92. Surah Al-Lail

الليلThe Night · 21 ayahsمدارک التنزیل

Ayah 92:1

وَ الَّیْلِ اِذَا یَغْشٰىۙ Open ayah 92:1 in the Quran reader

رات کی قسم جب (دن کو) چھپالے

1 : وَالَّیْلِ اِذَا یَغْشٰی (قسم ہے رات کی جبکہ وہ چھپالے) نمبر 1۔ جس کو چھپایا گیا وہ یا تو سورج ہے جیسا اس ارشاد میں : والیل اذا یغشٰھا ] الشمس : 4[ نمبر 2۔ دن جیسا اس آیت میں فرمایا یُغْشِی الَّیْلَ النَّھَار ] الاعراف : 54[ نمبر 3۔ ہر چیز جس کو رات اپنے اندھیرے سے چھپالے جیسا اس ارشاد میں ہے۔ اذا وقب ] الفلق : 3 [۔
Ayah 92:2

وَ النَّهَارِ اِذَا تَجَلّٰىۙ Open ayah 92:2 in the Quran reader

اور دن کی قسم جب چمک اٹھے

2 : وَالنَّھَارِ اِذَا تَجَلّٰی (قسم ہے دن کی جبکہ وہ روشن ہوجائے) ظلمت لیل کے زائل ہونے سے ظاہر ہوجائے۔
Ayah 92:3

وَ مَا خَلَقَ الذَّكَرَ وَ الْاُنْثٰۤىۙ Open ayah 92:3 in the Quran reader

اور اس (ذات) کی قسم جس نے نر اور مادہ پیدا کئے

3 : وَمَا خَلَقَ الذَّکَرَ وَالْاُنْثٰٓی (اور اس کی جس نے نر و مادہ کو پیدا کیا) وہ عظیم قدرت والا جس نے مرد و عورت کو ایک پانی سے پیدا فرمایا۔
Ayah 92:4

اِنَّ سَعْیَكُمْ لَشَتّٰىؕ Open ayah 92:4 in the Quran reader

کہ تم لوگوں کی کوشش طرح طرح کی ہے

4 : اِنَّ سَعْیَکُمْ لَشَتّٰی (بیشک تمہاری کوششیں مختلف ہیں) نحو : یہ جواب قسم ہے۔ بلا شبہ تمہاری کوششیں مختلف ہیں۔ اس اختلاف کی وضاحت اگلی آیات میں آرہی ہے۔
Ayah 92:5

فَاَمَّا مَنْ اَعْطٰى وَ اتَّقٰىۙ Open ayah 92:5 in the Quran reader

تو جس نے (خدا کے راستے میں مال) دیا اور پرہیزگاری کی

5 : فَاَمَّامَنْ اَعْطٰی وَاتَّقٰی (پس جس نے دیا اور اللہ سے ڈرا) اعطیٰ : مال کے حقوق ادا کیے۔ اتقی : اپنے رب سے ڈرا اور اس کے محرمات سے پرہیز کیا۔
Ayah 92:6

وَ صَدَّقَ بِالْحُسْنٰىۙ Open ayah 92:6 in the Quran reader

اور نیک بات کو سچ جانا

الحسنیٰ اسلام ہے : 6 : وَصَدَّقَ بِالْحُسْنٰی (اور اچھی بات کو اچھا سمجھا) ملت حسنی یعنی ملت اسلام کو اختیار کیا۔ نمبر 2۔ اچھے ثواب کو مانا۔ وہ اچھا ثواب جنت یا کلمہ لا الٰہ الا اللہ ہے۔
Ayah 92:7

فَسَنُیَسِّرُهٗ لِلْیُسْرٰىؕ Open ayah 92:7 in the Quran reader

اس کو ہم آسان طریقے کی توفیق دیں گے

7 : فَسَنُیَسِّرُہٗ لِلْیُسْرٰی (تو ہم اس کو راحت کی چیز کیلئے سامان دے دیں گے) پس ہم اس کو آسانی کی خصلت کیلئے سہولت دیں گے اور وہ اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ عمل اختیار کرنا ہے۔
Ayah 92:8

وَ اَمَّا مَنْۢ بَخِلَ وَ اسْتَغْنٰىۙ Open ayah 92:8 in the Quran reader

اور جس نے بخل کیا اور بےپروا رہا

8 : وَاَمَّا مَنْم بَخِلَ (اور جس نے بخل کیا) اپنے مال کے سلسلہ میں وَاسْتَغْنٰی (اور بےپرواہی اختیار کی) اپنے رب سے اور تقویٰ اختیار نہ کیا۔ نمبر 2۔ آخرت کی نعمتوں سے دنیا کی شہوات کے ذریعہ بےنیازی اختیار کی۔
Ayah 92:9

وَ كَذَّبَ بِالْحُسْنٰىۙ Open ayah 92:9 in the Quran reader

اور نیک بات کو جھوٹ سمجھا

9 : وَکَذَّبَ بِالْحُسْنٰی (اور اچھی بات کو جھٹلا دیا) الحسنی سے اسلام یا جنت مراد ہے۔
Ayah 92:10

فَسَنُیَسِّرُهٗ لِلْعُسْرٰىؕ Open ayah 92:10 in the Quran reader

اسے سختی میں پہنچائیں گے

طاعت گزار : 10 : فَسَنُیَسِّرُہٗ لِلْعُسْرٰی (ہم اس کو تکلیف کی چیز کیلئے سامان دے دیں گے) ایسی خصلت کیلئے جو بالآخر آگ میں پہنچانے والی ہے۔ پس اس کے لئے طاعت سب سے زیادہ مشکل اور گراں بار ہوگی نمبر 2۔ طریقہ خیر کو یُسرٰی فرمایا کیونکہ اس کا انجام سہولت ہے۔ اور طریقہ شر کو تنگی فرمایا اس لئے کہ اس کا انجام تنگی ہے یا ان دونوں کو بول کر جنت و دوزخ کے راستے مراد لیے گئے ہیں۔
Ayah 92:11

وَ مَا یُغْنِیْ عَنْهُ مَالُهٗۤ اِذَا تَرَدّٰىؕ Open ayah 92:11 in the Quran reader

اور جب وہ (دوزخ کے گڑھے میں) گرے گا تو اس کا مال اس کے کچھ کام نہیں آسکے گا

11 : وَمَا یُغْنِیْ عَنْہُ مَالُہٗ اِذَا تَرَدّٰی (اور اس کا مال اس کے کام نہ آئے گا۔ جب وہ برباد ہونے لگے گا) جب وہ ہلاک ہوگا تو مال اس کو فائدہ نہ دے گا۔ تَردّی۔ یہ تفعل کا وزن ہے اور الردٰی سے نکلا ہے جس کا معنی ہلاکت ہے۔ تردی فی القبرہ : وہ قبر میں گرے گا یا قعر جہنم میں گرے گا۔
Ayah 92:12

اِنَّ عَلَیْنَا لَلْهُدٰى٘ۖ Open ayah 92:12 in the Quran reader

ہمیں تو راہ دکھا دینا ہے

12 : اِنَّ عَلَیْنَالَلْھُدٰی (واقعی ہمارے ذمہ راستہ کا بتلا دینا ہے) حق کی طرف راہنمائی ہمارے ذمہ ہے کہ ہم اس کے لئے دلائل قائم کردیتے اور دیے ہیں۔ اور شرائع کے ذریعہ وضاحت کردی ہے۔
Ayah 92:13

وَ اِنَّ لَنَا لَلْاٰخِرَةَ وَ الْاُوْلٰى Open ayah 92:13 in the Quran reader

اور آخرت اور دنیا ہماری ہی چیزیں ہیں

13 : وَاِنَّ لَنَالَلْاٰخِرَۃَ وَالْاُوْلٰی (اور ہمارے ہی قبضہ میں آخرت اور دنیا ہے) پس گمراہ ہونے والے کی گمراہی ہمیں نقصان نہ دے گی اور ہدایت پانے والے کی ہدایت سے ہمیں فائدہ نہ ہوگا۔ یا دنیا و آخرت دونوں ہماری ہیں۔ جس نے دونوں کو ہمارے سوا اور سے طلب کیا اس نے غلط راستہ اپنا لیا۔
Ayah 92:14

فَاَنْذَرْتُكُمْ نَارًا تَلَظّٰىۚ Open ayah 92:14 in the Quran reader

سو میں نے تم کو بھڑکتی آگ سے متنبہ کردیا

14 : فَاَنْذَرْتُکُمْ نَارًا تَلَظّٰی (تو میں تم کو ایک بھڑکتی آگ سے ڈرا چکا ہوں) انذرت۔ ڈرانے کے معنی میں اور تلظٰی شعلہ زن۔
Ayah 92:15

لَا یَصْلٰىهَاۤ اِلَّا الْاَشْقَىۙ Open ayah 92:15 in the Quran reader

اس میں وہی داخل ہوگا جو بڑا بدبخت ہے

15 : لَایَصْلٰھَآ اِلَّا الْاَشْقَی (اس میں وہی بدبخت داخل ہوگا) لایصلٰی سے یہاں ہمیشہ رہنے کیلئے داخل ہونا مراد ہے۔
Ayah 92:16

الَّذِیْ كَذَّبَ وَ تَوَلّٰىؕ Open ayah 92:16 in the Quran reader

جس نے جھٹلایا اور منہ پھیرا

16 : الَّذِیْ کَذَّبَ وَتَوَلّٰی (جس نے جھٹلایا اور روگردانی کی) اس سے مراد کافر ہے جس نے رسول کی تکذیب کی اور ایمان سے اعراض کیا۔
Ayah 92:17

وَ سَیُجَنَّبُهَا الْاَتْقَىۙ Open ayah 92:17 in the Quran reader

اور جو بڑا پرہیزگار ہے وہ (اس سے) بچا لیا جائے گا

17 : وَسَیُجَنَّبُھَاالْاَتْقَی (اور اس سے ایسا شخص دور رکھا جائے گا) جو بڑا پرہیز گار ہے یجنب اس سے دور رکھا جائے گا۔ الاتقٰی مؤمن۔
Ayah 92:18

الَّذِیْ یُؤْتِیْ مَالَهٗ یَتَزَكّٰىۚ Open ayah 92:18 in the Quran reader

جو اپنا مال دیتا ہے تاکہ پاک ہو

18 : الَّذِیْ یُؤْتِیْ مَالَہٗ یَتَزَکّٰی (جو اپنامال اس غرض سے دیتا ہے کہ پاک ہوجائے) مال فقراء پر خرچ کرتا ہے۔ یتزکیّٰ یہ الزکاۃ سے ہے وہ اس بات کا طالب ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں اس کے لئے پاکیزگی کا ذریعہ بن جائے وہ مال کو خرچ کرنے سے ریاء و شہرت جیسی چیزوں کا خواہاں نہیں۔ نمبر 2۔ وہ زکوٰۃ ادا کرتا ہے۔ نحو : اگر یوتٰی سے بدل بنائیں تو یتزکٰی کا کوئی محل اعراب نہیں کیونکہ یہ اس صورت میں صلہ کے تحت داخل ہوگا اور صلات کا کوئی محل واعراب نہیں ہوتا۔ نمبر 2۔ اگر یوتیؔ کی ضمیر سے حال بنایا جائے تو پھر یہ محلاً منصوب ہے۔ قولِ ابو عبیدہ : الاشقی یہ شقی کے معنی میں ہے۔ اور وہ کافر ہے۔ اور الاتقٰی بمعنی التقی ہے اور وہ مومن ہے۔ کیونکہ جہنم میں داخلے کے ساتھ مخصوص ہے اشقی الاشقیاء۔ نجات کیلئے اتقی الاتقیاء خاص نہیں۔ اگر تمہارے خیال میں نارؔ کو نکرہ لا کر مخصوص نار کا ارادہ کیا گیا۔ جو الاشقی کے ساتھ مخصوص ہے۔ تو پھر اس ارشاد کا کیا مطلب ہوگا۔ وسیجنبھا الاتقی کیونکہ متقی بھی اس مخصوص آگ سے بچالیا جائے گا الاتقی کا بچنا خاص نہیں۔ پس اتقی سے متقی مراد ہوگا۔ فافہم۔ ایک قول یہ ہے : کہ آیت مشرکین میں سے بڑے مشرکوں اور مؤمنوں میں سے بڑے مؤمنوں کے درمیان موازنہ کررہی ہے۔ اس لئے دونوں کی صفات میں مبالغہ کے صیغے لائے گئے اس لئے اشقی فرما کر اس کو آگ میں داخلے کے ساتھ مختص کردیا۔ گویا خالص آگ اسی کیلئے بنی ہے۔ اور دوسری طرف الاتقیؔ فرمایا اور نجات کو اس کے ساتھ مختص کردیا۔ گویا جنت اسی کیلئے بنی ہے۔ ایک اور قول : الا شقی ابو جہل اور الاتقی ابو بکرؓ۔ ایک استدلال : اس آیت سے مرجئہ کے اس خیال کی تردید ہو رہی ہے کہ آگ میں صرف کافر داخل ہونگے۔
Ayah 92:19

وَ مَا لِاَحَدٍ عِنْدَهٗ مِنْ نِّعْمَةٍ تُجْزٰۤىۙ Open ayah 92:19 in the Quran reader

اور (اس لئے) نہیں (دیتا کہ) اس پر کسی کا احسان (ہے) جس کا وہ بدلا اتارتا ہے

19 : وَمَا لِاَحَدٍ عِنْدَہٗ مِنْ نِّعْمَۃٍ تُجْزٰٓی (اور اس کے ذمہ کسی کا احسان نہ تھا۔ کہ اس کا بدلہ اتارتا ہو)
Ayah 92:20

اِلَّا ابْتِغَآءَ وَجْهِ رَبِّهِ الْاَعْلٰىۚ Open ayah 92:20 in the Quran reader

بلکہ اپنے خداوند اعلی کی رضامندی حاصل کرنے کے لئے دیتا ہے

20 : اِلَّا ابْتِغَآ ئَ وَجْہِ رَبِّہِ الْاَعْلٰی (مگر سوائے اپنے عالی شان پروردگار کی رضاجوئی کے) ای مالاحدٍ عند اللہ نعمۃ یجازیہ بھا الا ان یفعل فعلاً یبتغی بہٖ وجہ ربہٖ فیجازی علیہ۔ یعنی کسی کا اللہ تعالیٰ کے ہاں کوئی احسان نہیں کہ جس کا وہ بدلہ دیتا ہو مگر وہ چاہتا ہے کہ یہ بندہ ایسا فعل کرے جس سے وہ رب کی رضا مندی پالے۔ الْاَعْلٰی : بلند۔ وہ اپنی سلطنت کے اعتبار سے بلند وبالا ہے۔ اپنی برھان و شان میں منزہ ہے۔ اس سے مکان کی بلندی مراد نہیں کیونکہ وہ تو حدوث کی علامت ہے۔ اور اس کی ذات قدیم ہے۔
Ayah 92:21

وَ لَسَوْفَ یَرْضٰى۠ Open ayah 92:21 in the Quran reader

اور وہ عنقریب خوش ہوجائے گا

21 : وَلَسَوْفَ یَرْضٰی (یہ شخص عنقریب خوش ہوجائے گا) اس میں اس ثواب کا وعدہ کیا گیا ہے جو اس کو راضی اور اس کی آنکھوں کو ٹھنڈک بخشے گا اور یہ اس ارشاد الٰہی کی طرح ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی حضرت محمد ﷺ کو فرمایا۔ وَلَسَوْفَ یُعْطِیْکَ رَبُّکَ فَتَرْضٰی ] الضحٰی : 5[