108. Surah Al-Kawthar
الكوثرAbundance · 3 ayahsمدارک التنزیل
اِنَّاۤ اَعْطَیْنٰكَ الْكَوْثَرَؕ Open ayah 108:1 in the Quran reader
(اے محمد ﷺ ہم نے تم کو کوثر عطا فرمائی ہے
1 : اِنَّآ اَعْطَیْنٰکَ الْکَوْثَرَ (بلاشبہ ہم نے آپ کو کوثر عنایت فرمائی ہے) کو ثرؔ یہ فوعل کا وزن ہے۔ جو کثرت سے بنا ہے کثرت میں بہت ہی اضافہ۔
ایک قول :
وہ جنت کی ایک نہر ہے جو شہد سے زیادہ میٹھے پانی والی اور دودھ سے زیادہ صاف اور برف سے زیادہ ٹھنڈی اور مکھن سے زیادہ نرم ہے اور اس کے کنارے زبر جد اور اس کے برتن چاندی کے بنے ہیں۔
خیر کثیر ‘ قول ابن عباس ؓ :
اس سے خیرکثیر مراد ہے ان سے سوال کیا گیا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ وہ جنت کی ایک نہر ہے۔ تو آپ نے فرمایا وہ بھی خیر کثیر میں سے ہی ہے۔
فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَ انْحَرْؕ Open ayah 108:2 in the Quran reader
تو اپنے پروردگار کے لئے نماز پڑھا کرو اور قربانی کیا کرو
عبادت اور قربانی کرو :
2 : فَصَلِّ لِرَبِّکَ وَانْحَرْ (پس آپ اپنے پروردگار کی نماز پڑھیے اور قربانی دیجئے) پس تم اپنے رب کی عبادت کرو جس نے وہ عطا کرکے آپ کو معزز بنایا اور عظمت عنایت فرمائی۔ اور مخلوقات کے احسانات سے محفوظ رکھا۔ اپنی قوم کے برخلاف آپ اپنے رب کی عبادت کریں وہ قوم جو غیر اللہ کی عبادت میں مشغول و مصروف ہے اور اللہ ہی کی خاطر قربانی کریں اور اس کے نام کے ساتھ ذبح کریں برخلاف ان بت پرستوں کے جو کہ بتوں کے نام کی قربانیاں دیتے ہیں۔
اِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْاَبْتَرُ۠ Open ayah 108:3 in the Quran reader
کچھ شک نہیں کہ تمہارا دشمن ہی بےاولاد رہے گا
مخالف ہر شہر سے منقطع :
3 : اِنَّ شَانِئَکَ ھُوَ الْاَبْتَرُ (بالیقین آپ کا دشمن ہی بےنام و نشان ہے) آپ کی قوم کے وہ لوگ جو آپ کی مخالفت کی وجہ سے آپ سے بغض رکھتے ہیں۔ وہی بےنام و نشان ہونے والے ہیں۔ وہ ہر خیر سے منقطع کردیئے جائیں گے نہ کہ آپ۔ کیونکہ قیامت تک پیدا ہونے والے مومن تمام آپ کی اولاد اور آپ کے پیچھے چلنے والے ہیں۔ اور تمہارا ذکر آخر زمانہ تک منبروں پر بلند ہوگا۔ اور ہر عالم و ذاکر آپ کا تذکرہ کرے گا۔ اور آخرت میں اتنا ملے گا جس کو بیان نہیں کیا جاسکتا۔ آپ جیسے کو ابتر نہیں کہا جاسکتا۔ ابتر وہ شخص ہے جو آپ کا دشمن ہے وہ دنیا و آخرت میں بھلا دیا جانے والا ہے۔
ایک قول یہ ہے :
کہ یہ عاص بن وائل سہمی کے متعلق ہے۔ اس کو ابتر کہا گیا۔ ابتروہ ہے جس کا پیچھے کوئی نہ ہو۔
نحو : الابتر یہ اِنَّ کی خبر ہے۔ ھو ضمیر فصل ہے۔