93. Surah Ad-Dhuhaa

الضحىThe Morning Hours · 11 ayahsبیان القرآن

Ayah 93:1

وَ الضُّحٰىۙ Open ayah 93:1 in the Quran reader

قسم ہے دن کی روشنی کی۔

Ayah 93:2

وَ الَّیْلِ اِذَا سَجٰىۙ Open ayah 93:2 in the Quran reader

اور رات کی جب وہ قرار پکڑ لے (ف 10) (آگے جو اب قسم ہے) ۔

ف 10۔ قرار پکڑنے کے دو معنی ہوسکتے ہیں، ایک حقیقی یعنی اس کی ظلمت کا کامل ہوجانا کہ اس کے قبل اس کا تزائد مثل حرکت کے تھا۔ دوسرے مجازی یعنی جانداروں کا اس میں سو جانا اور چلنے پھرنے اور بولنے چالنے کی آوازوں کا ساکن ہوجانا۔
Ayahs 93:3–4

مَا وَدَّعَكَ رَبُّكَ وَ مَا قَلٰىؕ Open ayah 93:3 in the Quran reader

کہ آپ کے پروردگار نے آپ کو چھوڑا اور نہ (آپ سے) دشمنی کی۔ (ف 11)

وَ لَلْاٰخِرَةُ خَیْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰىؕ Open ayah 93:4 in the Quran reader

اور آخرت آپ کے لیے دنیا سے بدرجہا بہتر ہے (پس وہاں آپ کو اس سے اچھی نعمتیں ملیں گی ) ۔

ف 11۔ کیونکہ اولا تو آپ سے کوئی بات ایسی نہیں ہوئی، ثانیا انبیاء (علیہم السلام) کے واسطے یہ امر عادة اللہ میں محال ہے، پس آپ کفار کے خرافات و لغویات سے مخزون نہ ہوجایئے، آپ برابر نعمت وحی سے مشرف رہیں گے۔
Ayah 93:5

وَ لَسَوْفَ یُعْطِیْكَ رَبُّكَ فَتَرْضٰىؕ Open ayah 93:5 in the Quran reader

اور عنقریب اللہ تعالیٰ آپ کو (آخرت میں بکثرت نعمتیں) دے گا سو آپ خوش ہوجاویں گے۔ (ف 1)

ف 1۔ مقسم بہ کو بشارت سے مناسبت یہ ہے کہ وحی کا تتابع وابطاء مشابہ لیل و نہار کے تبدل کے ہے۔
Ayah 93:6

اَلَمْ یَجِدْكَ یَتِیْمًا فَاٰوٰى۪ Open ayah 93:6 in the Quran reader

کیا اللہ تعالیٰ نے آپ کو یتیم نہیں پایا پھر (آپ کو) ٹھکانا دیا۔ (ف 2)

ف 2۔ چناچہ سیر میں ہے کہ آپ شکم مادر میں تھے کہ آپ کے والد کی وفات ہوگئی، اللہ تعالیٰ نے آپ کے دادا اور چچا سے آپ کو پرورش کرایا۔
Ayah 93:7

وَ وَجَدَكَ ضَآلًّا فَهَدٰى۪ Open ayah 93:7 in the Quran reader

اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو (شریعت سے) بیخبر پایا سو (آپ کو شریعت کا) راستہ بتلا دیا۔ (ف 3)

ف 3۔ کقولہ تعالیٰ ما کنت تدری ما الکتاب ولا الایمان اور وحی سے پہلے شریعت کی تفصیل معلوم نہ ہونا کوئی منقصت نہیں۔
Ayahs 93:8–11

وَ وَجَدَكَ عَآئِلًا فَاَغْنٰىؕ Open ayah 93:8 in the Quran reader

اور اللہ تعالیٰ نے آپ کو نادار پایا سو مالدار بنادیا۔ (ف 4)

فَاَمَّا الْیَتِیْمَ فَلَا تَقْهَرْؕ Open ayah 93:9 in the Quran reader

تو آپ (اس کے شکریہ میں) یتیم پر سختی نہ کیجیئے۔

وَ اَمَّا السَّآئِلَ فَلَا تَنْهَرْؕ Open ayah 93:10 in the Quran reader

اور سائل کو مت جھڑکیے (یہ تو شکر فعلی ہے) ۔

وَ اَمَّا بِنِعْمَةِ رَبِّكَ فَحَدِّثْ۠ Open ayah 93:11 in the Quran reader

اور اپنے رب کے انعامات (مذکورہ) کا تذکرہ کرتے رہا کیجیے (یعنی زبان سے قولی شکر بھی کیجیئے) ۔

ف 4۔ اس طرح کہ حضرت خدیجہ ؓ کے مال میں آپ ﷺ مضارب ہوئے اور اس میں نفع ملا، پھر حضرت خدیجہ نے آپ سے نکاح کرلیا اور اپنا تمام مال حاضر کردیا۔