قرابت داروں میں تبلیغ

Chapter 33 of 155

بہرحال اس آیت کے نزول کے بعد نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلا کام یہ کیا کہ بنی ہاشم کو جمع کیا ، ان کے ساتھ بنی مطلب بن عبد مناف کی بھی ایک جماعت تھی ۔ کل پینتالیس آدمی تھے ، لیکن ابو لہب نے بات لپک لی اور بولا "دیکھو یہ تمہارے چچا اور چچیرے بھائی ہیں ۔ بات کرو لیکن نادانی چھوڑ دو اور یہ سمجھ لو کہ تمہارا خاندان سارے عرب سے مقابلے کی تاب نہیں رکھتا ۔ اور میں سب سے زیادہ حق دار ہوں کہ تمہیں پکڑ لوں ۔ پس تمہارے لیے تمہارے باپ کا خانوادہ ہی کافی ہے ۔ اور اگر تم اپنی بات پر قائم رہے تو یہ بہت آسان ہوگا کہ قریش کے سارے قبائل تم پر ٹوٹ پڑیں اور یقیہ عرب بھی ان کی امداد کریں ، پھر میں نہیں جانتا کہ کوئی شخص اپنے باپ کے خانوادے کیلئیے تم سے بڑھ کر شر ( اور تباہی ) کا باعث ہوگا ۔" اس پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خاموشی اختیار کرلی اور اس مجلس میں کوئی گفتگو نہ کی

اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں دوبارہ جمع کیا اور ارشاد فرمایا : " ساری حمد اللہ کیلئے ہے ۔ میں اس کی حمد کرتا ہوں ۔ اور اس سے مدد مدد چاہتا ہوں ۔ اس پر ایمان رکھتا ہوں ۔ اسی پر بھروسہ کرتا ہوں اور یہ گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی لائق عبادت نہیں ۔ وہ تنہا ہے ۔ اس کا کوئی شریک نہیں ۔ "

پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا " رہنما اپنے گھر کے لوگوں سے جھوٹ نہیں بول سکتا ۔ اس خدا کی قسم جس کے سوا کوئی معبود نہیں میں تمہاری طرف خصوصا اور لوگوں کی طرف عموما اللہ کا رسول ( فرستادہ ) ہوں ۔ بخدا !تم لوگ اسی طرح موت سے دوچار ہوگے جیسے سوجاتے ہو اور اسی طرح اٹھائے جاو گے جس طرح سو کر جاگتے ہو ۔ پھر جو کچھ تم کرتے ہو اس کا تم سے حساب لیا جائے گا ۔ اس کے بعد یا تو ہمیشہ کیلئیے جنت ہے یا ہمیشہ کیلئیے جہنم ۔ "

اس پر ابو طالب نے کہا ( نہ پوچھو ) ہمیں تمہاری معاونت کس قدر پسند ہے۔ ! تمہاری نصیحت کس قدر قابل قبول ہے۔ ! اور ہم تمہاری بات کس قدر سچی مانتے جانتے ہیں۔! اور یہ تمہارے والد کا خانوادہ جمع ہے ۔ اور میں بھی ان کا ایک فرد ہوں ۔ فرق اتنا ہے کہ میں تمہاری پسند کی تکمیل کیلئیے ان سب سے پیش پیش ہوں ، لہاذا تمہیں جس بات کا حکم ہوا ہے اسے انجام دو ۔ بخدا ! میں تمہاری مسلسل حفاظت و اعانت کرتا رہونگا ۔ البتہ میری طبیعت عبد المطلب کا دین چھوڑنے پر راضي نہیں ہے ۔

ابو لہب نے کہا : خدا کی قسم یہ برائی ہے ۔ اس کے ہاتھ دوسروں سے پہلے تم لوگ خود ہی پکڑ لوگے ۔

اس پر ابو طالب نے کہا : خدا کی قسم جب تک جان میں جان ہے ۔ ہم ان کی حفاظت کرتے رہیں گے ۔[1]