91. Surah Ash-Shams

الشمسThe Sun · 15 ayahsمفہوم القرآن

Ayahs 91:1–15

وَ الشَّمْسِ وَ ضُحٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:1 in the Quran reader

سورج کی قسم اور اس کی روشنی کی

وَ الْقَمَرِ اِذَا تَلٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:2 in the Quran reader

اور چاند کی جو اس کے بعد نکلے

وَ النَّهَارِ اِذَا جَلّٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:3 in the Quran reader

اور دن کی جب اسے چمکا دے

وَ الَّیْلِ اِذَا یَغْشٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:4 in the Quran reader

اور رات کی جب اسے ڈھانک لے

وَ السَّمَآءِ وَ مَا بَنٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:5 in the Quran reader

اور آسمان کی اور اس ذات کی جس نے اسے بنایا

وَ الْاَرْضِ وَ مَا طَحٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:6 in the Quran reader

زمین کی اور جس نے اسے بنایا پھیلایا

وَ نَفْسٍ وَّ مَا سَوّٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:7 in the Quran reader

اور انسان کی اور اس کی جس نے اس کے اعضاء کو برابر کیا

فَاَلْهَمَهَا فُجُوْرَهَا وَ تَقْوٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:8 in the Quran reader

پھر اس کو بدکاری سے بچنے اور پرہیزگاری اختیار کرنے کی سمجھ دی

قَدْ اَفْلَحَ مَنْ زَكّٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:9 in the Quran reader

کہ جس نے اپنے نفس یعنی روح کو پاک رکھا وہ مراد کو پہنچا

وَ قَدْ خَابَ مَنْ دَسّٰىهَاؕ Open ayah 91:10 in the Quran reader

اور جس نے اسے خاک میں ملایا وہ خسارے میں رہا

كَذَّبَتْ ثَمُوْدُ بِطَغْوٰىهَا۪ۤۙ Open ayah 91:11 in the Quran reader

قوم ثمود نے اپنی سرکشی کے سبب پیغمبر کو جھٹلایا

اِذِ انْۢبَعَثَ اَشْقٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:12 in the Quran reader

جب ان میں سے ایک نہایت بد بخت اٹھا

فَقَالَ لَهُمْ رَسُوْلُ اللّٰهِ نَاقَةَ اللّٰهِ وَ سُقْیٰهَاؕ Open ayah 91:13 in the Quran reader

تو اللہ کے پیغمبر (صالح) نے ان سے کہا کہ اللہ کی اونٹنی اور اس کے پانی پینے کی باری سے خبردار رہو

فَكَذَّبُوْهُ فَعَقَرُوْهَا١۪ۙ۬ فَدَمْدَمَ عَلَیْهِمْ رَبُّهُمْ بِذَنْۢبِهِمْ فَسَوّٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:14 in the Quran reader

مگر انہوں نے پیغمبر کو جھٹلایا اور اونٹنی کی کونچیں کاٹ دیں تو اللہ نے اس کے سبب ان پر عذاب نازل کیا اور سب کو ہلاک کر کے برابر کردیا)

وَ لَا یَخَافُ عُقْبٰهَا۠ Open ayah 91:15 in the Quran reader

اور اس کو (اللہ کو) ان سے بدلہ لینے کا کچھ بھی ڈر نہیں۔

کامیابی اور ناکامی اختیاری ہے تشریح : اب زمانہ بہت ترقی کرچکا ہے۔ جاہلیت کے زمانے میں لوگ علم و عرفان سے بہت پیچھے تھے۔ اسی لیے وہ اللہ وحدہ لا شریک لہ کا مطلب نہ سمجھتے تھے اور نہ ہی سمجھنے کی کوشش کرتے تھے۔ ان کی عقل و علم کے مطابق ان کو برائی اور اچھائی سمجھانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے ان کے سامنے کی چیزوں کی قسم کھا کر اور انہی کی مثال دیکر نیکی و بدی کا فرق بتانے کی کوشش کی ہے۔ وہ لوگ روز دیکھتے تھے کہ سورج نکلتا ہے دن روشن ہوجاتا ہے۔ چاند اس کے بالکل مخالف ہے کیونکہ رات کو اندھیرا ہوتا ہے تو پھر چاند کی روشنی ظاہر ہوتی ہے۔ دن رات ' آسمان و زمین سب علیحدہ علیحدہ اپنے اپنے کام میں لگے ہوئے ہیں۔ اور ہر ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہے تو انہی چیزوں کی قسم کھا کر اللہ تعالیٰ بتا رہے ہیں کہ جس طرح یہ سب ایک دوسرے کی ضد ہیں اسی طرح نیکی و بدی ایک دوسرے کی ضد ہیں۔ انسان کو اللہ تعالیٰ نے پیدا کیا اور اس کی فطرت میں نیکی سے پیار کرنا رکھ دیا اور برائی سے نفرت اور ساتھ ہی دونوں راستوں کی وضاحت بھی کردی تاکہ انسان اپنی عقل علم اور ارادے سے اپنا رستہ اختیار کرسکے۔ نیکی کے راستہ کو اختیار کرنے کے لیے تقویٰ اور پرہیزگاری چاہیے۔ جب کہ بدی کا راستہ ہر قسم کی برائی سے بھرپور ہے۔ نیک فطرت انسان تقویٰ اختیار کرتا ہے جب کہ بد فطرت شیطان کا دوست بن کر ہر برائی میں خوشی محسوس کرتا ہے۔ یہاں انسان کے اندر جو تین طاقتیں اللہ نے رکھ دی ہیں یعنی نفس امارہ۔ یہ شیطان کی حکومت میں ہوتا ہے یعنی ہر شیطانی کام انسان خوشی سے کرنا چاہتا ہے۔ دوسرا نفس لوامہ۔ یہ خواہشات سے خالی نہیں مگر کسی حد تک وہ خواہشات پر قابو رکھ سکتا ہے۔ یعنی درمیانی حالت۔ تیسرا نفس مطمٔنہ۔ یہ خواہشات اور شیطان سے آزادی پا کر اللہ کی طرف رجوع کرتا ہے۔ قناعت اور توکل کی دولت سے مالا مال انتہائی مطمئن، شاکر، صابر اور پر سکون انسان ہوتا ہے۔ انہی کے لیے دنیا میں سکون اور آخرت میں کامیابی کا اعلان کیا گیا ہے۔ جو شخص نفس سے ہار گیا تو گویا وہ دنیا میں ذلیل و خوار ہوا اور آخرت میں تو بہت ہی ذلیل و خوار ہوگا۔ اور بس یہی دو طریقے ہیں چاہے تو بندہ خود کو بگاڑ لے یا سنوار لے۔ اللہ تو بڑا ہی رحیم و کریم ہے لوگوں کو سمجھانے کے لیے تاریخی واقعہ قوم ثمود کا بتا رہے ہیں کہ لوگوں کو سمجھ آجائے اور فلاح پائیں۔ واقعہ یوں ہے کہ حضرت صالح کی قوم نے معجزے کا مطالبہ کیا تو پہاڑوں کے بیچ سے اللہ نے اپنی قدرت سے اونٹنی نکالی اور لوگوں کو آزمانے کے لیے حکم دیا کہ اس کو تکلیف نہ دیں اور پانی کی باری پر اس کو ہرگز نہ روکیں۔ مگر قوم ثمود بڑی سرکش اور نافرمانی میں پڑچکی تھی۔ انہوں نے نافرمانی کی اور ایک شخص جس کا نام ” قدار بن سالف “ تھا اونٹنی کے پاؤں کاٹ دئیے ' تو اس صریح نافرمانی پر پوری قوم عذاب کا شکار ہوگئی اور یہ نہ تو قدرتی آفات کی وجہ سے ہوا اور نہ ہی قوموں کے عروج وزوال کی وجہ سے ہوا۔ بلکہ یہ زوال اس قوم کا صرف نافرمانی پر عذاب کی وجہ سے ہوا۔ زوال ہی نہیں بلکہ بالکل تہس نہس کردی گئی ان کی تباہ شدہ بستی اور کہانی دنیا کے لیے عبرت کا نشان بنا دی گئی۔ تو یہ سب کچھ اللہ کی قدرت ' عظمت ' برتری اور حاکم اعلیٰ ہونے کا ایک بہت بڑا ثبوت ہے۔ تو اس سورت میں جو اتنے بڑے حاکم اعلیٰ نے نیکی و بدی کی تعریف قسم کھا کر کی ہے تو کیا یہ کوئی معمولی بات ہے ؟ یا کیا اس میں کسی شک و شبہ کی گنجائش ہوسکتی ہے ؟ ہرگز نہیں سچ تو یہ ہے کہ اللہ نے انسان کو پیدا ہی اس لیے کیا ہے کہ کائنات کے حسن کو اپنے نیک اطوار نیک اعمال سے مزید خوبصورت بنائے اور اس کے حسن و خوبی سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو کر جنت کمائے۔ اللہ کا خوف ہر دم اپنے دل میں بسائے رکھے تاکہ دنیا کے ہر خوف سے آزاد اللہ کا مقبول اور بندوں کا پیارا انسان بن سکے اور جب رخصت ہو تو دنیا میں اچھی یادیں چھوڑ جائے اور آخرت میں جنت کا وارث بنے۔ ورنہ تو پھر غلط ' برے ' نافرمان ' کفار و مشرکین سے بدلہ لینے کا اللہ کو کوئی ڈر بھی نہیں۔ وہ بدلہ لینے پر قادر ہے۔ اصل میں انسان کی بربادی خود اس کے اپنے ہاتھوں سے ہی ہوتی ہے۔ اسی طرح قومیں اور ملک بھی خود اپنے ہاتھوں ہی تباہ و برباد ہوتے ہیں۔ اس کی مثالیں دنیا کے ہر دور میں ملتی رہی ہیں اور ملتی رہیں گی۔ ماضی قریب میں بہت بڑی طاقت روس کی مثال ہمارے سامنے موجود ہے جو خود اپنے بنائے ہوئے سسٹم ' معاشرے اور تمدن کے ذریعہ ہی تتر بتر ہوگیا۔ اس پر نہ تو بیرونی حملہ ہوا اور نہ کوئی قدرتی آفت اس پر پڑی بلکہ اس کو خود اس کے اپنے ہی سسٹم نے دیمک کی طرح چاٹ کر تنکہ تنکہ کردیا اور دنیا کی اتنی بڑی طاقت گھڑیوں میں منتشر ہوگئی۔ اصل میں ہمارے لیے ہمار اپنا محاسبہ ہر وقت بہت اہم بات ہے۔ کیونکہ بعض اوقات ہم کوئی چھوٹی سی غلطی یہ سوچ کر کر جاتے ہیں کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا جب کہ یہ چھوٹی سی غلطی آکاس بیل کی طرح ہمارے ایمان کو اپنے شکنجے میں یوں لینا شروع کرتی ہے کہ ہمیں اس کی خبر ہی نہیں ہوتی اور ایمان کا کباڑہ ہوجاتا ہے۔ لہٰذا ہمیں اس حدیث کو ضرور نظر میں رکھنا چاہیے۔ سیدنا شہر بن حوشب ؓ بیان کرتے ہیں۔ کہ ' ایک دن میں نے ام سلمہ ؓ سے پوچھا۔ ام المومنین ! جب رسول اللہ ﷺ آپ کے پاس ہوتے ہیں تو وہ اکثر کون سی دعا مانگتے رہتے ہیں۔ ؟ ام المومنین نے فرمایا '' آپ ﷺ اکثر یہ دعا مانگتے رہتے ہیں ''۔ اے دلوں کو پھیرنے والے میرے دل کو اپنے دین پر مضبوط جما دے '' یَا مُقَلِّبُ الْقُلُوْبِ ثَبِّتْ قَلْبِیْ عَلٰی دِیْنِکَ مطلب کہنے کا یہ ہے کہ کبھی بھی خود کو لاپرواہی ' غرور اور تکبر کے جال میں پھنسنے نہ دیں بلکہ ہر وقت شیطان کی چالوں سے خود کو بچا کر رکھیں۔ استغفار اور دعا کو ورد زبان رکھیں، کہ زندگی صاف ' انجام بخیر اور آخرت میں سرخروہوسکیں۔ اسی میں انسان کی برتری اور خوبی ہے۔ زندگی بڑا کڑا امتحان ہے اس میں ہر دم چوکس رہنا ضروری ہے۔ کڑکتی دھوپ میں رک رک کے چلنا کہیں رستے میں کوئی سائبان نہ مل جائے الحمد للہ سورة الشمس مکمل ہوئی۔