اِقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ وَانْشَقَّ الْقَمَرُ ۟اِقۡتَـرَبَتِ السَّاعَةُ وَانْشَقَّ الۡقَمَرُ
پاس آئی قیامت اور (ف۲) شق ہوگیا چاند (ف۳)
— خزائن العرفان
Tafseer of 54:1
(ف 2) اس کے نزدیک ہونے کی نشانی ظاہر ہوئی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے معجزہ سے ۔
(ف 3) دوپارہ ہو کر شق القمر جس کا اس آیت میں بیان ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے معجزاتِ باہرہ میں سے ہے ، اہلِ مکّہ نے حضور سیّدِ عالَم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے ایک معجزہ کی درخواست کی تھی تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے چاند شق کرکے دکھایا ، چاند کے دو حصّے ہو گئے اور ایک حصّہ دوسرے سے جدا ہو گیا اور فرمایا کہ گواہ رہو ، قریش نے کہا محمّد ( مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم)جادو سے ہماری نظر بند کردی ہے ، اس پر انہیں کی جماعت کے لوگوں نے کہا کہ اگر یہ نظر بندی ہے تو باہر کہیں بھی کسی کو چاند کے دو حصّے نظر نہ آئے ہوں گے ، اب جو قافلے آنے والے ہیں ان کی جستجو رکھو اور مسافروں سے دریافت کرو ، اگر دوسرے مقامات سے بھی چاند شق ہونا دیکھا گیا ہے تو بے شک معجزہ ہے چنانچہ سفر سے آنے والوں سے دریافت کیا ، انہوں نے بیان کیا کہ ہم نے دیکھا کہ اس روز چاند کے دوحصّے ہوگئے تھے ، مشرکین کو انکار کی گنجائش نہ رہی اور وہ جاہلانہ طور پر جادو ہی جادو کہتے رہے ، صحاح کی احادیثِ کثیرہ میں اس معجزۂِ عظیمہ کا بیان ہے اور خبر اس درجۂِ شہرت کو پہنچ گئی ہے کہ اس کا انکار کرنا عقل و انصاف سے دشمنی اور بے دینی ہے ۔