Topic 218 of 300
نماز جمعہ واجب ہونے کی شرطیں
جمعہ کی نماز فرض عین ہے اور اس کی فرضیت کی تاکید ظہر کی نماز سے زیادہ ہے جمعہ کے دن نماز جمعہ نماز ظہر کے قائم مقام کر دی گئی ہے اس لئے نماز جمعہ ادا کرنے سے ظہر اس کے ذمہ سے ساکت ہو جاتی ہے
نماز جمعہ واجب ہونے کی شرطیں
نماز واجب ہونے کی شرطوں کے علاوہ نماز جمعہ واجب ہونے کی کچھ اور بھی شرطیں ہیں جب تک یہ سب شرطیں نمازی میں نہ پائی جائیں اس وقت تک اس پر نماز جمعہ فرض نہیں ہوتی لیکن اگر ایسا شخص نماز جمعہ پڑھ لے تو اس کی نمازِ جمعہ ادا ہو جائے گی اور ظہر کا فرض اس کے ذمہ سے اتر جائے گا مثلاً کوئی مسافر یا کوئی عورت نماز جمعہ پڑھے تو نمازِ ظہر اس کے ذمہ سے اتر جائے گی بلکہ مسافر مرد و مکلّف کے لئے نماز جمعہ پڑھنا افضل ہے البتہ عورت کے لئے اپنی گھر میں نماز ظہر پڑھنا افضل ہے وہ شرطیں یہ ہیں
1.آزاد ہونا پس غلام پر جمعہ فرض نہیں ہے البتہ مکاتب غلام پر یا جس غلام کا کچھ حصہ آزاد ہو یا باقی کے لئے کما کر مالک کو دیتا ہو اس پر جمعہ فرض ہے
2.مرد ہونا، عورت اور خنثیٰ مشکل پر جمعہ فرض نہیں ہے
3.شہر میں مقیم ہونا، مسافر پر جمعہ فرض نہیں ہے
4.تندرست ہونا مریض پر جمعہ فرض نہیں ہے ، جو مرض جامع مسجد تک پیدل جانے سے مانع ہو اس کا اعتبار ہے بڑھاپے کی کمزوری کی وجہ سے مسجد تک نہ جا سکے تو یہ مریض کے حکم میں ہے
5.چلنے پر قادر ہونا، اپاہج پر جمعہ فرض نہیں ہے
6. بینا یعنی آنکھوں والا یا ایک آنکھ والا ہونا، جو نابینا خود مسجدِ جمعہ تک بلا تکلف نہ جا سکتا ہو اس پر جمعہ فرض نہیں ہے بعض نابینا بلا تکلف اور بلا مدد بازاروں اور محلوں وغیرہ میں چلتے پھرتے ہیں اور جامع مسجد میں بلا تکلف جا سکتے ہیں ان پر جمعہ فرض ہے
7.جماعت ترک کرنے کے جو عذرات بیان ہو چکے ہیں ان میں سے کوئی عذر موجود نہ ہونا، اگر ان عذروں سے کوئی عذر پایا جائے تو نماز جمعہ فرض نہیں ہو گی