کتاب الصلوٰۃ
Maarif-ul-Hadith · Chapter 5 · 351 hadiths · Page 7 of 18
نماز فجر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ : كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : يَقْرَأُ فِي الصُّبْحِ ، يَوْمَ الْجُمُعَةِ : بِالم تَنْزِيلُ فِي الرَّكْعَةِ الْأُولَى ، وَفِي الثَّانِيَةِ هَلْ أَتَى عَلَى الْإِنْسَانِ. (رواه البخارى ومسلم)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جمعہ کے دن فجر کی پہلی رکعت میں الم تَنْزِيلُ (یعنی سورۃ السجدہ) اور دوسری رکعت میں هَلْ أَتَى عَلَى الْإِنْسَانِ (یعنی سورۃ الدھر) پڑھا کرتے تھے ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
تشریح
فجر کی نماز میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت سے متعلق جو حدیثیں یہاں تک درج کی گئی اور کتب حدیث میں ان کے علاوہ جو روایات اس سلسلہ میں ملتی ہیں ان سب کو پیش نظر رکھنے سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت فجر کی نماز میں بہ نسبت دوسری نمازوں کے اکثر و بیشتر کسی قدر طویل ہوتی تھی ، لیکن کبھی کبھی (غالبا کسی خاص داعیہ سے) آپ صلی اللہ علیہ وسلم فجر کی نماز بھی قُلْ يٰۤاَيُّهَا الْكٰفِرُوْنَ اور قُلْ هُوَ اللّٰهُ اَحَدٌ اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ اور قُلْ اَعُوْذُ بِرَبِّ النَّاسِ جیسی چھوٹی سورتوں سے پڑھا دیتے تھے ۔ اسی طرح ان حدیثوں سے یہ بھی معلوم ہوا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا عام معمول نماز کی رکعتوں میں مستقل سورتیں پڑھنے کا تھا ، لیکن کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا تھا کہ کسی سورت میں سے کچھ آیات پڑھ دیتے تھے ۔ اسی طرح کبھی ایسا بھی ہوا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں رکعتوں میں ایک ہی سورت کی قرأت فرمائی ۔
جمعہ کی فجر میں سورۃ “ الم تَنْزِيلُ السجدہ ” اور سورۃ “ الدَّهْرِ ” پڑھنے کی حکمت حضرت شاہ ولی اللہ نے یہ بیان فرمائی ہے کہ ان دونوں سورتوں میں قیامت اور جزا سزا کا بیان بہت موثر انداز میں کیا گیا ہے اور قیامت جیسا کہ احادیث صحیحہ میں بتایا گیا ہے جمعہ ہی کے دن قائم ہونے والی ہے ، اس لئے غالباً آپ اس کی تذکری اور یاد دہانی کے لئے جمعہ کی فجر میں یہ دونوں سورتیں پڑھنا پسند فرماتے تھے ۔ واللہ اعلم ۔
ظہر و عصر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ أَبِي قَتَادَةَ كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي الظُّهْرِ فِي الأُولَيَيْنِ بِأُمِّ الكِتَابِ ، وَسُورَتَيْنِ ، وَفِي الرَّكْعَتَيْنِ الأُخْرَيَيْنِ بِأُمِّ الكِتَابِ وَيُسْمِعُنَا الآيَةَ ، وَيُطَوِّلُ فِي الرَّكْعَةِ الأُولَى مَا لاَ يُطَوِّلُ فِي الرَّكْعَةِ الثَّانِيَةِ ، وَهَكَذَا فِي العَصْرِ وَهَكَذَا فِي الصُّبْحِ » (رواه البخارى ومسلم)
حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز ظہر کی پہلی دو رکعتوں میں سورہ فاتحہ اور اس کے علاوہ دو سورتیں پڑھتے تھے ، اور آخر کی دو رکعتوں میںصرف سورہ فاتحہ اور کبھی کبھی (سر نماز میں بھی) ایک آدھ آیت آپ صلی اللہ علیہ وسلم اتنی آواز سے پڑھتے تھے کہ ہم سن لیتے تھے ، اور پہلی رکعت میں طویل قرأت فرماتے تھے ، اور دوسری رکعت میں اتنی طویل نہیں فرماتے تھے ، اور اسی طرح عصر میں ، اور اسی طرح فجر میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول تھا ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
تشریح
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ کبھی کبھی ظہر کی سری نماز میں ایک آدھ آیت آپ صلی اللہ علیہ وسلم اتنی آواز سے پڑھ دیتے تھے کہ پیچھے والے اس کو سن لیتے تھے بعض شارحین نے لکھا ہے کہ غالبا ایسا کبھی غلبہ استغراق میں ہو جاتا تھا ، اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بقصد تعلیم ایسا کرتے ہوں ۔ یعنی یہ بتانا چاہتے ہوں کہ میں فلاں سورۃ پڑھ رہا ہوں یا اپنے اس عمل سے یہ مسئلہ واضح فرمانا چاہتے ہوں کہ اگر سری نماز میں ایک آدھ آیت اتنی آواز سے پڑھ دی جائے کہ پیچھے والے مقتدی سن لیں تو اس کی گنجائش ہے اور اس کی وجہ سے نماز میں کوئی نقصان نہیں آئے گا ۔
ظہر و عصر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ جَابِرِ بْنِ سَمُرَةَ قَالَ : كَانَ النَّبِيُّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي الظُّهْرِ بِاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَى ، وَفِىْ رِوَايَةٍ بِسَبِّحِ اسْمِ رَبِّكَ الْاَعْلَى وَفِي الْعَصْرِ نَحْوَ ذَلِكَ. وَفِي الصُّبْحِ أَطْوَلَ مِنْ ذَلِكَ. (رواه مسلم)
حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر کی نماز میں سورۃ وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَى پڑھتے تھے ۔ اور ایک روایت میں ہے کہ سورہ سَبِّحِ اسْمِ رَبِّكَ الْاَعْلَى پڑھتے تھے ۔ اور عصر کی نماز میں بھی قریب قریب اتنی ہی بڑی سورت پڑھتے تھے ، اور صبح کی نماز میں اس سے کچھ طویل ۔ (صحیح مسلم)
نماز مغرب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُتْبَةَ بْنَ مَسْعُودٍ قَالَ قَرَأَ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي صَلَاةِ الْمَغْرِبِ بِحم الدُّخَانِ » (رواه النسائى)
حضرت عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مغرب کی نماز میں سورہ حم الدُّخَانِ پڑھی ۔ (سنن نسائی)
نماز مغرب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ جُبَيْرِ بْنِ مُطْعِمٍ قَالَ : " سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي المَغْرِبِ بِالطُّورِ. (رواه البخارى ومسلم)
حضرت جبیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مغرب کی نماز میں سورہ طور پڑھتے ہوئے سنا ہے ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
نماز مغرب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ أُمِّ الفَضْلِ بِنْتِ الحَارِثِ ، قَالَتْ : سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللهِ يَقْرَأُ فِي المَغْرِبِ بِالْمُرْسَلاَتِ عُرْفًا. (رواه البخارى ومسلم)
حضرت ام الفضل بن الحارث رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو مغرب کی نماز میں سورہ وَالْمُرْسَلاَتِ عُرْفًا پڑھتے ہوئے سنا ہے ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
نماز مغرب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ عَائِشَةَ رَضِىَ اللهُ عَنْهَا قَالَتْ إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَرَأَ فِي صَلَاةِ الْمَغْرِبِ بِسُورَةِ الْأَعْرَافِ فَرَّقَهَا فِي رَكْعَتَيْنِ » . (رواه النسائى)
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سورہ اعراف مغرب کی دو رکعتوں میں تقسیم کر کے پڑھی ۔ (سنن نسائی)
تشریح
ان چاروں حدیثوں میں نماز مغرب میں جن سورتوں کی قرأت کا ذکر ہے ان میں سے کوئی بھی ان چھوٹی سورتوں مین سے نہیں ہے جن کو “ قصار ” کہا جاتا ہے ، بلکہ سب سن بڑی سورتوں میں سے ہیں جن کو “ طوال ” کہا جاتا ہے ۔ بلکہ حضرت صدیقہؓ والی آخری حدیث میں جس میں سورہ اعراف کی قرأت کا ذکر ہے وہ تو پورے سوا سیپارہ کی ہے ۔ بہحال ان چار حدیثوں میں تو نماز مغرب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا طویل طویل سورتیں پڑھنا ہی ذکر کیا گیا ہے لیکن آگے درج ہونے والی بعض دوسری روایتوں سے معلوم ہو گا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اکثری معمول مغرب میں چھوٹی چھوٹی سورتیں پڑھنے کا تھا ، اس لئے اکثر علمائے کرام کا خیال ہے کہ مندرجہ بالا حدیثوں میں نماز مغرب کے جن واقعات کا ذکر کیا گیا ہے (جن میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے طویل طویل سورتیں پڑھیں) یہ سب اتفاقی واقعات ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمومی اور اکثری معمول مغرب میں چھوٹی ہی سورتوں کی قرأت کا تھا ، جیسا کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے اس مکتوب سے بھی معلوم ہوتا ہے جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت موسیٰ اشعریؓ کو لکھا تھا ، ان شاء اللہ عنقریب ہی حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کا یہ مکتوب بھی درج کیا جائے گا ۔
نماز عشاء میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ البَرَاءَ ، قَالَ : " سَمِعْتُ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي العِشَاءِ : وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ وَمَا سَمِعْتُ أَحَدًا أَحْسَنَ صَوْتًا مِنْهُ ". (رواه البخارى ومسلم)
حضرت براء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو عشاء کی نماز مین سورہ وَالتِّينِ وَالزَّيْتُونِ پڑھتے ہوئے سنا ہے اور میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ اچھی آواز والا کسی کو نہیں سنا ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
تشریح
صحیحین ہی کی بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ واقعہ جس کا ذکر حضرت براء بن عازبؓ نے اس حدیث میں کیا ہے سفر کا ہے ، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس نماز کی کسی ایک رکعت میں سورہ والتین پڑھی تھی ۔
نماز عشاء میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ جَابِرٍ قَالَ : كَانَ مُعَاذُ بْنُ جَبَلٍ ، يُصَلِّي مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ثُمَّ يَأْتِي فَيَؤُمُّ قَوْمَهُ ، فَصَلَّى لَيْلَةً مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْعِشَاءَ ثُمَّ أَتَى قَوْمَهُ فَأَمَّهُمْ فَافْتَتَحَ بِسُورَةِ الْبَقَرَةِ فَانْحَرَفَ رَجُلٌ فَسَلَّمَ ثُمَّ صَلَّى وَحْدَهُ وَانْصَرَفَ فَقَالُوا لَهُ : أَنَافَقْتَ؟ يَا فُلَانُ ، قَالَ : لَا. وَاللهِ وَلَآتِيَنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَلَأُخْبِرَنَّهُ. فَأَتَى رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ : يَا رَسُولَ اللهِ ، إِنَّا أَصْحَابُ نَوَاضِحَ نَعْمَلُ بِالنَّهَارِ وَإِنَّ مُعَاذًا صَلَّى مَعَكَ الْعِشَاءَ ، ثُمَّ أَتَى قَوْمَهُ فَافْتَتَحَ بِسُورَةِ الْبَقَرَةِ فَأَقْبَلَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلَى مُعَاذٍ فَقَالَ : « يَا مُعَاذُ أَفَتَّانٌ أَنْتَ؟ اقْرَأْ وَالشَّمْسِ وَضُحَاهَا وَالضُّحَى ، وَاللَّيْلِ إِذَا يَغْشَى ، وَسَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى » (رواه البخارى ومسلم)
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ معاذ بن جبل کا معمول تھا کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی مسجد میں نماز پڑھتے ، پھر آ کر اپنے قبیلہ کی مسجد میں امامت کرتے ۔ ایک رات انہوں نے عشاء کی نماز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ پڑھی ، پھر اپنے قبیلہ میں آئے اور ان کی امامت کی ، اور (سورہ فاتحہ کے بعد) سورہ بقرہ شروع کر دی ۔ ایک شخص نماز توڑ کر پیچھے ہٹ گیا ، اور اس نے تنہا اپنی نماز پڑھی ۔ (چانکہ یہ بات بہت غیر معمولی تھی ، اور اس دور میں نماز باجماعت کا اہتمام نہ کرنا منافقوں ہی کا طریقہ تھا ، اس لئے) لگوں نے اس کو بہت محسوس کیا ، اور اس شخص سے کہا ، “ فلانے ! تو منافق تو نہیں ہو گیا ہے ؟ ” اس نے جواب دیا “ خدا کی قسم نہیں ! بلکہ میں خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے یہ بات رکھوں گا ” ۔ چنانچہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا ۔ اور عرض کیا “ یا رسول اللہ ! ہمارا کام اونٹوں کے ذریعہ پانی سینچنا ہے ، ہم لوگ دن بھر محنت مشقت کرتے ہیں اور (گزشتہ رات ایسا ہوا کہ) معاذ عشاء کی نماز آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ پڑھنے کے بعد اپنے قبیلہ کی مسجد میں آئے (اور یہاں انہوں نے نماز پڑھانی شروع کی) تو سورہ بقرہ شروع کر دی ؟ ” رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ سن کر نے حضرت معاذؓ کی طرف رخ فرمایا اور ارشاد فرمایا ۔ معاذ ! کیا لوگوں کو تم فتنہ میں میں مبتلا کرنا چاہتے ہو سورہ
وَ الشَّمْسِ وَ ضُحٰىهَا ، وَ الضُّحٰى ، سورہ وَ الَّيْلِ اِذَا يَغْشٰى اور سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْاَعْلَى پڑھا کرو ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
تشریح
اس حدیث سے بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حضرت معاذ رضی اللہ عنہ عشاء کی نماز دو دفعہ پڑھتے تھے ، ایک دفعہ مسجد نبوی میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے مقتدی بن کر ، اور دوسری دفعہ اپنے قبیلہ کی مسجد میں امام بن کر ، لیکن جمہور ائمہ و علماء اس پر متفق ہیں کہ ان میں سے ایک دفعہ کی نماز وہ نفل کی نیت سے پڑھتے تھے ۔ حضرت امام شافعیؒ کا خیال ہے کہ جو نماز وہ مسجد نبوی میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتداء میں پڑھتے تھے وہ فرض کی نیت سے پڑھتے تھے اور اپنے قبیلہ والی مسجد میں امام بن کر نفل کی نیت سے پڑھتے تھے ، اسی بناء پر حضرت امام شافعی ؒ اس کے قائل ہیں کہ نفل پڑھنے والے امام کی اقتداء میں فرض نماز پڑھی جا سکتی ہے ، ان کے نزدیک اس میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ لیکن حضرت امام ابو حنیفہؒ اور امام مالکؒ کی تحقیق یہ ہے کہ نفل پڑھنے والے امام کی اقتداء میں فرض نماز نہیں پڑھی جا سکتی ۔ حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کے زیر بحث واقعہ کے متعلق ان حضرات کا خیال یہ ہے کہ وہ فرض عشاء کی نیت سے اپنے قبیلہ کی مسجد ہی میں نماز پڑھاتے تھے ، اور چونکہ مسجد نبوی کی جماعت کے وقت تک وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر رہتے تھے اس لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کی خاص برکات میں حصہ لینے کے لئے اور سیکھنے کی غرض سے وہ نفل کی نیت سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بھی شریک ہو جاتے تھے ۔ اس مسئلہ پر بھی دونوں طرف بڑی فاضلانہ فقیہانہ اور محدثانہ بحثیں کی گئی ہیں ۔ اہل علم شروح حدیث فتح الباری عمدۃ القاری اور فتح الملہم میں دیکھ سکتے ہیں ۔
حدیث کی خاص ہدایت جو ہمارے موضوع اور عنوان سے متعلق ہے بس یہ ہے کہ ائمہ کو چاہئے کہ وہ نماز اتنی طویل نہ پڑھیں جو مقتدیوں کے لیے باعث مشقت ہو جائے ، خاص کر ضعیفوں ، کمزوروں اور محنت پیشہ لوگوں کا لحاظ رکھیں ۔
مختلف اوقات کی نماز میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ سُلَيْمَانَ بْنِ يَسَارٍ ، عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ : « مَا صَلَّيْتُ وَرَاءَ أَحَدٍ أَشْبَهَ صَلَاةً بِرَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ مِنْ فُلَانٍ - قَالَ سُلَيْمَانَ – صَلَّيْتُ خَلْفَهُ فَكَانَ يُطِيلُ الرَّكْعَتَيْنِ الْأُولَيَيْنِ مِنَ الظُّهْرِ ، وَيُخَفِّفُ الْأُخْرَيَيْنِ ، وَيُخَفِّفُ الْعَصْرَ ، وَيَقْرَأُ فِي الْمَغْرِبِ بِقِصَارِ الْمُفَصَّلِ ، وَيَقْرَأُ فِي الْعِشَاء بِوَسَطِ الْمُفَصَّلِ ، وَيَقْرَأُ فِي الصُّبْحِ بِطُوَلِ الْمُفَصَّلِ » (رواه النسائى)
سلیمان بن یسار تابعی حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے (اپنے زمانہ کے ایک امام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے) فرمایا کہ : میں نے کسی شخص کے پیچھے ایسی نماز نہیں پڑھی ، جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز سے زیادہ مشابہ ہو فلاں امام کی بہ نسبت ۔ سلیمان بن یسار کہتے ہیں کہ ان صاحب کے پیچھے میں نے بھی نماز پڑھی ہے ۔ ان کا معمول یہ تھا کہ ظہر کی پہلی دنوں رکعتیں لمبی پڑھتے تھے اور آخری دو رکعتیں پڑھتے تھے ، اور عصر ہلکی ہی پڑھتے تھے ، اور مغرب میں قصار مفصل اور عشاء میں اوساط پڑھتے تھے اور فجر کی نماز میں طوال مفصل پڑھا کرتے تھے ۔ (سنن نسائی)
تشریح
“ مفصل ” قرآن مجید کی آخری منزل کی سورتوں کو کہا جاتا ہے یعنی سورہ حجرات سے آخر قرآن تک پھر اس کے بھی تین حصے کئے گئے ہیں ۔ حجرات سے لے کر سورہ بروج تک کی سورتوں کو “ طوال مفصل ” کہا جاتا ہے ، اور بروج سے لے کر سورہ لم یکن تک کی سورتوں کو “ اوساط مفصل ” اور لم یکن سے لے کر آخر تک کی سورتوں کو “ قصار مفصل ” کہا جاتا ہے ۔
اس حدیث میں ان صاحب کے نام کا ذکر نہیں کیا گیا ہے جن کے متعلق حضرت ابو ہریرہؓ کا بیان ہے کہ : “ ان کی نماز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز سے بہت زیادہ مشابہ تھی ، اور کسی شخص کے پیچھے میں نے ایسی نماز نہیں پڑھی ، جو بہ نسبت ان کی نماز کے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز سے بہت زیادہ مشابہ ہو ” ۔
بہرحال ان صاحب کا نام نہ تو حضرت ابو ہریرہؓ نے ذکر کیا اور نہ سلیمان بن یسار تابعی نے ، مگر شارحین حدیث نے محض قیاس اور اندازہ سے ان کو متعین کرنے کی کوشش کی ہے ، مگر کوئی بات بھی اس بارے میں قابل اطمینان نہیں ہے ، لیکن حدیث کا مضمون بالکل واضح ہے اور نام معلوم نہ ہونے سے اصل مقصد اور مسئلہ پر کوئی اثر نہیں پڑتا ۔
سلیمان بن یسار تابعی نے ان صاحب کی نماز کے بارے میں جو تفصیل بیان کی ہے حضرت ابو ہریرہؓ کے مذکورہ بالا ارشاد کی روشنی میں اسیسے یہ معلوم ہو جاتا ہے کہ مختلف اوقات کی نماز کی قرأت کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عام معمول بھی وہی تھا جو ان صاحب کا معمول سلیمان بن یسار نے بیان کیا ہے یعنی ظہر کی نماز میں تطویل ، عصر میں تخفیف ، مغرب میں قصار مفصل ، عشاء میں اوساط مفصل ، اور فجر میں طوال مفصل ۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس بارے میں حضرت موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کو جو خط لکھا تھا (جس کا پہلے بھی ذکر کیا جا چکا ہے) اس میں بھی مختلف اوقات کی نمازوں کی قرأت کے بارے میں یہی ہدایت کی گئی ہے ۔ مصنف عبدالرزاق میں سند کے ساتھ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے اس خط کا ذکر ان الفاظ میں کیا گیا ہے :
كَتَبَ عُمَرُ اِلَى اَبِىْ مُوْسَى اَنِ اقْرَاْ فِي الْمَغْرِبِ بِقِصَارِ الْمُفَصَّلِ ، وَفِي الْعِشَاءِ بِوَسَطِ الْمُفَصَّلِ ، وَفِي الصُّبْحِ بِطِوَالِ الْمُفَصَّلِ » (نصب الرايہ)
(حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ابو موسیٰ اشعری کو لکھا تھا کہ مغرب کی نماز میں قصار مفصل ، عشاء میں اوساط مفصل اور فجر میں طوال مفصل پڑھا کرو ۔ (نصب الرایہ)
اور امام ترمذی نے اسی خط کا حوالہ دیتے ہوئے ظہر میں اوساط مفصل پڑھنے کی ہدایت کا بھی ذکر کیا ہے ۔ (جامع ترمذى باب ما جاء فى القراءة فى الظہر والعصر)
ظاہر ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے یہ ہدایت جب ہی فرمائی ہو گی ، جب کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قولی اور عملی تعلیم سے انہوں نے ایسا ہی سمجھا ہو گا ۔ اسی بناء پر اکثر ائمہ مجتہدین نے مختلف اوقات کی نمازوں میں قرأت کی مقدار کے بارے میٰں حضرت عمر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس خط کو خاص راہنما مان کر اسی کے مطابق عمل کو اولیٰ اور مستحسن قرار دیا ہے ۔
جمعہ اور عیدین کی نمازوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ عُبَيْدِ اللهِ بْنِ أَبِي رَافِعٍ ، قَالَ : اسْتَخْلَفَ مَرْوَانُ أَبَا هُرَيْرَةَ عَلَى الْمَدِينَةِ ، وَخَرَجَ إِلَى مَكَّةَ ، فَصَلَّى لَنَا أَبُو هُرَيْرَةَ الْجُمُعَةَ ، فَقَرَأَ سُورَةِ الْجُمُعَةِ ، فِي السَّجْدَةِ الْأُولَى وَفِي الْآخِرَةِ : إِذَا جَاءَكَ الْمُنَافِقُونَ فَقَالَ : « سَمِعْتُ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، يَقْرَأُ بِهِمَا يَوْمَ الْجُمُعَةِ » . (رواه مسلم)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشہور غلام اور خادم ابو رافع رضی اللہ عنہ کے صاحبزادے عبید اللہ بن ابی رافع (جو اکابر تابعین میں ہیں) بیان کرتے ہیں کہ مروان (جس زمانہ میں کہ امیر معاویہؓ کی طرف سے مدینہ کا حاکم تھا) حج وغیرہ کسی ضرورت سے مکہ معظمہ گیا ، اور حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کو (ان دونوں کے لئے) اپنا قائم مقام بنا گیا تو حضرت ابو ہریرہؓ نے جمعہ کی نماز پڑھائی تو اس کی پہلی رکعت میں سورہ جمعہ اور دوسری میں سورہ منافقون پڑھی اور فرمایا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جمعہ کے دن یہ دونوں سورتیں پڑھتے ہوئے سنا ہے ۔ (صحیح مسلم)
جمعہ اور عیدین کی نمازوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنِ النُّعْمَانِ بْنِ بَشِيرٍ ، قَالَ : « كَانَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقْرَأُ فِي الْعِيدَيْنِ ، وَفِي الْجُمُعَةِ بِسَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى ، وَهَلْ أَتَاكَ حَدِيثُ الْغَاشِيَةِ » ، قَالَ : « وَإِذَا اجْتَمَعَ الْعِيدُ وَالْجُمُعَةُ ، فِي يَوْمٍ وَاحِدٍ ، يَقْرَأُ بِهِمَا أَيْضًا فِي الصَّلَاتَيْنِ » . (رواه مسلم)
حضرت نعمان بشیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عیدین اور جمعہ کی نماز میں سَبِّحِ اسْمَ رَبِّكَ الْأَعْلَى اور هَلْ أَتَاكَ حَدِيثُ الْغَاشِيَةِ پڑھا کرتے تھے اور عید اور جمعہ دونوں ایک دن میں جمع ہو جاتے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم دونوں نمازوں میں یہی دو سورتیں پڑھتے ۔ (صحیح مسلم)
جمعہ اور عیدین کی نمازوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قرأت
عَنْ عُبَيْدِ اللهِ أَنَّ عُمَرَ بْنَ الْخَطَّابِ ، سَأَلَ أَبَا وَاقِدٍ اللَّيْثِيَّ : مَا كَانَ يَقْرَأُ بِهِ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الْأَضْحَى وَالْفِطْرِ؟ فَقَالَ : « كَانَ يَقْرَأُ فِيهِمَا بِ ق وَالْقُرْآنِ الْمَجِيدِ ، وَاقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ. (رواه مسلم)
(حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے بھتیجے) عبید اللہ بن مسعود (تابعی) سے روایت ہے کہ حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ نے حضرت ابو واقد لیثیؓ سے پوچھا کہ “ عیدالاضحیٰ اور عید الفطر کی نمازوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیا پڑھتے تھے ؟ ”
انہوں نے فرمایا کہ : آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان دونوں میں ق وَالْقُرْآنِ الْمَجِيدِ اور وَاقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ پڑھا کرتے تھے ” ۔ (صحیح مسلم)
تشریح
ان حدیثوں سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز جمعہ کی دونوں رکعتوں میں علی الترتیب اکثر و بیشتر سورہ جمعہ اور سورہ منافقون یا سورہ اعلیٰ و سورہ غاشیہ پڑھا کرتے تھے ، اور عیدین کی نماز میں بھی یا تو یہی دونوں آخری سورتیں سورہ اعلی و غاشیہ پڑھا کرتے تھے ، یا ق وَالْقُرْآنِ الْمَجِيدِ اور وَاقْتَرَبَتِ السَّاعَةُ ۔
نماز پنجگانہ اور جمعہ و عیدین کی نمازوں میں قرأت سے متعلق اب تک جو حدیثیں درج کی گئی ہیں اور جو کچھ ان کی تشریح کے سلسلہ میں لکھا گیا ہے اس سے ناظرین نے یہ دو باتیں ضرور سمجھ لی ہوں گی ۔
۱۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اکثر معمول یہ تھا کہ فجر میں قرأت طویل فرماتے تھے اور زیادہ تر طوال مفصل پڑھتے تھے ، ظہر میں بھی کسی قدر طویل قرأت فرماتے تھے ، عصر مختصر اور ہلکی پڑھتے تھے ، اور اسی طرح مغرب بھی ، عشاء میں اوساط مفصل پڑھنا پسند فرماتے تھے ، لیکن کبھی کبھی اس کے خلاف بھی ہوتا تھا ۔
۲۔ کسی نماز میں ہمیشہ کسی خاص سورت کے پڑھنے کا نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا ، اور نہ عملاً ایسا کیا ، ہاں بعض نمازوں میں اکثر و بیشتر بعض خاص سورتیں پڑھنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے ۔
حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ “ حجۃ اللہ البالغہ ” میں فرماتے ہیں :
وقد اختار رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بعض السور فى بعض الصلوات لفوائد من غير حتم ولا طلب مؤكد فمن اتبع فقد احسن ومن لا فلا حرج. (حجة اللہ البالة (مقصد دوم)
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض نمازوں میں کچھ مصالح اور فوائد کے پیش نظر بعض خاص سورتیں پڑھنی پسند فرمائیں ، لیکن قطعی طور پر نہ ان کی تعیین کی نہ دوسروں کو تاکید فرمائی کہ وہ ایسا ہی کریں ۔ پس اس بارے میں اگر کوئی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا اتباع کرے (اور ان نمازوں میں وہی سورتیں اکثر و بیشتر پڑھے) تو اچھا ہے ، اور جو ایسا نہ کرے تو اس کے لئے بھی کوئی مضائقہ اور حرج نہیں ہے ۔
سورہ فاتحہ کے ختم پر “ آمین ”
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « إِذَا أَمَّنَ الْإِمَامُ فَأَمِّنُوا ، فَإِنَّهُ مَنْ وَافَقَ تَأْمِينُهُ تَأْمِينَ الْمَلَائِكَةِ ، غُفِرَ لَهُ مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْبِهِ » (رواه البخارى ومسلم)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جب امام (سورہ فاتحہ کے ختم پر) “ آمین ” کہے تو تم مقتدی بھی آمین کہو ، جس کی آمین ملائکہ کی آمین کے موافق ہو گی اس کے سابقہ گناہ معاف کر دئیے جائیں گے ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
تشریح
سورہ فاتحہ جو متعین اور حتمی طور سے نماز کی ہر رکعت میں پڑھی جاتی ہے ، جیسا کہ معلوم ہے اس کی ابتدائی تین آیتوں میں اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناء ہے اور چوتھی آیت میں اس کی توحید کا اقرار و اظہار اور دعا کی تمہید ہے ، اور اس کے بعد کی تین آیتوں میں اللہ تعالیٰ سے ہدایت کی دعا اور اس کا سوال ہے ، اور اسی پر یہ سورۃ ختم ہو جاتی ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے ختم پر “ آمین ” کہنے کی ہدایت فرمائی ہے ، اور جب نماز جماعت کے ساتھ کسی امام کے پیچھے پڑھی جا رہی ہو تو حکم ہے کہ جب امام سورہ فاتحہ کی آخری دعائیہ آیتیں پڑھنے کے بعد اس حکم کے مطابق آمین کہے تو اس کے ساتھ مقتدی بھی آمین کہیں ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطلاع ہے کہ اس وقت اللہ کے فرشتے بھی آمین کہتے ہیں ۔
تشریح ..... کسی کی آمین ملائکہ کی آمین کے موافق ہونے کے شارحین نے کئی مطلب بیان کئے ہیں ، ان میں سب سے زیادہ راجح یہ ہے کہ ملائکہ کی آمین کے ساتھ آمین کہی جائے نہ اس سے پہلے ہو نہ اس کے بعد میں اور ملائکہ کی آمین کا وقت وہی ہے جب کہ امام آمین کہے ۔ اس بناء پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس ارشاد کا مطلب یہ ہو گا کہ جب امام ورہ فاتحہ ختم کر کے آمین کہے تو مقتدیوں کو چاہئے کہ وہ بھی اسی وقت آمین کہیں کیوں کہ اللہ کے فرشتے بھی اسی وقت آمین کہتے ہیں ، اور اللہ تعالیٰ کا یہ فیصلہ ہے کہ جو بندے فرشتوں کی آمین کے ساتھ آمین کہیں گے ان کے سابقہ گناہ معاف کر دئیے جائیں گے ۔
سورہ فاتحہ کے ختم پر “ آمین ”
عَنْ أَبِي مُوسَى الْأَشْعَرِيِّ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " إِذَا صَلَّيْتُمْ فَأَقِيمُوا صُفُوفَكُمْ ثُمَّ لْيَؤُمَّكُمْ أَحَدُكُمْ ، فَإِذَا كَبَّرَ فَكَبِّرُوا ، وَإِذَا قَالَ {غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ} فَقُولُوا : آمِينَ ، يُجِبْكُمُ اللهُ. (رواه مسلم)
حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب تم نماز پڑھنے لگو تو اپنی صفیں اچھی طرح درست اور سیدھی کرو ، پھر تم میں سے کوئی امام بنے ، پھر جب وہ امام تکبیر کہے تو تم تکبیر کہو ، اور جب وہ سورہ فاتحہ کی آخری آیت غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ پڑھے تو تم کہو آمین (یعنی اے اللہ ! قبول فرما ۔ جب تم ایسا کرو گے) تو اللہ تعالیٰ سورہ فاتحہ میں مانگی ہوئی ہدایت کی دعا قبول فرما لے گا ۔ (صحیح مسلم)
تشریح
آمین دراصل قبولیت دیا کی درخواست ہے ، اور بندے کی طرف سے اس بات کا اظہار ہے کہ میرا کوئی حق نہیں ہے کہ اللہ تعالیٰ میری دعا قبول ہی کر لے اس لئے سائلانہ دعا کرنے کے بعد وہ آمین کہہ کے پھر درخواست کرتا ہے کہ اے اللہ ! محض اپنے کرم سے میری حاجت پوری فرما دے اور میری دعا قبول فرما لے ۔ اس طرح یہ مختصر سا لفظ رحمت خداوندی کو متوجہ کرنے والی ایک مستقل دعا ہے ۔ سنن ابی داؤد میں ابو زہیر نمیری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ :
“ ایک رات ہم لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چلے جا رہے تھے ایک شخص کے پاس سے گزرنا ہوا جو بڑے الحاح اور انہماک کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے دعا کر رہا تھا ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اگر یہ شخص اپنی دعا پر مہر لگا دے تو یہ ضرور قبول کرا لے گا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھیوں میں سے کسی نے عرض کیا کہ کس چیز کی مہر ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ آمین کی مہر ”
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ دعا کے ختم پر آمین کہنا ان چیزوں میں سے ہے جن سے دعا کی قبولیت کی خاص امید کی جا سکتی ہے ۔
عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يَرْفَعُ يَدَيْهِ حَذْوَ مَنْكِبَيْهِ إِذَا افْتَتَحَ الصَّلاَةَ ، وَإِذَا كَبَّرَ لِلرُّكُوعِ ، وَإِذَا رَفَعَ رَأْسَهُ مِنَ الرُّكُوعِ ، رَفَعَهُمَا كَذَلِكَ ، وَقَالَ : سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ ، رَبَّنَا لَكَ الحَمْدُ ، وَكَانَ لاَ يَفْعَلُ ذَلِكَ فِي السُّجُودِ " (رواه البخارى ومسلم)
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز شروع فرماتے تھے تو (تکبیر تحریمہ کہنے کے ساتھ) دونوں ہاتھ مونڈھوں تک اٹھاتے تھے اور جب رکوع میں جانے کے لئے تکبیر کہتے تھے اور اسی طرح جب رکوع سے اٹھتے تھے تب بھی دونوں ہاتھ اسی طرح اٹھاتے تھے اور کہتے تھے “ سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ ، رَبَّنَا وَلَكَ الحَمْدُ ” اور سجدے میں ایسا نہیں کرتے تھے ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
تشریح
نماز میں آمین بالجہر کہی جائے یا بالسر ! یہ مسئلہ میں خواہ مخواہ معرکہ جا مسئلہ بن گیا ہے ، حالانکہ کوئی با انصاف صاحب علم اس سے انکار نہیں کر سکتا کہ حدیث کے مستند ذخیرے میں جہر کی روایت بھی موجود ہے اور سِر کی بھی ، اسی طرح اس سے بھی کسی کو انکار کی گنجائش نہیں ہے کہ صحابہ اور تابعین دونوں میں آمین بالجہر کہنے والے بھی تھے اور بالسر کہنے والے بھی (1) ، اور یہ بجائے خود اس بات کی واضح دلیل ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دونوں طریقے ثابت ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں دونوں طرح عمل ہوا ہے ، یہ ناممکن ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں کبھی آمین بالجہر نہ کہی گئی ہو اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد بعض صحابہ جہر سے کہنے لگے ہوں ۔ اسی طرح یہ بھی قطعا ناممکن ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے آمین بالسر پر کبھی عمل نہ ہوا ہو اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد بعض صحابہ ایسا کرنے لگے ہوں ۔ الغرض صحابہ اور تابعین میں دونوں طرح کا عمل پایا جانا اس کی قطعی دلیل ہے کہ عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں دونوں طرح عمل ہوا ہے ۔ بعد میں بعض ائمہ مجتہدین نے اپنے علم و تحقیق کی بناء پر یہ سمجھا کہ آمین میں اصل جہر ہے اور عہد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں زیادہ تر عمل اسی پر تھا ، اگرچہ کبھی کبھی اس کے خلاف بھی ہوتا تھا اس لئے ان حضرات نے آمین بالجہر کو افضل کہا اور بالسر کو بھی جائز کہا ، اور اس کے برعکس دوسرے بعض ائمہ نے اپنے معلومات کی بناء پر یہ سمجھا کہ آمین جو قرآن کا لفظ بھی نہیں ہے دراصل وہ بالسر یعنی آہستہ سے کہنے کی چیز ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں عام طور سے آہستہ ہی کہا جاتا تھا اگرچہ کبھی کبھی بالجہر بھی کہا جاتا تھا ۔ الغرض جن ائمہ کی تحقیق اور غور و فکر نے ان کو اس نتیجہ پر پہنچایا ان کی رائے یہ ہوئی کہ اصل اور افضل بالسر کہنا ہی ہے لیکن جائز بالجہر بھی ہے ۔ بہرحال ائمہ کے درمیان اختلاف صرف افضلیت میں ہے ، جواز سے کسی کو بھی انکار نہیں ہے اور یقیناً ہمارے ائمہ سلف میں سے ہر ایک نے وہی رائے قائم کی ہے اور اسی کو اختیار کیا ہے جس کو انہوں نے دیانتدارانہ غور و فکر اور تحقیق کے بعد زیادہ صحیح سمجھا ۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر دے اور ہم سن کو اتباع حق اور عدل کی توفیق !
رفع یدین
بالکل یہی حال مسئلہ رفع یدین کا بھی ہے ، اس میں شک کرنے کی قطعا گنجائش نہیں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تکبیر تحریمہ کےعلاوہ رکوع میں جاتے وقت ، رکوع سے اٹھتے وقت ۔ بلکہ سجدے سے اٹھتے وقت ، اور تیسری رکعت کے لئے کھڑے ہوتے وقت بھی ۔ رفع یدین کیا ہے ۔ (جیسا کہ حضرت عبداللہ بن عمر ، وائل بن حجر اور ابو حمید ساعدی رضی اللہ عنہم وغیرہ متعدد صحابہ کرام نے روایت کیا ہے) ۔ اسی طرح اس میں بھی شک کی گنجائش نہیں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز اس طرح بھی پڑھتے تھے کہ صرف تکبیر تحریمہ کے وقت رفع یدین کرتے تھے اور اس کے بعد پوری نماز میں کسی موقع پر بھی رفع یدین نہیں کرتے تھے (جیسا کہ حضرت عبداللہ بن مسعودؓ اور براء ن عازبؓ وغیرہ نے روایت کیا ہے) ۔ اسی طرح صحابہ کرامؓ اور تابعین میں بھی دونوں طرح عمل کرنے والوں کی اچھی خاصی تعداد موجود ہے اس لئے ائمہ مجتہدین کے درمیان اس بارے میں بھی اختلاف صرف ترجیح اور افضلیت کا ہے ، دونوں طریقوں کے جائز اور ثابت ہونے میں کوئی اختلاف نہیں ہے ۔
تشریح ..... حضرت عبداللہ بن عمرؓ کی اس حدیث میں تکبیر تحریمہ کے علاوہ صرف رکوع میں جاتے اور رکوع سے اٹھتے وقت رفع یدین کا ذکر ہے اور اسی کے ساتھ سجدے میں رفع یدین نہ کرنے کی تصریح ہے ۔ اور ان ہی کی بعض دوسری روایات میں تیسری رکعت کے لئے اٹھتے وقت بھی رفع یدین کا ذکر ہے ، اور یہ روایت بھی صحیح بخاری ہی میں موجود ہے ۔
اور مالک بن الحویرثؓ اور وائل بن حجرؓ کی حدیثوں میں (جن کو امام نسائی اور امام ابو داؤد نے روایت کیا ہے) سجدے کے وقت بھی رفع یدین کا ذکر ہے ، جس کی حضرت ابن عمر کی مندرجہ بالا حدیث میں صراحۃً نفی کی گئی ہے۔
واقعہ یہ ہے کہ ان میں سے ہر روایت اور ہر بیان بجائے خود صحیح ہے اور مالک بن الحویرث اور وائل بن حجر کے اس بیان میں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے میں جاتے وقت اور اس سے اٹھتے وقت بھی رفع یدین کرتے تھے ۔ اور حضرت ابن عمر کے اس بیان میں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے میں رفع یدین نہیں کرتے تھے تطبیق اس طرح دی جا سکتی ہے کہ ایسا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی کبھی کیا جس کو مالک بن الحویرث اور وائل بن حجر نے تو دیکھا اور حضرت ابن عمر نے اتفاق سے نہیں دیکھا اس لئے اپنے علم کے مطابق انہوں نے اس کی نفی کی ، اگر یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دائمی یا اکثری عمل ہوتا تو ناممکن تھا کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ جیسے صحابی کو اس کی خبر نہ ہوتی ۔
عَنْ عَلْقَمَةَ ، قَالَ : قَالَ لَنَا اِبْنُ مَسْعُودٍ : أَلاَ أُصَلِّي بِكُمْ صَلاَةَ رَسُولِ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ؟ فَصَلَّى ، فَلَمْ يَرْفَعْ يَدَيْهِ إِلاَّ فِي أَوَّلِ مَرَّةٍ. (رواه الترمذى وابوداؤد والنسائى)
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے خاص شاگرد علقمہ سے روایت ہے کہ حضرت ابن مسعودؓ نے ایک دفعہ ہم سے کہا کہ میں تمہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم والی نماز پڑھاؤں ! یہ کہہ کر انہوں نے ہمیں نماز پڑھائی ، اس نماز میں انہوں نے بس پہلی ہی دفعہ (تکبیر تحریمہ کے ساتھ) رفع یدین کیا ، اس کے سوا رفع یدین بالکل نہیں کیا ۔ (جامع ترمذی ، سنن ابی داؤد ، سنن نسائی)
تشریح
حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ان ممتاز اور جلیل القدر صحابہ میں سے ہیں جن کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت تھی کہ وہ نماز میں پہلی صف میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب کھڑے ہوں ، انہوں نے اپنے شاگردوں کو دکھانے اور سکھانے کے لئے اہتمام کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم والی نماز پڑھائی ، اور اس میں تکبیر تحریمہ کے علاوہ کسی موقع پر بھی رفع یدین نہیں کیا ۔
حضرت ابن مسعودؓ کی اس حدیث کی بناء پر یہ ماننا پڑے گا کہ حضرت ابن عمرؓ وغیرہ نے رکوع میں جاتے وقت اور رکوع سے اٹھتے وقت رفع یدین کا جو ذکر کیا ہے وہ بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دائمی یا اکثری معمول نہ تھا ، اگر ایسا ہوتا تو حضرت ابن مسعودؓ جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب صف اول میں کھڑے ہونے والوں میں تھے اس سے یقیناً واقف ہوتے اور تعلیم کے اس موقع پر رفع یدین ہرگز ترک نہ کرتے ۔
ان سب حدیثوں کو سامنے رکھ کر ہر منصف صاحب علم اس نتیجہ پر پہنچے گا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول نماز میں رفع یدین کا بھی رہا ہے اور ترک رفع یدین کا بھی ۔ یعنی ایسا بھی ہوتا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پوری نماز میں سوائے تکبیر تحریمہ کے کسی موقع پر بھی رفع یدین نہیں کرتے تھے ایسا بھی ہوتا تھا کہ تحریمہ کے علاوہ صرف رکوع میں جاتے وقت اور اس سے اٹھتے وقت رفع یدین کرتے تھے ، اور شاذ و نادر ایسا بھی ہوتا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے میں جاتے وقت اور اس سے اٹھتے وقت بھی رفع یدین کرتے تھے ۔ حضرت ابن مسعودؓ جیسے صحابہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کے مسلسل مطالعہ اور مشاہدے سے یہ سمجھا کہ نماز میں اصل ترک رفع یدین ہے ، اور حضرت ابن عمرؓ جیسے بہت سے صحابہ نے یہ سمجھا کہ اصل رفع یدین ہے ۔ پھر رائے اور فکر کا یہی اختلاف تابعین اور بعد کے اہل علم میں بھی رہا ۔
امام ترمذیؒ نے حضرت عبداللہ ابن عمرؓ والی مندرجہ بالا حدیث سند کے ساتھ نقل کرنے کے بعد اور حسب عادت یہ بتانے کے بعد کہ فلاں دیگر صحابہ کرام سے بھی رفع یدین کی احادیث روایت کی گئی ہیں لکھا ہے کہ :
“ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعض صحابہ مثلاً حضرت عبداللہ بن عمرؓ ، حضرت جابرؓ ، حضرت ابو ہریرہؓ اور حضرت انسؓ وغیرہ اسی کے قائل ہیں یعنی انہوں نے رفع یدین کو اختیار کیا ہے ، اور اسی طرح تابعین اور بعد کے ائمہ میں فلاں اور فلاں حضرات اسی کے قائل ہیں ” ۔
اس کے بعد ترک رفع یدین کے بارے میں حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ کی مندرجہ بالا حدیث نقل کرنے کے بعد اور اسی مضمون کی براء عازبؓ کی ایک دوسری حدیث کا حوالہ دینے کے بعد امام ترمذیؒ نے لکھا ہے کہ :
“ متعدد صحابہؓ اسی کے قائل ہیں اور انہوں نے ترک رفع یدین کو اختیار کیا ہے ، اور اسی طرح تابعین اور بعد کے ائمہ میں سے فلاں فلاں حضرات نے اس کو اختیار کیا ہے ” ۔
الغرض آمین بالجہر اور آمین بالسر کی طرح رفع یدین اور ترک رفع یدین بلا شبہ دونوں عمل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہیں ۔ اور صحابہ کرامؓ کے درمیان ترجیح و اختیار میں اختلاف اسی وجہ سے ہوا ہے کہ ان میں سے بعض نے اپنے غور و فکر ، اپنے دینی وجدان اور ادراک اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے معمولات کے مطالعہ و تجزیہ کی بناء پر یہ سمجھا کہ نماز میں اصل ترک رفع یدین ہے ، اور رفع یدین جب ہوا ہے وقتی اور عارضی طور پر ہوا ہے ۔ حضرت ابن مسعودؓ جیسے صحابہ کرام نے یہی سمجھا اور امام ابو حنیفہؒ اور سفیان ثوریؒ وغیرہ ائمہ نے اسی کو اختیار کیا ۔ اور حضرت عبداللہ ابن عمرؓ اور حضرت جابرؓ وغیرہ دوسرے بہت سے صحابہ کرامؓ نے اس کو برعکس سمجھا اور حضرت امام شافعیؒ اور امام احمدؒ وغیرہ نے اس کو اختیار کیا ، اور رائے کا یہ اختلاف بھی صرف فضیلت میں ہوا ، رفع اور ترک رفع کا جواز سب کے نزدیک مسلم ہے ۔
اللہ تعالیٰ غلو اور ناانصافی سے حفاظت فرمائے اور اتباع حق کی توفیق دے ۔
رکوع و سجود اچھی طرح ادا کرنے کی تاکید
عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ الْاَنْصَارِىْ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « لَا تُجْزِئُ صَلَاةُ الرَّجُلِ حَتَّى يُقِيمَ ظَهْرَهُ فِي الرُّكُوعِ وَالسُّجُودِ » (رواه ابوداؤد والترمذى والنسائى وابن ماجة والدارمى)
حضرت ابو مسعود انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : آدمی کی نماز اس وقت تک کافی نہیں ہوتی (یعنی پوری طرح ادا نہیں ہوتی) جب تک کہ وہ رکوع اور سجدہ میں اپنی پیٹھ کو سیدھا برابر نہ کرے ۔ (سنن ابی داؤد ، جامع ترمذی ، سنن نسائی ، سنن ابن ماجہ ، سنن دارمی)
تشریح
نماز کیا ہے ؟ ....... اللہ تعالیٰ کے حضور میں قلب و قالب اور قول و عمل سے ایک خاص طریقے پر اپنی بندگی و نیاز مندی کا اظہار اور اس کی بے نہایت عظمت و جلالت کے سامنے اپنے انتہائی تذلل اور فروتنی کا مظاہرہ ...... قیام و قعود اور رکوع و سجود اور جو کچھ ان میں پڑھا جاتا ہے اس سب کی روح یہی ہے ، لیکن اس بندگی اور تذلل کا سب سے بڑا مظہر نماز کے اعمال و اجزاء میں رکوع وسجود ہیں ..... سر اونچا رکھنا ، تکبیر ، یعنی برتری اور بالاتری کے احساس کی علامت ہے ، اور اس کے برعکس اس کو نیچا کرنا اور جھکانا تواضع اور خاکساری کی نشانی ہے ۔ اور اپنے کو کسی کے سامنے رکوع کی شکل میں جھکا دینا اس تواضع اور تقسیم کی غیر معمولی شکل میں جو صرف خالق و مالک ہی کا حق ہے اور سجدہ اس کی بالکل ہی آخری اور انتہائی شکل ہے ، اس میں بندہ اپنی پیشانی اور ناک کو جو انسانی اعضاء میں سب سے زیادہ محترم ہیں خاک پر رکھ دیتا ہے ، اس لحاظ سے رکوع و سجود نماز کے ارکان میں سب سے زیادہ اہم ہیں اسی لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو اچھی طرح اور صحیح طریقے پر ادا کرنے کی سخت ہدایت اور تاکید فرمائی ہے ، اور بہترین کلمات کے ساتھ ان میں اللہ تعالیٰ کی تسبیح و تقدیس یا اس کے حضور میں دعا کرنے کی اپنے ارشاد اور عمل سے تلقین فرمائی ہے ۔
اس تمہید کے بعد اس سلسلہ کی حدیثیں ذیل میں پڑھئے ۔
رکوع و سجود اچھی طرح ادا کرنے کی تاکید
عَنْ طَلْقِ بْنِ عَلِيٍّ الْحَنَفِيِّ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : " لَا يَنْظُرُ اللهُ عَزَّ وَجَلَّ إِلَى صَلَاةِ عَبْدٍ لَا يُقِيمُ فِيهَا صُلْبَهُ بَيْنَ رُكُوعِهَا وَسُجُودِهَا " (رواه احمد)
حضرت طلق بن علی حنفی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : جو بندہ رکوع اور سجدے میں اپنی پشت کو سیدھی برابر نہیں کرتا ، اللہ تعالیٰ اس کی نماز کی طرف دیکھتا بھی نہیں ۔ (مسند احمد)
تشریح
نماز کی طرف اللہ تعالیٰ کے نہ دیکھنے کا مطلب یہ ہے کہ ایسی نماز اس کے نزدیک قابل قبول نہیں ، ورنہ ظاہر ہے کہ زمین و آسمان کی کوئی چیز بھی اللہ تعالیٰ سے مخفی اور اس کی نظر سے غائب نہیں ہے ....... ان دونوں حدیثوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تنبیہ فرمائی ہے کہ جو شخص رکوع و سجود کو قاعدے کے مطابق صحیح طور سے ادا نہیں کرے گا ، اس کی نماز قبول نہیں ہو گی ، یہی ان دونوں حدیثوں کی ہدایت ہے ۔
رکوع و سجود اچھی طرح ادا کرنے کی تاکید
عَنْ أَنَسِ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « اعْتَدِلُوا فِي السُّجُودِ ، وَلاَ يَبْسُطْ أَحَدُكُمْ ذِرَاعَيْهِ انْبِسَاطَ الكَلْبِ » (رواه البخارى ومسلم)
حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ : سجدہ اعتدال کے ساتھ کرو اور کوئی اپنی باہیں سجدے میں اس طرح نہ بچھا دے جس طرح کتا زمین پر باہیں بچھا دیتا ہے ۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)
تشریح
سجدے میں اعتدال کا مطلب بظاہر یہ ہے کہ سجدہ طمانیت کے ساتھ کیا جائے ، ایسا نہ ہو کہ سر زمین پر رکھا اور فوراً اٹھا لیا ۔ اور بعض شارحین نے اعتدال کے حکم کا مطلب یہ بھی سمجھا ہے کہ ہر عضو سجدے میں اس طرح رہے جس طرح کہ اس کو رہنا چاہئے ۔ دوسری ہدایت اس حدیث میں یہ فرمائی گئی ہے کہ سجدے میں کلائیوں کو زمین سے اوپر اٹھا رہنا چاہیے اس سلسلہ میں کتے کی مثال آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس واسطے دی کہ اس کی شناعت اور قباحت اچھی طرح سامعین کے ذہن نشیں ہو جائے ۔