(ف 16) مسئلہ : اس سے ثابت ہوتا ہے کہ امر وُجوب کے لئے ہوتا ہے اور سجدہ نہ کرنے کا سبب دریافت فرمانا تَوبیخ کے لئے ہے اور اس لئے کہ شیطان کی مُعانَدت اور اس کاکُفر و کِبر اور اپنی اصل پر مُفتخِر ہونا اور حضرت آدم علیہ السلام کے اصل کی تحقیر کرنا ظاہر ہو جائے ۔
(ف 17) اس سے اس کی مراد یہ تھی کہ آ گ مِٹی سے افضل و اعلٰی ہے تو جس کی اصل آ گ ہوگی وہ اس سے افضل ہوگا , جس کی اصل مِٹی ہو اور اس خبیث کا یہ خیال غلط وباطل ہے کیونکہ افضل وہ ہے جسے مالک و مولٰی فضیلت دے ، فضیلت کا مدار اصل و جوہر پر نہیں بلکہ مالک کی اِطاعت و فرمانبرداری پر ہے اور آ گ کا مِٹی سے افضل ہونا یہ بھی صحیح نہیں کیونکہ آ گ میں طیش و تیزی اور تَرَفُّع ہے ۔ یہ سبب اِستِکبار کا ہوتا ہے اور مٹی سے وقار ، حِلۡم و حیا و صبر حاصل ہوتے ہیں ، مِٹی سے مُلک آباد ہوتے ہیں آ گ سے ہلاک ، مِٹی امانت دار ہے جو چیز اس میں رکھی جائے اس کو محفوظ رکھے اور بڑھائے ۔ آ گ فنا کر دیتی ہے باوجود اس کے لطف یہ ہے کہ مِٹی آگ کو بجھا دیتی ہے اور آ گ مِٹی کو فنا نہیں کر سکتی علاوہ بَریں حماقَت و شَقاوَت اِبلیس کی یہ کہ اس نے نَص کے موجود ہوتے ہوئے اس کے مُقابِل قیاس کیا اور جو قیاس کہ نص کے خلاف ہو وہ ضرور مردود ۔