52. Surah At-Tur

الطورThe Mount · 49 ayahsاحسن التفاسیر

Ayahs 52:35–43

اَمْ خُلِقُوْا مِنْ غَیْرِ شَیْءٍ اَمْ هُمُ الْخٰلِقُوْنَؕ Open ayah 52:35 in the Quran reader

کیا یہ کسی کے پیدا کئے بغیر ہی پیدا ہوگئے ہیں یا یہ خود (اپنے تئیں) پیدا کرنے والے ہیں

اَمْ خَلَقُوا السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضَ١ۚ بَلْ لَّا یُوْقِنُوْنَؕ Open ayah 52:36 in the Quran reader

یا انہوں نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے (نہیں) بلکہ یہ یقین نہیں رکھتے

اَمْ عِنْدَهُمْ خَزَآئِنُ رَبِّكَ اَمْ هُمُ الْمُصَۜیْطِرُوْنَؕ Open ayah 52:37 in the Quran reader

کیا ان کے پاس تمہارے پروردگار کے خزانے ہیں یا یہ (کہیں کے) داروغہ ہیں

اَمْ لَهُمْ سُلَّمٌ یَّسْتَمِعُوْنَ فِیْهِ١ۚ فَلْیَاْتِ مُسْتَمِعُهُمْ بِسُلْطٰنٍ مُّبِیْنٍؕ Open ayah 52:38 in the Quran reader

یا ان کے پاس کوئی سیڑھی ہے، جس پر (چڑھ کر آسمان سے باتیں) سن آتے ہیں ؟ تو جو سن آتا ہے وہ صریح سند دکھائے

اَمْ لَهُ الْبَنٰتُ وَ لَكُمُ الْبَنُوْنَؕ Open ayah 52:39 in the Quran reader

کیا خدا کی تو بیٹیاں اور تمہارے بیٹے ؟

اَمْ تَسْئَلُهُمْ اَجْرًا فَهُمْ مِّنْ مَّغْرَمٍ مُّثْقَلُوْنَؕ Open ayah 52:40 in the Quran reader

(اے پیغمبر ﷺ ! ) کیا تم ان سے صلہ مانگتے ہو کہ ان پر تاوان کا بوجھ پڑ رہا ہے ؟

اَمْ عِنْدَهُمُ الْغَیْبُ فَهُمْ یَكْتُبُوْنَؕ Open ayah 52:41 in the Quran reader

یا ان کے پاس غیب (کا علم) ہے کہ وہ اسے لکھ لیتے ہیں ؟

اَمْ یُرِیْدُوْنَ كَیْدًا١ؕ فَالَّذِیْنَ كَفَرُوْا هُمُ الْمَكِیْدُوْنَؕ Open ayah 52:42 in the Quran reader

کیا یہ کوئی داؤ کرنا چاہتے ہیں ؟ تو کافر تو خود داؤ میں آنے والے ہیں

اَمْ لَهُمْ اِلٰهٌ غَیْرُ اللّٰهِ١ؕ سُبْحٰنَ اللّٰهِ عَمَّا یُشْرِكُوْنَ Open ayah 52:43 in the Quran reader

کیا خدا کے سوا ان کا کوئی اور معبود ہے ؟ خدا ان کے شریک بنانے سے پاک ہے

35۔ 43۔ قد افلح المومنون میں گزر چکا ہے کہ مشرک لوگ اللہ کے خالق اور رزاق ہونے کے قائل تھے صرف اللہ کی توحید میں ان لوگوں نے فتور ڈال رکھا تھا۔ اس لئے اللہ کے خالق اور رازق ہونے میں جتنی آیتیں قرآن شریف میں ہیں سب استفسار کے طور پر ہیں۔ مثلاً ھل من خالق غیر اللہ وغیرہ۔ یہ استفسار ایسی جگہ پر ہوتا ہے جہاں کسی واقف کار آدمی سے اس کے قائل کرنے کے لئے پوچھا جائے کہ کیا تم کو معلوم نہیں کہ یہ بات یوں ہے۔ ان آیتوں میں اسی لئے فرمایا کہ یہ لوگ اگرچہ اللہ کے خالق و رازق ہونے کے قائل ہیں مگر جب اللہ کے حکم کو نہیں مانتے تو ان کی سرکشی تو یہ جتلاتی ہے کہ یا تو یہ لوگ بغیر کسی پیدا کرنے والے کے خود بخود پیدا ہوگئے ہیں یا انہوں نے اپنے آپ کو خود پیدا کرلیا ہے۔ یہ لوگ دنیا میں بڑے عقل مند کہلاتے ہیں۔ ان کو یہ سمجھنا چاہئے کہ کوئی کام بغیر کسی کام کے کرنے والے کے نہیں ہوسکتا۔ پھر یہ خودبخود کیونکر پیدا ہوگئے۔ اسی طرح پیدا ہونے سے پہلے یہ لوگ بالکل معدوم تھے پھر معدوم شخص اپنے آپ کو کیونکر موجود کرسکتا ہے جب یہ دونوں باتیں عقل کے خلاف ہیں اور اللہ کے خالق رازق ہونے کے یہ لوگ قائل ہیں تو اللہ کے رسول ﷺ بھی تو یہی نصیحت کرتے ہیں کہ جو تمہارا خالق و رازق ہے اس کی عبادت میں کسی دوسرے کو شریک نہ کرو۔ پھر فرمایا اللہ کے خالق و رازق ہونے کی شہادت میں تو آسمان و زمیان ان لوگوں کی آنکھوں کے سامنے موجود ہیں انہوں نے یا ان کے جھوٹے معبودوں نے کوئی آسمان و زمین پیدا کیا ہو تو لائیں دکھلائی۔ اصل یہ ہے کہ ان کے جی میں عقبیٰ کا یقین نہیں ہے ورنہ اپنی عاقبت یہ ایسی خراب نہ کرتے۔ پھر فرمایا اللہ کے رسول کی بددعا سے ان پر رزق کی تنگی ہوئی اور سخت قحط پڑا وہ تو ان کو معلوم ہے ان کے یا ان کے جھوٹے معبودوں کے اختیار میں اللہ تعالیٰ کے خزانے تھے یا اللہ تعالیٰ کے انتظام کی داروغائی ان کو یا ان کے جھوٹے معبودوں کو تھی تو پھر انہوں نے اس قحط کو کیوں نہیں رفع کیا۔ جب ان کے جھوٹے معبودوں سے اتنا بھی نہ ہوسکا تو پھر ان کو اللہ کے شریک ٹھہرانے کا کیا حق ہے۔ صحیحین 1 ؎ میں عبد اللہ بن مسعود کی روایت سے اس قحط کے قصہ کا ذکر آیا ہے پھر فرمایا جس شرک کو انہوں نے حق اور ملت ابراہیمی ٹھہرا رکھا ہے اللہ نے جو اپنے رسول سے وحی بھیجی ہے اس میں تو اس کی جابجا مذمت ہے پھر ان کے پاس کوئی آسمان تک سیڑھی ہے جس سے آسمان پر چڑھ کر انہوں نے یہ جان لیا کہ جس طریقہ پر یہ لوگ ہیں وہ حق ہے اگر ایسا ہے تو اس کو ثابت کیا جائے ورنہ اللہ کے رسول کی نصیحت کو مان کر شرک کو چھوڑا جائے۔ پھر فرمایا ان لوگوں کو اپنی عقل پر یہاں تک بھروسہ ہے کہ اپنی عقلی باتوں سے آسمانی وحی کے مقابلہ کو مستعد ہیں۔ کیا عقل مند ایسے ہی ہوتے ہیں کہ اپنی اولاد میں جب بیٹی ہو تو اس کو برا سمجھتے ہیں اور اللہ کے فرشتوں کو یہ لوگ اللہ کی بیٹیاں کہتے ہیں پھر فرمایا کہ کیا اللہ کے رسول اللہ کا حکم سنانے پر ان لوگوں سے کچھ اجرت مانگتے ہیں کہ اس چٹی کے بوجھ سے یہ لوگ اللہ کا حکم سننے سے بھاگتے ہیں۔ پھر فرمایا کیا ان کے پاس لوح محفوظ ہے کہ اس میں سے اللہ کی مرضی کی باتیں یہ لکھ لیتے ہیں اور ان کو اپنا دین ٹھہراتے ہیں اور وحی آسمانی کے ذریعہ سے اللہ تعالیٰ کے رسول پر جو دین کی باتیں اترتی ہیں ان کو نہیں مانتے پھر فرمایا کہ یہ لوگ جو اللہ کے رسول کی وفات کے منتظر ہیں تو کیا اللہ کے رسول کے ساتھ کوئی ایسا فریب کرنے والے ہیں جس سے اللہ کے رسول کو کچھ ضرر پہنچے گا۔ اگر ایسا کریں گے تو یہ بات ان لوگوں کو یاد رہے کہ ان کا وہ فریب ان پر ہی الٹ پڑے گا اللہ کے رسول کو کچھ ضرر اس سے نہ پہنچے گا یہ آیت قرآن شریف کے کلام الٰہی اور آنحضرت ﷺ کے رسول ہونے کی دلیل ہے کیونکہ یہ سورة انفال میں گزر چکا ہے کہ قریش نے دارالندوہ میں جمع ہو کر آنحضرت ﷺ پر تلواروں سے وار کرنے کا فریب جو سوچا تھا وہ عین ہجرت کی رات کا مشورہ تھا۔ اور یہ آیت ہجرت سے پہلے کی مکی ہے۔ ہجرت کی رات کے بعد جو حصہ قرآن شریف کا نازل ہوا وہ مکی نہیں کہلاتا غرض ہجرت کی رات جو کچھ ہونے والا تھا اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کو اس کی خبر اس مکی آیت میں پہلے سے ہی دی ہے جو ایک معجزہ ہے۔ سورة انفال میں یہ بھی گزر چکا ہے کہ قریش کے جتنے آدمی اس دارالندوہ کے مشورہ میں شریک تھے بدر کی لڑائی میں وہ سب مارے گئے اور اللہ تعالیٰ نے اس آیت میں جو فرمایا تھا کہ اللہ کے رسول کے مخالفوں کا فریب ان پر ہی الٹ پڑے گا۔ آخر کو ویسا ہی ہوا کہ بجائے اس کے کہ وہ مخالف لوگ اللہ کے رسول پر تلواروں کا حملہ کرتے خود ان ہی مخالفوں پر تلواروں کا حملہ ہو کر وہ سیدھے جہنم کو چلے گئے۔ پھر فرمایا کیا اللہ کے سوا ان لوگوں کا کوئی جھوٹا معبود ایسا ہے کہ قیامت کے دن اللہ کے عذاب سے ان لوگوں کو چھڑائے پھر اخیر کو فرمایا اللہ کی شان ان سب شرک کی باتوں سے بالاتر ہے اور مشرک لوگ اپنی ان شرک کی باتوں کا خمیازہ ایک دن بھگتنے والے ہیں۔ صحیح 1 ؎ بخاری مسلم کی انس بن مالک کی حدیث اوپرگزر چکی ہے جس حاصل یہ ہے کہ جس دوزخی پر کم سے کم دوزخ کا عذاب ہوگا اس سے اللہ تعالیٰ پوچھے گا کہ اے شخص تیرے پاس ساری دنیا ہو تو اس کے بدلے میں دے کر اس عذاب سے نجات چاہے گا وہ کہے گا کہ ہاں اللہ تعالیٰ فرمائے گا اے بدنصیب تجھ سے تو دنیا میں یہ ایک چھوٹی سی بات چاہی گئی تھی کہ تو شرک نہ کیجئومگر تو نے نہ مانا اب اللہ کا وعدہ ہے کہ مشرک کی نجات نہیں ہوسکتی یہ حدیث اور اس قسم کی اور حدیثیں آیت کے اس ٹکڑے کی تفسیر ہیں کہ مشرک کو اللہ کے عذاب سے کوئی چیز نہیں چھڑا سکتی۔
Ayahs 52:44–47

وَ اِنْ یَّرَوْا كِسْفًا مِّنَ السَّمَآءِ سَاقِطًا یَّقُوْلُوْا سَحَابٌ مَّرْكُوْمٌ Open ayah 52:44 in the Quran reader

اور اگر یہ آسمان سے (عذاب) کا کوئی ٹکڑا گرتا ہوا دیکھیں تو کہیں کہ یہ گاڑھا بادل ہے

فَذَرْهُمْ حَتّٰى یُلٰقُوْا یَوْمَهُمُ الَّذِیْ فِیْهِ یُصْعَقُوْنَۙ Open ayah 52:45 in the Quran reader

پس ان کو چھوڑ دو یہاں تک کہ وہ روز جس میں وہ بیہوش کر دئیے جائیں گے سامنے آجائے

یَوْمَ لَا یُغْنِیْ عَنْهُمْ كَیْدُهُمْ شَیْئًا وَّ لَا هُمْ یُنْصَرُوْنَؕ Open ayah 52:46 in the Quran reader

جس دن ان کا کوئی داؤ کچھ بھی کام نہ آئے اور نہ ان کو (کہیں سے) مدد ہی ملے

وَ اِنَّ لِلَّذِیْنَ ظَلَمُوْا عَذَابًا دُوْنَ ذٰلِكَ وَ لٰكِنَّ اَكْثَرَهُمْ لَا یَعْلَمُوْنَ Open ayah 52:47 in the Quran reader

اور ظالموں کے لئے اس کے سوا اور عذاب بھی ہے لیکن ان میں کے اکثر نہیں جانتے

44۔ 47۔ سورة انفال میں گزر چکا ہے کہ ابوجہل نے کہا تھا کہ اگر قرآن اور یہ دین سچا ہے تو اللہ ہم پر آسمان سے پتھروں کا مینہ برسائے یا کوئی اور عذاب بھیج دے تاکہ اس دین کا سچا پن ہم کو معلوم ہوجائے اور سورة بنی اسرائیل میں گزر چکا ہے کہ قریش میں کے چند آدمیوں نے کہا تھا کہ عذاب کے طور پر آسمان کا کوئی ٹکڑا بھی ہم پر گر پڑے تو بھی اس قرآن پر ایمان نہ لائیں گے غرض قریش کی ایسی ایسی باتوں کا اللہ تعالیٰ نے یہ جواب دیا ہے کہ ان لوگوں کی ڈھٹائی اب یہاں تک بڑھ گئی ہے کہ قوم عاد یا قوم شعیب کی طرح آسمان پر کوئی عذاب کا بادل کا ٹکڑا بھی ان کو نظر آئے گا تو جب بھی انہیں عذاب کا یقین نہ آئے گا اور اس عذاب کے بادل کو جس طرح قوم عاد نے معمولی بادل بتایا تھا ویسا ہی یہ کہیں گے پھر فرمایا کہ جب ان لوگوں کی سرکشی اس درجے کو پہنچ گئی ہے تو ان کو ان کے حال پر چھوڑ دینا چاہئے۔ سمجھانے اور نصیحت کرنے کا موقع اب باقی نہیں رہا وقت مقررہ آنے کی دیر ہے پھر ان کو ان کی سرکشی کی سزا مل جائے گی دنیا میں کچھ عذاب ان پر آئے گا اور پھر ہمیشہ ہمیشہ عذاب آخرت میں گرفتار رہیں گے اللہ کا وعدہ سچا ہے دنیا کا عذاب بدر کی لڑائی میں آیا کہ ستر آدمی بڑے بڑے سرکش قریش کی بڑی ذلت اور خواری سے اس لڑائی میں مارے گئے اور ستر قید ہوئے اور ہر ایک شخص کی آنکھیں تو اس قابل نہیں ہیں کہ وہ دنیا کی آنکھوں سے عذاب آخرت کو دنیا میں دیکھ سکے مگر اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو ان سرکشوں کے عذاب آخرت کا حال بھی دنیا میں دکھلا دیا۔ اسی واسطے آپ نے ان سرکشوں کی لاشوں پر کھڑے ہو کر فرمایا کہ اب تو تم لوگوں نے اللہ کا وعدہ سچا پا لیا۔ چناچہ مسند امام احمد صحیح بخاری 1 ؎ و مسلم میں انس بن مالک کی روایت میں اس قصہ کا ذکر ہے پھر اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کی تسلی فرمائی کہ اگر ان لوگوں کی یہی سرکشی باقی رہی تو عذاب آخرت سے پہلے ان پر کوئی دنیا کا عذاب آجائے گا وقت مقررہ تک حکم الٰہی کا انتظار اور اس وقت تک صبر کرنا چاہئے بدر کی لڑائی کے وقت اس وعدہ کا ظہورہوا۔ آنحضرت ﷺ کو پہلے سے اللہ تعالیٰ نے جتلا دیا تھا کہ اس بدر کی لڑائی میں قریش پر آفت آئی گی۔ چناچہ صحیح 2 ؎ مسلم میں انس بن مالک حدیث ہے جس میں آنحضرت ﷺ نے جگہ بتا دی تھی کہ یہاں ابوجہل کی لاش پڑی ہوگی اور یہاں فلاں شخص کی۔ تو ہماری آنکھوں کے سامنے ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ اے رسول اللہ کے ان مخالفوں سے تمہاری جان کی حفاظت ہمارے ذمہ ہے۔ یہاں مکی سورة میں تو مختصر طور پر فرمایا پھر مدنی سورة سورة مائدہ میں صراحت سے فرمایا : واللہ یعصمک من الناس۔ اس آیت کے نازل ہونے کے بعد آپ نے فرما دیا تھا کہ میری جان کی حفاظت اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہے۔ حضرت عائشہ ؓ کی ترمذی 3 ؎ اور مستدرک حاکم کی روایت میں اس کا ذکر ہے اگرچہ ترمذی نے اس کو غریب کہا ہے مگر حاکم نے اس کو صحیح کہا ہے۔ ( (2 ؎ صحیح مسلم۔ باب غزوہ بدر ص 102 ج 2۔ ) 3 ؎ تفسیر ابن کثیر ص 245 ج 4۔ )
Ayahs 52:48–49

وَ اصْبِرْ لِحُكْمِ رَبِّكَ فَاِنَّكَ بِاَعْیُنِنَا وَ سَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ حِیْنَ تَقُوْمُۙ Open ayah 52:48 in the Quran reader

اور تم اپنے پروردگار کے حکم کے انتظار میں صبر کیے رہو تم تو ہماری آنکھوں کے سامنے ہو اور جب اٹھا کرو تو اپنے پروردگار کی تعریف کے ساتھ تسبیح کیا کرو

وَ مِنَ الَّیْلِ فَسَبِّحْهُ وَ اِدْبَارَ النُّجُوْمِ۠ Open ayah 52:49 in the Quran reader

اور رات کے بعض اوقات میں بھی اور ستاروں کے غروب ہونے کے بعد بھی اسکی تنزیہ کیا کرو

48۔ 49۔ ابوجعفر بن جریرنے کھڑے ہونے کی تفسیر سوتے سے اٹھنے کے وقت کی کی ہے اور اس تفسیر کی تائید ان صحیح حدیثوں سے ہوتی ہے جو صحاح 4 ؎ میں ہیں کہ آنحضرت ﷺ سوتے سے اٹھ کر اکثر اللہ کا ذکر کیا کرتے تھے اور فرمایا کرتے تھے کہ جو کوئی سوتے سے اٹھ کر اللہ کی توحید بیان کرے اور پھر دعا مانگے تو اللہ تعالیٰ اس شخص کی دعا قبول فرماتا ہے۔ سفیان 5 ؎ ثوری اور سلف نے کھڑے ہونے کی تفسیر کسی مجلس سے اٹھنے کی کی ہے اور دعا کفارۃ المجلس کی حدیث جو ترمذی 6 ؎ وغیرہ میں ہے۔ اس تفسیر کی تائید میں پیش کی ہے جس کو ترمذی نے صحیح کہا ہے لیکن حقیقت میں بات یہ ہے کہ آیت کا مطلب عام ہے اور دونوں قسم کی حدیثیں آیت کی تفسیر قرار پا سکتی ہیں۔ رات کی تسبیح کی تفسیر اکثر مفسروں نے تہجد کی اور تاروں کے ڈوبنے کے وقت کی تسبیح کی تفسیر صبح کی دو سنت رکعتوں کی کی ہے۔ صحیحین 7 ؎ میں حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ نفل نمازوں میں سب سے زیادہ آنحضرت ﷺ کو صبح کی دو سنتوں کا خیال رہتا تھا۔ فقہ حنبلی میں یہ لکھا ہے کہ یہ دونوں رکعتیں واجب ہیں۔ اس پر اور علماء نے صحاح کی اس حدیث کے مضمون کے موافق اعتراض کیا ہے جس حدیث کا حاصل یہ ہے کہ ایک شخص کو آپ نے رات دن میں پانچ نمازیں پڑھنے کا حکم دیا اس شخص نے کہا کہ میں اس سے زیادہ کوئی نماز نہ پڑھوں گا آپ نے فرمایا اس سے زیادہ نفلی نماز ہے جس کے پڑھنے نہ پڑھنے کا تجھ کو اختیار ہے اس حدیث سے علماء نے وتر کے واجب ہونے کے قول کو بھی ضعیف قرار دیا ہے۔ (5 ؎ تفسیر ابن کثیر ص 245 ج 4۔ ) (6 ؎ جامع ترمذی باب ماجاء فی القوم یجلسون ولایذکرون اللہ ص 196 ج 2۔ ) (7 ؎ صححش بخاری باب تعاھد رکعتی الفجر الخ ص 156 ج 1۔ ) (4 ؎ صحیح بخاری باب فضل من تقار من اللیل فصلی ص 155 ج 1 و تفسیر ابن کثیر ص 245 ج 4۔ )