نبی کریم ﷺ کی ازواج مطہرات کے مناقب کا بیان

Mishkaat-al-Masabih · Chapter 196 · 22 hadiths · Page 2 of 2

6182Mishkaat-al-Masabih

حضرت عائشہ کی علمی عظمت

عن أبي موسى قال : ما أشكل علينا أصحاب رسول الله صلى الله عليه و سلم حديث قط فسألنا عائشة إلا وجدنا عندها منه علما . رواه الترمذي . وقال : هذا حديث حسن صحيح غريب

حضرت ابوموسیٰ اشعری ؓ کہتے ہیں کہ ہم اصحاب رسول اللہ ﷺ کو جب بھی کسی حدیث یا دینی مسائل سے تعلق کسی بات میں کوئی اشکال پیش آتا تو ہم حضرت عائشہ ؓ سے رجوع کرتے اور ہمیں اس حدیث یا مسئلہ سے متعلق کافی علم حضرت عائشہ ؓ سے مل جاتا اس روایت کو ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث حسن صحیح غریب ہے۔ تشریح مطلب یہ ہے کہ حضرت عائشہ ؓ نے جو بےپناہ علم آنحضرت ﷺ سے سن کر اپنی قوت اجتہاد سے حاصل کیا تھا اس کے ذریعہ وہ صحابہ کے مشکل علمی سوال حل کردیتی تھیں اور حدیث وغیرہ کے بارے میں جو بھی اشکال ان کو پیش آتا تھا اس کو دور کردیتی تھیں۔

6183Mishkaat-al-Masabih

عائشہ (رض) سے زیادہ فصیح کسی کو نہیں پایا

وعن موسى بن طلحة قال : ما رأيت أحدا أفصح من عائشة . رواه الترمذي وقال : هذا حديث حسن صحيح غريب

اور حضرت موسیٰ بن طلحہ تابعی کہتے ہیں کہ میں نے عائشہ ؓ سے زیادہ فصیح کسی کو نہیں پایا اس روایت کو ترمذی نے نقل کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ حدیث حسن صحیح غریب ہے۔ تشریح ابن طلحہ نے یہ بات یا تو حضرت عائشہ ؓ کی انتہائی تعریف میں کہی ہے یا واقعۃً انہوں نے حضرت عائشہ ؓ سے زیادہ فصیح کوئی شخص نہ دیکھا اور نہ پایا ہو۔