91. Surah Ash-Shams

الشمسThe Sun · 15 ayahsتفسیرِ جلالین

Ayah 91:1

وَ الشَّمْسِ وَ ضُحٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:1 in the Quran reader

سورج کی قسم اور اس کی روشنی کی

ترجمہ :۔ شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے جو بڑا مہربانی نہایت رحم والا ہے، سورج اور اس کی روشنی کی قسم اور چاند کی قسم جب وہ سورج کے پیچھے آتا ہے، یعنی اس کے غروب ہونے کے بعد طلوع ہوتا ہے اور دن کی قسم جب وہ اپنے ارتفاع کے ساتھ سورج کو نمایاں کردیتا ہے اور قسم ہے رات کی جب وہ سورج کو اپنی تاریکی کے ذریعہ چھپا لیتی ہے اور ان تینوں جگہ محض ظرفیت کے لئے ہے اور عامل (اذا) میں فعل قسم ہے اور آسمان اور اس ذات کی قسم جس نے اسے قائم کیا اور زمین کی اور اس ذات کی قسم جس نے اسے بچھایا اور قسم ہے نفس کی اور اس ذات کی جس نے اس کی تخلیق کو درست کیا اور نفس بمعنی نفوس ہے اور ماتینوں جگہ مصدر یہ ہے یا بمعنی من ہے، پھر اس کی بدکاری اور اس کی پرہیز گاری کا الہام فرمایا یعنی خیر و شر کے دونوں طریقے واضح فرمائی اور تقویٰ کو فواصل کی رعایت کی وجہ سے، مئوخر کیا ہے اور جواب قسم قد افلح ہے جواب قسم سے لام طول کلام کی وجہ سے حذف کردیا گیا ہے، یقیناً وہ مراد کو پہنچا جس نے اس نفس کو گناہوں سے پاک کرلیا اور یقیناً نامراد ہوا وہ جس نے نفس کو معصیت میں دبا دیا ” دسھا “ اصل میں دسسھا تھا دوسرے سین کو تخفیفاً الف سے بدل دیا، اور قوم ثمود نے اپنے رسول صالح (علیہ الصلوۃ والسلام) کی اپنی سرکشی کے سبب تکذیب کی جب کہ اس قوم کے شقی ترین شخص نے جس کا نام قدار تھا اپنی قوم کی رضا مندی سے اونٹنی کی کونچیں کاٹنے کی طرف سبقت کی، تو ان سے اللہ کے رسول صالح (علیہ الصلوۃ والسلام) نے کہا کہ اللہ کی اونٹنی سے بچو (یعنی اس کو بدنیتی سے ہاتھ نہ لگانا) اور اسکی باری کے دن میں پانی پینے سے خبردار رہنا اور ایک دن اس کی باری کا تھا اور قوم کے لئے ایک دن تھا سو انہوں نے اس صالح (علیہ الصلوۃ والسلام) کی تکذیب کی اس بات میں کہ یہ اللہ کی جانب سے ہے اگر وہ اس کا خلاف کریں گے تو اس پر نزول عذاب مرتب ہوگا تو پھر انہوں نے اس اونٹنی کو ہلاک کردیا یعنی اس کو قتل کردیا تاکہ اس (اونٹنی) کی پانی پینے کی باری خالص ان کے لئے ہوجائے تو ان کے پروردگار نے ان کے گناہوں کے سبب ان پر ہلاکت نازل فرمائی پھر اس ہلاکت کو ان کے اوپر عام کردیا کہ ان میں سے کسی کو باقی نہ چھوڑا اور اللہ تعالیٰ کو اس کے (برے) انجام کا خوف نہیں (ولا) میں واو اور فادونوں ہیں۔ تحقیق و ترکیب و تسہیل و تفسیری فوائد قولہ : وضحھا، الضحوۃ، ارتفاع النہار اور الضحی بالضم والقصر ارتفاع النہار سے بڑھ کر اور الضحاء فتحہ اور مد کے ساتھ وہ وقت جب کہ دن نصف النہار کے قریب پہنچ جائے۔ قولہ : والنھار اذا جلھا اذا جلھا کی ضمیر مرفوع مستتریا تو نہار کی طرف یا اللہ کی طرف راجع ہے اور ضمیر بارز منصوب یا تو شمس کی طرف راجع ہے یا ظلمت کی طرف۔ قولہ : لمجرد الظرفیۃ یہ اضافت الصفت الی الموصوف کے قبیل سے ہے ای الظرفیۃ المجردۃ عن الشرط قولہ : قد افلح یہ جواب قسم ہے، حذقت منہ الام یعنی قد پر سے طول کلام کی وجہ سے لام حذف کردیا گیا ہے، مضای ثبت جب جواب قسم واقع ہو تو اس پر لام اور قد لانا ضروری ہوتا ہے، البتہ صرف قد پر بھی اکتفا جائز ہے۔ تفسیر و تشریح اس سورت کے شروع میں سات چیزوں کی قسم کھا گئی ہے جن کا جواب قسم قد افلح من زکھا وقد خاسب من دسھا ہے، والشمس وضحھا یہاں اگر ضحا کا واو عطف کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے مگر بعد کے قرینہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ضحیٰ کا ذکر بطور وصف شمس کے ہے یعنی قسم ہے آفتاب کی جب کہ وہ وقت ضحی میں ہو، ضحی اس وقت کو کہا جاتا ہے جب آفتاب طلوع ہو کر کچھ بلند ہوجائے اور اس کی روشنی زمین پر پھیل جائے۔
Ayahs 91:2–4

وَ الْقَمَرِ اِذَا تَلٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:2 in the Quran reader

اور چاند کی جب اس کے پیچھے نکلے

وَ النَّهَارِ اِذَا جَلّٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:3 in the Quran reader

اور دن کی جب اسے چمکا دے

وَ الَّیْلِ اِذَا یَغْشٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:4 in the Quran reader

اور رات کی جب اسے چھپالے

والقمر اذا تلھا یعنی سورج غروب ہونے کے بعد وہ طلوع ہو جیسا کہ مہینے کے نصف اول میں ہوتا ہے۔
Ayahs 91:5–7

وَ السَّمَآءِ وَ مَا بَنٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:5 in the Quran reader

اور آسمان کی اور اس ذات کی جس نے اسے بنایا

وَ الْاَرْضِ وَ مَا طَحٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:6 in the Quran reader

اور زمین کی اور اسکی جس نے اسے پھیلایا

وَ نَفْسٍ وَّ مَا سَوّٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:7 in the Quran reader

اور انسان کی اور اس کی جس نے اس (کے اعضاء) کو برابر کیا

والسماء وما بنھا یعنی اس ذات کی قسم جس نے اس کو بنایا، اس معنی کے اعتبار سے مابمعنی من ہے اور اگر ترجمہ یہ کیا جائے کہ قسم ہے آسمان کی اور اس کے بنانے کی، اس صورت میں ما مصدر یہ ہوگا۔
Ayahs 91:8–12

فَاَلْهَمَهَا فُجُوْرَهَا وَ تَقْوٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:8 in the Quran reader

پھر اس کو بدکاری (سے بچنے) اور پرہیزگاری کرنے کی سمجھ دی

قَدْ اَفْلَحَ مَنْ زَكّٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:9 in the Quran reader

کہ جس نے (اپنے) نفس (یعنی روح) کو پاک رکھا وہ مراد کو پہنچا

وَ قَدْ خَابَ مَنْ دَسّٰىهَاؕ Open ayah 91:10 in the Quran reader

اور جس نے اسے خاک میں ملایا وہ خسارے میں رہا

كَذَّبَتْ ثَمُوْدُ بِطَغْوٰىهَا۪ۤۙ Open ayah 91:11 in the Quran reader

(قوم ثمود) نے اپنی سرکشی کے سبب (پیغمبر) کو جھٹلایا

اِذِ انْۢبَعَثَ اَشْقٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:12 in the Quran reader

جب ان میں سے ایک نہایت بدبخت اٹھا

فالھمھا فجور ھا وتقوھا الہام کا مطلب یا تو یہ ہے کہ انہیں انبیاء (علیہم السلام) اور آسمانی کتابوں کے ذریعہ سے خیر و شر کی پہچان کرا دی، یا مطلب یہ ہے کہ ان کی عقل و فطرت میں خیر و شر، نیکی اور بدی کا شعور ودیعت فرما دیا، تاکہ وہ نیکی کو اختیار کریں اور بدی سے اجتناب کریں۔
Ayahs 91:13–15

فَقَالَ لَهُمْ رَسُوْلُ اللّٰهِ نَاقَةَ اللّٰهِ وَ سُقْیٰهَاؕ Open ayah 91:13 in the Quran reader

تو خدا کے پیغمبر (صالح) نے ان سے کہا کہ خدا کی اونٹنی اور اسکے پانی پینے کی باری سے حذر کرو

فَكَذَّبُوْهُ فَعَقَرُوْهَا١۪ۙ۬ فَدَمْدَمَ عَلَیْهِمْ رَبُّهُمْ بِذَنْۢبِهِمْ فَسَوّٰىهَا۪ۙ Open ayah 91:14 in the Quran reader

مگر انہوں نے پیغمبر کو جھٹلایا اور اونٹنی کی کونچیں کاٹ دیں تو خدا نے ان کے گناہ کے سبب ان پر عذاب نازل کیا اور سب کو (ہلاک کر کے) برابر کردیا

وَ لَا یَخَافُ عُقْبٰهَا۠ Open ayah 91:15 in the Quran reader

اور اس کو ان کے بدلا لینے کا کچھ بھی ڈر نہیں

فقال لھم رسول اللہ ناقۃ اللہ وسقیھا صالح (علیہ الصلوۃ والسلام) کی قوم ثمود نے حضرت صالح (علیہ الصلوۃ والسلام) سے ایک معجزہ کی فرمائش کی، حضرت صالح (علیہ الصلوۃ والسلام) نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی جس کی برکت سے پہاڑ سے ایک دس مہینہ کی گابھن اونٹنی نکلی اور اس نے بچہ دیا، حضرت صالح (علیہ الصلوۃ والسلام) نے اپنی قوم سے فرمایا کہ اس اونٹنی کا خیال رکھنا اس کو نقصان نہ پہنچانا ورنہ عذاب الٰہی نازل ہوجائے گا ایک دن پانی پینے کی اس کی باری ہوگی اور ایک دن تمہارے سب جانوروں کی، لیکن ان ظالموں نے اس کی پروانہ کی اور قد اربن سالف نامی ایک شخص کو اس اونٹنی کو ہلاک کرنے کے لئے آمادہ کرلیا اور اس سخص نے یہ کام انجام دے دیا جس کی وجہ سے وہ شخص رئیس الاشقیاء ہوگیا، یہ حرکت اگرچہ قدر اربن سالف نے انجام دی مگر پوری قوم بھی چونکہ اس فعل سے راضی تھی اس لئے پوری قوم کو برابر کا مجرم قرار دے دیا گیا، اس سے یہ اصول مستنبط ہوتا ہے کہ اگرچہ برائی کا ارتکاب کرنے والے چند افراد یا ایک فرد ہو مگر پوری قوم کی اس کو پشت پناہی حاصل ہو اور ان کے اس فعل پر پوری قوم راضی ہو اور اس فعل پر نکیر کرنے کے بجائے اسے پسند کرتی ہو تو اللہ کے یہاں پوری قوم اس جرم کی مرتکب قرار پائے گی۔ ولا یخاف عقبھا یعنی اللہ تعالیٰ دنیا کے بادشاہوں اور حکمرانوں کی طرح نہیں ہے کہ جو کسی قوم کے خلاف کوئی قدم اٹھانے کے وقت یہ سوچنے پر مجبور ہوتے ہیں کہ اس اقدام کے نتائج کیا ہوں گے ؟ اس کا اقتدار سب سے بالاتر ہے، اس امر کا کوئی اندیشہ نہیں تھا کہ ثمود کی حامی کوئی ایسی طاقت ہے جو اس سے بدلہ لینے کے لئے آئے گی۔