89. Surah Al-Fajr

الفجرThe Dawn · 30 ayahsاحسن التفاسیر

Ayahs 89:1–14

وَ الْفَجْرِۙ Open ayah 89:1 in the Quran reader

فجر کی قسم

وَ لَیَالٍ عَشْرٍۙ Open ayah 89:2 in the Quran reader

اور دس راتوں کی

وَّ الشَّفْعِ وَ الْوَتْرِۙ Open ayah 89:3 in the Quran reader

اور جفت اور طاق کی

وَ الَّیْلِ اِذَا یَسْرِۚ Open ayah 89:4 in the Quran reader

اور رات کی جب جانے لگے

هَلْ فِیْ ذٰلِكَ قَسَمٌ لِّذِیْ حِجْرٍؕ Open ayah 89:5 in the Quran reader

(اور) بیشک یہ چیزیں عقلمندوں کے نزدیک قسم کھانے کے لائق ہیں

اَلَمْ تَرَ كَیْفَ فَعَلَ رَبُّكَ بِعَادٍ۪ۙ Open ayah 89:6 in the Quran reader

(کافروں کو ضرور عذاب ہوگا) کیا تم نے نہیں دیکھا کہ تمہارے پروردگار نے عاد کے ساتھ کیا کیا

اِرَمَ ذَاتِ الْعِمَادِ۪ۙ Open ayah 89:7 in the Quran reader

(جو) ارم (کہلاتے تھے اتنے) دراز قد

الَّتِیْ لَمْ یُخْلَقْ مِثْلُهَا فِی الْبِلَادِ۪ۙ Open ayah 89:8 in the Quran reader

کہ تمام ملک میں ایسے پیدا نہیں ہوئے تھے

وَ ثَمُوْدَ الَّذِیْنَ جَابُوا الصَّخْرَ بِالْوَادِ۪ۙ Open ayah 89:9 in the Quran reader

اور ثمود کے ساتھ (کیا کیا) جو وادی (قری) میں پتھر تراشتے (اور گھر بناتے) تھے

وَ فِرْعَوْنَ ذِی الْاَوْتَادِ۪ۙ Open ayah 89:10 in the Quran reader

اور فرعون کے ساتھ (کیا کیا) جو خیمے اور میخیں رکھتا تھا

الَّذِیْنَ طَغَوْا فِی الْبِلَادِ۪ۙ Open ayah 89:11 in the Quran reader

یہ لوگ ملکوں میں سرکش ہو رہے تھے

فَاَكْثَرُوْا فِیْهَا الْفَسَادَ۪ۙ Open ayah 89:12 in the Quran reader

اور ان میں بہت سی خرابیاں کرتے تھے

فَصَبَّ عَلَیْهِمْ رَبُّكَ سَوْطَ عَذَابٍۚۙ Open ayah 89:13 in the Quran reader

تو تمہارے پروردگار نے ان پر عذاب کا کوڑا نازل کیا

اِنَّ رَبَّكَ لَبِالْمِرْصَادِؕ Open ayah 89:14 in the Quran reader

بیشک تمہارا پروردگار تاک میں ہے

1۔ 14۔ دس راتوں اور طاق اور جفت کی تفسیر اگرچہ سلف نے طرح طرح سے کی ہے لیکن امام المفسرین 2 ؎ حضرت عبد اللہ بن عباس اور ابن زبیر ؓ اور مجاہد اور اکثر سلف کا قول یہی ہے کہ دس راتوں سے مراد ماہ ذی الحجہ کی اول کی دس راتیں ہیں یہی قول زیادہ صحیح معلوم ہوتا ہے کیونکہ مسند 3 ؎ امام احمد نسائی و مستدرک حاکم بیہقی وغیرہ میں حضرت جابر ؓ کی مرفوع روایت میں یہی تفسیر آچکی ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا ان دس راتوں سے مراد شروع ذی الحجہ کی دس راتیں ہیں۔ حاکم نے اس روایت کو صحیح قرار دیا ہے اور طاق اور جفت کی تفسیر میں یہ قول صحیح معلوم ہوتا ہے کہ طاق اور جفت سے مراد طاق اور جفت نمازیں ہیں جیسے مغرب اور عشاء ‘ کیونکہ مسند امام احمد ترمذی 5 ؎ ابو داؤود اور مستدرک حاکم وغیرہ میں مرفوع اور موقوف روایتوں میں یہی تفسیر آچکی ہے۔ بعض مفسروں نے یہ جو اعتراض کیا ہے کہ اس روایت کی سند میں ایک راوی مبہم ہے اس کا جواب حافظ 1 ؎ ابن کثیر نے دے دیا ہے کہ وہ راوی عمران بن عصام ضبعی ہے۔ چناچہ ابن ابی حاتم نے اپنی تفسیر کی سند میں اس کی صراحت کردی ہے اور اس عمران بن عصام کو ابن 2 ؎ حبان نے ثقہ راویوں میں شمار کیا ہے اور قتادہ ؓ نے ان عمران کو اپنا استاد قرار دیا ہے بعض مفسروں نے اس سورة کی تفسیر میں شہر ارم کا جو قصہ لکھا ہے اور یہ بھی لکھا ہے کہ معاویہ کے زمانہ میں عبد اللہ بن قلابہ ایک شخص نے اس شہر کو جا کر دیکھا ہے۔ اس قصہ کی سند صحیح نہیں ہے اور معتبر مفسرین نے اس قصہ کو نامعتبر ٹھہرایا ہے۔ 3 ؎ صحیح تفسیر یہی ہے کہ عاد بن ارم عاد اولیٰ حضرت ہود کی امت کا نام ہے۔ غرض ارم قبیلہ کا نام ہے کسی شہر کا نام نہیں ہے عاد اولیٰ اسی قبیل ارم کو کہتے ہیں اور عاد ثانی ثمود کو اور یہ دونوں ارم کی طرف نسبت کئے جاتے ہیں واللیل اذا یسر کا یہ مطلب ہے کہ جب کچھ رات آجائے۔ حجر کے معنی عقل کے ہیں ذات العماد سے مراد دراز قد ہے کیونکہ ان میں ہر شخص بارہ گز کے قد کا ہوتا تھا۔ ابی بن کعب کی قرأت میں لم یخلق مثلھم فی البلاد ہے اس کے موافق لم یخلق مثلھا فی البلاد کے معنی یہ ہیں کہ قبیلہ ارم کے مانند کوئی قبیلہ قوت اور زور میں پیدا نہیں ہوا۔ یا عماد کے معنی ان ستونوں اور مناروں کے ہیں جو یہ لوگ بلند مقاموں پر اپنے نام کے لئے بناتے تھے اس صورت میں لم یخلق مثلھا فی البلاد کے معنی یہ ہوں گے کہ اس قبیلہ جیسے مضبوط ستون اور منارے کسی شہر میں کسی قوم نے نہیں بنائے۔ ثمود حضرت صالح کی قوم کا نام ہے یہ لوگ سنگ تراشی کے بڑے ماہر تھے پتھروں کو تراش تراش کے انہوں نے بہت سی عمارتیں بنائیں۔ وادی سے مراد وادی القریٰ ہے جو ملک شام کی طرف ہے فرعون بڑا صاحب لشکر تھا خیموں کی میخیں کثرت سے اس کے لشکر کے ساتھ رہتی تھیں اس لئے اس کو میخوں والا فرمایا سخت آندھی سے عاد اور سخت آواز سے ثمود کو اللہ تعالیٰ نے غارت کیا اور فرعون مع اپنے لشکر کے ڈوب کر مرا۔ ان عذابوں کو کوڑا اس لئے فرمایا کہ گویا بہ نسبت عذاب آخرت کے یہ عذاب ایسے ہیں کہ جس طرح کسی کو چند کوڑے مار دے اوپر کی قسموں کے بعد جو کچھ فرمایا اس کا حاصل مطلب یہ ہے کہ ہر ایک کا عمل اللہ کی نگاہ میں ہے جس طرح ان پچھلی قوموں کی سرکشی ان آگے آئی۔ قریش اگر اپنی کرتوتوں سے باز نہ آئے تو ایک دن یہی نتیجہ ان کے آگے آنے والا ہے اور قریش کے صاحب عقل لوگوں کے لئے یہ فہمایش ایسی یقینی ہونی چاہئے کہ اس سے بڑھ کر کوئی یقینی بات ہو نہیں سکتی کیونکہ اللہ نے اس مطلب کو قسم کھا کر فرمایا ہے۔ اللہ سچا ہے اللہ کا وعدہ سچا ہے بدر کی لڑائی سے لے کر فتح مکہ تک قریش کے نافرمان لوگوں کے سامنے جو آیا وہ ظاہر ہے۔ 2 ؎ تفسیر ابن کثیر ص 505 ج 4 3 ؎ تفسیر ابن کثیر ص 505 ج 4‘ تفسیر الدر المنثور ص 345 ج 6 4 ؎ تفسیر الدر المنثور ص 345 ج 6 5 ؎ جامع ترمذی۔ تفسیر سورة الفجر ص 192 ج 2۔ 1 ؎ تفسیر ابن کثیر ص 506 ج۔ 2 ؎ ایضاً 3 ؎ تفسیر ابن کثیر ص 508 ج 4۔
Ayahs 89:15–20

فَاَمَّا الْاِنْسَانُ اِذَا مَا ابْتَلٰىهُ رَبُّهٗ فَاَكْرَمَهٗ وَ نَعَّمَهٗ١ۙ۬ فَیَقُوْلُ رَبِّیْۤ اَكْرَمَنِؕ Open ayah 89:15 in the Quran reader

مگر انسان (عجیب مخلوق ہے کہ) جب اس کا پروردگار اس کو آزماتا ہے کہ اسے عزت دیتا اور نعمت بخشتا ہے تو کہتا ہے کہ (آہا) میرے پروردگار نے مجھے عزت بخشی

وَ اَمَّاۤ اِذَا مَا ابْتَلٰىهُ فَقَدَرَ عَلَیْهِ رِزْقَهٗ١ۙ۬ فَیَقُوْلُ رَبِّیْۤ اَهَانَنِۚ Open ayah 89:16 in the Quran reader

اور جب (دوسری طر ح) آزماتا ہے کہ اس پر روزی تنگ کردیتا ہے تو کہتا ہے کہ (ہائے) میرے پروردگار نے مجھے ذلیل کیا

كَلَّا بَلْ لَّا تُكْرِمُوْنَ الْیَتِیْمَۙ Open ayah 89:17 in the Quran reader

نہیں بلکہ تم لوگ یتیم کی خاطر نہیں کرتے

وَ لَا تَحٰٓضُّوْنَ عَلٰى طَعَامِ الْمِسْكِیْنِۙ Open ayah 89:18 in the Quran reader

اور نہ مسکین کو کھانا کھلانے کی ترغیب دیتے ہو

وَ تَاْكُلُوْنَ التُّرَاثَ اَكْلًا لَّمًّاۙ Open ayah 89:19 in the Quran reader

اور میراث کے مال کو سمیٹ کر کھا جاتے ہو

وَّ تُحِبُّوْنَ الْمَالَ حُبًّا جَمًّاؕ Open ayah 89:20 in the Quran reader

اور مال کو بہت ہی عزیز رکھتے ہو

15۔ 20۔ اوپر کی آیتوں میں قریش کی طرح طرح کی سرکشی کے سبب سے عاد وثمود فرعون کی ہلاکت کا قصہ ان کے راہ راست پر آنے کے لئے ذکر فرمایا تھا ان آیتوں میں ارشاد ہے کہ ان لوگوں کو قیامت کا انکار ہے اس لئے عقبیٰ کی بھلائی برائی کو تو یہ لوگ سمجھتے ہی نہیں فقط دنیا کی زیست پر ان کے سب کاموں کا مدار ہے جس کے سبب سے ان کا یہ خیال ہے کہ دنیا میں جو کوئی آسودہ حال ہے اس پر خدا مہربان ہے اور اس کی عزت خدا کو منظور ہے اور جو کوئی دنیا میں تنگ حال ہے اس سے خدا ناخوش ہے اور اس کی ذلت خدا کو منظور ہے۔ پھر فرمایا کہ اللہ کے نزدیک بات یوں نہیں جیسے ان خیال ہے یہ اس لئے فرمایا کہ ابھی فرعون کا قصہ جو ان کو سنایا۔ مثلاً اس میں فرعون کی آسودہ حالی کو اور اس پر جو عتاب الٰہی ہوا اس کو یہ لوگ یاد کریں تو ان کو معلوم ہوجائے گا کہ دنیا کی آسودہ حالی خدا کے نزدیک کچھ ایسی قدر کی چیز نہیں ہے جس پر وہ مہربان ہو اسی کو آسودہ حالی دے بلکہ آسودہ حالی اور تنگ حالی یہ خدا کی ایک مصلحت ہے جس کا حال اسی کو معلوم ہے۔ اوپر گزر چکا ہے کہ قریش میں یہ بھی ایک دستور تھا کہ وہ مردہ کے مال میں سے یتیم نو عمر لڑکوں اور عورتوں کو کچھ حصہ نہیں دیتے تھے اسی واسطے آسودہ حالی اور تنگ حالی کے تذکرہ میں یہ بھی قریش کی مذمت فرمائی کہ یہ لوگ دنیا کی آسودہ حالی کو ایسا عزیز جانتے ہیں کہ یتیموں کا حق مار کر مردہ کا سب مال دبا رکھنے کا دستور اور محتاج کو ایک ٹکڑا روٹی کا نہ دینے کا دستور انہوں نے نکال رکھا ہے غرض قریش کے اس غلط خیال کے جواب کا حاصل یہ ہے کہ دنیا کی آسودہ حالی تو کچھ خدا کی مہربانی کا سبب نہیں بلکہ دنیا کے آسودہ حال لوگوں کا اس طرح کا برتاؤ جیسا کہ تم لوگوں کا ہے اور الٹا خدا کی خفگی کا سبب ہے۔
Ayahs 89:21–30

كَلَّاۤ اِذَا دُكَّتِ الْاَرْضُ دَكًّا دَكًّاۙ Open ayah 89:21 in the Quran reader

تو آج زمین کی بلندی کوٹ کوٹ کر پشت کردی جائے گی

وَّ جَآءَ رَبُّكَ وَ الْمَلَكُ صَفًّا صَفًّاۚ Open ayah 89:22 in the Quran reader

اور تمہارا پروردگار (جلو فرما ہوگا) اور فرشتے قطار باندھ کر آموجود ہوں گے

وَ جِایْٓءَ یَوْمَئِذٍۭ بِجَهَنَّمَ١ۙ۬ یَوْمَئِذٍ یَّتَذَكَّرُ الْاِنْسَانُ وَ اَنّٰى لَهُ الذِّكْرٰىؕ Open ayah 89:23 in the Quran reader

اور دوزخ اس دن حاضر کی جائے گی تو انسان اس دن متنبہ ہوگا مگر تنبہ (سے) اسے فائدہ کہاں (مل سکے گا)

یَقُوْلُ یٰلَیْتَنِیْ قَدَّمْتُ لِحَیَاتِیْۚ Open ayah 89:24 in the Quran reader

کہے گا کاش میں نے اپنی (جادوانی کے لیے) کچھ بھیجا ہوتا

فَیَوْمَئِذٍ لَّا یُعَذِّبُ عَذَابَهٗۤ اَحَدٌۙ Open ayah 89:25 in the Quran reader

تو اس دن نہ کوئی خدا کے عذاب کی طرح کا (کسی کو) عذاب دے گا

وَّ لَا یُوْثِقُ وَ ثَاقَهٗۤ اَحَدٌؕ Open ayah 89:26 in the Quran reader

اور نہ کوئی ویسا جکڑے گا

یٰۤاَیَّتُهَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّةُۗۖ Open ayah 89:27 in the Quran reader

اے اطمینان پانے والی روح !

ارْجِعِیْۤ اِلٰى رَبِّكِ رَاضِیَةً مَّرْضِیَّةًۚ Open ayah 89:28 in the Quran reader

اپنے پروردگار کی طرف لوٹ چل تو اس سے راضی وہ تجھ سے راضی

فَادْخُلِیْ فِیْ عِبٰدِیْۙ Open ayah 89:29 in the Quran reader

تو میرے (ممتاز) بندوں میں داخل ہوجا

وَ ادْخُلِیْ جَنَّتِیْ۠ Open ayah 89:30 in the Quran reader

اور میری بہشت میں داخل ہوجا

21۔ 30۔ قیامت کے انکار کے سبب سے قریش طرح طرح کی نافرمانی جو کرتے تھے اس کے انجام سے ڈرانے کے لئے اوپر کی آیتوں میں ان کو عاد ثمود اور فرعون کی ہلاکت اور تباہی کا قصہ سنایا گیا تھا اس کے بعد ان آیتوں میں قیامت کا ذکر فرمایا کہ نافرمان لوگوں کو معلوم ہوجائے کہ اگر کوئی نافرمان دنیا کے عذاب سے بچ بھی جائے تو اس کو یہ نہ سمجھنا چاہئے کہ وہ بچ گیا کیونکہ اصل سزا و جزا کی جگہ دنیا نہیں اصل جزا و سزا کے لئے دنیا کے ختم کے بعد قیامت کا دن ہے جس میں وہ فیصلہ کیا جائے گا جس کا آگے ذکر ہے۔ زمین کا جو حال ان آیتوں میں ہے وہ دوسرے صور کے وقت کا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اس نئی زمین میں کوئی بلندی کی چیز نہ ہوگی بلکہ پہاڑوں ٹیلوں اور عمارات ان سب بلندی کی چیزوں کو کوٹ کر پست کردیا جائے گا جس سے کل زمین پست ہوجائے گی اور اس سرے سے اس سرے تک ایک میدان نکل آئے گا۔ محشر کے طرح طرح کے انتظام کے لئے فرشتوں کے زمین پر اترنے کا ذکر اوپر گزر چکا ہے۔ ان آیتوں میں اللہ تعالیٰ کے زمین پر نزول فرمانے کا جو ذکر ہے اس کا اور صحاح کی حضرت 1 ؎ ابوہریرہ ؓ کی حدیث کا مضمون ایک ہی ہے۔ فرق اتنا ہی ہے کہ اس حدیث سے پچھلی رات کے وقت ہر شب کو اللہ تعالیٰ کا اول آسمان پر نزول اور حاجت مندوں کی دعا اور گناہ گاروں کی توبہ قبول کرنا ثابت ہوتا ہے اور یہاں کے حساب و کتاب کے لئے میدان محشر میں اللہ تعالیٰ کا نزول فرمانا ثابت ہوتا ہے 2 ؎۔ جس وقت تمام دنیا کے لوگ میدان محشر کی گرمی اور پسینے سے گھبرائیں گے اور حضرت آدم (علیہ السلام) سے لے کر حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) تک سب انبیاء کے پاس حساب کتاب کی جلدی شروع ہوجانے کی شفاعت بارگاہ الٰہی میں پیش کرنے کی خواہش ان انبیاء سے کریں گے اور سب انبیاء اس شفاعت سے انکار کریں گے۔ آخر خاتم النبین حضرت محمد ﷺ اس شفاعت کا اقرار اہل محشر سے کریں گے اور اپنے اس اقرار کے موافق بارگاہ الٰہی میں شفاعت بھی فرمائیں گے آپ کی شفاعت قبول ہو کر اس وقت خلائق کے حساب و کتاب کے لئے اللہ تعالیٰ کا میدان محشر کا یہ نزول ظہور میں آئے گا۔ جس کا یہاں اور سورة بقر میں اور آیتوں اور حدیثوں اور آثار صحابہ میں تفصیل سے ذکر آیا ہے اور سورة آل عمران میں ایات متشابھات کی بحث جو گزری ہے اس میں یہ باان ہوچکا ہے کہ سلف کا مذہب اس طرح کی آیتوں اور حدیثوں کے باب میں یہی ہے کہ بغیر تشبیہ کے ان کے معنوں پر مسلمان آدمی کو ایمان لانا اور ان معنی کی کیفیت کو اللہ تعالیٰ کے علم پر سونپنا چاہئے اور اسی طرح کی آیتوں اور حدیثوں کے معنی میں تاویل کرنے کو ایک امر خلاف سلف خیال کرنا چاہئے میدان محشر میں دوزخ کے لائے جانے کا ذکر اوپر گزر چکا ہے اور یہ بھی گزر چکا ہے کہ اس وقت انسان اپنے کئے پر پچھتائے گا لیکن اس وقت کا پچھتانا اس کو کچھ فائدہ نہ دے گا اس وقت تو اسی قدر فیصلہ ہوجائے گا کہ جو لوگ عقبیٰ کی باتوں پر یقین اور اطمینان رکھتے تھے جس یقین اور اطمینان کے سبب سے انہوں نے جہاں تک ہوسکا اپنی عقبیٰ سنواری ان کو جنت اور جو ان کے برخلاف تھے ان کو دوزخ کا حکم ہوجائے گا۔ حضرت عبداللہ بن عباس 1 ؎ اور سلف نے نفس مطمئنۃ کی تفسیر میں لکھا ہے جس شخص کے دل میں ایمان اور آخرت کی باتیں منافقوں کی طرح اوپری نہ ہوں بلکہ خوب جمی ہوئی ہوں اور آخرت کی ہر ایک بات پر اس کو پورا یقین ہو ایسے ہی نفس کو مطمئنہ کہتے ہیں طبرانی 2 ؎ وغیرہ میں سعید بن جبیر اور عکرمہ سے جو روایتیں ہیں ان کا حاصل یہ ہے کہ حضرت عبد اللہ بن عباس کا طائف میں انتقال ہوا اور لوگ ان کو دفن کرنے کے لئے لے گئے تو ایک نئی صورت کا جانور آ کر حضرت عبد اللہ بن عباس کی لاش میں سما گیا اور جب انکی لاش پر لوگ مٹی ڈالنے لگے تو قبر کے اندر سے اس آیت کے پڑھنے کی آواز آئی اوپر گزر چکا ہے کہ اچھے لوگوں کو قبض روح اور دفن اور قبر سے اٹھنے کے وقت اور قیامت کے دن فرشتے نجات کی خوش خبری دیں گے اس لئے یہ خوش خبری کا فرشتہ تھا جو جانور کی صورت میں لوگوں کو نظر آیا۔