(ف 54) یعنی ایمانداروں ۔
(ف 55) یعنی قرآن شریف جو تمام خوبیوں کا جامع اور حسنات و برکات کا منبع اور دینی و دنیوی اور ظاہری وباطنی کمالات کا سر چشمہ ہے ۔
شانِ نُزول : قبائلِ عرب ایّامِ حج میں حضرت نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تحقیقِ حال کے لئے مکّۂ مکرّمہ کو قاصد بھیجتے تھے یہ قاصد جب مکّۂ مکرّمہ پہنچتے اور شہر کے کنارے راستوں پر انہیں کُفّار کے کارندے ملتے (جیسا کہ سابق میں ذکر ہو چکا ہے) ان سے یہ قاصد نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حال دریافت کرتے تو وہ بہکانے پر مامور ہی ہوتے تھے ، ان میں سے کوئی حضرت کو ساحر کہتا ، کوئی کاہن ، کوئی شاعر ، کوئی کذّاب ، کوئی مجنون اور اس کے ساتھ یہ بھی کہہ دیتے کہ تم ان سے نہ ملنا یہی تمہارے حق میں بہتر ہے ، اس پر قاصد کہتے کہ اگر ہم مکّۂ مکرّمہ پہنچ کر بغیر ان سے ملے اپنی قوم کی طرف واپس ہوں تو ہم برے قاصد ہوں گے اور ایسا کرنا قاصد کے منصبی فرائض کا ترک اور قوم کی خیانت ہوگی ، ہمیں تحقیق کے لئے بھیجا گیا ہے ، ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کے اپنے اور بیگانوں سب سے ان کے حال کی تحقیق کریں اور جو کچھ معلوم ہو اس سے بے کم و کاست قوم کو مطّلع کریں ۔ اس خیال سے وہ لوگ مکّۂ مکرّمہ میں داخل ہو کر اصحابِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بھی ملتے تھے اور ان سے آپ کے حال کی تحقیق کرتے تھے ، اصحابِ کرام انہیں تمام حال بتاتے تھے اور نبیٔ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حالات و کمالات اور قرآنِ کریم کے مضامین سے مطّلع کرتے تھے ، ان کا ذکر اس آیت میں فرمایا گیا ۔
(ف 56) یعنی ایمان لائے اور نیک عمل کئے ۔
(ف 57) یعنی حیات طیبہ ہے اور فتح و ظَفر و رزقِ وسیع وغیرہ نعمتیں ۔
(ف 58) دارِ آخرت ۔