت کے علاوہ مزید دو رکعت نفل پڑھی جائیں ۔ فائدہ ........ ہمارے دیار میں ظہر کی دو سنتوں کے بعد مزید دو نفل پڑھنے کا کافی رواج ہے ، لیکن اکثر عوام ان نفلوں کو (بلکہ عام طور سے ہر وقت کے نوافل کو) بیٹھ کے پڑھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ نوافل بیٹھ کے ہی پڑھنے چاہئیں ، حالانکہ یہ سراسر غلط ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صریح حدیث ہے کہ بیٹھ کے نماز پڑھنے کا ثواب کھڑے ہو کے پڑھنے کے مقابلے میں آدھا ملے گا ۔

662Maarif-ul-Hadith

فجر کے علاوہ دوسرے اوقات کے سنن و نوافل کی فضیلت

عَنْ ابْنِ عُمَرَ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : "رَحِمَ اللَّهُ امْرَأً صَلَّى قَبْلَ الْعَصْرِ أَرْبَعًا". (رواه احمد والترمذى)

حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اللہ رحمت اس بندے پر جو پڑھے عصر سے پہلے چار رکعتیں ۔ تشریح عصر سے پہلے چار رکعت نفل کے بارے میں یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ترغیبی ارشاد ہے اور اسی کے مطابق آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل بھی روایت کیا گیا ہے ، اور کبھی کبھی عصر سے پہلے دو رکعت پڑھنا بھی آپ سے ثابت ہے ۔

663Maarif-ul-Hadith

فجر کے علاوہ دوسرے اوقات کے سنن و نوافل کی فضیلت

عَنْ مُحَمَّدِ بْنِ عَمَّارَ بْنِ يَاسِرٍ قَالَ : "رَأَيْتُ عَمَّارَ بْنِ يَاسِرٍ يُصَلِّىْ بَعْدَ الْمَغْرِبِ سِتَّ رَكَعَاتٍ ، قَالَ : رَأَيْتُ حَبِيْبِي صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُصَلِّيْ بَعْدَ الْمَغْرِبِ سِتَّ رَكَعَاتٍ ، ثُمَّ قَالَ : مَنْ صَلَّى بَعْدَ الْمَغْرِبِ سِتَّ رَكَعَاتٍ غُفِرَتْ لَهُ ذُنُوْبُهُ وَإِنْ كَانَتْ مِثْلَ زَبَدِ الْبَحْرِ". (رواه الطبرانى)

حضرت عمار بن یاسر کے صاحبزادے محمد بن عمار رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے اپنے والد ماجد عمار بن یاسرؒ کو دیکھا کہ وہ مغرب کے بعد چھ رکعتیں پڑھتے تھے اور بیان فرماتے تھے کہ میں نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مغرب کے بعد چھ رکعتیں پڑھتے تھے اور فرماتے تھے کہ جو بندہ مغرب کے بعد چھ رکعت نماز پڑھے اس کے گناہ بخش دئیے جائیں گے ، اگرچہ وہ کثرت میں سمندر کے کف کے برابر ہوں ۔ (معجم طبرانی) تشریح مغرب کے بعد دو رکعت تو سنت موکدہ ہیں جن کا ذکر حضرت ام حبیبہ ، حضرت عائشہ صدیقہؓ اور عبداللہ بن عمرؓ کی مندرجہ بالا حدیثوں میں آ چکا ہے ۔ ان کے علاوہ ۴ رکعت نفل اور پڑھی جائیں تو ۶ ہو جائیں گی ، اور بندہ گنوہوں کی مغفرت کی اس بشارت کا مستحق ہو جائے گا جو اس حدیث میں دی گئی ہے ۔

664Maarif-ul-Hadith

فجر کے علاوہ دوسرے اوقات کے سنن و نوافل کی فضیلت

عَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، قَالَتْ : "مَا صَلَّى رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْعِشَاءَ قَطُّ فَدَخَلَ عَلَيَّ إِلَّا صَلَّى أَرْبَعَ رَكَعَاتٍ أَوْ سِتَّ رَكَعَاتٍ. (رواه ابوداؤد)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عشاء کی نماز پڑھ کے (آرام فرمانے کے لیے) بارے میرے پاس تشریف لائے ہوں اور آپ نے چار رکعتیں یا چھ رکعتیں نہ پڑھی ہوں ۔ تشریح عشاء کے بعد دو رکعت تو سنت موکدہ ہے جس کا ذکر حضرت ام حبیبہ ، حضرت عائشہ صدیقہؓ و حضرت ابن عمرؒ وغیرہ کی مندرجہ بالا حدیثوں میں بھی گزر چکا ہے ، بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عشاء کے بعد اور آرام فرمانے سے پہلے اس دو رکعت سنت موکدہ کے علاوہ کبھی ۲ رکعت اور کبھی ۴ رکعت مزید نفل پڑھتے تھے ۔ واللہ اعلم ۔

665Maarif-ul-Hadith

وتر

عَنْ خَارِجَةَ بْنِ حُذَافَةَ ، قَالَ : خَرَجَ عَلَيْنَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، وَقَالَ : " إِنَّ اللَّهَ أَمَدَّكُمْ بِصَلَاةٍ هِيَ خَيْرٌ لَكُمْ مِنْ حُمْرِ النَّعَمِ الْوِتْرُ ، جَعَلَهُ اللَّهُ لَكُمْ فِيمَا بَيْنَ صَلَاةِ الْعِشَاءِ إِلَى أَنْ يَطْلُعَ الْفَجْر". (رواه ابوداؤد والترمذى)

حضرت خارجہ بن حذافہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم (کاشانہ نبوت سے) باہر تشریف لائے اور ہم سے مخاطب ہو کر فرمایاکہ : اللہ تعالیٰ نے ایک اور نماز مزید تمہیں عطا فرمائی ہے ، وہ تمہارے لیے سرخ اونٹوں سے بھی بہتر ہے ، (جن کو تم دنیا کی عزیز ترین دولت سمجھتے ہو) وہ نماز وتر ہے ، اللہ تعالیٰ نے اس کو تمہارے واسطے نماز عشاء کے بعد سے طلوع صبح صادق تک مقرر کیا ہے “ ۔ (یعنی وہ اس وسیع وقت کے ہر حصے میں پڑھی جا سکتی ہے) ۔ (جامع ترمذی ، سنن ابی داؤد)

666Maarif-ul-Hadith

وتر

عَنْ بُرَيْدَةَ ، قَالَ : سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقُولُ : "الْوِتْرُ حَقٌّ فَمَنْ لَمْ يُوتِرْ فَلَيْسَ مِنَّا ، الْوِتْرُ حَقٌّ فَمَنْ لَمْ يُوتِرْ فَلَيْسَ مِنَّا ، الْوِتْرُ حَقٌّ فَمَنْ لَمْ يُوتِرْ فَلَيْسَ مِنَّا". (رواه ابوداؤد)

حضرت بریدہ اسلمی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے خود سنا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا “ وتر حق ہے ، جو وتر ادا نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں ہے ، وتر حق ہے ، جو وتر ادا نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں ہے ، وتر حق ہے ، جو وتر ادا نہ کرے وہ ہم میں سے نہیں ہے “ ۔ (یہ بات آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تین دفعہ ارشاد فرمائی) ۔ (سنن ابی داؤد) تشریح ظاہر ہے کہ وتر کے بارے میں تشدید اور تہدید کے یہ آخری الفاظ ہیں ، اسی قسم کی حدیثوں سے حضرت امام ابو حنیفہؒ نے یہ سمجھا ہے کہ وتر صرف سنت نہیں ہے بلکہ واجب ہے ، یعنی اس کا درجہ فرض سے کم اور موکدہ سنتوں سے زیادہ ہے ۔

667Maarif-ul-Hadith

وتر

عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ نَامَ عَنِ الْوِتْرِ أَوْ نَسِيَهُ فَلْيُصَلِّ إِذَا ذَكَرَ وَإِذَا اسْتَيْقَظ". (رواه الترمذى وابوداؤد وابن ماجه)

حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو شخص وتر سے سوتا رہ جائے ، (یعنی نیند کی وجہ سے اس کی نماز وتر قضا ہو جائے) یا بھول جائے تو جب یاد آئے یا جب وہ جاگے تو اسی وقت پڑھ لے “ ۔ (جامع ترمذی ، سنن ابی داؤد ، و سنن ابن ماجہ)

668Maarif-ul-Hadith

وتر

عَنِ ابْنِ عُمَرَ ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، قَالَ : " اجْعَلُوا آخِرَ صَلَاتِكُمْ بِاللَّيْلِ وِتْرًا". (رواه مسلم)

حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا رات میں اپنی آخری نماز وتر کو بناؤ ۔ “ (یعنی رات کی نمازوں میں تمہاری آخری نماز وتر ہو) ۔ (صحیح مسلم)

669Maarif-ul-Hadith

وتر

عَنْ جَابِرٍ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " مَنْ خَافَ أَنْ لَا يَقُومَ مِنْ آخِرِ اللَّيْلِ ، فَلْيُوتِرْ أَوَّلَهُ ، وَمَنْ طَمِعَ أَنْ يَقُومَ آخِرَهُ ، فَلْيُوتِرْ آخِرَ اللَّيْلِ ، فَإِنَّ صَلَاةَ آخِرِ اللَّيْلِ مَشْهُودَةٌ ، وَذَلِكَ أَفْضَلُ". (رواه مسلم)

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جس کو یہ اندیشہ ہو کہ روات میں وہ اٹھ نہ سکے گا (یعنی سوتا رہ جائے گا) تو اس کو چاہئے کہ رات کے شروع ہی میں (یعنی عشاء کے ساتھ ہی) وتر پڑھ لے اور جس کو اس کی پوری امید ہو کہ وہ (تہجد کے لیے) آخر شب میں اٹھ جائے گا تو اس کو چاہیئے کہ آخر شب ہی میں (یعنی تہجد کے بعد) وتر پڑھے اس لئے کہ اس وقت کی نماز میں ملائکہ رحمت حاضر ہوتے ہیں اور وہ وقت بڑی فضیلت کا ہے۔ (صحیح مسلم) تشریح وتر کے بارے میں عام حکم یہی ہے کہ جو ان دو حدیثوں سے معلوم ہوا ، یعنی یہ کہ نماز وتر رات کی سب نمازوں کے بعد میں اور آخر میں پڑھی جائے ، یعنی نوافل کے بھی بعد اور یہ کہ جس کسی کو اخیر شب میں اٹھنے کے بارے میں اعتماد ہو وہ وتر شروع رات میں نہ پڑھے بلکہ آخر شب میں تہجد کے ساتھ پڑھے ، اور جس کو یہ اعتماد نہ ہو وہ شروع رات ہی پڑھ لیا کرے ۔ لیکن بعض صحابہؒ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے خاص حالات کی بناء پر شروع رات ہی میں وتر پڑھ لینے کی ہدایت فرمائی تھی ۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بھی انہی میں سے تھے ۔ صحیح بخاری و صحیح مسلم میں ان کا یہ بینا موجود ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے وہ چند خاص وصیتیں فرمائی تھیں ان مین سے ایک یہ بھی تھی کہ : “ میں شروع رات ہی میں وتر پڑھ لیا کروں ” ۔

670Maarif-ul-Hadith

وتر

عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي قَيْسٍ ، قَالَ : سَأَلْتُ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا : بِكَمْ كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يُوتِرُ؟ قَالَتْ : "كَانَ يُوتِرُ بِأَرْبَعٍ وَثَلَاثٍ وَسِتٍّ وَثَلَاثٍ وَثَمَانٍ وَثَلَاثٍ وَعَشْرٍ وَثَلَاثٍ ، وَلَمْ يَكُنْ يُوتِرُ بِأَنْقَصَ مِنْ سَبْعٍ وَلَا بِأَكْثَرَ مِنْ ثَلَاثَ عَشْرَةَ". (رواه ابوداؤد)

حضرت عبداللہ بن ابی قیس تابعی سے روایت ہے کہ میں نے ام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیا : کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کتنی رکعت وتر پڑھتے تھے؟ انہوں نے فرمایا کہ : چار اور تین ، اور چھ اور تین ، اور آٹھ اور تین اور دس اور تین۔ اور سات سے کم اور تیرہ سے زیادہ وتر نہیں پڑھتے تھے۔ (سنن ابی داؤد) تشریح ..... بعض صحابہ کرامؓ تہجد اور وتر کے مجموعے کو بھی وتر ہی کہا کرتے تھے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کا طریقہ بھی یہی تھا ، انہوں نے اس حدیث میں عبداللہ بن ابی قبیس کے سوال کا جواب بھی اسی اصول پر دیا ہے ۔ ان کا مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وتر کی تین رکعتوں سے پہلے تہجد کبھی صرف چار رکعت پڑھتے تھے ، کبھی چھ رکعت کبھی آٹھ رکعت اور کبھی دس رکعت ، لیکن چار رکعت سے کم اور دسد رکعت سے زیادہ تہجد پڑھنے کا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول نہیں تھا اور تہجد کی ان رکعتوں کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم وتر کی تین رکعتیں پڑھتے تھے ۔

671Maarif-ul-Hadith

وتر کی قرأت

عَنْ عَبْدِ الْعَزِيزِ بْنِ جُرَيْجٍ ، قَالَ : سَأَلْنَا عَائِشَةَبِأَيِّ شَيْءٍ كَانَ " يُوتِرُ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ؟ قَالَتْ : كَانَ يَقْرَأُ فِي الْأُولَى بِسَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى وَفِي الثَّانِيَةِ بِقُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ وَفِي الثَّالِثَةِ بِقُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ ، وَالْمُعَوِّذَتَيْنِ". (رواه الترمذى وابوداؤد)

عبدالعزیز بن جریج تابعی بیان کرتے ہیں کہ ہم نے ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے دریافت کیا کہ : رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وتر میں کون کون سی سورتیں پڑھتے تھے؟ انہوں نے فرمایا کہ : پہلی رکعت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم “ سبح اسم ربك الأعلى ” پڑھتے تھے اور دوسری میں “ قل يا أيہا الكافرون ” اور تیسری رکعت میں “ قل ہو اللہ أحد ” اور معوذتین (یعنی قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ) پڑھتے تھے۔ (جامع ترمذی ، سنن ابی داؤد) تشریح وتر کی پہلی رکعت میں سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى دوسری میں قُلْ يَا أَيُّهَا الْكَافِرُونَ اور تیسری رکعت میں قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ پڑھنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے حضرت ابی بن کعب اور حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے بھی روایت کی اہے ، لیکن ان دونوں حضرات نے تیسری رکعت میں “ معوذتین ” پڑھنے کا ذکر نہیں کیا معلوم ہوتا ہے کہ کبھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم تیسری رکعت میں صرف سورہ اخلاص پڑھتے تھے اور کبھی اسی کے ساتھ معوذتین بھی ۔ واللہ اعلم ۔

672Maarif-ul-Hadith

قنوت وتر

عَنْ الْحَسَنُ بْنُ عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ : عَلَّمَنِي رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، كَلِمَاتٍ أَقُولُهُنَّ فِي قُنُوْتِ الْوِتْرِ " اللَّهُمَّ اهْدِنِي فِيمَنْ هَدَيْتَ ، وَعَافِنِي فِيمَنْ عَافَيْتَ ، وَتَوَلَّنِي فِيمَنْ تَوَلَّيْتَ ، وَبَارِكْ لِي فِيمَا أَعْطَيْتَ ، وَقِنِي شَرَّ مَا قَضَيْتَ ، فَإِنَّكَ تَقْضِي وَلَا يُقْضَى عَلَيْكَ ، وَإِنَّهُ لَا يَذِلُّ مَنْ وَالَيْتَ ، تَبَارَكْتَ رَبَّنَا وَتَعَالَيْتَ" (رواه الترمذى وابوداؤد والنسائى وابن ماجه والدارمى)

حضرت حسن بن علی رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے چند کلمے تعلیم فرمائے جن کو میں قنوت وتر میں پڑھتا ہوں ، اللہم اہدني فيمن ہديت ” اے اللہ ! جن بندوں کو تو ہدایت عطا فرمائے ان کے ساتھ مجھے بھی ہدایت دے اور جن کو عافیت (یعنی دنیا اور آخرت کی تمام بلاؤں سے سلامتی) عطا فرمائے ان کے ساتھ مجھے بھی عافیت دے ، میرا متولی اور کارساز بن جا ان بندوں کے ساتھ جن کا تو کارساز بنے ، اور مجھے برکت دے ان تمام چیزوں میں جو تو مجھے عطا فرمائے اور اپنے فیصلوں کے اثرات بد سے میری حفاظت فرما ، تو ہی سارے فیصلے کرتا ہےاور احکام جاری کرتا اور تجھ پر کسی کا حکم نہیں چلتا ، ، بلا شبہ جس سے تیری دوستی ہو وہ ذلیل و خوار نہیں (وہ ہر حال میں معزز و محترم ہے) ، تو برکت والا ہے اور تیری شان بلند ہے اے میرے مالک اور پروردگار ! ۔ “ (جامع ترمذی ، سنن ابی داؤد ، سنن نسائی ، سنن ابن ماجہ ، سنن دارمی) تشریح اس قنوت کی بعض روایات میں إِنَّهُ لَا يَذُلُّ مَنْ وَّالَيْتَ کے بعد ولا يعز من عاديت بھی روایت کیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ جس سے تیری دشمنی ہو وہ کسی حال میں باعزت نہیں ۔ اور بعض روایات میں تَبَارَكْتَ رَبَّنَا وَتَعَالَيْتَ کے بعد استغفرك واتوب اليك بھی روایت کیا گیا ہے ۔ یعنی اے میرے رب میں تجھ سے گناہوں کی مغفرت اور بخشش مانگتا ہوں اور تیری طرف رجوع کرتا ہوں ۔ اور بعض روایات میں توبہ اور استغفار کے اس کلمی کے بعد اس درود کا بھی اضافہ ہے ۔ وَصَلَّى اللهُ عَلَى النَّبِىِّ (اور اللہ تعالیٰ رحمتیں نازل فرماے ، اپنے پاک نبی پر) ۔ اکثر ائمہ اور علماء نے وتر میں پڑھنے کے لیے اسی قنوت کو اختیار فرمایا ہے ۔ حنفیہ میں جو قنوت رائج ہے اللَّهُمَّ اِنَّا نَسْتَعِيْنُكَ اس کو امام ابن ابی شیبہؒ اور امام طحاویؒ وغیرہ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے ۔ علامہ شامی نے بعض اکابر احناف سے نقل کیا ہے کہ بہتر یہ ہے کہ اللَّهُمَّ اِنَّا نَسْتَعِيْنُكَ کے ساتھ حضرت حسن بن علیؒ والی یہ قنوت اللَّهُمَّ اهْدِنِي فِيمَنْ هَدَيْتَ بھی پڑھی جائے ۔

673Maarif-ul-Hadith

قنوت وتر

عَنْ أَنّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يَقُولُ فِي وِتْرِهِ : " اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِرِضَاكَ مِنْ سَخَطِكَ ، وَأَعُوذُ بِمُعَافَاتِكَ مِنْ عُقُوبَتِكَ ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْكَ لَا أُحْصِي ثَنَاءً عَلَيْكَ أَنْتَ كَمَا أَثْنَيْتَ عَلَى نَفْسِكَ". (رواه ابوداؤد والترمذى والنسائى وابن ماجه)

حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے وتر كے آخر میں یہ دعا کیا کرتے تھےاللہم إني أعوذ برضاك من سخطك اے اللہ ! میں تیری ناراضی سے تیری رضا مندی کی پناہ لیتا ہوں ، اور تیری سزا اور تیرے عذاب سے تیری عافیت بخشی کی پناہ لیتا ہوں ، اور تجھ سے تیری پناہ لیتا ہوں مجھ سے تیری ثناء صفت کا حق ادا نہیں ہو سکتا (بس یہی عرض کر سکتا ہوں کہ) تو ویسا ہی ہے جیسا کہ تو نے اپنی ثناء و صفت بیان کی ہے۔ (سنن ابی داؤد ، جامع ترمذی ، سنن نسائی ، سنن ابن ماجہ) تشریح سبحان اللہ ! کیسا لطیف مضمون ہے اس دعا کا ، حاصل پوری دعا کا یہ ہے کہ اللہ کی ناراضی ، اللہ کی سزا ، اللہ کی پکڑ اور اس کے جلال سے کوئی جائے پناہ نہیں ، بس اسی کی رحمت و عنایت اور اسی کی کریم ذات پناہ دے سکتی ہے ۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ کی اس حدیث میں صرف اتنا مذکور ہے کہ “ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دیا اپنے وتر کے آخر میں کرتے تھے ” ۔ اس کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تیسری رکعت میں قنوت کے طور پر یہ دعا کرتے تھے ، اور بعض ائمہ اور علماء نے یہی سمجھا ہے ۔ اور یہ مطلب بھی ہو سکتا ہے کہ وتر کے آخری قعدہ میں سلام سے پہلے یا سلام کے بعد آپ یہ دعا کرتے تھے ، اور یہ مطلب بھی ہو سکتا ہے کہ وتر کے آخری سجدوں میں آپ یہ دعا کرتے تھے ۔ صحیح مسلم میں حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ ایک دفعہ انہوں نے رات کی نماز کے سجدے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہی دعا کرتے ہوئے سنا تھا ۔ بہر حال ان سب ہی صورتوں کی گنجائش ہے ، اللہ تعالیٰ عمل کی توفیق دے ۔