میت کو غسل دینے کا طریقہ

جنازے کا بیان · Section 151 of 303

اگر جسم کے تمام حصوں پر پانی ڈال دیا جائے اور پانی سارے جسم کو تر کر دے تو بھی کافی ہے مگر مستحب اور مکمل طریقۂ غسل یہ ہے کہ میت کو کسی تختے پر لٹایا جائے جو سطح زمین سے اونچا رکھا گیا ہو اور پھر نیک اور قابل اعتماد آدمی غسل دے۔

نیز آہستہ آہستہ میت کے پیٹ کو دبائے تاکہ کوئی آلائش وغیرہ ہو تو نکل جائے،پھر اپنے ہاتھ پر کپڑے کا لفافہ باندھ لے،غسل کی نیت کرے اور اس کی شرم گاہ دھوئے،نجاست ہو تو صاف کرے،پھر ہاتھ پر سے لفافہ اتار کر اسے نماز کے وضو کی طرح وضو کرائے،پھر جسم پر پانی ڈالے،اوپر سے شروع کرے اور نیچے کو لے جائے،تین بار ایسا کرے۔اگر اس سے جسم کی صفائی نہیں ہوئی تو پانچ بار غسل دے اور آخری غسل میں صابن وغیرہ استعمال کرے۔

اگر میت مسلمان عورت ہے تو غسل دینے والی اس کے بالوں کی لٹیں کھول کر غسل دے گی،بعدازاں دوبارہ بالوں کی لٹیں بنا دے،اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیٹی کے بالوں کے بارے میں یہی حکم دیا تھا،پھر حنوط یا کوئی اور خوشبو لگائی جائے۔[1]